حَدَّثَنَا مُسَدَّدُ بْنُ مُسَرْهَدٍ , حَدَّثَنَا حَفْصٌ , عَنْ الْأَعْمَشِ , عَنْ أَبِي السَّفَرِ , عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عَمْرٍو , قَالَ : " مَرَّ بِي رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَأَنَا أُطَيِّنُ حَائِطًا لِي أَنَا وَأُمِّي , فَقَالَ : مَا هَذَا يَا عَبْدَ اللَّهِ ؟ , فَقُلْتُ : يَا رَسُولَ اللَّهِ , شَيْءٌ أُصْلِحُهُ , فَقَالَ : الْأَمْرُ أَسْرَعُ مِنْ ذَلِكَ " .
´عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم میرے پاس سے گزرے ، میں اور میری ماں اپنی ایک دیوار پر مٹی پوت رہے تھے ، آپ نے فرمایا : عبداللہ ! یہ کیا ہو رہا ہے ؟ میں نے عرض کیا : اللہ کے رسول ! کچھ مرمت ( سرمت ) کر رہا ہوں ، آپ نے فرمایا : معاملہ تو اس سے بھی زیادہ تیزی پر ہے ( یعنی موت اس سے بھی قریب آتی جا رہی ہے ، اعمال میں جو کمیاں ہیں ان کی اصلاح و درستگی کی بھی فکر کرو ) ۔
سیدنا عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما کا بیان ہے کہ میں اور میری والدہ اپنے احاطے کی دیوار لیپ رہے تھے کہ رسول اللہ ﷺ میرے پاس سے گزرے۔ آپ نے پوچھا: ”عبداللہ! کیا ہو رہا ہے؟“ میں نے عرض کیا: اللہ کے رسول! اس کی کچھ مرمت کر رہا ہوں۔ آپ نے فرمایا: ”معاملہ تو اس سے بہت جلد ہے۔“
حَدَّثَنَا عُثْمَانُ بْنُ أَبِي شَيْبَةَ , وَهَنَّادٌ الْمَعْنَى , قَالَا : حَدَّثَنَا أَبُو مُعَاوِيَةَ , عَنْ الْأَعْمَشِ بِإِسْنَادِهِ بِهَذَا , قَالَ : مَرَّ عَلَيَّ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَنَحْنُ نُعَالِجُ خُصًّا لَنَا وَهَى , فَقَالَ : مَا هَذَا ؟ , فَقُلْنَا : خُصٌّ لَنَا وَهَى فَنَحْنُ نُصْلِحُهُ ، فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : مَا أَرَى الْأَمْرَ إِلَّا أَعْجَلَ مِنْ ذَلِكَ .
´اس سند سے بھی اعمش سے ( ان کی سابقہ سند سے ) یہی حدیث مروی ہے اس میں ہے کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم میرے پاس سے گزرے ہم اپنے جھونپڑے کو درست کر رہے تھے جو گرنے کے قریب ہو گیا تھا ، آپ نے فرمایا : ” یہ کیا ہے ؟ “ ہم نے کہا : ہمارا یک بوسیدہ جھونپڑا ہے ہم اس کو درست کر رہے ہیں ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” مگر میں تو معاملہ ( موت ) کو اس سے زیادہ تیزی سے آگے بڑھتا دیکھ رہا ہوں “ ( زندگی میں جو خامیاں رہ گئی ہیں ان کی اصلاح کی بھی کوشش کرو ) ۔
جناب اعمش رحمہ اللہ نے اپنی سند سے مذکورہ بالا روایت بیان کی، کہا کہ رسول اللہ ﷺ میرے پاس سے گزرے اور ہم اپنی جھگی (یا کوٹھری) جو بوسیدہ ہو گئی تھی، اس کی مرمت کر رہے تھے۔ آپ ﷺ نے پوچھا: ”کیا ہو رہا ہے؟“ ہم نے عرض کیا کہ ہماری یہ جھگی بوسیدہ ہو گئی ہے، تو اس کی مرمت کر رہے ہیں، تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”میں تو معاملے کو اس سے بھی جلد سمجھتا ہوں۔“
حَدَّثَنَا أَحْمَدُ بْنُ يُونُسَ ، حَدَّثَنَا زُهَيْرٌ ، حَدَّثَنَا عُثْمَانُ بْنُ حَكِيمٍ ، قَالَ : أَخْبَرَنِي إِبْرَاهِيمُ بْنُ مُحَمَّدِ بْنِ حَاطِبٍ الْقُرَشِيُّ , عَنْ أَبِي طَلْحَةَ الْأَسَدِيِّ , عَنْ أَنَسِ بْنِ مَالِكٍ : " أَنّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ خَرَجَ , فَرَأَى قُبَّةً مُشْرِفَةً , فَقَالَ : مَا هَذِهِ ؟ قَالَ لَهُ أَصْحَابُهُ : هَذِهِ لِفُلَانٍ رَجُلٍ مِنْ الْأَنْصَارِ , قَالَ : فَسَكَتَ وَحَمَلَهَا فِي نَفْسِهِ حَتَّى إِذَا جَاءَ صَاحِبُهَا رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يُسَلِّمُ عَلَيْهِ فِي النَّاسِ , أَعْرَضَ عَنْهُ , صَنَعَ ذَلِكَ مِرَارًا حَتَّى عَرَفَ الرَّجُلُ الْغَضَبَ فِيهِ , وَالْإِعْرَاضَ عَنْهُ , فَشَكَا ذَلِكَ إِلَى أَصْحَابِهِ , فَقَالَ : وَاللَّهِ إِنِّي لَأُنْكِرُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ , قَالُوا : خَرَجَ , فَرَأَى قُبَّتَكَ , قَالَ : فَرَجَعَ الرَّجُلُ إِلَى قُبَّتِهِ فَهَدَمَهَا , حَتَّى سَوَّاهَا بِالْأَرْضِ , فَخَرَجَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ذَاتَ يَوْمٍ فَلَمْ يَرَهَا , قَالَ : مَا فَعَلَتِ الْقُبَّةُ ؟ , قَالُوا : شَكَا إِلَيْنَا صَاحِبُهَا إِعْرَاضَكَ عَنْهُ فَأَخْبَرْنَاهُ فَهَدَمَهَا , فَقَالَ : أَمَا إِنَّ كُلَّ بِنَاءٍ وَبَالٌ عَلَى صَاحِبِهِ , إِلَّا مَا لَا إِلَّا مَا لَا يَعْنِي مَا لَا بُدَّ مِنْهُ " .
´انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نکلے ( راہ میں ) ایک اونچا قبہ دیکھا تو فرمایا : ” یہ کیا ہے ؟ “ تو آپ کے اصحاب نے بتایا کہ یہ فلاں انصاری کا مکان ہے ، آپ یہ سن کر چپ ہو رہے اور بات دل میں رکھ لی ، پھر جب صاحب مکان رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا اور لوگوں کی موجودگی میں آپ کو سلام کیا تو آپ نے اس سے اعراض کیا ( نہ اس کی طرف متوجہ ہوئے نہ اسے جواب دیا ) ایسا کئی بار ہوا ، یہاں تک کہ اسے معلوم ہو گیا کہ آپ اس سے ناراض ہیں اور اس سے اعراض فرما رہے ہیں تو اس نے اپنے دوستوں سے اس بات کی شکایت کی اور کہا : قسم اللہ کی ! میں اپنے ساتھ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت و برتاؤ میں تبدیلی محسوس کرتا ہوں ، تو لوگوں نے بتایا کہ : آپ ایک روز باہر نکلے تھے اور تیرا قبہ ( مکان ) دیکھا تھا ( شاید اسی مکان کو دیکھ کر آپ ناراض ہوئے ہوں ) یہ سن کر وہ واپس اپنے مکان پر آیا ، اور اسے ڈھا دیا ، حتیٰ کہ اسے ( توڑ تاڑ کر ) زمین کے برابر کر دیا ، پھر ایک روز رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نکلے اور اس مکان کو نہ دیکھا تو فرمایا : وہ مکان کیا ہوا ، لوگوں نے عرض کیا : مالک مکان نے ہم سے آپ کی اس سے بے التفاتی کی شکایت کی ، ہم نے اسے بتا دیا ، تو اس نے اسے گرا دیا ، آپ نے فرمایا : ” سن لو ہر مکان اپنے مالک کے لیے وبال ہے ، سوائے اس مکان کے جس کے بغیر چارہ و گزارہ نہ ہو “ ۔
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ باہر نکلے تو ایک اونچا قبہ (مکان) دیکھا۔ آپ ﷺ نے پوچھا: ”یہ کیا ہے؟“ صحابہ نے عرض کیا کہ یہ فلاں انصاری کا ہے۔ راوی کہتے ہیں کہ آپ ﷺ خاموش رہے اور بات اپنے دل میں رکھی، جب اس کا مالک دوسرے لوگوں کے ساتھ آپ ﷺ کے پاس سلام کرنے کے لیے آیا، تو آپ ﷺ نے اس پر توجہ نہ دی۔ اور بار بار ایسا ہی ہوا حتیٰ کہ وہ سمجھ گیا کہ آپ ﷺ ناراض ہیں اور توجہ نہیں فرما رہے ہیں۔ تو اس نے اس کیفیت کی اپنے ساتھیوں سے شکایت کی اور کہا: ”اللہ کی قسم! میں رسول اللہ ﷺ کو بدلا بدلا پاتا ہوں۔“ اس کے ساتھیوں نے بتایا کہ آپ ﷺ باہر تشریف لائے تھے اور تمہارا قبہ دیکھا تھا۔ چنانچہ وہ آدمی اپنے اس قبہ (مکان) پر گیا اور اسے گرا دیا، حتیٰ کہ اسے زمین کے برابر کر دیا۔ چنانچہ رسول اللہ ﷺ ایک دن باہر گئے تو وہ مکان نظر نہ آیا تو پوچھا: ”قبے کا کیا ہوا؟“ صحابہ نے بتایا کہ اس کے مالک نے آپ ﷺ کی بے توجہی کی ہم سے شکایت کی تھی تو ہم نے اسے وجہ بتائی تو اس نے اسے گرا دیا ہے۔ آپ ﷺ نے فرمایا: ”ہر تعمیر اپنے مالک کے لیے وبال کا باعث ہے، مگر وہ جو... مگر وہ جس کے بغیر چارہ نہ ہو۔“