ریاض الصالحین — حدیث نمبر 1747

باب: عشاء کے بعد باتیں کرنے کی کراہت

باب كراهة الحديث بعد العشاء الآخرة

حدیث نمبر: 1747
عن ابن عمر رضي الله عنهم: أنَّ رسولَ اللهِ - صلى الله عليه وسلم - صَلَّى العِشَاء في آخِرِ حَيَاتِهِ، فَلَمَّا سَلَّمَ قال: «أرأيْتَكُمْ لَيْلَتَكُمْ هذِه؟ فَإنَّ عَلَى رَأسِ مِائَةِ سَنَةٍ لاَ يَبْقَى مِمَّنْ هُوَ علَى ظَهْرِ الأرْضِ اليَومَ أحَدٌ». متفق عليه.
ترجمہ

سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے اپنی زندگی کے آخری دنوں میں (ایک رات) عشاء کی نماز پڑھائی، پھر جب سلام پھیرا تو فرمایا: ”کیا تم نے اپنی اس رات کو دیکھا (اسے یاد رکھو)؟ کیونکہ آج جو لوگ روئے زمین پر موجود ہیں، سو سال پورے ہونے پر ان میں سے کوئی بھی باقی نہیں رہے گا۔“
(متفق علیہ)

حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب الأمور المنهي عنها / حدیث: 1747
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (متفق عليه)
تخریج حدیث أخرجه: البخاري 1/ 40 (116)، ومسلم 7/ 186 (2537) (217).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 116 | صحيح البخاري: 564 | صحيح البخاري: 601 | صحيح مسلم: 2537 | سنن ترمذي: 2251 | سنن ابي داود: 4348

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 116 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
´ اس بارے میں کہ سونے سے پہلے رات کے وقت علمی باتیں کرنا جائز ہے `
«. . . عَنْ سَالِمٍ، قَالَ: صَلَّى بِنَا النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ الْعِشَاءَ فِي آخِرِ حَيَاتِهِ، فَلَمَّا سَلَّمَ قَامَ، فَقَالَ: أَرَأَيْتَكُمْ لَيْلَتَكُمْ هَذِهِ، فَإِنَّ رَأْسَ مِائَةِ سَنَةٍ مِنْهَا لَا يَبْقَى مِمَّنْ هُوَ عَلَى ظَهْرِ الْأَرْضِ أَحَدٌ . . .»
". . . عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے فرمایا کہ آخر عمر میں (ایک دفعہ) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں عشاء کی نماز پڑھائی۔ جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے سلام پھیرا تو کھڑے ہو گئے اور فرمایا کہ تمہاری آج کی رات وہ ہے کہ اس رات سے سو برس کے آخر تک کوئی شخص جو زمین پر ہے وہ باقی نہیں رہے گا . . ." [صحيح البخاري/كِتَاب الْعِلْمِ/بَابُ السَّمَرِ بِالْعِلْمِ:: 116]
� تشریح:
مطلب یہ ہے کہ عام طور پر اس امت کی عمریں سو برس سے زیادہ نہ ہوں گی، یا یہ کہ آج کی رات میں جس قدر انسان زندہ ہیں سو سال کے آخر تک یہ سب ختم ہو جائیں گے۔ اس رات کے بعد جو نسلیں پیدا ہوں گی ان کی زندگی کی نفی مراد نہیں ہے۔ محققین کے نزدیک اس کا مطلب یہی ہے اور یہی ظاہر لفظوں سے سمجھ میں آتا ہے۔ چنانچہ سب سے آخری صحابی ابوطفیل عامر بن واثلہ کا ٹھیک سو برس بعد 110 برس کی عمر میں انتقال ہوا۔
«سمر» کے معنی رات کو سونے سے پہلے بات چیت کرنا مراد ہے۔ پہلے باب میں مطلق رات کو وعظ کرنے کا ذکر تھا اور اس میں خاص سونے سے پہلے علمی باتوں کا ذکر ہے۔ اسی سے وہ فرق ظاہر ہو گیا جو پہلے باب میں اور اس میں ہے۔ [فتح الباری]
مقصد یہ ہے کہ درس و تدریس وعظ و تذکیر بوقت ضرورت دن اور رات کے ہر حصہ میں جائز اور درست ہے۔ خصوصاً طلباءکے لیے رات کا پڑھنا دل و دماغ پر نقش ہو جاتا ہے۔ اس حدیث سے حضرت امام بخاری رحمہ اللہ نے دلیل پکڑی ہے کہ حضرت خضر علیہ السلام کی زندگی کا خیال صحیح نہیں۔ اگر وہ زندہ ہوتے تو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے ضرور ملاقات کرتے۔ بعض علماء ان کی حیات کے قائل ہیں۔ «والله اعلم بالصواب»
