حدیث وحی ہے
قرآن کریم نے رسول اللہ ﷺ کی ذات کو شریعت کا دوسرا مصدر قرار دیا ہے۔ آپ کی اطاعت کو واجب قرار دیا گیا، مسلمانیت کا معیار اطاعتِ رسول رکھا گیا، قرآن سے اپنی مرضی کا معنی نہیں لیا جا سکتا، بلکہ وہی معنی و مفہوم لیا جائے گا جو رسول اللہ ﷺ نے بیان کیا، جو آقاۓ کریم ﷺ نے فرمایا ہو، اسی طرح جب کبھی اختلاف ہو، تو آپ ﷺ کی طرف لوٹنے کا حکم دیا گیا، اللہ نے قرآن کی وضاحت اپنے ذمے لی، کیسے؟ بذریعہ رسول، ذیل میں قرآن کریم کی وہ آیات دی جا رہی ہیں، جن میں رسول اللہ ﷺ کی اطاعت کی اہمیت واضح کی گئی ہے، ملاحظہ ہوں:
[1] [وَ اتَّقُوا النَّارَ الَّتِیۡۤ اُعِدَّتۡ لِلۡکٰفِرِیۡنَ]،[وَ اَطِیۡعُوا اللّٰہَ وَ الرَّسُوۡلَ لَعَلَّکُمۡ تُرۡحَمُوۡنَ]
اس آگ سے ڈرو، جو کافروں کے لئے تیار کی گئی ہے۔ اللہ اور رسول کی اطاعت کرو، تا کہ تم پر رحم کیا جائے۔ (آل عمران:131-132)
[2] [قُلۡ اِنۡ کُنۡتُمۡ تُحِبُّوۡنَ اللّٰہَ فَاتَّبِعُوۡنِیۡ یُحۡبِبۡکُمُ اللّٰہُ وَ یَغۡفِرۡ لَکُمۡ ذُنُوۡبَکُمۡ ؕ وَ اللّٰہُ غَفُوۡرٌ رَّحِیۡمٌ]،[قُلۡ اَطِیۡعُوا اللّٰہَ وَ الرَّسُوۡلَ ۚ فَاِنۡ تَوَلَّوۡا فَاِنَّ اللّٰہَ لَا یُحِبُّ الۡکٰفِرِیۡنَ]
کہہ دیجئے، اگر تم اللہ سے محبت کرتے ہو، تو میری اطاعت کرو، اللہ تم سے محبت کرے گا اور تمہارے گناہ معاف کر دے گا، اللہ معاف کرنے والا رحیم ہے۔ کہہ دیجئے، اللہ اور رسول کی اطاعت کرو، اگر وہ اس سے پھر گئے، تو اللہ کافروں سے محبت نہیں کرتا۔ (آل عمران:31-32)
[3] [فَلَا وَ رَبِّکَ لَا یُؤۡمِنُوۡنَ حَتّٰی یُحَکِّمُوۡکَ فِیۡمَا شَجَرَ بَیۡنَہُمۡ ثُمَّ لَا یَجِدُوۡا فِیۡۤ اَنۡفُسِہِمۡ حَرَجًا مِّمَّا قَضَیۡتَ وَ یُسَلِّمُوۡا تَسۡلِیۡمًا]
(نبی!) آپ کے رب کی قسم! یہ لوگ اس وقت تک مومن نہیں ہو سکتے جب تک اپنے باہمی اختلافات میں آپ کو حاکم نہ مان لیں، آپ کے فیصلے پر دلوں میں گھٹن محسوس نہ کریں، بلکہ سرِ تسلیم خم کر دیں۔ (النساء:65)
[4] [وَ مَنۡ یُّطِعِ اللّٰہَ وَ الرَّسُوۡلَ فَاُولٰٓئِکَ مَعَ الَّذِیۡنَ اَنۡعَمَ اللّٰہُ عَلَیۡہِمۡ مِّنَ النَّبِیّٖنَ وَ الصِّدِّیۡقِیۡنَ وَ الشُّہَدَآءِ وَ الصّٰلِحِیۡنَ ۚ وَ حَسُنَ اُولٰٓئِکَ رَفِیۡقًا]
