ترجمہ و تفسیر — سورۃ المرسلات (77) — آیت 38

ہٰذَا یَوۡمُ الۡفَصۡلِ ۚ جَمَعۡنٰکُمۡ وَ الۡاَوَّلِیۡنَ ﴿۳۸﴾
یہ فیصلے کا دن ہے، ہم نے تمھیں اور پہلوں کو اکٹھا کر دیا ہے۔ En
یہی فیصلے کا دن ہے (جس میں) ہم نے تم کو اور پہلے لوگوں کو جمع کیا ہے
En
یہ ہے فیصلے کا دن ہم نے تمہیں اور اگلوں کو سب کو جمع کرلیا ہے En

تفسیر القرآن کریم از عبدالسلام بن محمد

(آیت 38تا40) {هٰذَا يَوْمُ الْفَصْلِ …:} مجرموں کو ذلیل و خوار کرنے کے لیے کہا جائے گا کہ آج فیصلے کا دن ہے، جس میں ہم نے تمھیں اور تم سے پہلے سب جھٹلانے والوں کو جمع کر دیا ہے۔ دنیا میں تم زبردست چالیں چلتے اور سازشیں کرتے تھے، اب سب مل کر اپنے بچاؤ کی کوئی خفیہ تدبیر کر سکتے ہو تو کرلو۔ جسمانی عذاب کے ساتھ یہ ذہنی عذاب ہو گا۔

تفسیر احسن البیان از حافظ صلاح الدین یوسف

38۔ 1 یہ اللہ کے بندوں سے خطاب فرمائے گا کہ ہم نے تمہیں اپنی قدرت کاملہ سے فیصلہ کرنے کے لئے ایک ہی میدان میں جمع کرلیا۔

تيسير القرآن از مولانا عبدالرحمن کیلانی

38۔ یہی فیصلے کا دن ہے ہم نے تمہیں بھی اور پہلوں کو بھی جمع کر دیا ہے۔

تفسیر ابن کثیر مع تخریج و تحکیم

اس آیت کی تفسیر اگلی آیات کیساتھ ملاحظہ کریں۔

تفسیر السعدی (تیسیر الکریم الرحمٰن) از شیخ عبدالرحمٰن السعدی

﴿ هٰؔذَا یَوْمُ الْفَصْلِ١ۚ جَمَعْنٰكُمْ وَالْاَوَّلِیْ٘نَ یہی فیصلے کا دن ہے، ہم نے تم کو اور پہلے لوگوں کو جمع کیا ہے۔ تاکہ ہم تمھارے درمیان تفریق کریں اور تمام خلائق کے درمیان فیصلہ کریں۔ ﴿ فَاِنْ كَانَ لَكُمْ كَیْدٌ اگر تمھارے پاس کوئی تدبیر ہو۔ جس کے ذریعے سے تم میری بادشاہت سے باہر نکلنے کی قدرت رکھتے ہو اور میرے عذاب سے بچ سکتے ہو ﴿ فَكِیْدُوْنِ تو تم میرے خلاف تدبیر کرلو۔یعنی تمھیں ایسا کرنے کی قدرت حاصل ہے نہ طاقت جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ﴿ یٰمَعْشَرَ الْ٘جِنِّ وَالْاِنْ٘سِ اِنِ اسْتَطَعْتُمْ اَنْ تَنْفُذُوْا مِنْ اَقْطَارِ السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضِ فَانْفُذُوْا١ؕ لَا تَنْفُذُوْنَ اِلَّا بِسُلْطٰ٘نٍ (الرحمن:55؍33) اے جن و انس کے گروہ! اگر تم یہ طاقت رکھتے ہو کہ آسمانوں اور زمین کے کناروں سے نکل جاؤ تو نکل بھاگو، تم طاقت کے بغیر نہیں نکل سکتے۔ اس دن ظالموں کے تمام حیلے باطل ہو جائیں گے، ان کا مکر و فریب ختم ہو جائے گا، وہ اپنے آپ کو اللہ تعالیٰ کے عذاب کے حوالے کر دیں گے اور ان کی تکذیب میں ان کا جھوٹ ان کے سامنے صاف ظاہر ہو جائے گا ﴿ وَیْلٌ یَّوْمَىِٕذٍ لِّلْمُكَذِّبِیْنَ اس دن ہلاکت ہے جھٹلانے والوں کے لیے۔
عربی متن (تفسیر السعدی) دیکھیں

{هذا يومُ الفصل جَمَعْناكم والأوَّلينَ}: لنفصل بينَكم ونحكُمَ بين الخلائق. {فإن كانَ لكم كيدٌ}: تقدِرون على الخروج عن ملكي وتَنْجونَ به من عذابي، {فكيدونِ}؛ أي: ليس لكم قدرةٌ ولا سلطانٌ؛ كما قال تعالى: {يا معشرَ الجنِّ والإنسِ إنِ اسْتَطَعْتُم أن تنفُذوا من أقطارِ السمواتِ والأرضِ فانفُذوا، لا تَنفُذون إلاَّ بسلطانٍ}؛ ففي ذلك اليوم تبطُل حيل الظالمين، ويضمحلُّ مكرُهم وكيدُهم ويستسلمون لعذابِ الله، ويبين لهم كذِبُهم في تكذيبهم. {ويلٌ يومئذٍ للمكذِّبين}.