وعن ابن عمر رضي الله عنهما عن النبى صلى الله عليه وآله وسلم قال: من استعاذكم بالله فاعيذوه ومن سالكم بالله فاعطوه ومن اتى إليكم معروفا فكافئوه فإن لم تجدوا فادعوا له اخرجه البيهقي
ابن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : جو شخص تم سے اللہ کے نام کے ساتھ پناہ مانگے اسے پناہ دو اور جو شخص تم سے اللہ کے نام کے ساتھ سوال کرے اسے دو اور جو تم سے اچھا سلوک کرے اسے بدلہ دو اگر تم (بدلہ دینے کے لئے کوئی چیز) نہ پاؤ تو اس کے لئے دعا کرو۔ [بيهقي ]
تخریج : صحيح ] [بيهقي 199/4] [ حاكم 412/1 ] [ احمد 99، 28/2] [ ابونعيم فى الحلية 56/9] نے کئی سندوں سے عن اعمش عن مجاهد عن ابن عمر مرفوعاً روایت کیا ہے حاکم نے فرمایا یہ شیخین کی شرط پر صحیح ہے ذہبی نے اس کی موافقت کی اور البانی نے فرمایا۔ ان دونوں نے جو فرمایا یہی حقیقت ہے۔ “ [الصحيحة 254]
فوائد :
➊ ابوداؤد، ابن حبان اور حاکم نے اس روایت میں یہ لفظ زیادہ کئے ہیں فان لم تجدوا فادعوا له حتي تعلموا انكم قد كافاتموه ، ”یعنی اگر تم تمہیں بدلہ دینے کے لئے کوئی چیز نہ ملے، تو اس کے لئے اتنی دعا کرو کہ تمہیں یقین ہو جائے تم نے اسے بدلہ دے دیا ہے۔“
ترمذی میں جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : جس شخص کو کوئی عطیہ دیا جائے اگر وہ (کوئی چیز) پائے تو بدلہ دے جو نہ پائے وہ تعریف کر دے کیونکہ جس نے تعریف کی اس نے شکر ادا کیا اور جس نے (احسان کو) چھپایا اس نے ناشکری کی۔ [ترمذي البر 871] ، [صحيح الترمذي 1656 ]
➋ اسامہ بن زید رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ جس شخص سے کوئی بھلائی کی جائے اور وہ بھلائی کرنے والے کو یہ کہے جزاك الله خيرا ”اللہ تجھے بہتر بدلہ دے“ تو اس نے تعریف کا حق ادا کیا۔ [ترمذي۔ البر88] ، [ صحيح الترمذي 1657 ]
اس کی وجہ یہ معلوم ہوتی ہے کہ آدمی یہ کہتا ہے کہ تمہارا احسان مجھ پر اتنا بڑا ہے کہ میں اس کا بدلہ نہیں دے سکتا اس کا بہتر بدلہ تجھے اللہ تعالیٰ ہی عطا فرمائے۔
➌ جو اللہ کے نام پر پناہ مانگے اسے پناہ دو خواہ اسے تم سے کسی نقصان کا اندیشہ ہو یا کسی دوسرے سے۔ اللہ کے نام پر مانگے تو اسے دو۔ سائل کا ویسے ہی حق ہے مگر جب اللہ کا نام در میان میں آ جائے تو اس کی قدر کرنا لازم ہے۔
➍ مخلوق سے وہ چیز مانگ سکتا ہے جو اس کے اختیار میں ہو ہاں اگر مخلوق سے وہ چیز مانگے جو صرف اللہ کے اختیار میں ہے تو یہ شرک ہے۔ یہی معاملہ پناہ مانگنے کا ہے۔