حرف م سے شروع ہونے والی خوابوں کی تعبیر
مصنف : ابو محمد خالد بن علی العنبری رحمہ اللہ



ماں :
➊ خواب میں ماں کو کسی حالت میں دیکھا جائے تو اس کی تعبیر باپ کی موجودہ حالت ساتھ کرے۔
➋ والد کو خواب میں دیکھنے کی تعبیر شفقت و مہربانی اور مشکل سے نجات بھی ہو سکتی ہے۔
——————

مارنا :

➊ لاٹھیوں سے مارنے کی تعبیر بدکلامی ہے۔
➋ شمشیرزنی کی تعبیر دشمن پر غلبہ حاصل کرنا ہے۔
➌ اگر خواب میں زمین پر کوئی چیز مار رہا ہو تو اس سے مراد یہ ہے کہ اسے سفر کرنا پڑے گا۔
——————

مالداری :

جو شخص خواب میں اپنے آپ کو مال دار دیکھے وہ قناعت پسند ہو جاتا ہے کیونکہ قناعت بھی ایک دولت ہے۔
——————

ماہواری :

➊ اگر عورت خواب میں دیکھے کہ وہ حیض کی حالت میں ہے تو وہ کسی گناہ یا کسی پریشانی میں ہے۔ اگر وہ غسل کر لے تو اس سے مراد یہ ہے کہ وہ گناہ سے تائب ہو گئی ہے اور اس کی پریشانی ختم ہو گئی ہے۔
➋ ماہواری، دین میں کوتاہی اور نماز روزہ میں غفلت کی علامت ہے۔
➌ بانجھ عورت خواب میں ماہواری سے ہو تو اس کی تعبیر یہ بھی ہو سکتی ہے کہ وہ صاحب اولاد ہو جائے گی۔
——————

مبلغ :

دیکیھے ”واعظ۔“
——————

مٹھائی :

➊ میٹھی چیز خواب میں دین میں مخلص ہونے کی علامت ہے۔
➋ اس سے مراد قیدی کی رہائی، مسافر کی واپسی مریض کا شفایاب ہو جانا، غیر شا دی شدہ کا شا دی کرنا حصول علم، قرآن مجید سیکھنا اور رزق حلال بھی ہے۔
——————

مچھلی :

اس کی تعبیر غم، پریشانی اور مشکلات ہے۔
——————

➊ محبت الہی سے مراد دین میں پختگی، ایمان و ایقان کی عمدگی اور نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت کا اتباع ہے۔
➋ اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے کسی شخص سے محبت کرنا، اللہ تعالیٰ کی محبت اور اس کی رحمت کی علامت ہے۔ اللہ تعالیٰ کی رضا کے علاوہ کسی شخص سے محبت کی تعبیر پریشانیاں اور مشکلات ہیں۔
——————

محنت :

کس گراں قدر چیز کے لیے تگ و دو کرنے سے مراد مقصد میں کامیابی بھی ہو سکتی ہے۔
——————

محبوس ہونا :

اس سے مراد ذلت و رسوائی اور پریشانی ہے۔
➊ اگر سنگ مرمر کے مکان میں کسی الگ تھلگ اور نا معلوم جگہ پر محبوس ہو تو اس کی تعبیر موت ہے۔
➋ اگر عورت کو خواب میں کوئی صاحب منصب آدمی قید کرے تو اس کی تعبیر یہ ہے کہ وہ شادی کرے گی۔ نیز دیکھیے جیل اور قیدو بند محتاج ہونا :
——————

محتاج ہونا :

اس کی تعبیر دولت مندی ہے۔
——————

مٹی :

➊ اس سے مراد ”انسان“ ہیں۔ کیونکہ ان کی تخلیق مٹی سے ہوئی ہے۔
➋ یا اس سے مراد دنیا و۔ اہل دنیا ہیں۔
➌ اگر کوئی شخص خاک اڑارہا ہو تو اس کی تعبیر یہ ہے کہ وہ دولت حاصل کرے گا۔
——————

حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم :

حضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے دیدار سے مراد دین و دنیا کا بہتر انجام ہے۔
——————

محفل :

➊ اہل علم کی محفل سے مراد علم و معرفت اور دین میں اضافہ ہے۔
➋ اگر وعظ و ارشاد کی محفل میں وعظ و نصیحت مکمل کر لے تو اس کی تعبیر یہ ہے کہ اس کا حکم نافذ ہو گا۔
——————

محل :

➊ اگر فاسق و فاجر آدمی خواب میں محل دیکھے تو اس سے مراد دولت کی کمی، معاشی عسرت اور مقام و مرتبہ میں کمی ہے۔
➋ اگر عام مسلمان محل دیکھے تو اس کی تعبیر قرض کی ادائیگی اور اونچا مقام و مرتبہ ہے۔
➌ نیک آدمی کے لیے اس سے مراد نیک عمل ہے۔
➍ اگر کوئی شخص محل میں داخل ہو جائے تو اس سے مراد ”شا دی“ ہے۔
——————

مدینہ منورہ :

اس کی تعبیر چھ چیزیں ہو سکتی ہیں :
➊ امن و سلامتی
➋ بخشش
➌ رحمت الہی اور شفقت
➍ پریشانی کا خاتمہ
➎ خوش حالی
➏ تنگی سے نجات
——————

مذاق اڑانا :

خواب میں مذاق اڑایا جا رہا ہو تو اس کی تعبیر معاملات میں خسارہ ہے۔
——————

مرض :

اس کی تعبیر منافقت یا مذہبی کوتاہی ہے۔
——————

مرغ :

➊ اگر خواب میں مرغ ذبح کر دے تو اس کی تعبیر یہ ہے کہ وہ نماز میں کوتاہی کرتا ہے۔
➋ اگر خواب میں دیکھے کہ وہ مرغ بن گیا ہے تو کچھ اہل فن کے نزدیک اس سے مراد یہ ہے کہ وہ شخص مؤذن ہو گا۔
➌ مرغ سے مراد پر عزم اور خو ش الحان شخص ہے۔
——————

مرغی :

اس سے مراد خوب صورت لیکن بےوقوف عورت ہے۔
——————

مرغ بازی :

اس کی تعبیر مؤذنوں اور خطیبوں کو لڑانا ہے۔
——————

مرغابی :

اس کی تعبیر حسن و جمال کی مالک عورت ہے۔
——————

مسجد :

➊ جامع مسجد سے مراد ایسی جگہ ہے جہاں لوگ آئیں اور اپنی محنت کے مطابق مفاد حاصل کریں۔
➋ اگر مظلوم آدمی مسجد میں داخل ہو تو اس سے مراد یہ ہے کہ اسے انصاف مل جائے گا۔
➌ مسجد سے مراد صاحب علم آدمی ہے۔ اگر خواب میں دیکھے کہ اس کا گھر مسجد بن گیا ہے تو وہ نیکی اور بزرگی سے فیض یاب ہو گا۔
➍ بے آبا د مسجدوں سے مراد اہل علم کی قدر ناشناسی اور امر بالمعروف و نہی عن المنکر چھوڑنا ہے۔
➎ مسجد تعمیر کرنے کی تعبیر غلبہ حاصل کرنا ہے۔ باری تعالیٰ کا ارشاد ہے :
«قَالَ الَّذِينَ غَلَبُوا عَلَى أَمْرِهِمْ لَنَتَّخِذَنَّ عَلَيْهِمْ مَسْجِدًا»
”جن لوگوں نے ان کے بارے میں غلبہ پایاوہ کہنے لگے کہ ہم تو ان کے آس پاس مسجد بنالیں گے۔“
➏ مسجد حرام میں داخل ہونے کی تعبیر خطرے کا ٹل جانا اور وعدے کی سچائی ہے۔
——————

مسافر کی واپسی :

گھر سے باہر رہنے والے کی واپسی سے مراد تنگی سے فراخی، مرض سے صحت اور گزشتہ حالت میں پلٹ جانا ہے۔
——————

مسرت :

