ریاض الصالحین — حدیث نمبر 1870

باب: استغفار کا حکم اور اس کی فضیلت

باب الأمر بالاستغفار وفضله

حدیث نمبر: 1870
وعن أبي هريرة - رضي الله عنه - قال: سَمعتُ رَسُول اللهِ - صلى الله عليه وسلم - يقولُ: «وَاللهِ إنِّي لأَسْتَغْفِرُ اللهَ وَأتُوبُ إلَيْهِ فِي اليَومِ أَكْثَرَ مِنْ سَبْعِينَ مَرَّةً». رواه البخاري.
ترجمہ

سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا: ”اللہ کی قسم! میں دن میں ستر مرتبہ سے زیادہ اللہ سے استغفار کرتا ہوں اور اس کی طرف توبہ کرتا ہوں۔“
(اسے بخاری نے روایت کیا ہے)

وضاحت:
یہ حدیث نمبر 13 پر گزر چکی ہے۔
حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب الاستغفار / حدیث: 1870
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (رواه البخاري)
تخریج حدیث انظر الحديث (13). أخرجه: البخاري 8/ 83 (6307).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 6307 | سنن ترمذي: 3259 | سنن ابن ماجه: 3815 | معجم صغير للطبراني: 1067 | رياض الصالحين: 13
انظر الحديث (١٣).

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 6307 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
6307. حضرت ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا، آپ نے فرمایا: "اللہ کی قسم! میں ایک دن میں اللہ کے حضور ستر مرتبہ سے زیادہ استغفار اور توبہ کرتا ہوں۔"[صحيح بخاري، حديث نمبر:6307]
حدیث حاشیہ:
(1)
حدیث کے ظاہری الفاظ کا تقاضا یہ ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مغفرت طلب کرتے اور توبہ کا عزم کرتے تھے، خواہ کوئی بھی الفاظ ہوں جیسا کہ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ہم ایک مجلس میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے درج ذیل الفاظ سو مرتبہ شمار کرتے تھے: (رب اغفرلي و تب علي، إنك أنت التواب الغفور)
''میرے اللہ! مجھے بخش دے اور مجھ پر رجوع فرما۔
بلاشبہ تو ہی بے حد بخشنے والا بہت توبہ قبول کرنے والا ہے۔
'' (مسند أحمد: 2/21) (2)
ممکن ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم حدیث میں مذکور الفاظ ہی استعمال کرتے ہوں جیسا کہ ایک دوسری حدیث میں ہے کہ آپ ان الفاظ سے دعا کرتے تھے۔
(أستغفرُاللهَ الذي لا الهَ إلا هو الحيُّ القيومُ و أَتوبُ إليه)
''میں اس اللہ سے بخشش طلب کرتا ہوں جس کے سوا کوئی معبود برحق نہیں۔
وہ زندہ جاوید اور قائم رہنے والا ہے اور میں اسی کی طرف رجوع کرتا ہوں۔
'' (جامع الترمذي، تفسیر القرآن، حدیث: 3397) (3)
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا توبہ استغفار کرنا درج ذیل وجوہات کی بنا پر تھا: ٭ اظہار عبودیت کے لیے۔
٭ امت کو تعلیم دینے کے لیے۔
٭ تواضع اور انکسار کے لیے۔
٭ ترک اولیٰ کی بنا پر استغفار کرتے تھے، پھر دوسری احادیث میں وضاحت ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے استغفار کی تعداد سو تک پہنچتی تھی۔
(جامع الترمذي، تفسیر القرآن، حدیث: 3259)
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 6307 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 3259 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´سورۃ محمد سے بعض آیات کی تفسیر۔`
ابوہریرہ رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے آیت: «واستغفر لذنبك وللمؤمنين والمؤمنات» " تو اپنے گناہوں کے لیے اور مومن مردوں اور مومن عورتوں کے لیے مغفرت مانگ " (محمد: ۱۹)، کی تفسیر میں فرمایا: " میں اللہ سے ہر دن ستر بار مغفرت طلب کرتا ہوں۔‏‏‏‏" [سنن ترمذي/كتاب تفسير القرآن/حدیث: 3259]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
تو اپنے گناہوں کے لیے اور مومن مردوں اور مومن عورتوں کے لیے مغفرت مانگ۔
 (محمد: 19)
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 3259 سے ماخوذ ہے۔