ریاض الصالحین — حدیث نمبر 113
باب: عمر کے آخری حصے میں نیکیوں میں اضافہ کرنے کی ترغیب
باب الحث عَلَى الازدياد من الخير في أواخر العمر
الثاني: عن ابن عباس رضي الله عنهم، قَالَ: كَانَ عمر - رضي الله عنه - يُدْخِلُنِي مَعَ أشْيَاخِ بَدرٍ فكأنَّ بَعْضَهُمْ وَجَدَ في نفسِهِ، فَقَالَ: لِمَ يَدْخُلُ هَذَا معنا ولَنَا أبْنَاءٌ مِثلُهُ؟! فَقَالَ عُمَرُ: إنَّهُ منْ حَيثُ عَلِمْتُمْ! فَدعانِي ذاتَ يَومٍ فَأدْخَلَنِي مَعَهُمْ فما رَأيتُ أَنَّهُ دعاني يَومَئذٍ إلاَّ لِيُرِيَهُمْ، قَالَ: مَا تقُولُون في قولِ الله: ﴿إِذَا جَاءَ نَصْرُ اللهِ وَالْفَتْحُ﴾؟ [الفتح: ١] فَقَالَ بعضهم: أُمِرْنَا نَحْمَدُ اللهَ وَنَسْتَغْفِرُهُ إِذَا نَصَرنَا وَفَتحَ عَلَيْنَا، وَسَكتَ بَعْضُهُمْ فَلَمْ يَقُلْ شَيئًا. فَقَالَ لي: أَكَذلِكَ تقُول يَا ابنَ عباسٍ؟ فقلت: لا. قَالَ: فما تقول؟ قُلْتُ: هُوَ أجَلُ رَسُول الله - صلى الله عليه وسلم - أعلَمَهُ لَهُ، قَالَ: ﴿إِذَا جَاءَ نَصْرُ اللهِ وَالْفَتْحُ﴾ وذلك علامةُ أجَلِكَ ﴿فَسَبِّحْ بِحَمْدِ رَبِّكَ وَاسْتَغْفِرْهُ إِنَّهُ كَانَ تَوَّابًا﴾ فَقَالَ عمر - رضي الله عنه: مَا أعلم مِنْهَا إلاَّ مَا تقول. رواه البخاري.سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے، انہوں نے کہا: سیدنا عمر رضی اللہ عنہ مجھے بدر کے بزرگوں کے ساتھ (اپنی مجلس میں) شامل کرتے تھے، تو گویا ان میں سے بعض نے دل میں (ناگواری) محسوس کی اور کہا: یہ ہمارے ساتھ کیوں شامل ہوتا ہے جبکہ ہمارے بھی اس جیسے بیٹے ہیں؟! تو سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے کہا: یہ ان میں سے ہے جن (کا مقام) تم جانتے ہو! پھر ایک دن انہوں نے مجھے بلایا اور ان کے ساتھ شامل کیا، تو میں سمجھ گیا کہ انہوں نے مجھے اس دن صرف اس لیے بلایا تھا کہ انہیں (میرا علم) دکھائیں۔ انہوں نے کہا: تم اللہ تعالیٰ کے اس فرمان کے بارے میں کیا کہتے ہو: ”جب اللہ کی مدد اور فتح آ جائے“؟ (سورۃ النصر: 1) تو ان میں سے بعض نے کہا: ہمیں حکم دیا گیا ہے کہ جب اللہ ہماری مدد کرے اور ہمیں فتح دے تو ہم اللہ کی حمد کریں اور اس سے بخشش مانگیں۔ اور بعض خاموش رہے اور کچھ نہ کہا۔ تو انہوں نے مجھ سے کہا: اے ابن عباس! کیا تم بھی ایسا ہی کہتے ہو؟ میں نے کہا: نہیں۔ انہوں نے کہا: تو پھر تم کیا کہتے ہو؟ میں نے کہا: یہ رسول اللہ ﷺ کی وفات (کا وقت) ہے جس کی اللہ نے آپ کو خبر دی، فرمایا: ”جب اللہ کی مدد اور فتح آ جائے“ اور یہ آپ کی وفات کی علامت ہے، ”تو اپنے رب کی حمد کے ساتھ تسبیح کیجیے اور اس سے بخشش مانگیے، بے شک وہ بہت توبہ قبول کرنے والا ہے۔“ تو سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے کہا: میں بھی اس (سورت) کے بارے میں وہی جانتا ہوں جو تم کہتے ہو۔