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 116 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 116 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
116. حضرت عبداللہ بن عمر ؓ سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا: نبی ﷺ نے اپنی آخری عمر میں ہمیں نماز عشاء پڑھائی۔ سلام کے بعد جب کھڑے ہوئے تو فرمایا: ’’تم اس رات کی اہمیت کو جانتے ہو، آج کی رات سے سو برس بعد کوئی شخص، جو اب زمین پر موجود ہے، زندہ نہیں رہے گا۔‘‘[صحيح بخاري، حديث نمبر:116]
حدیث حاشیہ:
1۔
سمر کے معنی چاند کی روشنی ہیں، پھر رات کی گفتگو کو سمر کہا جانے لگا۔
چونکہ اہل عرب دور جاہلیت میں چاند کے طلوع ہونے کے بعد کھلے میدان میں خاندانی مفاخر، قصہ گوئی، اشعار اور بے ہودہ باتوں میں وقت گزارتے تھے، جب چاند غروب ہوجاتا تو گھر واپس آتے۔
ان تمام خرافات کو بھی سمر کہتے ہیں۔
شریعت میں یہ ناجائز اور حرام ہے۔
امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ کامقصد یہ ہے کہ اگر علمی مشاغل میں رات کا کچھ حصہ گزرجائے تو منع نہیں ہے۔
پہلے باب میں علمی مسائل کا ذکر تھا، اب علمی مناظروں اورچٹکلوں کا بیان ہے، نیز پہلے باب میں سونے کے بعد علمی گفتگو کا اثبات فرمایا تھا اور اس باب میں نماز عشاء کے بعد سونے سے قبل اس کا ثبوت دیا جا رہا ہے۔
امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ یہ بتاناچاہتے ہیں کہ صلاۃ عشاء کے بعد سمر نہیں ہونا چاہیے، اگر کیا جائے تو علم اور خیر کا سمر ہو، نہ کہ جاہلیت والا سمر کیونکہ اس کی ممانعت ہے۔
2۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس حدیث میں ہمیں خبردار کیا ہے کہ سابقہ امتوں کے مقابلے میں تمہاری عمریں بہت کم ہیں جیسا کہ حدیث میں ہے کہ میری امت کی عمریں ساٹھ اور ستر کے درمیان ہیں۔
(جامع الترمذي، الزھد، حدیث: 2331)
عمروں کے اس فرق کے ساتھ ذمے داری میں بھی بڑا فرق ہے۔
ان کے لیے لمبی عمروں میں کام مختصر ہوتا تھا جبکہ اس امت کی مختصر عمر میں کام بہت طویل ہے۔
اس بنا پر ہمیں اپنی ذمے داری کا احساس کرتے ہوئے اپنے فرائض کی ادائیگی میں ہمہ تن مشغول ہونا چاہیے۔
(فتح الباري: 280/1)
اس حدیث سے یہ بھی معلوم ہوا کہ حضرت خضر اب زندہ نہیں ہیں، کیونکہ اس حدیث کے مطابق سو سال بعد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا زمانہ پانے والا کوئی بھی زندہ نہیں رہا۔
واللہ أعلم۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 116 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 601 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
´مسئلے مسائل کی باتیں اور نیک باتیں عشاء کے بعد بھی کرنا درست ہے`
«. . . أَنَّ عَبْدَ اللَّهِ بْنَ عُمَرَ، قَالَ: صَلَّى النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ صَلَاةَ الْعِشَاءِ فِي آخِرِ حَيَاتِهِ، فَلَمَّا سَلَّمَ قَامَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، فَقَالَ: " أَرَأَيْتَكُمْ لَيْلَتَكُمْ هَذِهِ فَإِنَّ رَأْسَ مِائَةٍ لَا يَبْقَى مِمَّنْ هُوَ الْيَوْمَ عَلَى ظَهْرِ الْأَرْضِ أَحَدٌ، فَوَهِلَ النَّاسُ فِي مَقَالَةِ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ إِلَى مَا يَتَحَدَّثُونَ مِنْ هَذِهِ الْأَحَادِيثِ عَنْ مِائَةِ سَنَةٍ، وَإِنَّمَا قَالَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: لَا يَبْقَى مِمَّنْ هُوَ الْيَوْمَ عَلَى ظَهْرِ الْأَرْضِ، يُرِيدُ بِذَلِكَ أَنَّهَا تَخْرِمُ ذَلِكَ الْقَرْنَ " . . . .»
". . . عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے فرمایا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے عشاء کی نماز پڑھی اپنی زندگی کے آخری زمانے میں۔ سلام پھیرنے کے بعد آپ کھڑے ہوئے اور فرمایا کہ اس رات کے متعلق تمہیں کچھ معلوم ہے؟ آج اس روئے زمین پر جتنے انسان زندہ ہیں۔ سو سال بعد ان میں سے کوئی بھی باقی نہیں رہے گا۔ لوگوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا کلام سمجھنے میں غلطی کی اور مختلف باتیں کرنے لگے۔ (ابومسعود رضی اللہ عنہ نے یہ سمجھا کہ سو برس بعد قیامت آئے گی) حالانکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا مقصد صرف یہ تھا کہ جو لوگ آج (اس گفتگو کے وقت) زمین پر بستے ہیں۔ ان میں سے کوئی بھی آج سے ایک صدی بعد باقی نہیں رہے گا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا مطلب یہ تھا کہ سو برس میں یہ قرن گزر جائے گا۔ . . ." [صحيح البخاري/كِتَاب مَوَاقِيتِ الصَّلَاةِ/بَابُ السَّمَرِ فِي الْفِقْهِ وَالْخَيْرِ بَعْدَ الْعِشَاءِ:: 601]
تشریح:
سب سے آخر میں انتقال کرنے والے صحابی ابوالطفیل عامر بن واثلہ رضی اللہ عنہ ہیں۔ اور ان کا انتقال 110ھ میں ہوا۔ یعنی آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم کی پیشین گوئی کے ٹھیک سو سال بعد۔ کچھ لوگوں نے اس حدیث کو سن کر یہ سمجھ لیا تھا کہ سو سال بعد قیامت آ جائے گی۔ حدیث نبوی کا منشاء یہ نہ تھا بلکہ صرف یہ تھا کہ سو برس گزرنے پر ایک دوسری نسل وجود میں آ گئی ہو گی۔ اور موجودہ نسل ختم ہو چکی ہوگی۔ حدیث اور باب میں مطابقت ظاہر ہے۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 601 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 601 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
601. حضرت عبداللہ بن عمر ؓ سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا: نبی ﷺ نے اپنی زندگی کے آخری ایام میں ہمیں عشاء کی نماز پڑھائی، سلام پھیرنے کے بعد نبی ﷺ کھڑے ہو گئے اور فرمایا: ’’تم اس رات کی اہمیت کو جانتے ہو؟ آج کی رات سے سو برس بعد کوئی شخص جو اب زمین پر موجودہے، زندہ نہیں رہے گا۔‘‘ لوگ نبی ﷺ کے اس ارشاد گرامی کی وجہ سے پریشان ہونے لگے اور سو برس کی وضاحت کرنے میں دوسری باتوں کی طرف خیال دوڑانا شروع کر دیا، حالانکہ نبی ﷺ کے اس فرمان: ’’جو آج روئے زمین پر زندہ ہیں ان میں سے کوئی بھی باقی نہیں رہے گا۔‘‘ اس سے آپ کی مراد یہ تھی کہ سو برس تک یہ صدی ختم ہو جائے گی۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:601]
حدیث حاشیہ:
امام بخاری ؒ کا اس حدیث سے صرف یہ مقصود ہے کہ علمی مذاکرات کو سمر بعد العشاء کے تحت نہ سمجھا جائے بلکہ ایسی مجالس کے انعقاد میں کوئی حرج نہیں، لیکن اس کا مطلب یہ بھی نہیں کہ دعوتی اجتماعات رات گئے تک جاری رہیں۔
پوری پوری رات وعظ و ارشاد کی مجالس میں لگا دینا کوئی خدمت دین نہیں۔
اس حدیث کے تحت حیاتِ خضر کا مسئلہ بھی آتا ہے، چنانچہ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ وہ اس دنیا سے رخصت ہو چکے ہیں۔
اس کے متعلق تفصیلی گفتگو آئندہ پر اٹھا رکھتے ہیں۔
وبالله التوفيق.
