رافضیت و ناصبیت
رافضیت اور ناصبیت ایسا ناسور ہے، جس کی ہر کوشش بغض صحابہ پر منتج ہے۔ ناصبی اہل بیت سے بغض و عناد رکھتے ہیں۔ سیدنا علی رضی اللہ عنہ کو خلیفہ برحق تسلیم نہیں کرتے، بلکہ غاصب اور ظالم خیال کرتے ہیں۔ اہل بیت کی شان میں جمیع روایات کو ضعیف کہتے ہیں، خواہ وہ متفق علیہ روایت ہی کیوں نہ ہو؟ یا اس کی غلط تاویل کرتے ہیں، یا اسے وہ معنی پہنا دیتے ہیں، جو مرادِ رسول کے برخلاف ہوتا ہے۔ حسنین کریمین کی صحابیت کا انکار کرتے ہیں، سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی شان میں غلو کرتے ہیں۔
حافظ ابن کثیر رحمہ اللہ حدیث سفینہ رضی اللہ عنہ کے تحت لکھتے ہیں :
فيه رد صريح على الروافض المنكرين لخلافة الثلاثة، وعلى النواصب من بني أمية ومن تبعهم من أهل الشام في إنكار خلافة علي بن أبي طالب.
”اس حدیث میں روافض کا واضح رد ہے، جو خلفائے ثلاثہ کی خلافت کے منکر ہیں، اسی طرح بنو امیہ اور اہل شام کے ناصبیوں کا بھی رد ہے، جو خلافتِ علی رضی اللہ عنہ کے منکر ہیں۔“
(البداية والنهاية : 154/9، نخب الأفكار للعيني : 149/2)
حافظ ابن حجر رحمہ اللہ حدیث عمار بن یاسر رضی اللہ عنہما کے تحت لکھتے ہیں :
في هذا الحديث ….. رد على النواصب الزاعمين أن عليا لم يكن مصيبا في حروبه.
”اس حدیث میں ناصبیوں کا رد ہے، جو (جنگ جمل و صفین میں) سیدنا علی رضی اللہ عنہ کو حق پر نہیں سمجھتے۔“
(فتح الباري : 543/1)
سعید بن جمہان رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے سیدنا سفینہ رضی اللہ عنہ سے عرض کیا :
إن هؤلاء يزعمون أن عليا عليه السلام لم يكن بخليفة، قال : كذبت أستاه بني الزرقاء يعني بني مروان.
”یہ لوگ کہتے ہیں کہ سیدنا علی رضی اللہ عنہ خلیفہ (برحق) نہیں تھے، تو سیدنا سفینہ رضی اللہ عنہ نے فرمایا : بنو مروان نے جھوٹ کہا ہے۔“
(سنن أبي داود : 4646 ، وسنده حسن)
سیدنا علی رضی اللہ عنہ کی خلافت راشدہ کے منکر ناصبی اور خارجی لوگ تھے، سیدنا سفینہ رضی اللہ عنہ انہی کا رد کر رہے ہیں۔ صحابہ کرام اور ائمہ اہل سنت سیدنا علی رضی اللہ عنہ کو خلیفہ برحق مانتے ہیں۔ باقی سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا اور سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی سیدنا علی رضی اللہ عنہ سے جو جنگیں ہوئیں، ان کا سبب قاتلین عثمان بنے۔ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کا سیدنا علی رضی اللہ عنہ سے مسئلہ خلافت میں کوئی اختلاف نہیں تھا، کیونکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :
دعواهما واحدة.
”دونوں جماعتوں کا دعویٰ ایک ہو گا۔“
(صحيح البخاري : 3609 ، صحيح مسلم : 157)
اسی طرح فرمان نبوی ہے :
تكون في أمتي فرقتان، فتخرج من بينهما مارقة، يلي قتلهم أولاهم بالحق.
”میری امت میں دو گروہ بن جائیں گے، دونوں میں سے فرقہ (خوارج) نکلے گا، جسے وہ گروہ قتل کرے گا، جو حق کے زیادہ قریب ہو گا۔“
(صحيح مسلم : 1064)
خلافت کے مسئلہ میں اختلاف نہیں تھا، تب ہی تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے دونوں کے دعویٰ کو ایک قرار دیا، اسی طرح دونوں گروہوں کو حق پر کہا لیکن ایک گروہ حق کے زیادہ قریب ہو گا۔
متواتر حدیث ہے :
إن ابني هذا سيد ولعل الله أن يصلح به بين فئتين عظيمتين من المسلمين.
