ترجمہ و تفسیر القرآن الکریم (عبدالسلام بھٹوی) — سورۃ الجاثيه (45) — آیت 28

وَ تَرٰی کُلَّ اُمَّۃٍ جَاثِیَۃً ۟ کُلُّ اُمَّۃٍ تُدۡعٰۤی اِلٰی کِتٰبِہَا ؕ اَلۡیَوۡمَ تُجۡزَوۡنَ مَا کُنۡتُمۡ تَعۡمَلُوۡنَ ﴿۲۸﴾
اور تو ہر امت کو گھٹنوں کے بل گری ہوئی دیکھے گا، ہر امت اپنے اعمال نامہ کی طرف بلائی جائے گی، آج تمھیں اس کا بدلہ دیا جائے گا جوتم کیا کرتے تھے ۔ En
اور تم ہر ایک فرقے کو دیکھو گے کہ گھٹنوں کے بل بیٹھا ہوگا۔ اور ہر ایک جماعت اپنی کتاب (اعمال) کی طرف بلائی جائے گی۔ جو کچھ تم کرتے رہے ہو آج تم کو اس کا بدلہ دیا جائے گا
En
اور آپ دیکھیں گے کہ ہر امت گھٹنوں کے بل گری ہوئی ہوگی۔ ہر گروه اپنے نامہٴ اعمال کی طرف بلایا جائے گا، آج تمہیں اپنے کیے کا بدلہ دیا جائے گا En

تفسیر القرآن کریم از عبدالسلام بن محمد

(آیت 28) ➊ {وَ تَرٰى كُلَّ اُمَّةٍ جَاثِيَةً: جَاثِيَةً جَثَا يَجْثُوْ جُثُوًّا} (ن) یا {جَثٰي يَجْثِيْ جُثِيًّا} (ض) سے اسم فاعل ہے، گھٹنوں کے بل گری ہوئی۔ یعنی میدانِ حشر کا ایسا ہول اور رعب ہو گا کہ ہر امت شدید خوف زدہ ہو کر گھٹنوں کے بل گری ہوئی ہو گی۔ نیک ہوں یا بد، سب خوف و دہشت کے ساتھ اسی حالت میں فیصلے کا انتظار کر رہے ہوں گے۔ اس وقت بڑے سے بڑے متکبر کی بھی ساری شیخی اور اکڑ ختم ہو جائے گی۔
➋ { كُلُّ اُمَّةٍ تُدْعٰۤى اِلٰى كِتٰبِهَا: كِتَابٌ} سے مراد کتابِ اعمال ہے، جس میں ان کی زندگی کی ساری رو داد حرف بحرف لکھی ہو گی، جیسا کہ فرمایا: «‏‏‏‏وَ وُضِعَ الْكِتٰبُ فَتَرَى الْمُجْرِمِيْنَ مُشْفِقِيْنَ مِمَّا فِيْهِ وَ يَقُوْلُوْنَ يٰوَيْلَتَنَا مَالِ هٰذَا الْكِتٰبِ لَا يُغَادِرُ صَغِيْرَةً وَّ لَا كَبِيْرَةً اِلَّاۤ اَحْصٰىهَا» ‏‏‏‏ [الکھف: ۴۹] اور کتاب رکھی جائے گی، پس تو مجرموں کو دیکھے گا کہ اس سے ڈرنے والے ہوں گے جو اس میں ہوگا اور کہیں گے ہائے ہماری بربادی! اس کتاب کو کیا ہے، نہ کوئی چھوٹی بات چھوڑتی ہے اور نہ بڑی مگر اس نے اسے ضبط کر رکھا ہے۔ بعض نے فرمایا، اس کتاب سے مراد وہ کتاب ہے جو ہر امت کی طرف ان کے پیغمبر کے ذریعے سے بھیجی گئی، یعنی ہر امت کو اس کی کتاب کی طرف بلایا جائے گا، تاکہ وہ دیکھے کہ اس نے اس پر کہاں تک عمل کیا اور اس کے مطابق اسے جزا دی جائے۔ سیاق کی مناسبت سے پہلا معنی زیادہ درست ہے۔ مزید دیکھیے سورۂ بنی اسرائیل (۱۳، ۱۴)۔
➌ { اَلْيَوْمَ تُجْزَوْنَ مَا كُنْتُمْ تَعْمَلُوْنَ:} اس سے پہلے کچھ الفاظ محذوف ہیں: {أَيْ يُقَالُ لَهُمْ} یعنی ان سے یہ بات کہی جائے گی۔