ریاض الصالحین — حدیث نمبر 1746

باب: عشاء کے بعد باتیں کرنے کی کراہت

باب كراهة الحديث بعد العشاء الآخرة

باب کی ابتدا میں امام نووی رحمہ اللہ نے یہ آیات / کلام ذکر کیا ہے:
والمُرادُ بِهِ الحَديثُ الذي يَكُونُ مُبَاحًا في غَيرِ هذَا الوَقْتِ، وَفِعْلُهُ وَتَرْكُهُ سواءٌ. فَأَمَّا الحَديثُ المُحَرَّمُ أو المَكرُوهُ في غير هذا الوقتِ، فَهُوَ في هذا الوقت أشَدُّ تَحريمًا وَكَرَاهَةً. وأَمَّا الحَديثُ في الخَيرِ كَمُذَاكَرَةِ العِلْمِ وَحِكايَاتِ الصَّالِحِينَ، وَمَكَارِمِ الأخْلاَقِ، والحَديث مع الضَّيفِ، ومع طالبِ حَاجَةٍ، ونحو ذلك، فلا كَرَاهَة فيه، بل هُوَ مُسْتَحَبٌّ، وكَذَا الحَديثُ لِعُذْرٍ وعَارِضٍ لا كَراهَةَ فِيه. وقد تظاهَرَتِ الأحَاديثُ الصَّحيحةُ على كُلِّ ما ذَكَرْتُهُ.

اس سے مراد وہ بات چیت ہے جو اس وقت کے علاوہ (دوسرے اوقات میں) مباح ہو اور جس کا کرنا اور نہ کرنا برابر ہو۔ رہی وہ بات چیت جو اس وقت کے علاوہ بھی حرام یا مکروہ ہو، تو وہ اس وقت میں اور زیادہ سخت حرام اور مکروہ ہے۔ اور جو بات چیت بھلائی کی ہو، جیسے علم کا مذاکرہ، نیک لوگوں کے واقعات، اچھے اخلاق (کا تذکرہ)، مہمان کے ساتھ گفتگو، اور کسی ضرورت مند کے ساتھ بات چیت وغیرہ، تو اس میں کوئی کراہت نہیں بلکہ وہ مستحب ہے۔ اسی طرح کسی عذر اور پیش آمدہ ضرورت کی وجہ سے بات چیت میں بھی کوئی کراہت نہیں۔ اور جو کچھ میں نے ذکر کیا ہے اس سب پر صحیح احادیث باہم ایک دوسرے کی تائید کرتی ہیں۔
«المَكْرُوهُ»: جیسے غیبت اور چغلی کی باتیں، لہو و لعب اور گانا سننا، اور ان چیزوں کو دیکھنا جن کا دیکھنا حلال نہیں۔ (شرح ریاض الصالحین لابن عثیمین 4/318)

حدیث نمبر: 1746
عن أبي بَرْزَةَ - رضي الله عنه: أنَّ رسولَ الله - صلى الله عليه وسلم - كان يكرهُ النَّومَ قَبْلَ العِشَاءِ والحَديثَ بَعْدَهَا. متفقٌ عليه.
ترجمہ

سیدنا ابوبرزہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ عشاء سے پہلے سونے اور اس کے بعد باتیں کرنے کو ناپسند فرماتے تھے۔
(متفق علیہ)

حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب الأمور المنهي عنها / حدیث: 1746
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (متفق عليه)
تخریج حدیث أخرجه: البخاري 1/ 149 (568)، ومسلم 2/ 119 (647) (235) و(236) و(237).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 568 | سنن ترمذي: 168 | سنن ابي داود: 4849 | سنن نسائي: 496 | سنن نسائي: 526 | صحيح مسلم: 647 | سنن ابن ماجه: 701