دیکھیے ”خو شی و مسرت۔“
——————

مسکراہٹ :

نیند میں مسکراہٹ دیکھنا فرحت و انبساط حاصل ہونے اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت کی پیروی کی علامت ہے، کیونکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم مسکرا کر خوشی کا اظہار فرمایا کرتے تھے۔
——————

مسمار ہونا :

دیکھیے ”بے آباد ہونا۔“
——————

مسوا ک کرنا :

➊ مسواک کرنے والے سے مراد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت کو زندہ کرنے والا ہے۔
➋ مسواک کرنے کی تعبیر گناہوں سے پاک ہونا بھی ہے۔
➌ اس کی تعبیر اللہ تعالیٰ کا قرب عطا کرنے والا عمل بھی ہو سکتا ہے۔
——————

مسور کی دال :

➊ اس سے مراد گھٹیا روزی ہے۔
➋ اس کی تعبیر اچھی چیز کے عوض کمتر چیز لینا بھی ہو سکتی ہے۔
——————

مستعار چیز :

➊ اگر کوئی چیز عاریۃ لے یا دے تو ایسے میں اگر وہ پسندیدہ چیز ہو تو اس کی تعبیر یہ ہے کہ وہ عارضی اچھائی سے بہرہ ور ہو گا۔ اگر وہ چیز ناپسندیدہ ہو تو اسے کوئی عارضی تکلیف پہنچے گی۔
——————

مصافحہ کرنا :

➊ خواب میں مصافحہ کرنے سے مراد محبت و شفقت، معافی اور گناہ کی بخشش ہے۔
➋ اس کی تعبیر بیعت کرنا اور نیکی کی پابندی بھی ہو سکتی ہے۔
——————

مصروفیت :

خواب میں مصروف ہونے کی تعبیر دوشیزہ سے شادی کرنا ہے۔
——————

مطلقہ (طلاق یافتہ) عورت سے رجوع کرنا :

➊ مریض کے شفایاب ہونے کی دلیل ہے۔
➋ اس کی تعبیر سابقہ مذہب یا پیشہ اختیار کرنا بھی ہے۔
——————

معزول ہونا :

➊ کسی عہدے سے معزول ہونے کی تعبیر بیوی کو طلاق دینا ہے۔
➋ ایک پیشہ چھوڑ کر دوسرا پیشہ اختیار کرنا بھی اس سے مراد لیا جا سکتا ہے۔
——————

معلم :

دیکھیے ”استاد۔“
——————

مکڑی :

مکڑی کی تعبیر عذاب الہٰی ہے، اگر اسے کسی برتن یا ہنڈیا میں ڈال دیا جائے تو اس سے مراد دولت ہے۔
——————

مکہ مکرمہ :

مکہ مکرمہ میں داخل ہونے سے مراد خوف سے امن میں آ جانا اور حج کرنا اور رزق حاصل کرنا ہے۔
——————

مکھن :

اس سے مراد خوشحالی اور مفادات کا حصول ہے۔
——————

مکھی :

➊ مکھی کی تعبیر کمزور گھٹیا لیکن بدزبان آدمی ہے۔
➋ اگر کبھی سر پر اڑ رہی ہے تو اس کی تعبیر ایسا کمزور دشمن ہے جو غلبہ حاصل کرنا چاہتا ہو۔
➌ اگر مکھی کی زیر ملکیت چیز پر بیٹھ جائے تو خواب دیکھنے والے کو اس چیز کے چوری ہو جانے کا خیال رکھنا چاہیے۔
➍ اگر مکھی کو مار دے تو اس سے مراد راحت و آرام اور صحت و تندرستی کا حصول ہے۔
➎ گھر میں کثرت سے مکھیاں جمع ہو جانے سے مراد ایسے دشمن ہیں جن سے کسی ناپسندیدہ چیز کا سامنا کرنا پڑے گا۔
——————

مکھیوں کا چھتہ :

شہد کے چھتے سے مراد بیوی، مکھیوں سے مراد اولاد اور شہد سے مراد مال و دولت ہے۔
——————

مقابلہ بازی :