”میرا یہ بیٹا (حسن بن علی رضی اللہ عنہما) سردار ہے، امید ہے کہ اللہ تعالیٰ اس کے ذریعے مسلمانوں کے دو عظیم گروہوں کے درمیان صلح کروائے گا۔“
(صحيح البخاري : 2704)
اگر سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ سیدنا علی رضی اللہ عنہ سے خلافت چھیننا چاہتے تھے یا انہیں خلیفہ برحق تسلیم نہیں کرتے تھے یا خلیفہ برحق کے مقابلہ میں خلافت کے متمنی تھے، تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کے گروہ کو مسلمان کیسے قرار دیا؟ اہل بیت، صحابہ اور ائمہ اسلام میں سے کسی فرد بشر نے سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کو خلافت کا متمنی نہیں کہا۔ نہ ہی سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کو سیدنا علی رضی اللہ عنہ سے جنگ کی وجہ سے مطعون کیا۔
ایک روایت میں ہے کہ سیدنا سفینہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں :
كذبوا بنو الزرقاء بل هم ملوك من شر الملوك.
”بنو زرقاء (بنو امیہ) نے جھوٹ کہا، وہ تو بہت برے بادشاہ ہیں۔“
(سنن الترمذي : 2226 ، وسنده حسن)
سیدنا سفینہ رضی اللہ عنہ نے یہاں بنو امیہ کو برے بادشاہ کہا ہے، اس کا یہ مطلب نہیں کہ سارے کے سارے بادشاہ برے ہیں۔ بنو امیہ میں اچھے اور منصف بادشاہ بھی تھے، جیسا کہ عمر بن عبد العزیز اموی رحمہ اللہ کی خلافت راشدہ تھی۔ برے اور ظالم بادشاہ بھی تھے، لہذا نہ سب کو برا کہنا چاہیے اور نہ سب کو اچھا۔ اسی طرح عباسی بادشاہوں میں اچھے اور منصف مزاج بھی گزرے ہیں اور برے اور ظالم بھی۔ ایسا تو ہر معاشرے میں ہوتا ہے۔
اب تو ہمارے ہاں عباسیت اور مروانیت کے فتنے پنپ رہے ہیں۔ یہ روافض کی سازش ہے، جو مسلمانوں میں پھوٹ اور انتشار کا باعث بنی۔
لہذا اس قول کی بنا پر سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی خلافت اور ملوکیت کو برا کہنا روافض کا دین ہے۔ جس طرح سیدنا علی رضی اللہ عنہ کی خلافت کا انکار یا اسے برا کہنا خوارج اور نواصب کا دین ہے۔ یہ دو انتہائیں ہیں، نہ روافض حق پر ہیں اور نہ خوارج و نواصب۔ جبکہ اہل سنت معتدل اور حق پرست ہیں، سیدنا علی رضی اللہ عنہ کی خلافت کو بھی برحق تسلیم کرتے ہیں اور سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی ملوکیت کو بھی حق سمجھتے ہیں۔
سعید بن جمہان رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے سیدنا سفینہ رضی اللہ عنہ سے عرض کیا :
إن بني أمية يزعمون أن الخلافة فيهم، قال : كذب بنو الزرقاء بل هم ملوك من شر الملوك، وأول الملوك معاوية.
”بنو امیہ کہتے ہیں کہ خلافت ان میں ہے، تو سفینہ رضی اللہ عنہ نے فرمایا : بنو زرقاء (بنو امیہ) جھوٹ کہتے ہیں، یہ تو برے بادشاہ ہیں۔ لیکن سب سے پہلے بادشاہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ تھے۔“
(مصنف ابن أبي شيبة : 36005 ، وسنده حسن)
اس اثر میں بھی خارجیوں اور ناصبیوں کے دعویٰ کا رد فرما رہے ہیں۔ ساتھ یہ بھی خبر دی کہ خلافت علی منہاج النبوۃ سیدنا علی رضی اللہ عنہ پر ختم ہو گئی، اس کے بعد بادشاہت ہے اور سب سے پہلے بادشاہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ ہیں، جنہیں یہ بادشاہت سیدنا حسن بن علی رضی اللہ عنہما نے سونپی تھی۔ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کا تو خوارج اور نواصب سے کوئی تعلق نہیں تھا۔
اس پر قرینہ یہ روایت ہے کہ سعید بن جمہان رحمہ اللہ نے ہی سیدنا سفینہ رضی اللہ عنہ سے سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے متعلق پوچھا، تو فرمایا :
كان أول الملوك.
