حدیث قدسی «میں اس کا کان بن جاتا ہوں» کا مفہوم

Read in English
فونٹ سائز:
یہ تحریر علمائے حرمین کے فتووں پر مشتمل کتاب 500 سوال و جواب برائے عقیدہ سے ماخوذ ہے جس کا ترجمہ فضیلۃ الشیخ مولانا محمد یاسر عرفات حفظہ اللہ نے کیا ہے۔

57- ایک حدیث قدسی کا مفہوم

اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں: ”جب میں کسی بندے سے محبت کرتا ہوں تو میں اس کا کان بن جاتا ہوں، جس کے ذریعے سے وہ سنتا ہے اور اس کی آنکھ بن جاتا ہوں، جس کے ذریعے سے وہ دیکھتا ہے اور اس کا ہاتھ بن جاتا ہوں، جس کے ذریعے سے وہ پکڑتا ہے اور اس کا پاؤں بن جاتا ہوں، جس کے ذریعے سے وہ چلتا ہے۔“ (صحيح البخاري، رقم الحديث [6502])
اس حدیث کا مفہوم یہ ہے کہ جب بندہ فرائض ادا کرنے کے ساتھ نوافل ادا کرے اور اطاعت کے کاموں میں محنت کر کے اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کرنے کی کوشش کرتا ہے اور اس پر ہمیشگی کرتا ہے تو اللہ تعالیٰ اس بندے سے محبت کرتا ہے، اللہ تعالیٰ اس کے تمام معاملات میں اس کا معاون بن جاتا ہے، اس کی سماعت ہر لحاظ سے محفوظ ہو جاتی ہے، وہ خیر کی بات ہی سنتا ہے اور صرف حق کو قبول کرتا ہے اور باطل اس سے دور بھاگتا ہے۔ جب وہ اپنی آنکھ یا دل سے دیکھتا ہے تو اللہ تعالیٰ کی تائید و نصرت اور توفیق سے ہدایت والا راستہ اختیار کرتا ہے۔ اسے حق حق نظر آتا ہے اور باطل باطل نظر آ جاتا ہے اور وہ جس چیز کو پکڑتا ہے اس میں اللہ تعالیٰ کی طرف سے قوت پائی جاتی ہے اور اس میں حق کی تائید ہوتی ہے۔ جب وہ چلتا ہے تو اللہ کی اطاعت، طلب علم اور جہاد فی سبیل اللہ کے لیے نکلتا ہے۔
خلاصہ کلام یہ ہے کہ وہ اپنے ظاہری اور باطنی اعضاء کے ذریعے سے جو بھی عمل کرتا ہے، اس میں اللہ تعالیٰ کی طرف سے راہنمائی اور تائید حاصل ہوتی ہے۔
اس سے یہ بات روز روشن کی طرح واضح ہو جاتی ہے کہ اس حدیث میں ایسی کوئی بات نہیں کہ اللہ تعالیٰ بندے میں حلول (دخول) کر جاتا ہے اور بندے اور اللہ کا ایک ہی وجود بن جاتا ہے۔ اس حدیث کے آخری الفاظ بھی یہی بتاتے ہیں:
« وَلَئِنْ سَأَلَنِيْ لَأُعْطِيَنَّهُ، وَلَئِنِ اسْتَعَاذَ بِيْ لَأُعِيْذَنَّهُ »
”اگر بندہ مجھ سے سوال کرے تو میں اس کو ضرور دوں گا اور اگر وہ مجھ سے پناہ مانگے تو میں ضرور اسے پناہ دوں گا۔“
اور بعض روایات میں تو یہ الفاظ بھی موجود ہیں:
« فَبِيْ يَسْمَعُ وَبِيْ يُبْصِرُ »
”وہ میری توفیق ہی سے سنتا اور دیکھتا ہے۔“
حدیث کے یہ آخری الفاظ پہلے حصے کی وضاحت کرتے ہیں کہ اس سے مقصود کیا ہے۔ پھر اس میں یہ صراحت بھی موجود ہے کہ سائل اور ہے اور جس سے سوال کیا جا رہا ہے وہ اور ہے، اسی طرح پناہ مانگنے والا اور پناہ دینے والا دونوں الگ الگ ہیں۔
یہ حدیث ایک اور حدیث قدسی سے ملتی جلتی ہے جس کے الفاظ یہ ہیں کہ (قیامت کے دن) اللہ تعالیٰ فرمائیں گے:
« عَبْدِيْ مَرِضْتُ فَلَمْ تَعُدْنِيْ » (صحيح مسلم [2569/43])
”میرے بندے! میں بیمار ہو گیا تو نے میری بیمار پرسی نہ کی؟“
یہ لمبی حدیث ہے۔ دونوں حدیثوں میں آخری حصہ پہلے حصے کے مفہوم کو واضح کرتا ہے، لیکن خواہشات کے پجاری متشابہ کے در پے ہوتے ہیں اور محکم اور واضح کو چھوڑ کر گمراہی اختیار کرتے ہیں۔ (اللجنة الدائمة: 4715)