مقابلہ بازی سے مراد اختلاف اور لڑائی جھگڑا ہے۔
——————

ملامت کرنا :

اس کی تعبیر زیادہ کاموں میں شیطان کی پیروی ہے۔
——————

من و سلویٰ :
اس سے مراد رزق حلال ہے۔
——————

منبر :

اگر کوئی شخص منبر پر کھڑا ہو کر نیکی کی باتیں کہہ رہا ہو اور وہ باصلاحیت ہو تو وہ اعلیٰ عہدے پر فائز ہو گا۔ اور اگر عہدے کا اہل نہ ہو تو وہ نیک شہرت سے سرفراز ہو گا۔
——————

منکہ :

اس سے مراد اچھا اور مفید رزق ہے۔
——————

منہ
اس سے مراد اچھی یا بری جیسی بات نکلے ویسی چیز کا حصول ہے۔
——————

منہ پر تھپٹر مارنا :

➊ کوئی نیک عورت اپنے منہ پر تھپڑے مارے تو اس کی تعبیر مایوس ہو جانے کے بعد پیٹے کی خوشخبری ہے۔ جیسا کہ ارشاد باری تعالیٰ ہے :
«وَبَشَّرُوهُ بِغُلَامٍ عَلِيمٍ ‎٭‏ فَأَقْبَلَتِ امْرَأَتُهُ فِي صَرَّةٍ فَصَكَّتْ وَجْهَهَا وَقَالَتْ عَجُوزٌ عَقِيمٌ» [51-الذاريات:28]
”فرشتوں نے حضرت ابرا ہیم علیہ السلام کو صاحب علم بیٹے کی خوشخبری سنائی تو ان کی بیوی نے اپنے چہرے پر ہاتھ مارا اور کہنے لگیں میں تو عمر رسیدہ بانجھ ہوں۔“
➋ اس کی تعبیر نافرمانی، فسق و فجور اور آفات نازل ہونا بھی ہو سکتی ہے۔
——————

منیٰ کا میدان :

خواب میں میدان منیٰ میں ہونے سے مراد امن و سلامتی اور مقصد کا حصول ہے۔
——————

موت :

➊ موت سے مراد لذیذ چیزوں سے محرومی ہے۔
➋ اگر کوئی شخص تنگ حال ہو تو اس کے لیے اس کی تعبیر خوشحالی بھی ہو سکتی ہے۔
➌ خواب میں موت کو یاد کرنا عقل مندی کی علامت ہے۔ اس سے مراد آخرت کی تیاری ہے۔ یقین کامل بھی اس سے مراد ہو سکتا ہے۔
➍ کثرت سے اموات دیکھنے کی تعبیر فتنے ہیں۔
➎ موت کی تعبیر بیوی یا خاوند کے رشتہ دار بھی ہو سکتے ہیں۔ لہٰذا ی راحت و آرام کی علامت ہے۔ اور اس سے جدائی اور خوف و ہراس بھی مراد ہو سکتا ہے۔
➏ اگر کوئی شخص فوت شدہ شخص خواب میں بتائے کہ وہ فوت نہیں ہوا تو اس سے مراد یہ ہے کہ وہ شہیدوں کے مقام پر فائز ہے۔
➐ اگر کوئی فوت شدہ آدمی اچھی حالت میں ہنستا مسکراتا نظر آئے تو یہ اس کے اس حالت میں ہونے کی علامت ہے۔
➑ اگر کوئی غم زدہ اور پریشان آدمی خواب میں دیکھے کہ وہ فوت ہو گیا ہے تو یہ اس کی حالت بہتر ہو جانے کی علامت ہے۔
➒ اگر خواب میں کسی مردے کو زندہ کرے تو اس سے مراد یہ ہے کہ اس کے ہاتھوں کوئی یہودی یا عیسائی مسلمان ہو گا یا کوئی بدعتی ہدایت پائے گا۔ کئی مردوں کو زندہ کرنے سے مراد بھی گمراہوں کو راہ راست پر لانا ہے۔
➓ اگر کوئی فوت شدہ شخص سمندر میں ڈوبتا ہوا نظر آئے تو اس سے مراد یہ ہے کہ وہ گناہوں میں مستغرق ہے۔
⓫ کسی عالم کی وفات سے مراد کسی بدعت کا رونما ہونا بھی ہو سکتا ہے۔
⓬ والدین کی وفات کی تعبیر تنگی معیشت ہے۔
⓭ بیوی کی وفات سے مراد دنیا کا ہاتھ سے نکل جانا ہے۔
——————