”آپ رضی اللہ عنہ پہلے بادشاہ تھے۔“
(المدخل إلى السنن الكبرى للبيهقي : 52 ، وسنده حسن)
سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے بارے میں سیدنا سفینہ رضی اللہ عنہ نے صرف ایک خبر دی ہے کہ وہ پہلے بادشاہ تھے۔ باقی رد خوارج اور نواصب پر ہے، جو سیدنا علی رضی اللہ عنہ کو خلیفہ برحق تسلیم نہیں کرتے تھے۔ ان میں بعض حکمران بھی شامل ہیں، جنہیں سیدنا سفینہ رضی اللہ عنہ نے برے حکمران قرار دیا۔ بعض لوگ ملوکیت سے الرجک ہیں، حالانکہ یہ اسلامی ذوق نہیں ہے، خلافت ہو یا ملوکیت، اس میں خیر کا غلبہ ہو، تو بہتر، اگر خیر مغلوب ہو، تو وہ بری ہے۔ اسلام نے ملوکیت کی تردید یا مذمت نہیں کی، یہ ملوکیت کی مذمت بعض کی اختراع ہے، جو کہ اہل سنت کی نظر میں کسی صورت بھی درست نہیں۔
تنبیہ :
اسود بن یزید رحمہ اللہ کہتے ہیں کہ میں نے سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے کہا :
تعجبين لرجل من الطلقاء ينازع أصحاب محمد صلى الله عليه وسلم في الخلافة، قالت : وما تعجب من ذلك هو سلطان الله يؤتيه البر والفاجر وقد ملك فرعون أهل مصر أربع مائة سنة.
”آپ تعجب نہیں کرتیں کہ (فتح مکہ کے دن) آزادی پانے والوں میں سے ایک شخص (سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ) اصحاب محمد صلی اللہ علیہ وسلم سے خلافت کے بارے میں جھگڑتا ہے؟ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا نے فرمایا: اس پر آپ کو کیا تعجب ہوتا ہے، یہ اللہ کی حکومت ہے، جسے ہر اچھا برا شخص حاصل کرنا چاہتا ہے، فرعون نے بھی تو اہل مصر پر چار سو سال حکومت کی تھی!“
(تاریخ ابن عساکر : 145/59)
یہ سخت ضعیف اور مشکوک روایت ہے۔
ایوب بن جابر حنفی جمہور کے نزدیک ”ضعیف“ اور ”سیء الحفظ“ ہے۔
امام ابن حبان رحمہ اللہ فرماتے ہیں :
يخطئ حتى خرج عن حد الاحتجاج به لكثرة وهمه.
”یہ غلطیاں کرتا تھا، یہاں تک کہ کثرت وہم کی بنا پر حجت کے قابل نہیں رہا۔“
(كتاب المجروحين : 167/1)
نیز اسے امام یحییٰ بن معین، امام علی ابن المدینی، امام ابو حاتم رازی، امام ابو زرعہ رازی، امام دارقطنی، امام نسائی، حافظ ذہبی اور حافظ ابن حجر وغیرہم رحمہم اللہ نے ”ضعیف“ کہا ہے۔
ابو اسحاق سبیعی کا عنعنہ اور اختلاط ہے۔
شیخ الاسلام ابن تیمیہ رحمہ اللہ (728ھ) فرماتے ہیں :
أما أهل السنة فيتولون جميع المؤمنين، ويتكلمون بعلم وعدل، ليسوا من أهل الجهل ولا من أهل الأهواء، ويتبرءون من طريقة الروافض والنواصب جميعا، ويتولون السابقين والأولين كلهم، ويعرفون قدر الصحابة وفضلهم ومناقبهم، ويرعون حقوق أهل البيت التي شرعها الله لهم، ولا يرضون بما فعله المختار ونحوه من الكذابين، ولا ما فعله الحجاج ونحوه من الظالمين، ويعلمون مع هذا مراتب السابقين الأولين، فيعلمون أن لأبي بكر وعمر من التقدم والفضائل ما لم يشاركهما فيها أحد من الصحابة، لا عثمان ولا علي ولا غيرهما، وهذا كان متفقا عليه في الصدر الأول، إلا أن يكون خلافا شاذا لا يعبأ به.