جو اللہ اور رسول کی اطاعت کرتے ہیں، وہ انعام یافتہ انبیاء، صدیقین، شہدا اور صالحین کے ساتھ ہوں گے۔ یہ کتنے بہترین رفیق ہیں۔ (النساء:69)
[5] [مَنۡ یُّطِعِ الرَّسُوۡلَ فَقَدۡ اَطَاعَ اللّٰہَ ۚ وَ مَنۡ تَوَلّٰی فَمَاۤ اَرۡسَلۡنٰکَ عَلَیۡہِمۡ حَفِیۡظًا]
جس نے رسول اللہ ﷺ کی اطاعت کی، اس نے اللہ کی اطاعت کی اور جو اس سے پھر گیا، تو ہم نے آپ کو ان پر نگہبان نہیں بنایا۔ (النساء:80)
[6] [یٰۤاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡۤا اَطِیۡعُوا اللّٰہَ وَ اَطِیۡعُوا الرَّسُوۡلَ وَ اُولِی الۡاَمۡرِ مِنۡکُمۡ ۚ فَاِنۡ تَنَازَعۡتُمۡ فِیۡ شَیۡءٍ فَرُدُّوۡہُ اِلَی اللّٰہِ وَ الرَّسُوۡلِ اِنۡ کُنۡتُمۡ تُؤۡمِنُوۡنَ بِاللّٰہِ وَ الۡیَوۡمِ الۡاٰخِرِ ؕ ذٰلِکَ خَیۡرٌ وَّ اَحۡسَنُ تَاۡوِیۡلًا]
اہل ایمان! اللہ اور رسول کی اطاعت کرو اور اپنے ولی الامر کی اطاعت کرو، اگر تمہارے درمیان کوئی اختلاف ہو جائے، تو اسے اللہ اور رسول کی طرف لوٹاؤ، اگر تم اللہ اور روزِ آخرت پر ایمان رکھتے ہو، اس میں خیر ہے اور بہترین انجام ہے۔ (النساء:59)
[7] [وَ مَنۡ یُّطِعِ اللّٰہَ وَ رَسُوۡلَہٗ یُدۡخِلۡہُ جَنّٰتٍ تَجۡرِیۡ مِنۡ تَحۡتِہَا الۡاَنۡہٰرُ خٰلِدِیۡنَ فِیۡہَا ؕ وَ ذٰلِکَ الۡفَوۡزُ الۡعَظِیۡمُ]،[ وَ مَنۡ یَّعۡصِ اللّٰہَ وَ رَسُوۡلَہٗ وَ یَتَعَدَّ حُدُوۡدَہٗ یُدۡخِلۡہُ نَارًا خَالِدًا فِیۡہَا ۪ وَ لَہٗ عَذَابٌ مُّہِیۡنٌ]
جو اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرتے ہیں، اللہ انہیں جنت میں داخل کرے گا، جس کے نیچے نہریں بہتی ہیں، وہ اس میں ہمیشہ رہیں گے، یہ بڑی کامیابی ہے۔ جو اللہ اور رسول کی نافرمانی کرتے ہیں اور اس کی حدوں کو پار کرتے ہیں، اللہ انہیں آگ میں داخل کرے گا، جس میں وہ ہمیشہ رہیں گے، ان کے لیے رسوا کن عذاب ہے۔ (النساء:13-14)
[8] [اِنَّاۤ اَنۡزَلۡنَاۤ اِلَیۡکَ الۡکِتٰبَ بِالۡحَقِّ لِتَحۡکُمَ بَیۡنَ النَّاسِ بِمَاۤ اَرٰىکَ اللّٰہُ ؕ وَ لَا تَکُنۡ لِّلۡخَآئِنِیۡنَ خَصِیۡمًا]
ہم نے آپ پر حق کے ساتھ کتاب نازل کی ہے، تاکہ آپ لوگوں کے درمیان اس کے مطابق فیصلہ کریں، جو اللہ نے آپ کو علم دیا ہے اور خیانت کرنے والوں کی خاطر جھگڑا نہ کریں۔ (النساء:105)
