ترجمہ و تفسیر — سورۃ الطور (52) — آیت 34

فَلۡیَاۡتُوۡا بِحَدِیۡثٍ مِّثۡلِہٖۤ اِنۡ کَانُوۡا صٰدِقِیۡنَ ﴿ؕ۳۴﴾
پس وہ اس جیسی ایک ہی بات بنا کر لے آئیں، اگر سچے ہیں۔ En
اگر یہ سچے ہیں تو ایسا کلام بنا تو لائیں
En
اچھا اگر یہ سچے ہیں تو بھلا اس جیسی ایک (ہی) بات یہ (بھی) تو لے آئیں En

تفسیر القرآن کریم از عبدالسلام بن محمد

(آیت 34) {فَلْيَاْتُوْا بِحَدِيْثٍ مِّثْلِهٖۤ اِنْ كَانُوْا صٰدِقِيْنَ:} یعنی اگر یہ اسے رسول کا اپنے پاس سے گھڑا ہوا انسانی کلام سمجھتے ہیں تو وہ بھی اس جیسی ایک بات ہی بنا کر لے آئیں، اگر سچے ہیں۔ آخر وہ بھی اہلِ زبان ہیں، انھیں اپنی فصاحت و بلاغت پر ناز ہے، پھر انھیں یہ بھی پیش کش ہے کہ اللہ تعالیٰ کے علاوہ ساری کائنات کو ساتھ ملا کر اس جیسی ایک بات بنا کر لے آئیں۔ قرآن مجید کے ان مقامات پر بھی نظر ڈال لیں، سورۂ بقرہ (۲۳)، یونس (۳۸)، ہود (۱۳) اور بنی اسرائیل (۸۸)۔

تفسیر احسن البیان از حافظ صلاح الدین یوسف

34۔ 1 یعنی اگر یہ اپنے دعوے میں سچے ہیں کہ یہ قرآن محمد صلی اللہ علیہ وسلم کا اپنا گھڑا ہوا ہے تو پھر یہ بھی اس جیسی کتاب بنا کر پیش کردیں جو نظم، اعجاز، حسن بیان، حقائق کے مسائل میں اس کا مقابلہ کرسکیں۔

تيسير القرآن از مولانا عبدالرحمن کیلانی

34۔ اگر وہ (ان باتوں میں) سچے ہیں تو پھر اسی جیسا [27] کوئی کلام بنا لائیں
[27] اس کی تشریح کے لیے دیکھیے سورۃ بقرہ کی آیت نمبر 29 کا حاشیہ

تفسیر ابن کثیر مع تخریج و تحکیم

اس آیت کی تفسیر اگلی آیات کیساتھ ملاحظہ کریں۔