موتی :

اس سے مراد علم، مال و دولت اور عمدہ گفتگو ہے۔
——————

موٹاپا :

اگر خواب میں خود کو موٹا دکھائی دے تو اس سے مراد مال و دولت میں اضافہ ہے۔
——————

موج :

دیکھیے ”لہر۔“
——————

موچی :
اس کی تعبیر ایسا شخص ہے جو عورتوں کے معاملات میں دلچسبی لیتا ہو اور انہیں مزین و آراستہ رکھتا ہو۔
——————

مؤذن :

➊ اس سے مراد نیکی کی دعوت دینے والا شخص ہے۔
➋ اس کی تعبیر ”حج کرنا“ بھی ہو سکتی ہے۔
➌ اذان کی تعبیر ”چوری“ بھی ہو سکتی ہے۔
➍ اگر عورت کسی جامع مسجد میں اذان کہہ رہی ہو تو اس سے مراد یہ ہے کہ شہر میں کوئی بڑا فتنہ رونما ہونے والا ہے۔
——————

مونچھ :

➊ خواب میں مونچھیں کاٹنا سنت پر عمل پیرا ہونے کی علامت ہے۔
➋ اگر خواب میں دیکھے کہ مونچھیں بہت بڑھی ہوئی ہیں تو یہ ناپسندیدہ چیز ہے۔
——————

مور :

اس سے مراد عجمی نژاد، خوبصورت اور مالدار عورت ہے۔
——————

مورچہ بندی :

➊ جہاد کے دوران پہرا دینے سے مراد اطاعت شعار ہونا، اللہ تعالیٰ کے احکام کی پابندی، اتباع سنت اور خوف الہٰی ہے۔
➋ اگر کوئی مریض یا مسافرخواب میں دیکھے کہ وہ جہاد یا مورچہ بندی کر کے واپس آ رہا ہے تو یہ مریض کے شفایاب ہونے اور مسافر کے واپس آنے کی دلیل ہے۔
——————

موزہ :

موزے سے مراد نوکر، مال و دولت اور ناپسندیدہ چیزوں سے تحفظ ہے۔
——————

حضرت موسیٰ علیہ السلام :

➊ حضرت موسیٰ علیہ السلام کو خواب میں دیکھنے سے مراد اہل حق کا غلبہ پانا اور اہل باطل کا مغلو ب ہونا ہے، ان کا دیدار ظالموں کی ہلاکت اور تباہی کی نشاندہی کرتا ہے۔
➋ اس کی تعبیر بچوں پر آزمائش آ جانے اور خویش و اقارب سے فراق بھی ہو سکتی ہے۔
➌ اس کی تعبیر بحری سفر کے بعد اچھا انجام ہے۔
➍ اگر حضرت موسی علیہ السلام کا عصا ہاتھ میں ہو تو اس کی تعبیر یہ ہے کہ وہ شخص اعلیٰ رتبے سے سرفراز ہو گا اور دشمن پر غالب آ جائے گا۔
——————

موم :

➊ موم سے مراد امید ہے۔
➋ غیر شادی شدہ موم دیکھے تو اس سے مراد بیوی ہے۔
➌ اگر جاہل آدمی موم دیکھے تو اس سے مراد راہ راست پر آنا ہے۔
——————

مہر :

کاموں کی تکمیل کی علامت ہے۔
——————

مہک :

➊ مہک سے مراد نیک شہرت ہے۔
➋ اگر ہاتھ میں مہک والی عود دکھائی دے اور دیکھنے والے شخص کی کوئی چیز گم ہو گئی ہو تو یہ چیز اسے واپس مل جانے اور اس کے تعلق خوشخبری سننے کی دلیل ہے۔
——————