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 568 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
´نماز عشاء پڑھنے سے پہلے سونا ناپسند ہے`
«. . . عَنْ أَبِي بَرْزَةَ، " أَنّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ كَانَ يَكْرَهُ النَّوْمَ قَبْلَ الْعِشَاءِ وَالْحَدِيثَ بَعْدَهَا . . .»
". . . ابوبرزہ اسلمی رضی اللہ عنہ سے کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم عشاء سے پہلے سونے اور اس کے بعد بات چیت کرنے کو ناپسند فرماتے تھے . . ." [صحيح البخاري/كِتَاب مَوَاقِيتِ الصَّلَاةِ/بَابُ مَا يُكْرَهُ مِنَ النَّوْمِ قَبْلَ الْعِشَاءِ:: 568]
� تشریح:
جب خطرہ ہو کہ عشاء کے پہلے سونے سے نماز باجماعت چلی جائے گی تو سونا جائز نہیں۔ ہر دو احادیث میں جو آگے آ رہی ہے، یہی تطبیق بہتر ہے۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 568 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 568 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
568. حضرت ابوبرزہ اسلمی ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ عشاء سے پہلے سونے اور اس کے بعد گفتگو کرنے کو ناپسند فرماتے تھے۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:568]
حدیث حاشیہ:
محدثین کرام نے اس حدیث کی تشریح کرتے ہوئے لکھا ہے کہ عشاء سے پہلے سونے کی کراہت اسی صورت میں ہے جب نماز باجماعت فوت ہونے کا اندیشہ ہو، ہر شخص کے لیے ہر حال میں عشاء سے پہلے سونا مکروہ نہیں۔
اگر کسی شخص کو اپنی نیند پر قابو ہے یا اس نے وقت پر بیدار ہو نے کا انتظام کررکھا ہے یا ایسی جگہ سورہاہے جہاں لوگ اسے خود ہی اٹھادیں گے یا کوئی شخص اضطراری طور پر سوجائے تو اس کے لیے عشاء سے قبل سونا مکروہ نہیں جیسا کہ آئندہ باب میں اس کے متعلق مزید وضاحت ہوگی۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 568 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 168 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´عشاء سے پہلے سونے اور اس کے بعد بات کرنے کی کراہت کا بیان۔`
ابوبرزہ رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی الله علیہ وسلم عشاء سے پہلے سونے اور اس کے بعد بات چیت کرنے کو ناپسند فرماتے تھے ۱؎۔ [سنن ترمذي/كتاب الصلاة/حدیث: 168]
اردو حاشہ:
1؎:
عشاء سے پہلے سونے کی کراہت کی وجہ یہ ہے کہ اس سے عشا ء فوت ہو جانے کا خدشہ رہتا ہے، اور عشاء کے بعد بات کرنا اس لیے نا پسندیدہ ہے کہ اس سے سونے میں تاخیر ہوتی ہے جس کی وجہ سے انسان کے لیے تہجد یا فجر کے لیے اٹھنا مشکل ہو جاتا ہے امام نووی نے علمی مذاکرہ وغیرہ کو جو جائز اور مستحب بتایا ہے تو یہ اس بات کے ساتھ مشروط ہے کہ نمازِ فجر وقت پر ادا کی جائے، اگر رات کو تعلیم و تعلم یا وعظ و تذکیر میں اتنا وقت صرف کر دیا جائے کہ فجرکے وقت اٹھا نہ جا سکے تو یہ جواز و استحباب بھی محل نظر ہوگا۔
(دیکھئے اگلی حدیث اور اس کا حاشہ)
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 168 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 4849 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´عشاء کے بعد بات چیت منع ہے۔`
ابوبرزہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم عشاء سے پہلے سونے ۱؎ اور اس کے بعد بات کرنے ۲؎ سے منع فرماتے تھے۔ [سنن ابي داود/كتاب الأدب /حدیث: 4849]
فوائد ومسائل:
عشاء کی نماز سے پہلے سو جانے سے اندیشہ ہے کہ عشاء کی نماز یا جماعت فوت ہا جائےٓ اور ایسے ہی عشاء کی نماز کے بعد بے مقصد باتوں میں مشغول رہنے سے فجر کی نماز یا جماعت فوت ہونے کا اندیشہ ہوتا ہے۔
