مسند أبي يعلى الموصلي
مسند عمر بن الخطاب رضي الله عنه— عمر بن الخطاب کی مرویات کا بیان۔
مُسْنَدُ عُمَرَ بْنِ الْخَطَّابِ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ باب: عمر بن الخطاب کی مرویات کا بیان۔
حَدَّثَنَا مُصْعَبُ بْنُ عَبْدِ اللهِ بْنِ مُصْعَبٍ الزُّبَيْرِيُّ ، حَدَّثَنَا مَالِكُ بْنُ أَنَسٍ ، عَنْ زَيْدِ بْنِ أَسْلَمَ ، عَنْ أَبِيهِ ، أَنَّ عُمَرَ بْنَ الْخَطَّابِ كَانَ يُسَايِرُ رَسُولَ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فِي بَعْضِ أَسْفَارِهِ ، فَسَأَلَهُ عَنْ شَيْءٍ فَلَمْ يُجِبْهُ ، ثُمَّ سَأَلَهُ فَلَمْ يُجِبْهُ ، ثُمَّ سَأَلَهُ فَلَمْ يُجِبْهُ ، فَقَالَ عُمَرُ : فَقُلْتُ : ثَكِلَتْكَ أُمُّكَ عُمَرُ ، سَأَلْتَ رَسُولَ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ثَلَاثًا ، كُلَّ ذَلِكَ لَا يُجِيبُكَ ، فَحَرَّكْتُ بَعِيرِي وَتَقَدَّمْتُ بَيْنَ يَدَيِ النَّاسِ ، فَلَمْ أَنْشَبْ أَنْ سَمِعْتُ صَارِخًا يُنَادِي ، فَأَتَيْتُ ، قُلْتُ : لَقَدْ خَشِيتُ أَنْ يَكُونَ قَدْ نَزَلَ فِيَّ قُرْآنٌ ، فَسَلَّمْتُ عَلَيْهِ ، فَقَالَ رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : نَزَلَتْ عَلَيَّ اللَّيْلَةَ سُورَةٌ هِيَ أَحَبُّ إِلَيَّ مِمَّا طَلَعَتْ عَلَيْهِ الشَّمْسُ ، ثُمَّ قَرَأَ : إِنَّا فَتَحْنَا لَكَ فَتْحًا مُبِينًا لِيَغْفِرَ لَكَ اللهُ مَا تَقَدَّمَ مِنْ ذَنْبِكَ وَمَا تَأَخَّرَ .
سیدنا عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ وہ کسی سفر میں رسول اللہ ﷺ کے ہمراہ چل رہے تھے، انہوں نے آپ ﷺ سے کسی معاملے کے متعلق دریافت کیا تو آپ ﷺ نے انہیں کوئی جواب نہ دیا، انہوں نے دوبارہ پوچھا تو بھی آپ ﷺ نے جواب نہ دیا، پھر انہوں نے تیسری بار پوچھا مگر آپ ﷺ خاموش رہے، اس پر سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے (خود کو ملامت کرتے ہوئے) کہا: ”اے عمر! تیری ماں تجھے گم پائے، تو نے رسول اللہ ﷺ سے تین مرتبہ سوال کیا اور آپ ﷺ نے تجھے کوئی جواب نہ دیا“، وہ بیان کرتے ہیں کہ پھر میں نے اپنے اونٹ کو مہمیز دی اور لوگوں سے آگے نکل گیا، مجھے اندیشہ ہوا کہ کہیں میرے (اس اصرار کے) بارے میں قرآن کی کوئی آیت نازل نہ ہو جائے، ابھی تھوڑی ہی دیر گزری تھی کہ میں نے ایک پکارنے والے کو آواز دیتے ہوئے سنا، میں رسول اللہ ﷺ کی بارگاہ میں حاضر ہوا اور عرض کی کہ مجھے ڈر ہے کہ کہیں میرے حق میں قرآن نازل نہ ہو گیا ہو، پھر میں نے آپ ﷺ کو سلام کیا تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”آج رات مجھ پر ایک ایسی سورت نازل ہوئی ہے جو مجھے ان تمام چیزوں سے زیادہ محبوب ہے جن پر سورج طلوع ہوتا ہے“، پھر آپ ﷺ نے یہ آیات تلاوت فرمائیں: ﴿إِنَّا فَتَحْنَا لَكَ فَتْحًا مُبِينًا لِيَغْفِرَ لَكَ اللَّهُ مَا تَقَدَّمَ مِنْ ذَنْبِكَ وَمَا تَأَخَّرَ﴾ ”بے شک ہم نے آپ کے لیے ایسی فتح کا فیصلہ فرما دیا ہے جو (حق کو) صاف ظاہر کر دینے والی ہے، تاکہ اللہ آپ کی خاطر آپ کی اگلی اور پچھلی کوتاہیاں معاف فرما دے“۔