مسند أبي يعلى الموصلي
مسند عبد الله بن مسعود— عبداللہ بن مسعود کی مرویات کا بیان۔
مُسْنَدُ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ مَسْعُودٍ باب: عبداللہ بن مسعود کی مرویات کا بیان۔
حَدَّثَنَا مُحْرِزُ بْنُ عَوْنٍ ، حَدَّثَنَا خَلَفُ بْنُ خَلِيفَةَ ، عَنْ حُمَيْدٍ الْأَعْرَجِ ، عَنْ عَبْدِ اللهِ بْنِ الْحَارِثِ ، عَنْ عَبْدِ اللهِ بْنِ مَسْعُودٍ قَالَ : لَمَّا نَزَلَتْ : مَنْ ذَا الَّذِي يُقْرِضُ اللهَ قَرْضًا حَسَنًا ، قَالَ أَبُو الدَّحْدَاحِ : يَا رَسُولَ اللهِ ، إِنَّ اللهَ يُرِيدُ مِنَّا الْقَرْضَ ؟ قَالَ : نَعَمْ ، يَا أَبَا الدَّحْدَاحِ قَالَ : أَرِنَا يَدَكَ قَالَ : فَنَاوَلَهُ يَدَهُ قَالَ : قَدْ أَقْرَضْتُ رَبِّي حَائِطِي ، وَحَائِطُهُ فِيهِ سِتُّمِائَةِ نَخْلَةٍ ، فَجَاءَ يَمْشِي حَتَّى أَتَى الْحَائِطَ ، وَأُمُّ الدَّحْدَاحِ فِيهَا وَعِيَالُهَا ، فَنَادَى : يَا أُمَّ الدَّحْدَاحِ ، قَالَتْ : لَبَّيْكَ ، فَقَالَ : اخْرُجِي ، فَقَدْ أَقْرَضْتُهُ رَبِّي .
سیدنا عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ جب یہ آیت ﴿مَنْ ذَا الَّذِي يُقْرِضُ اللَّهَ قَرْضًا حَسَنًا﴾ نازل ہوئی تو سیدنا ابو الدحداح رضی اللہ عنہ نے عرض کیا: ”اے اللہ کے رسول ﷺ! کیا اللہ تعالیٰ واقعی ہم سے قرض کا مطالبہ فرماتا ہے؟“ آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا: ”ہاں اے ابو الدحداح!“ انہوں نے عرض کیا: ”آپ ﷺ اپنا دستِ مبارک مجھے تھمائیے“، راوی کہتے ہیں کہ آپ ﷺ نے اپنا ہاتھ انہیں تھما دیا، تو انہوں نے عرض کیا: ”میں نے اپنا باغ اپنے رب کو قرض دے دیا ہے“، اور ان کے اس باغ میں کھجور کے چھ سو درخت تھے، پھر وہ چلتے ہوئے اپنے اس باغ کے پاس آئے جہاں سیدہ ام الدحداح رضی اللہ عنہا اپنے بچوں کے ہمراہ موجود تھیں، انہوں نے آواز دی: ”اے ام الدحداح!“ انہوں نے جواب دیا: ”میں حاضر ہوں“، سیدنا ابو الدحداح رضی اللہ عنہ نے فرمایا: ”تم یہاں سے باہر نکل آؤ، کیونکہ میں نے یہ باغ اپنے رب کو قرض دے دیا ہے“۔