ہاں اگر کو ئی اہم مقصد ہو تو مشغول ہونا جائز ہے۔
جیسے کی طلباء کا رات گئے تک مطالعہ یا مذاکرہ کرنا یا دیگر اہم ذمہ داریوں کی ادائیگی کی غرض سے جاگنا جائز ہے، مگر شرط یہ ہے کہ فجر کی نماز ضائع نہ ہو۔
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 4849 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن نسائي / حدیث: 496 کی شرح از حافظ محمد امین ✍️
´ظہر کے اول وقت کا بیان۔`
سیار بن سلامہ کہتے ہیں کہ میں نے اپنے والد سے سنا وہ ابوبرزہ رضی اللہ عنہ سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز کے متعلق سوال کر رہے تھے، شعبہ کہتے ہیں کہ میں نے (سیار بن سلامہ سے) پوچھا: آپ نے اسے سنا ہے؟ انہوں نے کہا: (میں نے اسی طرح سنا ہے) جس طرح میں اس وقت آپ کو سنا رہا ہوں، میں نے اپنے والد سے سنا وہ (ابوبرزہ سے) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز کے متعلق سوال کر رہے تھے، تو انہوں نے کہا: آپ صلی اللہ علیہ وسلم آدھی رات تک عشاء کی تاخیر کی پرواہ نہیں کرتے تھے، اور اس سے پہلے سونے کو اور اس کے بعد گفتگو کرنے کو پسند نہیں کرتے تھے، شعبہ کہتے ہیں: اس کے بعد میں پھر سیار سے ملا اور میں نے ان سے پوچھا، تو انہوں نے کہا: آپ صلی اللہ علیہ وسلم ظہر اس وقت پڑھتے جس وقت سورج ڈھل جاتا، اور عصر اس وقت پڑھتے کہ آدمی (عصر پڑھ کر) مدینہ کے آخری کنارہ تک جاتا، اور سورج زندہ رہتا ۱؎ اور مجھے معلوم نہیں کہ انہوں نے مغرب کا کون سا وقت ذکر کیا، اس کے بعد میں پھر ان سے ملا تو میں نے ان سے پوچھا تو انہوں نے کہا: آپ صلی اللہ علیہ وسلم فجر پڑھتے تو آدمی پڑھ کر پلٹتا اور اپنے ساتھی کا جسے وہ پہچانتا ہو چہرہ دیکھتا تو پہچان لیتا، انہوں نے کہا: آپ صلی اللہ علیہ وسلم فجر میں ساٹھ سے سو آیتوں کے درمیان پڑھتے تھے۔ [سنن نسائي/كتاب المواقيت/حدیث: 496]
496۔ اردو حاشیہ: ➊ظہر کی نماز کا اول وقت متفق علیہ ہے، اس میں کوئی اختلاف نہیں اور وہ ہے زوال شمس۔
➋عشاء کی نماز نبی صلی اللہ علیہ وسلم عمومی طور پر ثلث لیل (تہائی رات) تک پڑھا کرتے تھے۔ کبھی کبھار نصف رات تک مؤخر کر دیتے۔ تمام احادیث کو ملانے سے یہی معلوم ہوتا ہے۔ راجح قول کے مطابق نصف رات عشاء کی نماز کا آخری وقت ہے۔
➌سورج کے تیز ہونے کا مطلب یہ ہے کہ سورج ابھی زرد نہیں ہوتا تھا۔
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 496 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن نسائي / حدیث: 526 کی شرح از حافظ محمد امین ✍️
´مغرب کے بعد سونا مکروہ ہے۔`
سیار بن سلامہ کہتے ہیں کہ میں ابوبرزہ رضی اللہ عنہ کے پاس آیا تو میرے والد نے ان سے پوچھا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فرض نماز کیسے (یعنی کب) پڑھتے تھے؟ انہوں نے کہا: آپ ظہر جسے تم لوگ پہلی نماز کہتے ہو اس وقت پڑھتے جب سورج ڈھل جاتا، اور عصر پڑھتے جب ہم میں سے مدینہ کے آخری کونے پر رہنے والا آدمی اپنے گھر لوٹ کر آتا، تو سورج تیز اور بلند ہوتا، مغرب کے سلسلہ میں جو انہوں نے کہا میں اسے بھول گیا، اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم عشاء کو جسے تم لوگ عتمہ کہتے ہو مؤخر کرنا پسند کرتے تھے، اور اس سے پہلے سونا اور اس کے بعد گفتگو کرنا ناپسند فرماتے تھے، اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم فجر سے اس وقت فارغ ہوتے جب آدمی اپنے ساتھ بیٹھنے والے کو پہچاننے لگتا، اور آپ اس میں ساٹھ سے سو آیات تک پڑھتے تھے۔ [سنن نسائي/كتاب المواقيت/حدیث: 526]
