وَ لَسَوۡفَ یَرۡضٰی ﴿٪۲۱﴾
ترجمہ عبدالسلام بن محمد بھٹوی
اور یقینا عنقریب وہ راضی ہو جائے گا۔
ترجمہ فتح محمد جالندھری
اور وہ عنقریب خوش ہو جائے گا
ترجمہ محمد جوناگڑھی
یقیناً وه (اللہ بھی) عنقریب رضامند ہو جائے گا
تفسیر القرآن کریم از عبدالسلام بن محمد
(آیت 21){ وَ لَسَوْفَ يَرْضٰى:} یعنی جنت کی بے بہا نعمتیں اور بلند مراتب پا کر ضرور خوش ہوگا۔ اکثر مفسرین نے صحیح احادیث و آثار کی رو سے کہا ہے کہ اس سورت میں خرچ کرنے والے سے مراد ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ ہیں کہ وہ کمزور مسلمان غلاموں کو کفار کے مظالم سے بچانے کے لیے خرید کر آزاد کر دیتے اور نیکی کا ہر کام خوشی خوشی محض رضائے الٰہی کے لیے کرتے تھے۔ یقینا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ ان آیات کا اوّلین مصداق ہیں مگر الفاظ عام ہیں، اس لیے ان میں ہر وہ مسلمان داخل ہے جو ان صفات کا حامل ہے۔
تفسیر احسن البیان از حافظ صلاح الدین یوسف
21۔ 1 یعنی جو شخص ان صفات کا حامل ہوگا، اللہ تعالیٰ اسے جنت کی نعمتیں اور عزت و شرف عطا فرمائے گا۔ جس سے وہ راضی ہوجائے گا، اکثر مفسرین نے کہا ہے بلکہ بعض نے اجماع تک نقل کیا ہے کہ یہ آیات حضرت ابوبکر کی شان میں نازل ہوئی ہیں۔ تاہم معنی و مفہوم کے اعتبار سے عام ہیں جو بھی ان صفات عالیہ سے متصف ہوگا، وہ بارگاہ الہی میں ان کا مصداق قرار پائے گا۔
تيسير القرآن از مولانا عبدالرحمن کیلانی
اس آیت کے لیے تفسیر کیلانی دستیاب نہیں۔
تفسیر ابن کثیر مع تخریج و تحکیم
اس آیت کی تفسیر اگلی آیات کیساتھ ملاحظہ کریں۔