[9] [وَ اَطِیۡعُوا اللّٰہَ وَ اَطِیۡعُوا الرَّسُوۡلَ وَ احۡذَرُوۡا ۚ فَاِنۡ تَوَلَّیۡتُمۡ فَاعۡلَمُوۡۤا اَنَّمَا عَلٰی رَسُوۡلِنَا الۡبَلٰغُ الۡمُبِیۡنُ]
اللہ اور رسول کی اطاعت کرو اور باز آ جاؤ، اگر تم پھر گئے، تو جان لو کہ ہمارے رسول کے ذمہ کھول کھول کر بیان کرنا ہے۔ (المائدة:92)
[10] [فَاتَّقُوا اللّٰہَ وَ اَصۡلِحُوۡا ذَاتَ بَیۡنِکُمۡ وَ اَطِیۡعُوا اللّٰہَ وَ رَسُوۡلَہٗۤ اِنۡ کُنۡتُمۡ مُّؤۡمِنِیۡنَ]
اللہ سے ڈرو اور آپس کے معاملات درست کرو، اللہ اور رسول کی اطاعت کرو، اگر تم مومن ہو۔ (الأنفال:1)
[11] [یٰۤاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوا اسۡتَجِیۡبُوۡا لِلّٰہِ وَ لِلرَّسُوۡلِ اِذَا دَعَاکُمۡ لِمَا یُحۡیِیۡکُمۡ]
اہل ایمان! اللہ اور رسول کی اطاعت کرو، جب وہ تمہیں اس چیز کی دعوت دیں، جو تمہیں زندگی بخشتی ہے۔ (الأنفال:24)
[12] [وَ اَطِیۡعُوا اللّٰہَ وَ رَسُوۡلَہٗ وَ لَا تَنَازَعُوۡا فَتَفۡشَلُوۡا وَ تَذۡہَبَ رِیۡحُکُمۡ وَ اصۡبِرُوۡا ؕ اِنَّ اللّٰہَ مَعَ الصّٰبِرِیۡنَ]
اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرو، باہم جھگڑے نہ کرو، ورنہ بزدل ہو جاؤ گے اور تمہاری ساری ہوا اکھڑ جائے گی، صبر سے کام لو، بلاشبہ اللہ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے۔ (الأنفال:46)
[13] [اِنَّمَا کَانَ قَوۡلَ الۡمُؤۡمِنِیۡنَ اِذَا دُعُوۡۤا اِلَی اللّٰہِ وَ رَسُوۡلِہٖ لِیَحۡکُمَ بَیۡنَہُمۡ اَنۡ یَّقُوۡلُوۡا سَمِعۡنَا وَ اَطَعۡنَا ؕ وَ اُولٰٓئِکَ ہُمُ الۡمُفۡلِحُوۡنَ]،[ وَ مَنۡ یُّطِعِ اللّٰہَ وَ رَسُوۡلَہٗ وَ یَخۡشَ اللّٰہَ وَ یَتَّقۡہِ فَاُولٰٓئِکَ ہُمُ الۡفَآئِزُوۡنَ]
مومنوں کو جب اللہ اور رسول کی طرف فیصلے کے لئے بلایا جاتا ہے، تو وہ کہتے ہیں، ہم ایمان لائے، ہم نے اطاعت کی، یہی لوگ فلاں پانے والے ہیں۔ جو اللہ اور رسول کی اطاعت کرتے ہیں، اللہ ہی سے ڈرتے ہیں اور تقویٰ اختیار کرتے ہیں، وہی لوگ کامیاب ہیں۔ (النور:51-52)
[14] [وَ اَقِیۡمُوا الصَّلٰوۃَ وَ اٰتُوا الزَّکٰوۃَ وَ اَطِیۡعُوا الرَّسُوۡلَ لَعَلَّکُمۡ تُرۡحَمُوۡنَ]
نماز قائم کرو، زکوٰۃ ادا کرو اور رسول کی اطاعت کرو، تاکہ تم پر رحم کیا جائے۔ (النور:56)