(اسے بخاری نے روایت کیا ہے)
تشریح، فوائد و مسائل
حدیث میں وفات نبوی کی طرف اشارہ ہے۔
اس کے یہاں اندراج کا یہی مقصد ہے۔
سورۃ شریفہ میں اشارہ تھا کہ ہر کمالے راز والے۔
ہر زوالے را کمالے۔
اس حدیث کے ذیل مولانا وحید الزماں کی تقریر دل پذیر یہ ہے کہ عمر ؓ کا عمل اس پر تھا بزرگی عقل است نہ بہ سال۔
ابن عباس ؓ اس وقت کے بڑے عالم تھے اور عالم گو جوان ہو مگر علم کی فضیلت سے وہ بوڑھوں کے برابر بلکہ ان سے بھی افضل سمجھا جاتا ہے۔
ہمارے پیشوا خلفائے راشدین اور دوسرے شاہان اسلام نے علم کی ایسی قدر دانی کی ہے جب مسلمان علم حاصل کرنے میں کوشش کرتے تھے مگر افسوس کہ ہمارے زمانہ کے مسلمان بادشاہ ایسے نالائق ہیں جن کے پاس ایک بھی عالم فاضل یا حکیم فیلسوف نہیں ہوتا نہ ان کو دینی علوم کی قدر ہے نہ دنیاوی علوم کی بلکہ سچ پوچھو تو علم ولیاقت کے دشمن ہیں۔
ان کے ملک میں کوئی شاذونادر دین کا عالم پیدا ہو گیا تو اس کو ستانے بے عزت کرنے اور نکالنے کے فکر میں رہتے ہیں۔
لا حول ولا قوة الا باللہ اگر یہی لیل ونہار رہے تو ایسے بادشاہوں کی حکومت کو بھی چراغ سحری سمجھنا چاہیے۔
(وحیدی)
یہ پرانی باتیں ہیں اب تو گیا دور سرمایہ داری گیا۔
دکھا کر تماشہ مداری گیا۔
1۔
حضرت ابن عباس ؓ اگرچہ چھوٹی عمر کے تھے لیکن رسول اللہ ﷺ کی دعاؤں کے نتیجے میں صاحب بصیرت اور اہل علم تھے، اس لیے حضرت عمر ؓ نے ان کو اپنی شوریٰ کا ممبربنایا اور دوسروں پر انھیں ترجیح دیتے تھے، پھربھری مجلس میں ان کی علمی برتری کو ثابت کیا۔
2۔
اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ معارف قرآن سمجھے کے لیے صرف عربی میں مہارت ہوناکافی نہیں اور نہ ہر ایک کی سمجھ ہی معتبر ہے بلکہ اس کے لیے علوم متد اولہ میں مہارت کے ساتھ ایسےفہم کی بھی ضرورت ہے جس سے استنباط مسائل ہوسکے۔
3۔
شیوخ بدرسے مراد وہ بزرگ حضرات ہیں جو غزوہ بدر میں شرکت کرچکے تھے۔
4۔
سوال کرنے والے نے حضرت ابن عباس ؓ پر حسد نہیں کیا تھا بلکہ اس لیے کہا تھا کہ ہمارے بیٹے بھی ان جیسےہوں۔
اس حدیث میں حضرت ابن عباس ؓ کی علمی برتری کوثابت کیا ہے۔
5۔
امام بخاری ؒ نے اس حدیث کو اس لیے پیش کیاہے کہ اس میں فتح مکہ کا ذکر ہے۔
واللہ اعلم۔