صحيح البخاري
كتاب الحدود— کتاب: حد اور سزاؤں کے بیان میں
بَابُ الضَّرْبِ بِالْجَرِيدِ وَالنِّعَالِ: باب: (شراب میں) چھڑی اور جوتے سے مارنا۔
حَدَّثَنَا سُلَيْمَانُ بْنُ حَرْبٍ ، حَدَّثَنَا وُهَيْبُ بْنُ خَالِدٍ ، عَنْ أَيُّوبَ ، عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ أَبِي مُلَيْكَةَ ، عَنْ عُقْبَةَ بْنِ الْحَارِثِ " أَنَّ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، أُتِيَ بِنُعَيْمَانَ أَوْ بِابْنِ نُعَيْمَانَ وَهُوَ سَكْرَانُ ، فَشَقَّ عَلَيْهِ ، وَأَمَرَ مَنْ فِي الْبَيْتِ أَنْ يَضْرِبُوهُ ، فَضَرَبُوهُ بِالْجَرِيدِ وَالنِّعَالِ ، وَكُنْتُ فِيمَنْ ضَرَبَهُ ".´ہم سے سلیمان بن حرب نے بیان کیا ، کہا ہم سے وہیب بن خالد نے بیان کیا ، ان سے ایوب نے ، ان سے عبداللہ بن ابی ملکہ نے اور ان سے عقبہ بن حارث رضی اللہ عنہ نے کہ` نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس نعیمان یا ابن نعیمان کو لایا گیا ، وہ نشہ میں تھا ۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر یہ ناگوار گزرا اور آپ نے گھر میں موجود لوگوں کو حکم دیا کہ انہیں ماریں ۔ چنانچہ لوگوں نے انہیں لکڑی اور جوتوں سے مارا اور میں بھی ان لوگوں میں تھا جنہوں نے اسے مارا تھا ۔
حضرت عقبہ بن حارث رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ”نبی ﷺ کی خدمت میں نعیمان یا ان کے بیٹے کو حاضر کیا گیا جبکہ وہ شراب کے نشے میں دھت تھا۔ آپ ﷺ کو یہ حالت بہت ناگوار گزری تو آپ ﷺ نے گھر میں موجود لوگوں کو حکم دیا کہ وہ اس کو ماریں، چنانچہ انہوں نے کھجور کی چھڑیوں اور جوتوں سے اس کو مارا۔ میں بھی ان لوگوں میں تھا جنہوں نے اسے مارا تھا۔“
تشریح، فوائد و مسائل
(1)
کچھ حضرات کا موقف ہے کہ شرابی کو برسرعام سزا دینی چاہیے تاکہ دوسروں کو عبرت حاصل ہو۔
وہ دلیل کے طور پر حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے ایک عمل کا حوالہ دیتے ہیں کہ ان کے بیٹے ابو شحمہ نے مصر میں شراب نوشی کی تو وہاں کے حاکم حضرت عمروبن عاص رضی اللہ عنہ نے اسے گھر میں سزا دی۔
حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کو جب اس بات کا علم ہوا تو انھوں نے اسے مدینہ طیبہ طلب کیا اور برسرعام کوڑوں کی سزا دی، لیکن جمہور اہل علم کا موقف ہے کہ شرابی کو اگر گھر میں سزا دی جائے تو جائز ہے اور حضرت عمر رضی اللہ عنہ کا اپنے بیٹے کو سزا دینے میں مبالغہ مقصود تھا، یہ مطلب نہیں کہ گھر میں سزا دینی جائز نہیں ہے۔
(2)
امام بخاری رحمہ اللہ نے جمہور اہل علم کی تائید میں یہ روایت پیش کی ہے کہ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے یہ عمل ثابت ہے تو اس کے جواز میں کیا شبہ ہوسکتا ہے۔
(فتح الباري: 79/12)
اسماعیلی کی روایت میں نعمان یا نعیمان ؓ مذکور ہے۔
حافظ نے کہا اس کا نام نعیمان بن عمرو بن رفاعہ انصاری تھا۔
بدر کی لڑائی میں شریک تھا اور بڑا خوش مزاج تھا۔
رسول کریم ﷺ نے گھر والوں کو مارنے کا حکم فرمایا۔
اس سے ترجمہ باب نکلتاہے کیوں کہ آپ ﷺ نے گھر کے موجود لوگوں کو مارنے کے لیے وکیل مقرر فرمایا۔
اسی سے حدود میں وکالت ثابت ہوئی اور یہی ترجمۃ الباب ہے۔
(1)
اسماعیلی کی روایت میں بغیر تردد اور شک کے نعیمان کے الفاظ ہیں۔
ان کا نام نعیمان بن عمرو بن رفاعہ انصاری ہے۔
یہ غزوۂ بدر میں شریک ہوئے۔
بڑے خوش مزاج قسم کے انسان تھے۔
انھوں نے شراب نوشی کی تو نشے کی حالت میں انھیں رسول اللہ ﷺ کے حضور پیش کر دیا گیا تو آپ نے گھر والوں ہی کو حد مارنے کا حکم دیا۔
گویا وہی آپ کی طرف سے وکیل تھے، چنانچہ ان میں سے کچھ نے جوتے مارے اور کچھ نے چھڑیوں سے پٹائی کردی۔
(2)
اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ شراب کی حد تمام حدود سے ہلکی ہے، نیز یہ بھی معلوم ہوا کہ حد کےلیے شرابی کو ہوش میں آنے کا انتظار نہیں کیا جائے گا بلکہ اسے نشے کی حالت ہی میں حد لگائی جاسکتی ہے جبکہ حاملہ عورت کو بچہ جننے تک مہلت دی جائے گی، وضع حمل کے بعد اس پر حد جاری ہوگی۔
(فتح الباري: 620/4)