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 601 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 564 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
´عشاء اور عتمہ کا بیان`
«. . . أَخْبَرَنِي عَبْدُ اللَّهِ، قَالَ: صَلَّى لَنَا رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ لَيْلَةً صَلَاةَ الْعِشَاءِ وَهِيَ الَّتِي يَدْعُو النَّاسُ الْعَتَمَةَ، ثُمَّ انْصَرَفَ فَأَقْبَلَ عَلَيْنَا، فَقَالَ: " أَرَأَيْتُمْ لَيْلَتَكُمْ هَذِهِ، فَإِنَّ رَأْسَ مِائَةِ سَنَةٍ مِنْهَا لَا يَبْقَى مِمَّنْ هُوَ عَلَى ظَهْرِ الْأَرْضِ أَحَدٌ . . .»
". . . عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے خبر دی کہ` ایک رات نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں عشاء کی نماز پڑھائی۔ یہی جسے لوگ «عتمه» کہتے ہیں۔ پھر ہمیں خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ تم اس رات کو یاد رکھنا۔ آج جو لوگ زندہ ہیں ایک سو سال کے گزرنے تک روئے زمین پر ان میں سے کوئی بھی باقی نہیں رہے گا . . ." [صحيح البخاري/كِتَاب مَوَاقِيتِ الصَّلَاةِ/بَابُ ذِكْرِ الْعِشَاءِ وَالْعَتَمَةِ وَمَنْ رَآهُ وَاسِعًا:: 564]
� تشریح:
یعنی سو برس میں جتنے لوگ آج زندہ ہیں سب مر جائیں گے۔ اور نئی نسل ظہور میں آتی رہے گی۔ سب سے آخری صحابی ابوالطفیل عامر بن واثلہ ہیں۔ جن کا انتقال 110ھ میں ہوا۔ امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے اس حدیث سے حضرت خضر علیہ السلام کی وفات پر بھی دلیل پکڑی ہے۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 564 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 564 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
564. حضرت عبداللہ بن عمر ؓ سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا: ایک شب رسول اللہ ﷺ نے ہمیں نماز عشاء پڑھائی اور یہ وہی نماز ہے جسے لوگ "عتمة" کہتے تھے، پھر نماز سے فراغت کے بعد ہماری طرف متوجہ ہوئے اور فرمایا: ’’کیا تمہیں اس رات کے متعلق خبر دوں، آج جو لوگ روئے زمین پر ہیں، آج سے ایک صدی پوری ہونے تک ان میں سے کوئی باقی نہیں رہے گا۔‘‘[صحيح بخاري، حديث نمبر:564]
حدیث حاشیہ:
(1)
اس حدیث سے امام بخاری ؒ ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ عشاء کہ لیے لفظ"عتمة" بولا جا سکتا ہے، کیونکہ رسول اللہ ﷺ سے ثابت ہے، جبکہ مغرب پر لفظ "عشاء" درست نہیں، کیونکہ رسول اللہ ﷺ سے ایسا ثابت نہیں۔
عشاء کوعتمہ کہنے کے متعلق متقدمین میں اختلاف ہے۔
حضرت ابن عمر ؓ تو عتمہ کہنے والوں پرناراض ہوتے تھے، جبکہ حضرت ابوبکرصدیق ؓ سے جواز منقول ہے۔
بعض حضرات نے اس اطلاق کو خلاف اولیٰ قرار دیا ہے اور یہی راجح ہے۔
(فتح الباري: 60/2) (2)
رسول اللہ ﷺ سے نماز عشاء کوعتمہ کہنے کی نہی وارد ہے جبکہ بعض اوقات اس لفظ کو نماز عشاء کےلیے استعمال بھی کیا گیا ہے۔
اس کے درمیان تطبیق کی دوصورتیں ہیں: ٭نہی تحریم کےلیے نہیں بلکہ تنزیہ کےلیے ہے اور لفظ عتمہ کو عشاء کےلیے استعمال کرنا جائز ہے۔
٭لفظ عتمہ ان لوگوں کےسامنے بولا گیا جو عشاء کے نام کو نہیں جانتے تھے اور ان کے ہاں یہ زیادہ مشہور نہ تھا، یعنی عشاء کےلیے عتمہ کا استعمال بطور نام نہیں بلکہ تعارف کے لیے استعمال کیا گیا۔
(شرح النووي: 208/4)
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 564 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 2537 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
عبد اللہ بن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں،کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی حیات مبا رکہ کے آخری حصے میں ایک را ت ہمیں عشاء کی ن ز پڑھا ئی،جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے سلا م پھیرا تو کھڑے ہو گئے تو فر یا:" کیا تم لوگوں نے اپنی اس را ت کو دیکھا ہے؟(اسے یا د رکھو)بلا شبہ اس رات سے سو سال کے بعد جو لو گ (اس را ت میں) روئے زمین پر مو جودہیں ان میں سے کو ئی بھی باقی نہیں ہو گا۔"حضرت عمر... (مکمل حدیث اس نمبر پر دیکھیں) [صحيح مسلم، حديث نمبر:6479]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: اس حدیث سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ مقصد تھا کہ زمینی مخلوق میں سے، آج رات جو لوگ زندہ موجود ہیں، سو سال بعد ان میں سے کوئی زندہ نہیں رہے گا اور یہ بات آپ نے اپنی زندگی کے آخری مہینہ میں 11ھ میں فرمائی تھی اور آخری صحابی حضرت ابو طفیل رضی اللہ عنہ تک زندہ رہے ہیں، اس کے بعد آپ کے ساتھیوں میں سے کوئی آدمی زندہ نہیں رہا، لیکن بعض لوگوں نے اس حدیث سے یہ سمجھ لیا کہ سو سال بعد قیامت قائم ہو جائے گی اور حضرت ابن عمر انہیں لوگوں کی تردید کرنا چاہتے ہیں، اس لیے اس رات کے بعد پیدا ہونے والے اس کا مصداق نہیں ہیں۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 6479 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 4348 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´قیامت آنے کا بیان۔`
عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی آخری عمر میں ایک رات ہمیں عشاء پڑھائی، پھر جب سلام پھیرا تو کھڑے ہوئے اور فرمایا: " تمہیں پتا ہے، آج کی رات کے سو سال بعد اس وقت جتنے آدمی اس روئے زمین پر ہیں ان میں سے کوئی بھی (زندہ) باقی نہیں رہے گا " ابن عمر رضی اللہ عنہما کہتے ہیں: لوگ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سو سال کے بعد کے متعلق احادیث بیان کرنے میں غلط فہمی کا شکار ہو گئے کہ سو برس بعد قیامت آ جائے گی، حالانکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ فرمایا تھا کہ آج روئے زمین پر جتنے لوگ زندہ ہیں سو سال کے بعد ان میں سے کوئ۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ابي داود/كتاب الملاحم /حدیث: 4348]
فوائد ومسائل:
1۔
فی الواقع اصحابِ نبی میں سے کو ئی شخص ایک صدی سے آگے نہیں بڑھا سبھی وفات پا گئے تھے۔
۔
۔
۔
تو اس کے بعد صحابیت کا دعوٰی کرنے والے کا دعوٰی غلط محض ہوا، جیسے کہ رتن ہندی کے بارے میں ذکر آتا ہے کہ اس نے پانچ سو سال بعد صحابی ہونے کا دعوٰٰ ی کیا تھا۔

2۔
اس حدیث کی روشنی میں جنابِ خضر کے متعلق بھی استدلال لیا جاتا ہے کہ وہ بھی وفات پا گئے ہیں، مگر ان کے بالمقابل دوسرے کہتے ہیں کہ وہ اس مو قعے پر زمین پر موجود ہی نہ تھے اس لیئے کہ حیاتِ خضر پر کو ئی مستند دلیل نہیں ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 4348 سے ماخوذ ہے۔