مہمان :

➊ اس کی تعبیر نرینہ اولاد کی بشارت ہے۔
➋ اگر خواب دیکھنے والے کی عورت حمل کے ساتھ نہ ہو تو اس سے مراد یہ ہے کہ اسے رزق جلدی ملنے والا ہے۔
——————

میل کچیل :

اگر کپڑے یا جسم یا بالوں میں میل کچیل ہو تو اس سے مراد دیکھنے والے کے گناہ اور پریشانی ہے۔
——————

مے فرو ش :

اس سے مراد دولت مند اور حرام رزق والا آدمی ہے۔
——————

مینار :

➊ مینار سے مراد لوگوں کی صلح کرانے والا اور انہیں نیکی کی دعوت دینے والا شخص ہے۔
➋ اگر مینار گر جائے تو اس سے مراد صاحب علم کی وفات ہے۔
➌ اگر کوئی شخص لکڑی کے مینارے پر چڑھ کر اذان کہے تو اس کی تعبیر یہ ہے کہ وہ عہدہ، طاقت اور شان و شوکت منافقت کے ساتھ حاصل کرے گا۔
——————

ن

نا امیدی :

➊ اللہ تعالیٰ کی رحمت سے نا امیدی شرک کرنے یا کوئی غیر شرعی کام کرنے کی علامت ہے۔
➋ نا امید ہونا برا وقت آنے اور اللہ تعالیٰ کی مہربانی اور انعام کے چھن جانے کی بھی علامت ہے۔
——————

نابینا ہونا :

یہ دینی گمراہی کی علامت ہے۔
——————

ناپسندید گی کا اظہار :

➊ خواب میں ایسے شخص کو دیکھنا جو بیداری کی حالت میں بھی مبغوض اور ناپسندیدہ ہو، تنگ دلی کی علامت ہے۔
➋ اس کی تعبیر بھی ہے کہ دیکھنے والے کو ایسے ناپسندیدہ شخص کی صحبت سے دو چار ہونا پڑے گا جو اس پر اثر انداز نہیں ہو گا۔
——————

ناچنا :

دیکھیے ”رقص کرنا۔“
——————

ناخن :

➊ ناخن دشمن پر فتح یاب ہونے کی علامت ہے۔
➋ ناخن تراشنا اتباع سنت سے عبارت ہے۔
——————

ناریل :

اس سے مراد مال و دولت، خوش حالی اور عیش و عشرت ہے۔
——————

ناک :

ناک سے مراد آدمی کا مال و دولت، والدین، اولاد، بہن بھائی، کاروباری شراکت دار اور ملازم جیسی اشیاء ہیں جو زندگی کو مزین و آراستہ کرتی ہیں۔ لہٰذا اگر ناک خوب صورت ہو تو یہ اس کی زندگی کی بہتری کی علامت ہے۔ اگر ناک سیاہ یا بڑی ہو تو یہ اس کی خستہ حالی اور مغلو بیت کی علامت ہے۔
——————

نام :

اگر خواب میں نظر آئے کہ اس کا نام تبدیل ہو گیا ہے تو یہ اس تبدیل شدہ نام کے معنی کے مطابق اس کی زندگی میں انقلاب کی علامت ہے۔
——————

نجومی :

اس سے مراد دھوکہ باز اور فریب کرنے والا آدمی ہے۔
——————

نصیحت کرنا :

اگر کوئی شخص نصیحت کر رہا ہو تو یہ دھوکہ اور فریب کی علامت ہے جیسا کہ ارشاد باری تعالیٰ ہے :
«وَقَاسَمَهُمَا إِنِّي لَكُمَا لَمِنَ النَّاصِحِينَ ‎٭‏ فَدَلَّاهُمَا بِغُرُورٍ» [7-الأعراف:21]
”(اور اس (شیطان نے) ان دونوں کے سامنے حلف اٹھا کر کہا کہ میں یقیناًً تمہارا خیر خواہ ہوں، اس طرح انہیں دھوکہ دے کر بے راہ کر دیا۔“
——————

