ریاض الصالحین — حدیث نمبر 112

باب: عمر کے آخری حصے میں نیکیوں میں اضافہ کرنے کی ترغیب

باب الحث عَلَى الازدياد من الخير في أواخر العمر

باب کی ابتدا میں امام نووی رحمہ اللہ نے یہ آیات / کلام ذکر کیا ہے:
قَالَ الله تَعَالَى: ﴿أَوَلَمْ نُعَمِّرْكُمْ مَا يَتَذَكَّرُ فِيهِ مَنْ تَذَكَّرَ وَجَاءكُمُ النَّذِيرُ﴾ [فاطر: ٣٧] قَالَ ابن عباس والمُحَقِّقُونَ: معناه أَو لَمْ نُعَمِّرْكُمْ سِتِّينَ سَنَةً؟ وَيُؤَيِّدُهُ الحديث الَّذِي سنذْكُرُهُ إنْ شاء الله تَعَالَى، وقيل: معناه ثماني عَشْرَة سَنَةً، وقيل: أرْبَعينَ سَنَةً، قاله الحسن والكلبي ومسروق ونُقِلَ عن ابن عباس أيضًا. وَنَقَلُوا أنَّ أَهْلَ المدينَةِ كانوا إِذَا بَلَغَ أَحَدُهُمْ أربْعينَ سَنَةً تَفَرَّغَ للعِبادَةِ، وقيل: هُوَ البُلُوغُ. وقوله تَعَالَى: ﴿وجَاءكُمُ النَّذِيرُ﴾ قَالَ ابن عباس والجمهور: هُوَ النَّبيّ - صلى الله عليه وسلم - وقيل: الشَّيبُ، قاله عِكْرِمَةُ وابن عُيَيْنَة وغيرهما. والله أعلم.
وأما الأحاديث

اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ”کیا ہم نے تمہیں اتنی عمر نہیں دی تھی کہ جسے نصیحت حاصل کرنی ہوتی وہ اس میں نصیحت حاصل کر لیتا، اور تمہارے پاس ڈرانے والا (بھی) آیا تھا۔“ (سورۃ فاطر: 37)
سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما اور محققین نے کہا ہے: اس کا معنی ہے: کیا ہم نے تمہیں ساٹھ سال عمر نہیں دی تھی؟ اور اس کی تائید وہ حدیث کرتی ہے جسے ہم ان شاء اللہ تعالیٰ ذکر کریں گے۔ اور کہا گیا ہے: اس کا معنی اٹھارہ سال ہے، اور کہا گیا ہے: چالیس سال، یہ حسن (بصری)، کلبی اور مسروق کا قول ہے اور ابن عباس سے بھی منقول ہے۔ اور انہوں نے نقل کیا ہے کہ اہل مدینہ میں سے جب کوئی چالیس سال کا ہو جاتا تو عبادت کے لیے فارغ ہو جاتا۔ اور کہا گیا ہے: اس سے مراد بلوغت ہے۔ اور اللہ تعالیٰ کا فرمان: ”اور تمہارے پاس ڈرانے والا آیا تھا“، (اس کے بارے میں) ابن عباس اور جمہور نے کہا: اس سے مراد نبی کریم ﷺ ہیں، اور کہا گیا ہے: (اس سے مراد) بڑھاپا (بالوں کی سفیدی) ہے، یہ عکرمہ، ابن عیینہ وغیرہما کا قول ہے۔ واللہ اعلم۔
اور رہیں احادیث (تو وہ یہ ہیں):

حدیث نمبر: 112
فالأول: عن أبي هريرةَ - رضي الله عنه - عن النَّبيّ - صلى الله عليه وسلم - قَالَ: «أعْذَرَ الله إِلَى امْرِئٍ أَخَّرَ أجَلَهُ حَتَّى بَلَغَ سِتِّينَ سَنَةً». رواه البخاري.
قَالَ العلماء: معناه لَمْ يَتْرُكْ لَهُ عُذرًا إِذْ أمْهَلَهُ هذِهِ المُدَّةَ. يقال: أعْذَرَ الرجُلُ إِذَا بَلَغَ الغايَةَ في العُذْرِ.
ترجمہ

سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ”اللہ نے اس شخص کے لیے عذر (کی کوئی گنجائش) نہیں چھوڑی جس کی موت کو اس نے مؤخر کیا یہاں تک کہ وہ ساٹھ سال کو پہنچ گیا۔“
(اسے بخاری نے روایت کیا ہے)
علماء نے کہا ہے: اس کا معنی یہ ہے کہ اللہ نے اس کے لیے کوئی عذر باقی نہیں چھوڑا جبکہ اسے اتنی مدت کی مہلت دی۔ کہا جاتا ہے: «أَعْذَرَ الرَّجُلُ» جب آدمی عذر (ختم کرنے) کی انتہا کو پہنچ جائے۔

حوالہ حدیث رياض الصالحين / بداية الكتاب / حدیث: 112
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (رواه البخاري)
تخریج حدیث أخرجه: البخاري 8/ 111 (6419).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 6419

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 6419 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
6419. حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے، وہ نبی کریم ﷺ سے بیان کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا: ’’اللہ تعالیٰ نے اس آدمی کے عذر کے متعلق حجت تمام کر دی جس کی موت کو مؤخر کیا یہاں تک کہ وہ ساٹھ سال کی عمر کو پہنچ گیا۔‘‘ ابوحازم اور ابن عجلان نے سعید مقبری سے روایت کرنے میں معن بن یزید کی متابعت کی ہے۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:6419]
حدیث حاشیہ: یا اللہ! میں ستر سال کا پہنچ رہا ہوں، یا اللہ! موت کے بعد مجھ کو ذلت وخواری سے بچائیو اور میرے سارے ہمدردان کرام کو بھی۔
آمین یارب العالمین۔
(راز)
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 6419 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 6419 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
6419. حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے، وہ نبی کریم ﷺ سے بیان کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا: ’’اللہ تعالیٰ نے اس آدمی کے عذر کے متعلق حجت تمام کر دی جس کی موت کو مؤخر کیا یہاں تک کہ وہ ساٹھ سال کی عمر کو پہنچ گیا۔‘‘ ابوحازم اور ابن عجلان نے سعید مقبری سے روایت کرنے میں معن بن یزید کی متابعت کی ہے۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:6419]
حدیث حاشیہ:
انسانی عمر کے چار حصے ہیں: ٭ سن طفولیت، جب تک وہ بالغ نہیں ہوتا۔
٭ سن شباب، جب وہ جوان ہوتا ہے۔
٭ سن کہولت، جب وہ ساٹھ برس کا ہو جائے۔
٭ سن شیخوخت، جب اس سے اوپر چلا جائے۔
اس عمر میں انسان کی قوت کمزور پڑ جاتی ہے اور وہ انحطاط کا شکار ہو جاتا ہے۔
موت بھی اس کے سر پر منڈلانے لگتی ہے۔
جب انسان ساٹھ برس کا ہو جائے تو اللہ تعالیٰ اس کے تمام عذر مسترد کر دیتا ہے۔
انسان کا اس وقت یہ عذر قبول نہیں کیا جائے گا کہ اسے توبہ و استغفار کے لیے تھوڑی عمر ملی ہے کیونکہ سن بلوغ سے ساٹھ سال تک کافی وقت ہے جس میں انسان سوچ بچار کر کے صحیح راستہ اختیار کر سکتا ہے۔
ایک آرزو٭ اے اللہ! میری اہلیہ کی وفات کے بعد میرا دل دنیا اور اہل دنیا سے اچاٹ ہو چکا ہے۔
اس وقت میری عمر ساٹھ سال سے دو سال کم ہے۔
میری خواہش ہے کہ عمر نبوت تریسٹھ سال سے پہلے تفسیر قرآن اور صحیحین کا ترجمہ اور فوائد مکمل ہو جائیں۔
میری اس خواہش کو پورا کر کے اپنے حضور میرا صدقۂ جاریہ قبول فرما۔
٭ اے اللہ! یہ بھی آرزو ہے کہ مرنے سے پہلے مجھے اپنی رحمت کے علاوہ کسی کا محتاج نہ کر۔
موت کے بعد بھی مجھے ذلت و رسوائی سے محفوظ رکھنا۔
٭ میری یہ بھی تمنا ہے کہ قیامت کے دن مجھے، میرے بیوی بچوں، والدین، بہن بھائیوں اور دوست احباب سمیت جنت الفدوس میں جگہ عطا فرما۔
آمین یا رب العالمین
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 6419 سے ماخوذ ہے۔