جوئے اور عوض کے ساتھ کھیل کی حرمت و نقصانات
مؤلف : ڈاکٹر محمد ضیاء الرحمٰن اعظمی رحمہ اللہ

یہ کھیل دو حالتوں سے خالی نہیں ہوگا: یا تو اسے کسی عوض کے بدلے کھیلا جائے گا یا بلا عوض۔ اگر کسی عوض کے بدلے اسے کھیلا جائے تو پھر اس کے حرام ہونے میں کوئی شک نہیں اور اس میں معاوضہ لینا لوگوں کا مال باطل اور نا جائز طریقے سے کھانا ہے جو جوئے کی ایک قسم ہے، اور جوئے میں جو گناہ اور زیادتی ہے وہ مخفی نہیں۔ اللہ تعالیٰ نے اس کی حرمت شراب، بتوں اور قسمت کے تیروں کے ساتھ ملا کر ذکر کی ہے۔ ارشاد ہے: «يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا إِنَّمَا الْخَمْرُ وَالْمَيْسِرُ وَالْأَنصَابُ وَالْأَزْلَامُ رِجْسٌ مِّنْ عَمَلِ الشَّيْطَانِ فَاجْتَنِبُوهُ لَعَلَّكُمْ تُفْلِحُونَ ‎ ﴿٩٠﴾ ‏ إِنَّمَا يُرِيدُ الشَّيْطَانُ أَن يُوقِعَ بَيْنَكُمُ الْعَدَاوَةَ وَالْبَغْضَاءَ فِي الْخَمْرِ وَالْمَيْسِرِ وَيَصُدَّكُمْ عَن ذِكْرِ اللَّهِ وَعَنِ الصَّلَاةِ ۖ فَهَلْ أَنتُم مُّنتَهُونَ» [المائدة: 91,90]
”اے لوگو جو ایمان لائے ہو ! بات یہی ہے کہ شراب اور جوا اور شرک کے لیے نصب کردہ چیزیں اور فال کے تیر سراسر گندے ہیں شیطان کے کام سے ہیں، سو اس سے بچو، تاکہ تم فلاح پاؤ۔ شیطان تو یہی چاہتا ہے کہ شراب اور جوئے کے ذریعے سے تمہارے درمیان دشمنی اور بغض ڈال دے اور تمہیں اللہ کے ذکر سے اور نماز سے روک دے تو کیا تم باز آنے والے ہو؟“
لیکن اگر اسے بلاعوض کھیلا جائے تو اسے کھیلنے والے غالبا ایسی حالت کو پہنچ جاتے ہیں کہ ان کے لیے گالی گلوچ کرنا، زبان لعن دراز کرنا، جھوٹ بولنا اور جھوٹی قسمیں کھانا بے قیمت ہو جاتا ہے، بلکہ یہ لوگ ایک دوسرے کے خلاف جرائم کے مرتکب بھی ہو جاتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ کھیل ایک دوسرے پر غلبے کی خواہش بھی جنم دیتا ہے جس کے نتیجے میں بغض و عداوت پیدا ہو جاتے ہیں اور اشارے بازی اور ایک دوسرے کو جاہل قرار دے کر ہر ایک کی تنقیص کی جاتی ہے۔ یہ نتائج اس کی حرمت قرار دینے اور اس سے خبردار کرنے کے لیے کافی ہیں، کیونکہ اللہ تعالیٰ نے شراب، جوئے، بتوں اور قسمت کے تیروں کی حرمت کی جو وجہ ذکر کی ہے وہ ان کا شیطانی عمل ہونا ہے اور شیطان کا کام لوگوں میں عداوت، بغض پیدا کرنا، نماز اور ذکر الہی سے روکنا ہے، اور یہ تمام امور غالبا اس کھیل کی مجالس میں شامل ہوتے ہیں۔
[اللجنة الدائمة: 432]

یہ پوسٹ اپنے دوست احباب کیساتھ شئیر کریں

فیس بک
وٹس اپ
ٹویٹر ایکس
ای میل