ترجمہ و تفسیر — سورۃ ص (38) — آیت 3

کَمۡ اَہۡلَکۡنَا مِنۡ قَبۡلِہِمۡ مِّنۡ قَرۡنٍ فَنَادَوۡا وَّ لَاتَ حِیۡنَ مَنَاصٍ ﴿۳﴾
ان سے پہلے ہم نے کتنی ہی قوموں کو ہلاک کر دیا تو انھوں نے پکارا اوروہ بچ نکلنے کا وقت نہیں تھا۔ En
ہم نے ان سے پہلے بہت سی اُمتوں کو ہلاک کردیا تو وہ (عذاب کے وقت) لگے فریاد کرنے اور وہ رہائی کا وقت نہیں تھا
En
ہم نے ان سے پہلے بھی بہت سی امتوں کو تباه کر ڈاﻻ انہوں نے ہر چند چیﺦ وپکار کی لیکن وه وقت چھٹکارے کا نہ تھا En

تفسیر القرآن کریم از عبدالسلام بن محمد

(آیت 3) ➊ {كَمْ اَهْلَكْنَا مِنْ قَبْلِهِمْ مِّنْ قَرْنٍ:} اس آیت میں قریش اور اس امت کے تمام کفار کو پہلی امتوں کے تکبرّ اور انکار کے انجام بد سے ڈرایا ہے۔ { اَهْلَكْنَا } جمع متکلم کا لفظ اپنی عظمت کے اظہار کے لیے لائے ہیں۔ { قَرْنٍ } زمانے کی اتنی مدت جس میں ایک دوسرے سے ملنے والی ایک نسل ختم ہو جائے۔ راجح قول کے مطابق یہ مدت سو سال ہے، مراد ایک زمانے کے لوگ ہیں۔ { كَمْ } خبریہ ہے، مطلب یہ ہے کہ ہم نے ان سے پہلے بہت سی نسلوں اور قوموں کو ہلاک کر دیا۔
➋ { فَنَادَوْا وَّ لَاتَ حِيْنَ مَنَاصٍ: لَاتَ لَا} نافیہ ہی ہے، جس پر مبالغہ کے لیے تاء کا اضافہ کیا گیا ہے۔ یہ ہمیشہ لفظ { حِيْنَ } یا وقت کا معنی دینے والے الفاظ پر آتا ہے۔ اس کا اسم محذوف ہے اور { حِيْنَ مَنَاصٍ } اس کی خبر ہے۔ گویا عبارت یہ ہے: {وَلَاتَ الْحِيْنُ حِيْنَ مَنَاصٍ۔ مَنَاصٍ نَاصَ يَنُوْصُ نَوْصًا} سے مصدر میمی ہے۔ اس کا معنی {فَرَّ مِنْ فُلَانٍ} کسی سے بھاگ جانا بھی ہے اور {نَجَا وَ فَاتَ} (بچ کر نکل جانا بھی) مطلب یہ ہے کہ جب ان قوموں نے ہماری طرف سے آنے والی ہلاکت اور عذاب کی نشانیوں کو دیکھا تو انھوں نے پکارا، یعنی مدد کے لیے اور ہلاکت سے بچانے کے لیے پکارا اور ایمان لانے کا اقرار کیا مگر وہ وقت ہمارے عذاب سے بھاگنے یا بچ نکلنے کا نہیں تھا، کیونکہ ہمارا قاعدہ ہے کہ جب ہمارا عذاب آ جائے تو پھر ایمان لانے یا توبہ کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔ اس آیت کی ہم معنی آیات کے لیے دیکھیے سورۂ مؤمنون (۶۴، ۶۵)، مؤمن (۸۴، ۸۵) اور انبیاء (۱۱ تا ۱۳)۔

تفسیر احسن البیان از حافظ صلاح الدین یوسف

3۔ 1 جو ان سے زیادہ مضبوط اور قوت والے تھے لیکن کفر و جھٹلانے کی وجہ سے برے انجام سے دوچار ہوئے۔

تيسير القرآن از مولانا عبدالرحمن کیلانی

3۔ ان سے پہلے ہم کئی قومیں ہلاک کر چکے ہیں (عذاب کے وقت) انہوں نے چیخ و پکار شروع کر دی۔ حالانکہ تب مخلصی کا وقت [2] نہ رہا تھا
[2] سابقہ اقوام نے بھی یہی کچھ کیا تھا۔ پھر جب ان پر اللہ کا عذاب آگیا اس وقت وہ اللہ سے فریاد کرنے لگے اور ایمان کا اقرار کرنے لگے۔ حالانکہ توبہ و استغفار اور ایمان لانے کا وقت گزر چکا تھا۔ وہ تو عذاب کے نزول یا موت سے پہلے پہلے ہی ہوتا ہے۔ بعد میں کوئی بات کچھ فائدہ نہیں دے سکتی۔

تفسیر ابن کثیر مع تخریج و تحکیم

اس آیت کی تفسیر اگلی آیات کیساتھ ملاحظہ کریں۔