”اہل سنت تمام مومنوں سے محبت کرتے ہیں اور علم و عدل کے ساتھ کلام کرتے ہیں۔ اہل سنت نہ جاہل ہیں اور نہ بدعتی۔ یہ روافض اور نواصب دونوں کے طریقہ کار سے بری ہیں۔ اہل سنت تمام سابقین اولین سے محبت کرتے ہیں۔ صحابہ کرام کی قدر و منزلت اور فضائل و مناقب کو پہچانتے ہیں، اللہ تعالیٰ نے اہل بیت کو جو حقوق دیے ہیں، ان کی رعایت کرتے ہیں۔ مختار ثقفی جیسے جھوٹوں اور حجاج بن یوسف جیسے ظالموں کے کیے پر راضی نہیں ہیں۔ نیز سابقین اولین کے مراتب کو جانتے ہیں۔ اہل سنت جانتے ہیں کہ ابو بکر و عمر رضی اللہ عنہما کو وہ فضیلت اور برتری حاصل ہے، جس میں کوئی اور صحابی شریک نہیں، نہ سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ، نہ سیدنا علی رضی اللہ عنہ اور نہ ہی کوئی دوسرا صحابی۔ عہد اول میں اس پر سب کا اتفاق تھا، سوائے شاذ اختلاف کے، جس کی کوئی حیثیت نہیں۔“
(منهاج السنة : 71/2-72)
حافظ ابن حجر رحمہ اللہ (852ھ) فرماتے ہیں :
قد كنت أستشكل توثيقهم الناصبي غاليا وتوهينهم الشيعة مطلقا ولا سيما أن عليا ورد في حقه لا يحبه إلا مؤمن ولا يبغضه إلا منافق، ثم ظهر لي في الجواب عن ذلك أن البغض ها هنا مقيد بسبب وهو كونه نصر النبي صلى الله عليه وسلم لأن من الطبع البشري بغض من وقعت منه إساءة في حق المبغض والحب بعكسه وذلك ما يرجع إلى أمور الدنيا غالبا والخبر في حب علي وبغضه ليس على العموم فقد أحبه من أفرط فيه حتى ادعى أنه نبي أو أنه إله تعالى الله عن إفكهم والذي ورد في حق علي من ذلك قد ورد مثله في حق الأنصار وأجاب عنه العلماء أن بغضهم لأجل النصر كان ذلك علامة نفاقه وبالعكس فكذا يقال في حق علي وأيضا فأكثر من يوصف بالنصب يكون مشهورا بصدق اللهجة والتمسك بأمور الديانة بخلاف من يوصف بالرفض فإن غالبهم كاذب ولا يتورع في الإخبار والأصل فيه أن الناصبة اعتقدوا أن عليا رضي الله عنه قتل عثمان أو كان أعان عليه فكان بغضهم له ديانة بزعمهم ثم انضاف إلى ذلك أن منهم من قتلت أقاربه في حروب علي.
