صحيح البخاري
كتاب الوكالة— کتاب: وکالت کے مسائل کا بیان
بَابُ الْوَكَالَةِ فِي الْحُدُودِ: باب: حد لگانے کے لیے کسی کو وکیل کرنا۔
حَدَّثَنَا ابْنُ سَلَّامٍ ، أَخْبَرَنَا عَبْدُ الْوَهَّابِ الثَّقَفِيُّ ، عَنْ أَيُّوبَ ، عَنْ ابْنِ أَبِي مُلَيْكَةَ ، عَنْ عُقْبَةَ بْنِ الْحَارِثِ ، قَالَ : " جِيءَ بِالنُّعَيْمَانِ ، أَوِ ابْنِ النُّعَيْمَانِ شَارِبًا ، فَأَمَرَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مَنْ كَانَ فِي الْبَيْتِ أَنْ يَضْرِبُوا " ، قَالَ : فَكُنْتُ أَنَا فِيمَنْ ضَرَبَهُ ، فَضَرَبْنَاهُ بِالنِّعَالِ وَالْجَرِيدِ .´ہم سے ابن سلام نے بیان کیا ، کہا کہ ہم کو عبدالوہاب ثقفی نے خبر دی ، انہیں ایوب نے ، انہیں ابن ابی ملکیہ نے اور ان سے عقبہ بن حارث رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ` نعیمان یا ابن نعیمان کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر کیا گیا ۔ انہوں نے شراب پی لی تھی ۔ جو لوگ اس وقت گھر میں موجود تھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں کو اسے مارنے کا حکم دیا ۔ انہوں نے بیان کیا میں بھی مارنے والوں سے تھا ۔ ہم نے جوتوں اور چھڑیوں سے انہیں مارا تھا ۔
حضرت عقبہ بن حارث رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا کہ حضرت نعیمان یا ابن نعیمان رضی اللہ عنہ کو اس حالت میں لایا گیا کہ اس نے شراب پی رکھی تھی۔ رسول اللہ ﷺ نے گھر میں موجود لوگوں کو حکم دیا کہ وہ اسے ماریں۔ (حضرت عقبہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ) میں بھی ان لوگوں میں شامل تھا جنہوں نے اسے مارا، چنانچہ ہم نے اسے جوتوں اور کھجور کی شاخوں (چھڑیوں) سے مارا تھا۔
تشریح، فوائد و مسائل
اسماعیلی کی روایت میں نعمان یا نعیمان ؓ مذکور ہے۔
حافظ نے کہا اس کا نام نعیمان بن عمرو بن رفاعہ انصاری تھا۔
بدر کی لڑائی میں شریک تھا اور بڑا خوش مزاج تھا۔
رسول کریم ﷺ نے گھر والوں کو مارنے کا حکم فرمایا۔
اس سے ترجمہ باب نکلتاہے کیوں کہ آپ ﷺ نے گھر کے موجود لوگوں کو مارنے کے لیے وکیل مقرر فرمایا۔
اسی سے حدود میں وکالت ثابت ہوئی اور یہی ترجمۃ الباب ہے۔
(1)
اسماعیلی کی روایت میں بغیر تردد اور شک کے نعیمان کے الفاظ ہیں۔
ان کا نام نعیمان بن عمرو بن رفاعہ انصاری ہے۔
یہ غزوۂ بدر میں شریک ہوئے۔
بڑے خوش مزاج قسم کے انسان تھے۔
انھوں نے شراب نوشی کی تو نشے کی حالت میں انھیں رسول اللہ ﷺ کے حضور پیش کر دیا گیا تو آپ نے گھر والوں ہی کو حد مارنے کا حکم دیا۔
گویا وہی آپ کی طرف سے وکیل تھے، چنانچہ ان میں سے کچھ نے جوتے مارے اور کچھ نے چھڑیوں سے پٹائی کردی۔
(2)
اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ شراب کی حد تمام حدود سے ہلکی ہے، نیز یہ بھی معلوم ہوا کہ حد کےلیے شرابی کو ہوش میں آنے کا انتظار نہیں کیا جائے گا بلکہ اسے نشے کی حالت ہی میں حد لگائی جاسکتی ہے جبکہ حاملہ عورت کو بچہ جننے تک مہلت دی جائے گی، وضع حمل کے بعد اس پر حد جاری ہوگی۔
(فتح الباري: 620/4)
(1)
کچھ حضرات کا موقف ہے کہ شرابی کو برسرعام سزا دینی چاہیے تاکہ دوسروں کو عبرت حاصل ہو۔
وہ دلیل کے طور پر حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے ایک عمل کا حوالہ دیتے ہیں کہ ان کے بیٹے ابو شحمہ نے مصر میں شراب نوشی کی تو وہاں کے حاکم حضرت عمروبن عاص رضی اللہ عنہ نے اسے گھر میں سزا دی۔
حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کو جب اس بات کا علم ہوا تو انھوں نے اسے مدینہ طیبہ طلب کیا اور برسرعام کوڑوں کی سزا دی، لیکن جمہور اہل علم کا موقف ہے کہ شرابی کو اگر گھر میں سزا دی جائے تو جائز ہے اور حضرت عمر رضی اللہ عنہ کا اپنے بیٹے کو سزا دینے میں مبالغہ مقصود تھا، یہ مطلب نہیں کہ گھر میں سزا دینی جائز نہیں ہے۔
(2)
امام بخاری رحمہ اللہ نے جمہور اہل علم کی تائید میں یہ روایت پیش کی ہے کہ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے یہ عمل ثابت ہے تو اس کے جواز میں کیا شبہ ہوسکتا ہے۔
(فتح الباري: 79/12)