ترجمہ و تفسیر کیلانی — سورۃ يوسف (12) — آیت 49

ثُمَّ یَاۡتِیۡ مِنۡۢ بَعۡدِ ذٰلِکَ عَامٌ فِیۡہِ یُغَاثُ النَّاسُ وَ فِیۡہِ یَعۡصِرُوۡنَ ﴿٪۴۹﴾
پھر اس کے بعد ایک سال آئے گا جس میں لوگوں پر بارش ہوگی اور وہ اس میں نچوڑیں گے۔ En
پھر اس کے بعد ایک سال آئے گا کہ خوب مینہ برسے گا اور لوگ اس میں رس نچوڑیں گے
En
اس کے بعد جو سال آئے گا اس میں لوگوں پر خوب بارش برسائی جائے گی اور اس میں (شیرہٴ انگور بھی) خوب نچوڑیں گے En

تيسير القرآن از مولانا عبدالرحمن کیلانی

49۔ پھر اس کے بعد ایک سال ایسا آئے گا جس میں باران رحمت [48] سے لوگوں کی فریاد رسی کی جائے گی اور اس سال وہ رس نچوڑیں گے
[48] اس آیت کے مطابق سیدنا یوسفؑ نے جو خوشخبری سنائی یہ بادشاہ کے خواب یا اس کی تعبیر کا حصہ نہیں تاہم اللہ نے جو علم آپ کو عطا فرمایا تھا۔ اس کے مطابق آپؑ نے لوگوں کو یہ بشارت بھی دے دی کہ ان چودہ سالوں کے بعد پندرہواں سال ایسا آئے گا جس میں خوب باران رحمت ہو گی اور جن جن چیزوں کو نچوڑ کر ان سے روغن یا رس حاصل کیا جا سکتا ہے۔ ایسے سب غلوں اور پھلوں کی افراط سے پیداوار ہو گی۔ کھیتی باڑی بکثرت ہو گی۔ جانوروں کے تھن دودھ سے بھر جائیں گے اور بالخصوص انگور وغیرہ کو نچوڑ کر لوگ شراب کشید کریں گے۔ یہ آخری بات سائل کے حسب حال بیان فرمائی کیونکہ وہ یہی کام کرتا تھا۔