ریاض الصالحین — حدیث نمبر 177
باب: نیکی اور تقویٰ میں ایک دوسرے سے تعاون
باب في التعاون على البر والتقوى
قَالَ الله تَعَالَى: ﴿وَتَعَاوَنُوا عَلَى الْبِرِّ وَالتَّقْوَى﴾ [المائدة: ٢]، وَقالَ تَعَالَى: ﴿وَالْعَصْرِ إِنَّ الإنْسَانَ لَفِي خُسْرٍ إِلاَّ الَّذِينَ آمَنُوا وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ وَتَوَاصَوْا بِالْحَقِّ وَتَوَاصَوْا بِالصَّبْرِ﴾ [العصر: ١ - ٢] قَالَ الإمام الشافعي - رحمه الله - كلامًا معناه: إنَّ النَّاسَ أَوْ أكثرَهم في غفلة عن تدبر هذِهِ السورة.اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ”اور نیکی اور تقویٰ (کے کاموں) میں ایک دوسرے کی مدد کرو۔“ (سورۃ المائدہ: 2)
اور فرمایا: ”زمانے کی قسم! یقیناً انسان خسارے میں ہے، سوائے ان لوگوں کے جو ایمان لائے، اور نیک عمل کیے، اور ایک دوسرے کو حق کی تلقین کی اور ایک دوسرے کو صبر کی تلقین کی۔“ (سورۃ العصر: 1-3)
امام شافعی رحمہ اللہ نے ایک بات کہی جس کا مفہوم یہ ہے: لوگ یا ان میں سے اکثر اس سورت میں غور و فکر کرنے سے غفلت میں ہیں۔
وعن أَبي عبد الرحمان زيد بن خالد الجهني - رضي الله عنه - قَالَ: قَالَ رسولُ الله - صلى الله عليه وسلم: «مَنْ جَهَّزَ غَازِيًا في سَبيلِ اللهِ فَقَدْ غَزَا، وَمَنْ خَلَفَ غَازيًا في أهْلِهِ بِخَيرٍ فَقَدْ غَزَا». مُتَّفَقٌ عَلَيهِ.سیدنا ابوعبدالرحمن زید بن خالد جہنی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”جس نے اللہ کے راستے میں کسی جہاد کرنے والے کو سامان مہیا کیا تو یقیناً اس نے (بھی) جہاد کیا، اور جس نے کسی جہاد کرنے والے کے پیچھے اس کے گھر والوں کی اچھی طرح دیکھ بھال کی تو یقیناً اس نے (بھی) جہاد کیا۔“
(متفق علیہ)
تشریح، فوائد و مسائل
مطلب یہ ہے کہ جتنا ثواب غازی کو ملے گا اتنا ثواب ہی اسے مکمل طور پر تیار کرنے والے کو اللہ تعالیٰ دے گا۔
غازی کو تیار کرنے کے یہ معنی ہیں کہ اس کے لیے دوران سفر کی جملہ ضروریات مہیا کرے اور لڑائی کے لیے ضروری سامان کا بندوبست کرے۔
اس کےگھر میں خلیفہ بننے کے یہ معنی ہیں کہ اس کے بال بچوں کی دیکھ بھال کرے،انھیں ضروریات زندگی فراہم کرے اور اس کی بیوی سے خیانت نہ کرے۔
زید بن خالد جہنی رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " جس نے کسی مجاہد کا سامان سفر تیار کیا، یا اس کے گھر والے کی خبرگیری کی حقیقت میں اس نے جہاد کیا۔" [سنن ترمذي/كتاب فضائل الجهاد/حدیث: 1629]
نوٹ:
(سند میں ’’محمد بن ابی لیلیٰ‘‘ ضعیف ہیں، مگرپچھلی سند صحیح ہے)
زید بن خالد رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " جس نے اللہ کے راستے میں کسی لڑنے والے کو اسلحہ اور دیگر سامان جنگ سے لیس کیا۔ اس نے (گویا کہ) خود جنگ میں شرکت کی، اور جس نے مجاہد کے جہاد پر نکلنے کے بعد اس کے گھر والوں کی اچھی طرح دیکھ بھال کی ۱؎ تو وہ بھی (گویا کہ) جنگ میں شریک ہوا۔" [سنن نسائي/كتاب الجهاد/حدیث: 3182]
زید بن خالد جہنی رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " جو کوئی کسی روزہ دار کو افطار کرا دے تو اس کو روزہ دار کے برابر ثواب ملے گا، اور روزہ دار کے ثواب میں سے کوئی کمی نہیں ہو گی " ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب الصيام/حدیث: 1746]
فوائد و مسائل:
(1)
روزے دار کا روزہ افطا ر کرانا ایک عظیم نیکی ہے
(2)
روزہ افطار کرانے کے لئے حسب توفیق کوئی بھی چیز پیش کی جا سکتی ہے پیٹ بھر کھلانا ضروری نہیں۔
اگر کھلائے تو اس کا الگ سے ثوا ب ہو گا
(3)
افطا ر کرانا نیکی میں تعاون ہے اور نیکی کے ہر کام میں تعا ون اس نیکی میں شر کت ہے خواہ بظا ہر معمولی ہو
(4)
روزہ کھلوانے والے کو ثواب، روزہ رکھنے والے کے حصے میں سے نہیں ملتا اسی طرح کسی نیکی کے کام میں اگر تعاون پر آمادہ ہو تو اس سے تعاون قبول کرنا چاہیے کیونکہ اس سے کام انجام دینے والے کا درجہ کم نہیں ہو جاتا۔
زید بن خالد جہنی رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " جو شخص کسی مجاہد فی سبیل اللہ کو ساز و سامان سے لیس کر دے، اسے بھی اتنا ہی ثواب ملے گا جتنا اس مجاہد کو ملے گا، بغیر اس کے کہ اس کے ثواب میں کچھ کمی کی جائے۔" [سنن ابن ماجه/كتاب الجهاد/حدیث: 2759]
فوائد و مسائل:
(1)
نیکی کے کسی کام میں تعاون کرنا اس نیکی میں شریک ہونے کے برابر ہے۔
(2)
جہاد میں مالی تعاون بھی جہاد ہے۔
(3)
جس نیکی میں ایک سے زیادہ افراد شریک ہوں ان سب کو پورا ثواب ملتا ہے۔
کسی کے حصے کا ثواب کم کرکے دوسرے کو نہیں دیا جاتا۔
(4)
نیکی کی توفیق بھی اللہ تعالی کا احسان ہے اور اس پر ثواب ملنا اللہ تعالی کا مزید احسان ہے۔