نقاب :

➊ عورت نے نقاب کر رکھا ہو تو یہ اس کی مذہب پسندی، پاک دامنی اور عفت و عصمت کی علامت ہے۔
➋ نقاب اتارنے کی تعبیر حج یا عمرہ کرنا بھی ہو سکتی ہے۔
——————

نقش و نگار کرنے والا :

اس کی تعبیر دنیا دار اور دنیا سے فریب زدہ آدمی ہے۔
——————

نکسیر :

نکسیر آنا پریشانی اور غم واندوہ کی علامت ہے۔
——————

نگاہ جھکانا :

➊ نگاہ جھکائے ہوئے ہونا اللہ تعالیٰ کے احکامات کی تعمیل کی علامت ہے۔
——————

نماز کی پابندی :

➊ نماز پڑھنا ایفائے عہد اور مقصد کے حصول کی علامت ہے۔
➋ اگر خواب دیکھنے والا تنگی میں ہو تو یہ اس کے ختم ہو جانے راحت و آرام حاصل ہو جانے کی علامت ہے۔
——————

نماز پڑھنا :

➊ اگر سنت یا نفل پڑھ رہا ہو تو یہ اس کے مذہب پسند ہونے اور محبت الہیٰ سے سرشار ہونے کی علامت ہے۔
➋ اگر نماز استخارہ پڑھے تو یہ بہتر انجام کی دلیل ہے۔
——————

نمک :

یہ دنیا سے بے رغبت ہونے اور خیر و برکت کی علامت ہے۔
——————

حضرت نوح علیہ السلام :

➊ حضرت نوح علیہ السلام کی زیارت کرنے کی تعبیر لمبی زندگی ہے اور یہ اس بات کی علامت ہے کہ اسے لوگوں کی طرف سے دکھ اور تکلیف پہنچے گی۔ بالآخر وہ شخص کامیاب اور صاحب اولا د ہو گا اور اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہو گا۔
➋ کچھ علماء کہتے ہیں کہ یہ کافروں کی تباہی و بربادی اور اہل ایمان کے تحفظ اور نجات کی علامت ہے۔
——————

نوجوان :

نوجوان کو دیکھنا متحرک اور طاقتور ہونے کی علامت ہے۔
——————

نہانا :

غسل کرنا گناہوں سے توبہ کرنے اور فریضہ ادا کرنے کی علامت ہے۔
➊ اگر سردی میں ٹھنڈے پانی سے نہائے تو یہ پریشانیوں اور تکلیفوں کی علامت ہے۔
➋ اگر سردی کے موسم میں گر م پانی سے نہائے تو یہ مفادات کے حصول اور بیماری سے شفا کی دلیل ہے۔
➌ اگر احرام پہنے اور مکہ میں داخل ہونے کے لیے غسل کرے تو یہ خوشی و مسرت کی دلیل ہے، نیز اس بات کی علامت ہے کہ وہ بچھڑنے والوں سے ملے گا اور قرض ادا کرے گا۔
➍ اگر نہانے کے بعد نیا لباس پہن لے اور خواب دیکھنے والا مریض ہو تو یہ بیماری سے شفایاب ہونے کی علامت ہے۔ اگر وہ مقروض ہو تو قرض کی ادائیگی کی دلیل ہے۔ اگر وہ قید ہو تو یہ رہائی کی دلیل ہے اگر پریشان ہو تو یہ پریشانی کے خاتمے کی علامت ہے۔ اگر اس نے حج نہ کیا ہو تو یہ حج سے بہرہ ور ہونے کی دلیل ہے۔ اگر وہ غریب ہو تو وہ دولت مند ہونے والا ہے۔
➎ بوسید و لباس پہننا پریشانی کے ختم ہو جانے اور غریب ہونے کی علامت ہے۔
➏ دونوں ہاتھوں کو صابن سے دھونا ادائیگی قرض اور پریشانی کے خاتمہ کی نشانی ہے۔
——————

نہر :

