(آیت 12) {لِنَجْعَلَهَالَكُمْتَذْكِرَةً: ”لِنَجْعَلَهَا“} میں {”هَا“} ضمیر اس واقعہ کی طرف جا رہی ہے، یعنی ”تاکہ ہم اس واقعہ کو تمھارے لیے ایک نصیحت اور یاد گار بنا دیں۔“ نوح علیہ السلام کی قوم کا یہ واقعہ پشت در پشت نقل ہو کر آرہا تھا اور عرب کے لوگ اچھی طرح اس سے واقف تھے۔ بعض مفسرین نے اس ضمیر {”هَا“} سے مراد {”الْجَارِيَةِ“} (کشی) بھی لیا ہے، مگر اس کے بعد آنے والے الفاظ {”وَتَعِيَهَاۤاُذُنٌوَّاعِيَةٌ“} (اور اسے یاد رکھنے والا کان یاد رکھے) سے ظاہر ہو رہا ہے کہ ضمیر سے مراد ”واقعہ“ہے، کیونکہ {”وَعٰييَعِيْ“} کا معنی سوچ سمجھ کر سننا اور یاد رکھنا ہوتا ہے۔ {”اُذُنٌ“} (کان) سے مراد کانوں والے انسان ہیں، جو واقعہ کو سنیں تو اس سے عبرت پکڑیں کہ آخرت کے انکار اور اللہ کے رسولوں کو جھٹلانے کا انجام کتنا ہو لناک ہوتا ہے۔
تفسیر احسن البیان از حافظ صلاح الدین یوسف
12۔ 1 یعنی یہ فعل کہ کافروں کو پانی میں غرق کردیا اور مومنوں کو کشتی میں سوار کرا کے بچا لیا تمہارے لیے اس کو عبرت و نصیحت بنادیں تاکہ تم اس سے نصیحت حاصل کرو اور اللہ کی نافرمانی سے بچو۔ یعنی سننے والے اسے سن کر یاد رکھیں اور وہ بھی اس سے عبرت پکڑیں۔
تيسير القرآن از مولانا عبدالرحمن کیلانی
12۔ تاکہ ہم اسے تمہارے لیے ایک یادگار [9] بنا دیں اور یاد رکھنے [10] والے کان اس کی یاد کو محفوظ رکھیں
[9] طوفان نوح اور کشتی :۔
یعنی طوفان کا یہ حال تھا کہ پانی کی اتنی کثیر مقدار جمع ہو گئی تھی کہ پہاڑ تک اس طوفان میں ڈوب گئے تھے۔ اتنے مہیب طوفان کے مقابلہ میں ایک کشتی کی بھلا حقیقت ہی کیا تھی جو اس طوفان کے تھپیڑوں کا مقابلہ کر سکتی۔ خصوصاً جب کہ اس میں سوار لوگوں کو یہ بھی معلوم نہ تھا کہ ان کی منزل مقصود کس سمت کو ہے؟ ظاہری اسباب پر انحصار کیا جائے تو ایسا ہی معلوم ہوتا ہے کہ نہ اس کشتی کے بچنے کی کوئی صورت تھی اور نہ اس میں سوار انسانوں کی۔ یہ ہماری قدرت اور ہمارا احسان ہی تھا کہ اس کشتی کے ذریعہ ہم نے اپنے فرمانبرداروں کو بچا لیا اور لوگوں کو اپنی قدرت و حکمت کا ایسا کرشمہ دکھا دیا کہ رہتی دنیا تک لوگ اس واقعہ کو یاد رکھیں۔ [10] یعنی وہ لوگ جو کوئی بات سن کر سنی ان سنی نہیں کر دیتے۔ بلکہ اس میں غور کرتے، اس سے عبرت حاصل کرتے، پھر اسے یاد بھی رکھتے ہیں۔
تفسیر ابن کثیر مع تخریج و تحکیم
اس آیت کی تفسیر اگلی آیات کیساتھ ملاحظہ کریں۔
اہم:
ویب سائٹ یا موبائل ایپ پر کوئی خرابی نظر آئے تو براہِ کرم فوری طور پر
واٹس اپ
پر اطلاع دیں یا
ای میل کریں۔