[15] [قُلۡ اَطِیۡعُوا اللّٰہَ وَ اَطِیۡعُوا الرَّسُوۡلَ ۚ فَاِنۡ تَوَلَّوۡا فَاِنَّمَا عَلَیۡہِ مَا حُمِّلَ وَ عَلَیۡکُمۡ مَّا حُمِّلۡتُمۡ ؕ وَ اِنۡ تُطِیۡعُوۡہُ تَہۡتَدُوۡا ؕ وَ مَا عَلَی الرَّسُوۡلِ اِلَّا الۡبَلٰغُ الۡمُبِیۡنُ]
کہہ دیجئے، اللہ اور رسول کی اطاعت کرو، اگر تم پھر گئے، تو اس کے ذمے صرف وہ ہے، جو اس پر فرض کیا گیا ہے اور تمہارے ذمے وہ ہے، جو تم پر فرض کیا ہے، اگر تم نے اس کی اطاعت کی، تو ہدایت پا جاؤ گے، ہمارے رسول پر تو کھول کھول کر بیان کر دینا ہے۔ (النور:54)
[16] [فَلۡیَحۡذَرِ الَّذِیۡنَ یُخَالِفُوۡنَ عَنۡ اَمۡرِہٖۤ اَنۡ تُصِیۡبَہُمۡ فِتۡنَۃٌ اَوۡ یُصِیۡبَہُمۡ عَذَابٌ اَلِیۡمٌ]
نبی کی حکم عدولی کرنے والے باز آ جائیں، کہیں وہ فتنے میں مبتلا نہ ہو جائیں، یا ان کو دردناک عذاب نہ گھیر لے۔ (النور:63)
[17] [اِنَّمَا الۡمُؤۡمِنُوۡنَ الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا بِاللّٰہِ وَ رَسُوۡلِہٖ وَ اِذَا کَانُوۡا مَعَہٗ عَلٰۤی اَمۡرٍ جَامِعٍ لَّمۡ یَذۡہَبُوۡا حَتّٰی یَسۡتَاۡذِنُوۡہُ ؕ اِنَّ الَّذِیۡنَ یَسۡتَاۡذِنُوۡنَکَ اُولٰٓئِکَ الَّذِیۡنَ یُؤۡمِنُوۡنَ بِاللّٰہِ وَ رَسُوۡلِہٖ ۚ فَاِذَا اسۡتَاۡذَنُوۡکَ لِبَعۡضِ شَاۡنِہِمۡ فَاۡذَنۡ لِّمَنۡ شِئۡتَ مِنۡہُمۡ وَ اسۡتَغۡفِرۡ لَہُمُ اللّٰہَ ؕ اِنَّ اللّٰہَ غَفُوۡرٌ رَّحِیۡمٌ]
مومن تو وہ ہیں جو اللہ اور رسول پر ایمان لاتے ہیں اور جب کسی اجتماعی معاملے میں نبی کے ساتھ ہوتے ہیں، تو اس کی اجازت کے بغیر کہیں نہیں جاتے، (اے نبی!) جو لوگ آپ سے اجازت طلب کرتے ہیں، یہی لوگ اللہ اور رسول پر ایمان رکھتے ہیں، جب یہ اپنے کسی معاملے میں آپ سے اجازت طلب کریں، تو آپ جس کو چاہیں اجازت دیں، ان کے لئے اللہ سے استغفار کریں، یقیناً اللہ معاف کرنے والا رحم کرنے والا ہے۔ (النور:62)
[18] [یٰۤاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوا اتَّقُوا اللّٰہَ وَ قُوۡلُوۡا قَوۡلًا سَدِیۡدًا]،[ یُّصۡلِحۡ لَکُمۡ اَعۡمَالَکُمۡ وَ یَغۡفِرۡ لَکُمۡ ذُنُوۡبَکُمۡ ؕ وَ مَنۡ یُّطِعِ اللّٰہَ وَ رَسُوۡلَہٗ فَقَدۡ فَازَ فَوۡزًا عَظِیۡمًا]