➊ نہر اور دریا میں سے پانی پینا ناپسندیدہ ہے۔ جیسا کہ ارشاد باری تعالیٰ ہے :
«إِنَّ اللَّهَ مُبْتَلِيكُمْ بِنَهَرٍ فَمَنْ شَرِبَ مِنْهُ فَلَيْسَ مِنِّي وَمَنْ لَمْ يَطْعَمْهُ فَإِنَّهُ مِنِّي إِلَّا مَنِ اغْتَرَفَ غُرْفَةً بِيَدِهِ» [2-البقرة:249]
”بے شک اللہ تعالیٰ تمہیں ایک نہر سے آزمانے والا ہے، جس نے اس میں سے پانی پی لیا وہ میرا نہیں اور جو اسے نہ چکھے وہ میرا ہے، ہاں یہ اور بات ہے کہ اپنے ہاتھ سے ایک چلو بھر لے۔“
➋ خواب میں نہر اور دریا دیکھنا رزق کے تسلسل کی علامت ہے۔
——————

نیچے اترنا :

اس کی تعبیر عہدہ و منصب سے معزول ہو جانا یا بیوی کو چھوڑ دینا ہے۔
——————

نیند :

اس کی تعبیر غفلت ہے۔
——————

نیکی کرنا :

خواب میں کوئی نیک کام کرنا مثلاًً راستے سے تکلیف دہ چیز کو ہٹانا یا امر بالمعروف و نہی عن المنکر کا فریضہ سرانجام دینا تجارت میں نفع حاصل کرنے، قرض ادا ہو جانے اور خوف سے پرامن ہونے کی دلیل ہے۔
——————

نیزا :

یہ جنگ لڑائی جھگڑے اور دنگا و فساد کی علامت ہے۔
——————

واؤ

واپس آنا :

دیکھیے ”سفر سے واپسی۔“
——————

وادی :

دیکھیے : ”جنگل۔“
——————

واعظ :

واعظ کی تعبیر رونا اور غم زدہ ہونا ہے۔
——————

وبا :

اس سے مراد لوگوں کو پہنچنے والی تکلیف ہے۔
——————

وزیر :

خواب میں کسی وزیر کو دیکھنا عہدہ و منصب کے حصول کی علامت بھی ہو سکتی ہے اور اہل منصب کے ہاں شنوائی کی دلیل بھی۔

——————
وصیت کرنا :

وصیت کرنے والے اور جسے وصیت کی جا رہی ہے دونوں کے درمیان قرابت داری کی علامت ہے۔ اگر دونوں کے درمیان عداوت ہو تو یہ ان کی باہمی صلح کی طرف اشارہ ہے۔
——————

وضو کرنا :

➊ جرائم اور گناہوں کے کفارہ کی علامت اور ایمان و بلندی درجات کی بشارت ہے۔
➋ غم اور پریشانی کے خاتمہ کی دلیل ہے۔
➌ ادائیگی امانت بھی اس کی تعبیر ہے۔
——————

وعدہ کرنا :

اس کی تعبیر یہ ہے کہ خواب دیکھنے والے کو وعدہ کیے گئے شخص کی طرف سے حسن سلوک حاصل ہو گا۔
——————

وطن کی اداسی :

➊ دوست کی جدائی یا خاوند بیوی کی جدائی کی علامت ہے۔
➋ اگر اداسی کے ساتھ ساتھ آواز سے رونا اور بین بھی ہو تو یہ صورت حال اور بھی بری ہے۔
——————

وفات پانا :

دیکھیے ”موت۔“
——————

وکیل مقرر کرنا :

➊ دولت مند ہونے اور دوسروں کی املاک پر تصرف کا حق حاصل ہو جانے کی علامت ہے۔
➋ اگر وکیل بنانے والا مریض ہو تو اس کی موت کا وقت قریب ہے۔
➌ اگر وہ صحت مند ہو تو وہ بیمار ہونے والا ہے۔
——————

یہ پوسٹ اپنے دوست احباب کیساتھ شئیر کریں

فیس بک
وٹس اپ
ٹویٹر ایکس
ای میل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے