مسند أبي يعلى الموصلي
مسند أنس بن مالك— انس بن مالک کی مرویات کا بیان۔
مُسْنَدُ أَنَسِ بْنِ مَالِكٍ باب: انس بن مالک کی مرویات کا بیان۔
حَدَّثَنَا أَبُو خَيْثَمَةَ ، حَدَّثَنَا مُعَاذُ بْنُ مُعَاذٍ ، حَدَّثَنَا حُمَيْدٌ ، عَنْ أَنَسِ بْنِ مَالِكٍ ، قَالَ : لَمَّا قَدِمَ عَبْدُ الرَّحْمَنِ بْنُ عَوْفٍ مُهَاجِرًا ، آخَى رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ بَيْنَهُ وَبَيْنَ سَعْدِ بْنِ الرَّبِيعِ ، فَقَالَ لَهُ سَعْدٌ : لِي مَالٌ فَنِصْفُهُ لَكَ ، وَلِي امْرَأَتَانِ ، فَانْظُرْ أَحَبَّهُمَا إِلَيْكَ فَلَأُطَلِّقْهَا ، فَإِذَا انْقَضَتْ عِدَّتُهَا تَزَوَّجْتَهَا ، فَقَالَ لَهُ عَبْدُ الرَّحْمَنِ : بَارَكَ اللهُ لَكَ فِي أَهْلِكَ وَمَالِكَ ، دُلُّونِي عَلَى السُّوقِ ، قَالَ : وَفَقَدَهُ رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ أَيَّامًا ، ثُمَّ أَتَاهُ وَعَلَيْهِ وَضَرُ صُفْرَةٍ ، فَقَالَ لَهُ رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : مَهْيَمْ ؟ قَالَ : تَزَوَّجْتُ امْرَأَةً مِنَ الْأَنْصَارِ ، قَالَ : مَا سُقْتَ إِلَيْهَا ؟ قَالَ : نَوَاةً مِنْ ذَهَبٍ - أَوْ : وَزْنَ نَوَاةٍ مِنْ ذَهَبٍ - فَقَالَ رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : أَوْلِمْ وَلَوْ بِشَاةٍ .
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ جب سیدنا عبد الرحمن بن عوف رضی اللہ عنہ ہجرت کر کے مدینہ تشریف لائے تو رسول اللہ ﷺ نے ان کے اور سیدنا سعد بن ربیع رضی اللہ عنہ کے درمیان بھائی چارہ قائم فرما دیا، تو سیدنا سعد رضی اللہ عنہ نے ان سے کہا کہ ”میرا بہت سا مال ہے، اس کا آدھا حصہ آپ کا ہے، اور میری دو بیویاں ہیں، آپ دیکھ لیں جو آپ کو زیادہ پسند ہو میں اسے طلاق دے دوں گا اور جب اس کی عدت پوری ہو جائے تو آپ اس سے نکاح کر لینا“، اس پر سیدنا عبد الرحمن بن عوف رضی اللہ عنہ نے ان سے کہا: «بَارَكَ اللَّهُ لَكَ فِي أَهْلِكَ وَمَالِكَ» ”اللہ تعالیٰ آپ کے اہل و عیال اور مال میں برکت عطا فرمائے، مجھے تو بس بازار کا راستہ دکھا دیں“، راوی کہتے ہیں کہ پھر رسول اللہ ﷺ نے انہیں چند دن (اپنی مجلس میں) نہ پایا، پھر جب وہ حاضر خدمت ہوئے تو ان پر زردی (خوشبو) کے نشانات تھے، رسول اللہ ﷺ نے ان سے دریافت فرمایا: «مَهْيَمْ» ”یہ کیا معاملہ ہے؟“ انہوں نے عرض کیا: ”میں نے ایک انصاری خاتون سے نکاح کر لیا ہے“، آپ ﷺ نے دریافت فرمایا: ”تم نے اسے مہر میں کیا دیا؟“ انہوں نے عرض کیا: ”ایک گٹھلی کے برابر سونا یا سونے کی ایک گٹھلی کے برابر وزن“، تب رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: ”ولیمہ کرو خواہ ایک بکری ہی کے ساتھ کیوں نہ ہو“۔