اہل ایمان! اللہ سے ڈر جاؤ اور سیدھی بات کہو، اللہ تمہارے اعمال درست کر دے گا اور تمہارے گناہ معاف کر دے گا، جس نے اللہ اور رسول کی اطاعت کی، بے شک اس نے بڑی کامیابی حاصل کر لی۔ (الأحزاب:70-71)
[19] [لَقَدۡ کَانَ لَکُمۡ فِیۡ رَسُوۡلِ اللّٰہِ اُسۡوَۃٌ حَسَنَۃٌ لِّمَنۡ کَانَ یَرۡجُوا اللّٰہَ وَ الۡیَوۡمَ الۡاٰخِرَ وَ ذَکَرَ اللّٰہَ کَثِیۡرًا]
تمہارے لئے رسول اللہ کی ذات بہترین نمونہ ہے، ان کے لئے جو اللہ اور یومِ آخرت پر یقین رکھتے ہیں اور اللہ کا بہت زیادہ ذکر کرتے ہیں۔ (الأحزاب:21)
[20] [یٰۤاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡۤا اَطِیۡعُوا اللّٰہَ وَ اَطِیۡعُوا الرَّسُوۡلَ وَ لَا تُبۡطِلُوۡۤا اَعۡمَالَکُمۡ]
اہل ایمان! اللہ اور رسول کی اطاعت کرو اور اپنے اعمال باطل نہ کرو۔ (محمد:33)
[21] [یٰۤاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡۤا اَطِیۡعُوا اللّٰہَ وَ رَسُوۡلَہٗ وَ لَا تَوَلَّوۡا عَنۡہُ وَ اَنۡتُمۡ تَسۡمَعُوۡنَ]
اہل ایمان! اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرو، ان سے منہ نہ پھیرو، جب تم سن رہے ہو۔ (الأنفال:20)
[22] [وَ مَنۡ یُّطِعِ اللّٰہَ وَ رَسُوۡلَہٗ یُدۡخِلۡہُ جَنّٰتٍ تَجۡرِیۡ مِنۡ تَحۡتِہَا الۡاَنۡہٰرُ ۚ وَ مَنۡ یَّتَوَلَّ یُعَذِّبۡہُ عَذَابًا اَلِیۡمًا]
جو اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرے گا، اللہ اسے ایسی جنت میں داخل کرے گا، جس کے نیچے نہریں بہتی ہیں اور جو اس کی اطاعت سے انحراف کرے گا، اسے دردناک عذاب دے گا۔ (الفتح:17)
[23] [وَ مَاۤ اٰتٰىکُمُ الرَّسُوۡلُ فَخُذُوۡہُ وَ مَا نَہٰىکُمۡ عَنۡہُ فَانۡتَہُوۡا ۚ وَ اتَّقُوا اللّٰہَ ؕ اِنَّ اللّٰہَ شَدِیۡدُ الۡعِقَابِ]
تمہیں جو چیز رسول دیں، اسے لے لو اور جس چیز سے منع کریں، اس سے رک جاؤ، اللہ سے ڈر جاؤ، یقیناً اللہ دردناک عذاب دینے والا ہے۔ (الحشر:7)
[24] [وَ اَطِیۡعُوا اللّٰہَ وَ اَطِیۡعُوا الرَّسُوۡلَ ۚ فَاِنۡ تَوَلَّیۡتُمۡ فَاِنَّمَا عَلٰی رَسُوۡلِنَا الۡبَلٰغُ الۡمُبِیۡنُ]
اللہ اور رسول کی اطاعت کرو، اگر تم نے اس سے انحراف کیا، تو ہمارے رسول پر کھول کھول کر بیان کرنا ہے۔ (التغابن:12)