”میرے لیے یہ سمجھنا مشکل تھا کہ اہل علم نے غالی ناصبیوں کی توثیق اور شیعہ کی مطلقاً تضعیف کیوں کی؟ خاص کر جب سیدنا علی رضی اللہ عنہ کے بارے میں یہ حدیث بھی ہے کہ علی سے محبت صرف مومن کرتا ہے اور اس سے بغض صرف منافق رکھتا ہے۔ پھر مجھے اس کا جواب سمجھ آگیا کہ یہاں بغض کا ایک خاص سبب ذکر ہوا ہے اور وہ (سیدنا علی رضی اللہ عنہ کا) نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی نصرت و تائید کرنا ہے، کیونکہ انسان کی فطرت ہے کہ وہ اس شخص سے بغض رکھتا ہے، جو اس کے محبوب کی برائی کرتا ہو اور اس کے برعکس اس سے محبت کرتا ہے، جو (اس کے محبوب سے) محبت کرے۔ عموماً ایسا دنیاوی امور میں ہوتا ہے۔ سیدنا علی رضی اللہ عنہ سے محبت اور بغض والی حدیث (کے معنی) میں عموم نہیں ہے۔ کیونکہ آپ رضی اللہ عنہ کی شان میں غلو کرنے والا بھی آپ سے محبت کا دعویٰ کرتا ہے، یہاں تک کہ اس نے آپ کے نبی ہونے کا دعویٰ کر رکھا ہے یا آپ کو الٰہ سمجھتا ہے، اللہ تعالیٰ ان (روافض) کے بہتانوں سے بہت بلند ہے۔ اور جو الفاظ سیدنا علی رضی اللہ عنہ کے حق میں وارد ہوئے، وہی الفاظ انصار کے بارے میں بھی آئے ہیں، اس حوالہ سے بھی اہل علم نے جواب دیا کہ انصار سے بغض ان کی (نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی) نصرت و تائید کرنے کی وجہ سے ہے، اسی (بغض) کو نفاق کی علامت کہا گیا ہے اور محبت کو ایمان کی علامت۔ سیدنا علی رضی اللہ عنہ کے بارے میں وارد الفاظ کا بھی یہی معنی و مفہوم ہے۔ نیز اکثر ناصبی سچائی اور دیانت داری میں مشہور ہیں، اس کی وجہ یہ ہے کہ ناصبی یہ اعتقاد رکھتے ہیں کہ سیدنا علی رضی اللہ عنہ نے سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ کو شہید کیا یا اس پر معاونت کی، تو ان کا سیدنا علی رضی اللہ عنہ سے بغض رکھنا ان کے زعم کے مطابق دیانت پر مبنی ہے، نیز اس وجہ سے بھی کہ کچھ ناصبیوں کے رشتہ دار سیدنا علی رضی اللہ عنہ سے ہونے والی جنگوں میں قتل کر دیے گئے تھے۔ جبکہ روافض میں اکثر جھوٹے اور حدیث بیان کرنے میں غیر محتاط ہیں۔“
(تهذيب التهذيب : 458/8)
تنبیہ :
سیدنا ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :
والذي نفسي بيده لا يبغضنا أهل البيت أحد إلا أدخله الله النار.
”اس ذات کی قسم، جس کے ہاتھ میں میری جان ہے! ہم اہل بیت سے بغض رکھنے والے کو اللہ ضرور واصل جہنم کرے گا۔“
(صحيح ابن حبان : 6978)
سند ضعیف ہے۔ ہشام بن عمار دمشقی آخری عمر میں تلقین قبول کرنے لگے تھے، یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ مذکورہ روایت تلقین قبول کرنے سے پہلے کی ہے یا بعد کی؟ لہذا اس روایت کے قبول میں توقف کیا جائے گا۔
اس روایت کی ایک اور سند بھی ہے۔
(المستدرك للحاكم : 150/3)
اس سند میں تصحیف کا احتمال ہے، لہذا بالجزم حکم نہیں لگایا جا سکتا۔
اس روایت کی دیگر سندیں بھی ضعیف ہیں۔
سیدنا عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے منسوب ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :
لو أن رجلا صفن بين الركن والمقام فصلى، وصام ثم لقي الله وهو مبغض لأهل بيت محمد دخل النار.
”اگر کوئی شخص حجر اسود اور مقام ابراہیم کے درمیان کھڑے ہو کر نماز پڑھتا ہو، روزہ بھی رکھتا ہو، لیکن مرتے وقت دل میں اہل بیت سے بغض ہو، تو وہ جہنم میں جائے گا۔“
(المستدرك على الصحيحين للحاكم : 148/3)
یہ روایت ضعیف و منکر ہے۔
ابو اویس عبد اللہ بن عبد اللہ مدنی جمہور کے نزدیک ضعیف ہے۔
(المجموع شرح المهذب للنووي : 20/9)
اس روایت کو امام ابو حاتم رازی رحمہ اللہ نے منکر کہا ہے۔
(علل الحديث لابن أبي حاتم : 407/6)