ریاض الصالحین — حدیث نمبر 1578

باب: ان نسبوں میں طعن کرنے کی حرمت جو ظاہرِ شریعت میں ثابت ہوں

باب تحريم الطعن في الأنساب الثابتة في ظاهر الشرع

باب کی ابتدا میں امام نووی رحمہ اللہ نے یہ آیات / کلام ذکر کیا ہے:
قَالَ الله تَعَالَى: ﴿والَّذِينَ يُؤْذُونَ المُؤْمِنِينَ والمُؤْمِنَاتِ بِغَيْرِ مَا اكْتَسَبُوا فَقَدِ احْتَمَلُوا بُهْتانًا وإثْمًا مُبِينًا﴾ [الأحزاب: ٥٨]

اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ”اور جو لوگ مومن مردوں اور مومن عورتوں کو ایسے کام کی وجہ سے ایذا دیتے ہیں جو انہوں نے نہیں کیا، تو انہوں نے بہتان اور کھلے گناہ کا بوجھ اٹھایا۔“ (سورۃ الاحزاب: 58)

حدیث نمبر: 1578
وعن أَبي هريرة - رضي الله عنه - قَالَ: قَالَ رسول الله - صلى الله عليه وسلم: «اثْنَتَان في النَّاسِ هُمَا بِهِم كُفْرٌ: الطَّعْنُ فِي النَّسَبِ، وَالنِّيَاحَةُ عَلَى المَيِّتِ». رواه مسلم.
ترجمہ

سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”لوگوں میں دو باتیں ایسی ہیں جو ان میں کفر ہیں: نسب میں طعن کرنا اور میت پر نوحہ کرنا۔“
(اسے مسلم نے روایت کیا ہے)

وضاحت:
امام نووی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: "اس (کے معنی) میں کئی اقوال ہیں، ان میں سب سے صحیح یہ ہے کہ اس کا مطلب ہے: یہ دونوں کام کافروں کے اعمال اور جاہلیت کے اخلاق میں سے ہیں۔ اور اس حدیث میں نسب میں طعن کرنے اور نوحہ کرنے کی حرمت کی سختی (بیان) ہے، واللہ اعلم۔" (شرح صحیح مسلم للنووی 1/265)
حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب الأمور المنهي عنها / حدیث: 1578
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (رواه مسلم)
تخریج حدیث أخرجه: مسلم 1/ 58 (67) (121).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح مسلم: 67 | سنن ترمذي: 1001 | رياض الصالحين: 1667
قال النووي في شرح صحيح مسلم ١/ ٢٦٥: «فيه أقوال: أصحها: أنَّ معناه هما من أعمال الكفار وأخلاق الجاهلية. وفي الحديث تغليظ تحريم الطعن في النسب والنياحة، والله أعلم» .

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 67 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا: ’’لوگوں کی دو باتیں ان میں کفر کی ہیں، نسب میں طعن کرنا اور میّت پر نوحہ کرنا۔‘‘ [صحيح مسلم، حديث نمبر:227]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل:
(1)
جاہلیت کے دور میں لوگ حسب ونسب پر فخر کرتے تھے اور دوسروں کے حسب ونسب پر طعن وتشنیع کرتے تھے، کیونکہ ان کے نزدیک تفوق وبرتری کا انحصار تقوی اور اعمال صالحہ پر نہیں تھا، لیکن اسلام کی رو سے عزت وشرافت کا مدار تقوی اور دینداری پر ہے، قیامت کے دن، ایمان اور اعمال کے بغیر ذات اور نسب کچھ کام نہ دیں گے۔
لیکن مسلمانوں میں ابھی یہ ذہنیت موجود چلی آرہی ہے جو کافرانہ حرکت ہے، جس سے بچنا لازم ہے۔
(2)
میت پر چیخنا اور واویلا کرنا بھی جاہلیت کا شعار ہے، وہ اس کام میں ایک دوسرے سے بڑھنے کی کوشش کرتے اور عورتیں نوحہ کرنے میں ایک دوسرے کا تعاون کرتی تھیں، اور مسلمانوں میں یہ رسم دور جاہلیت کی یادگار کے طو ر پرچلی آرہی ہےجس سے پرہیز کرنا ضروری ہے۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 227 سے ماخوذ ہے۔