[25] [رَّسُوۡلًا یَّتۡلُوۡا عَلَیۡکُمۡ اٰیٰتِ اللّٰہِ مُبَیِّنٰتٍ لِّیُخۡرِجَ الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا وَ عَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ مِنَ الظُّلُمٰتِ اِلَی النُّوۡرِ ؕ وَ مَنۡ یُّؤۡمِنۡۢ بِاللّٰہِ وَ یَعۡمَلۡ صَالِحًا یُّدۡخِلۡہُ جَنّٰتٍ تَجۡرِیۡ مِنۡ تَحۡتِہَا الۡاَنۡہٰرُ خٰلِدِیۡنَ فِیۡہَاۤ اَبَدًا ؕ قَدۡ اَحۡسَنَ اللّٰہُ لَہٗ رِزۡقًا]
وہ رسول، جو تم پر اللہ کی واضح آیات تلاوت کرتا ہے، تاکہ ایمان لانے والوں اور عملِ صالح کرنے والوں کو اندھیروں سے نکال کر روشنی میں لے جائے، جو اللہ پر ایمان رکھتا ہے اور اچھے اعمال کرتا ہے، اللہ اسے ان جنتوں میں داخل کرے گا، جن کے نیچے نہریں بہتی ہیں اور وہ اس میں ہمیشہ رہیں گے، اللہ نے ان کے لئے بہترین رزق کا انتظام کیا ہے۔ (الطلاق:11)
[26] [اِنَّاۤ اَرۡسَلۡنٰکَ شَاہِدًا وَّ مُبَشِّرًا وَّ نَذِیۡرًا]،[لِّتُؤۡمِنُوۡا بِاللّٰہِ وَ رَسُوۡلِہٖ وَ تُعَزِّرُوۡہُ وَ تُوَقِّرُوۡہُ ؕ وَ تُسَبِّحُوۡہُ بُکۡرَۃً وَّ اَصِیۡلًا]
ہم نے آپ کو گواہ بنا کر بھیجا ہے، آپ بشارت دیتے ہیں اور ڈراتے ہیں، تاکہ تم اللہ اور رسول پر ایمان لاؤ، اس (رسول) کی مدد کرو، اس کی توقیر کرو اور صبح و شام اللہ کی تسبیح کیا کرو۔ (الفتح:8-9)
[27] [وَ مَاۤ اَرۡسَلۡنَا مِنۡ رَّسُوۡلٍ اِلَّا لِیُطَاعَ بِاِذۡنِ اللّٰہِ ؕ]
ہم نے ہر رسول اس لئے بھیجا، کہ اس کی اللہ کے اذن سے اطاعت کی جائے۔ (النساء:64)
[28] [وَ اِذَا قِیۡلَ لَہُمۡ تَعَالَوۡا اِلٰی مَاۤ اَنۡزَلَ اللّٰہُ وَ اِلَی الرَّسُوۡلِ رَاَیۡتَ الۡمُنٰفِقِیۡنَ یَصُدُّوۡنَ عَنۡکَ صُدُوۡدًا]
جب ان سے کہا جائے کہ اللہ کی نازل کردہ وحی اور رسول کی طرف آؤ، تو آپ منافقین کو دیکھیں گے کہ وہ آپ سے منہ موڑ لیتے ہیں۔ (النساء:61)
[29] [وَ اِذَا قِیۡلَ لَہُمۡ تَعَالَوۡا اِلٰی مَاۤ اَنۡزَلَ اللّٰہُ وَ اِلَی الرَّسُوۡلِ قَالُوۡا حَسۡبُنَا مَا وَجَدۡنَا عَلَیۡہِ اٰبَآءَنَا ؕ اَوَ لَوۡ کَانَ اٰبَآؤُہُمۡ لَا یَعۡلَمُوۡنَ شَیۡئًا وَّ لَا یَہۡتَدُوۡنَ]
جب ان سے کہا جائے کہ اللہ کی نازل کردہ وحی اور رسول کی طرف آؤ، تو کہتے ہیں، ہمیں وہی کافی ہے، جس پر ہم نے اپنے بڑوں کو پایا ہے، بھلے ان کے باپ دادا کچھ علم نہیں رکھتے تھے اور نہ وہ ہدایت یافتہ تھے۔ (المائدة:104)