اللہ تعالیٰ کو ”عاقل“ اور ”مدبر“ کہنے کا حکم

Read in English
فونٹ سائز:
یہ تحریر علمائے حرمین کے فتووں پر مشتمل کتاب 500 سوال و جواب برائے عقیدہ سے ماخوذ ہے جس کا ترجمہ فضیلۃ الشیخ مولانا محمد یاسر عرفات حفظہ اللہ نے کیا ہے۔

53- عوام الناس کو سمجھانے کی خاطر اللہ تعالیٰ کی صفت عاقل اور مدبر بیان کرنے کا کیا حکم ہے؟

عوام الناس کو سمجھانے کے لیے اگر واقعتاً کسی نے ایسا کیا ہے کہ اللہ تعالیٰ کا وصف عاقل اور مدبر ذکر کیا ہے تو اس نے یہ کام اچھا نہیں کیا۔ اس لیے کہ اللہ تعالیٰ کے اسماء وصفات توقیفی ہیں۔ عاقل اور مدبر اللہ تعالیٰ نے نہ تو اپنے اسماء میں ذکر کیا ہے اور نہ بطور وصف ذکر کیا ہے اور نہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم ہی نے اللہ تعالیٰ کے لیے استعمال کیا ہے، لیکن حسن نیت کی بنا پر ایسا کرنے والے کو کافر نہیں کہیں گے۔ عامۃ الناس کو سمجھانے کے لیے یہی کافی ہے کہ اللہ تعالیٰ کا علم ہر لحاظ سے کامل و اکمل ہے اور ہر چیز کو شامل ہے اور اللہ تعالیٰ اپنی عظیم حکمت کے ذریعے سے پوری کائنات کے نظام کو چلا رہا ہے۔ خالق بھی وہی ہے اور معاملات کی تدبیر بھی وہی کرتا ہے اور انسانوں کی ہدایت و راہنمائی کے لیے شریعت بھی اسی کی نازل کردہ ہے۔ اس انداز سے سمجھا دینا ہی کافی ہے۔ اپنی طرف سے اللہ تعالیٰ کے اسماء و صفات میں اضافے کی ضرورت نہیں۔ ایسا کرنے سے فلسفیوں کے نظریہ عقول عشرہ کے ساتھ مشابہت بھی لازم آتی ہے۔ (اللجنة الدائمة: 3207)