526۔ اردو حاشیہ: ➊مغرب کی نماز کے بعد سونا اس لیے منع ہے کہ اس سے عشاء کی نماز فوت ہو جانے کا خطرہ ہے اور بعد میں باتیں کرنا س لیے منع ہے کہ اس سے فجر کی نماز وقت یا جماعت سے رہ جانے کا خدشہ ہے۔
➋ظہر کو بعض لوگ اولیٰ کہتے تھے اور عصر کو آخرہ کیونکہ عصر بعد میں پڑھی جاتی ہے اور ظہر پہلے۔ فارسی میں بھی ظہر کو اسی لیے "پیشین" اور عصر کو "دیگر" کہا جاتا ہے۔ عشاء چونکہ اندھیرے میں پڑھی جاتی ہے، اس لیے بعض لوگ اسے عتمہ (اندھیرے کی نماز) کہتے تھے، پھر وہ مغرب کو عشاء کہہ دیتے تھے۔ اس سے آپ نے سختی سے منع فرما دیا کیونکہ اس سے مغرب اور عشاء کے احکام میں اشتباہ پیدا ہوتا تھا۔
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 526 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 647 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت ابو منہال سیار بن سلامہ رحمتہ اللہ علیہ کہتے ہیں کہ میں نے ابو برزہ اسلمی رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے سنا کہ رسول اللہ ﷺ عشاء کو تہائی رات تک مؤخر کر دیتے تھے اور اس سے پہلے سونا اور بعد میں گفتگو کرنا، ناپسند کرتے تھے اور صبح کی نماز میں ساٹھ سے لے کر سو آیتوں تک پڑھتے تھے اور ایسے وقت میں سلام پھیرتے کہ لوگ ایک دوسرے کے چہرے پہچان لیتے تھے۔ [صحيح مسلم، حديث نمبر:1464]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: عشاء کی نماز سے پہلے اس طرح سونا کہ نماز باجماعت نکل جائے یا اس کا وقت مختار نکل جائے جائز نہیں لیکن اگر انسان بیدار ہو کر جماعت کے ساتھ مل سکے یا کسی کسی مجبوری کی بنا پر انفرادی طور پر پڑھنی ہو تو وقت مختار میں پڑھ لے تو پھر اس میں کوئی حرج نہیں ہے اسی طرح عشاء کے بعد کسی دینی و دنیوی ضروری گفتگو میں مشغول ہو جائے اور اس کے معلولات تہجد یا کم ازکم فجر کی نماز متاثر نہ ہو تو اس میں بھی کوئی حرج نہیں لیکن فضول اور بلا مقصد گفتگو یا ناول اور افسانہ کا مطالعہ ٹی وی دیکھنا جن سے عشاء کی نماز بھی فوت ہو جاتی ہے درست نہیں ہے۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 1464 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 701 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´عشاء سے پہلے سونے اور اس کے بعد بات چیت کرنے کی ممانعت۔`
ابوبرزہ اسلمی رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم عشاء دیر سے پڑھنا پسند فرماتے تھے، اور اس سے پہلے سونے اور اس کے بعد بات چیت کرنے کو ناپسند کرتے تھے ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب الصلاة/حدیث: 701]
اردو حاشہ: (1)
عشاء کی نماز سے پہلے سو جانے سے خطرہ ہے کہ نماز کے لیے آنکھ نہ کھلےاور نماز فوت ہو جائے یا آنکھ کھلے تو سستی کا غلبہ ہو جس کی وجہ سے عشاء کی نماز توجہ اور دل جمعی کے ساتھ نہ پڑھی جا سکے۔
اس لیے نماز پڑھ کر سونا چاہیے۔

(2)
عشاء کے بعد باتیں کرنا بھی اس لیے نامناسب ہے کہ اس کی وجہ سے نماز فجر کے لیے اٹھنے میں تاخیر ہو جانے کا خطرہ ہے البتہ کوئی ضروری بات چیت یا علمی مسائل کا بیان اور وعظ ونصیحت جائز ہے۔ (صحیح البخاری، العلم، باب العلم والعظمة بااليل وباب السمر في العلم، حديث: 116، 115)
تاہم خیال رکھنا چاہیے کہ اس کا سلسلہ زیادہ طویل نہ ہو جائے تاکہ فجر کی نماز بروقت ادا کی جا سکے۔
بنا بریں دینی وتبلیغی جلسوں کا رات گئے تک جاری رہنا شرعاً محل نظر ہے۔
اس عام رواج کو بدلنے کی ضرورت ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 701 سے ماخوذ ہے۔