مسند أبي يعلى الموصلي
مسند عبد الله بن مسعود— عبداللہ بن مسعود کی مرویات کا بیان۔
مُسْنَدُ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ مَسْعُودٍ باب: عبداللہ بن مسعود کی مرویات کا بیان۔
حَدَّثَنَا أَبُو خَيْثَمَةَ ، حَدَّثَنَا جَرِيرٌ ، حَدَّثَنَا مَنْصُورٌ ، عَنْ إِبْرَاهِيمَ ، عَنْ عَلْقَمَةَ ، قَالَ : قَالَ عَبْدُ اللهِ : صَلَّى رَسُولُ اللهِ - صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ - صَلَاةً ، قَالَ إِبْرَاهِيمُ : لَا أَدْرِي أَزَادَ أَمْ نَقَصَ ، فَلَمَّا سَلَّمَ ، قِيلَ لَهُ : يَا رَسُولَ اللهِ ، أَحَدَثَ فِي الصَّلَاةِ شَيْءٌ ؟ قَالَ : لَا ، وَمَا ذَاكَ ؟ قَالُوا : صَلَّيْتَ كَذَا وَكَذَا ، قَالَ : فَثَنَى رِجْلَهُ ، وَاسْتَقْبَلَ الْقِبْلَةَ ، وَسَجَدَ سَجْدَتَيْنِ ، ثُمَّ سَلَّمَ ، فَلَمَّا سَلَّمَ أَقْبَلَ عَلَيْنَا بِوَجْهِهِ ، فَقَالَ : إِنَّهُ لَوْ حَدَثَ فِي الصَّلَاةِ شَيْءٌ أَنْبَأْتُكُمْ بِهِ ، وَلَكِنِّي إِنَّمَا أَنَا بَشَرٌ مِثْلُكُمْ ، أَنْسَى كَمَا تَنْسَوْنَ ، فَإِذَا نَسِيتُ فَذَكِّرُونِي ، وَإِذَا شَكَّ أَحَدُكُمْ فِي الصَّلَاةِ فَلْيَتَحَرَّ الصَّوَابَ فَلْيُتِمَّ عَلَيْهِ ، ثُمَّ يُسَلِّمُ ، ثُمَّ يَسْجُدُ سَجْدَتَيْنِ .
سیدنا عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ایک مرتبہ نماز پڑھائی — ابراہیم رحمہ اللہ کہتے ہیں کہ مجھے یاد نہیں رہا کہ (سیدنا عبداللہ نے یہ کہا کہ) نماز میں اضافہ ہوا تھا یا کمی — پس جب آپ ﷺ سلام پھیر چکے تو آپ ﷺ سے دریافت کیا گیا: ”اے اللہ کے رسول ﷺ! کیا نماز کے احکام میں کوئی نئی بات پیدا ہو گئی ہے؟“ آپ ﷺ نے دریافت فرمایا: ”نہیں، مگر بات کیا ہے؟“ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے عرض کیا: ”آپ نے اس اس طرح نماز پڑھائی ہے،“ یہ سن کر آپ ﷺ نے اپنے پاؤں مبارک موڑے اور قبلہ کی طرف رخ کر کے (سہو کے) دو سجدے کیے اور پھر سلام پھیرا، پھر جب آپ ﷺ سلام پھیر چکے تو ہماری طرف متوجہ ہوئے اور ارشاد فرمایا: ”اگر نماز کے متعلق کوئی نیا حکم نازل ہوتا تو میں تمہیں ضرور اس سے باخبر کر دیتا، لیکن حقیقت یہ ہے کہ میں بھی تمہاری طرح ایک انسان ہی ہوں، میں بھی اسی طرح بھول جاتا ہوں جیسے تم بھول جاتے ہو، لہٰذا جب میں بھول جایا کروں تو مجھے یاد دلا دیا کرو، اور جب تم میں سے کسی کو اپنی نماز میں (رکعتوں کی تعداد وغیرہ پر) شک ہو جائے تو اسے چاہیے کہ ٹھیک بات کا قصد کرے اور اسی پر اپنی نماز پوری کرے، پھر سلام پھیرے اور اس کے بعد دو سجدے کر لے۔“