18- مخلوق پر سب سے پہلا حق
مخلوق پر اللہ تعالیٰ کا سب سے پہلا حق یہ ہے کہ ان کو اللہ تعالیٰ کی طرف بلایا جائے، جیسا کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت معاذ رضی اللہ عنہ کو یمن کی طرف بھیجتے ہوئے ارشاد فرمایا:
« إِنَّكَ تَأْتِي قَوْمًا أَهْلَ كِتَابٍ؛ فَلْيَكُنْ أَوَّلَ مَا تَدْعُوهُمْ إِلَيْهِ شَهَادَةُ أَنْ لَا إِلٰهَ إِلَّا اللّٰهُ، وَأَنَّ مُحَمَّدًا رَّسُوْلُ اللّٰهِ » (صحيح البخاري، رقم الحديث [1458]، صحيح مسلم [19/31])
”آپ اہل کتاب کے پاس جا رہے ہیں تو سب سے پہلے دعوت توحید پیش کریں، یہی وہ سب سے پہلا حق ہے جو بندوں کے ذمے ہے کہ وہ صرف اللہ ہی کی عبادت کریں اور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے رسول ہونے کی گواہی دیں۔“
اللہ تعالیٰ کی توحید اور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی رسالت کے اقرار ہی سے اتباعِ سنت اور اخلاص جیسی دولت نصیب ہوتی ہے، انہی کی بدولت ہر عبادت درجہ قبول تک پہنچتی ہے۔ (ابن عثیمین: مجموع الفتاویٰ والرسائل: 49)