ترجمہ و تفسیر — سورۃ الزخرف (43) — آیت 3

اِنَّا جَعَلۡنٰہُ قُرۡءٰنًا عَرَبِیًّا لَّعَلَّکُمۡ تَعۡقِلُوۡنَ ۚ﴿۳﴾
بے شک ہم نے اسے عربی قرآن بنایا، تاکہ تم سمجھو۔ En
کہ ہم نے اس کو قرآن عربی بنایا ہے تاکہ تم سمجھو
En
ہم نے اس کو عربی زبان کا قرآن بنایا ہے کہ تم سمجھ لو En

تفسیر القرآن کریم از عبدالسلام بن محمد

(آیت 3){ اِنَّا جَعَلْنٰهُ قُرْءٰنًا عَرَبِيًّا …:} اس آیت میں یہ یقین دلانے کے ساتھ کہ اس کتاب کو ہم نے ہی نازل کیا ہے، اسے عربی قرآن بنا کر نازل کرنے کی حکمت بیان فرمائی ہے۔ تفصیل کے لیے دیکھیے سورۂ یوسف کی آیت (۲) کی تفسیر۔

تفسیر احسن البیان از حافظ صلاح الدین یوسف

3۔ 1 جو دنیا کی فصیح ترین زبان ہے، دوسرے، اس کے اولین مخاطب بھی عرب تھے، انہی کی زبان میں قرآن اتارا تاکہ وہ سمجھنا چاہیں تو آسانی سے سمجھ سکیں۔

تيسير القرآن از مولانا عبدالرحمن کیلانی

3۔ کہ ہم نے عربی زبان [2] کا قرآن بنایا ہے تاکہ تم اسے سمجھ سکو
[2] اس کے دو مطلب ہیں ایک یہ کہ تمہیں اس کے مضامین و مطالب سمجھنے میں آسانی ہو۔ تم عربی زبان بولتے ہو اور قرآن عربی زبان میں اس لیے اتارا گیا کہ تمہیں سمجھنے میں کوئی دشواری پیش نہ آئے۔ اور دوسرا مطلب یہ ہے کہ اگر تم تھوڑی سی بھی عقل و فکر سے کام لو اس کے شیریں انداز بیان، اس کی فصاحت و بلاغت، اس کی تاثیر، اس کے احکام کی حکمت میں غور کرو تو تمہیں از خود معلوم ہو جائے گا کہ یہ کلام کسی انسان کا کلام نہیں ہو سکتا۔

تفسیر ابن کثیر مع تخریج و تحکیم

اس آیت کی تفسیر اگلی آیات کیساتھ ملاحظہ کریں۔