فضائل الصحابة
فضائل الأنصار رضي الله عنهم— انصار رضی اللہ عنہم کے فضائل کا بیان۔
(بَابُ خُطْبَةِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فِي الْأَنْصَارِ بَعْدَ حُنَيْنٍ) باب: (غزوہ حنین کے بعد انصار سے نبی ﷺ کے خطاب کا بیان)۔
حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ ، قَالَ: حَدَّثَنِي أَبِي، قَثَنَا ابْنُ أَبِي عَدِيٍّ ، عَنْ حُمَيْدٍ ، عَنْ أَنَسٍ أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ: "يَا مَعْشَرَ الْأَنْصَارِ أَلَمْ آتِكُمْ ضُلَّالًا فَهَدَاكُمُ اللَّهُ بِي؟ أَوَلَمْ آتِكُمْ مُتَفَرِّقِينَ فَجَمَعَكُمُ اللَّهُ بِي؟ أَوَلَمْ آتِكُمْ أَعْدَاءً فَأَلَّفَ اللَّهُ بَيْنَ قُلُوبِكُمْ؟" قَالُوا: بَلَى يَا رَسُولَ اللَّهِ، قَالَ: "أَفَلَا تَقُولُونَ جِئْتَنَا خَائِفًا فَآمَنَّاكَ، وَطَرِيدًا فَآوَيْنَاكَ، وَمَخْذُولًا فَنَصَرْنَاكَ"، قَالُوا: بَلْ لِلَّهِ الْمَنُّ عَلَيْنَا وَلِرَسُولِهِ.سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”اے گروہِ انصار! کیا میں تمہارے پاس اس حال میں نہیں آیا کہ تم گمراہ تھے، پھر اللہ نے میرے ذریعے تمہیں ہدایت عطا فرمائی؟ کیا میں تمہارے پاس اس حال میں نہیں آیا کہ تم منتشر تھے، تو اللہ نے میرے ذریعے تمہیں یکجا کر دیا؟ اور کیا میں تمہارے پاس اس حال میں نہیں آیا کہ تم باہم دشمن تھے، تو اللہ نے تمہارے دلوں میں الفت پیدا کر دی؟“
انہوں نے عرض کیا: ”کیوں نہیں، اے اللہ کے رسول ﷺ! (یقیناً ایسا ہی ہے)“
آپ ﷺ نے فرمایا: ”تم یہ جواب کیوں نہیں دیتے کہ آپ ہمارے پاس اس حال میں آئے کہ آپ خوفزدہ تھے تو ہم نے آپ کو امن دیا، آپ کو (وطن سے) نکال دیا گیا تھا تو ہم نے آپ کو پناہ دی، اور آپ بے یار و مددگار تھے تو ہم نے آپ کی نصرت کی؟“
انہوں نے عرض کیا: ”بلکہ اللہ اور اس کے رسول ہی کا ہم پر احسان اور فضل ہے۔“