شعب الایمان — حدیث نمبر 9096

باب: ایمان کی شاخوں میں سے سڑسٹھویں شاخ: پڑوسی کے اکرام کا باب۔

السابع والستون من شعب الإيمان وهو باب في إكرام الجار

حدیث نمبر: 9096
أَخْبَرَنَا أَبُو الْحَسَنِ عَلِيُّ بْنُ مُحَمَّدٍ الْمُقْرِئُ ، قَالَ أَخْبَرَنَا الْحَسَنُ بْنُ مُحَمَّدِ بْنِ إِسْحَاقَ ، حَدَّثَنَا يُوسُفُ بْنُ يَعْقُوبَ ، قَالَ حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ أَبِي بَكْرٍ ، قَالَ حَدَّثَنَا جَعْفَرُ بْنُ سُلَيْمَانَ ، عَنْ أَبِي طَارِقٍ ، عَنِ الْحَسَنِ ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : "مَنْ يَأْخُذُ هَؤُلَاءِ الْكَلِمَاتِ فَيَعْمَلْ بِهِنَّ أَوْ يُعَلِّمْهُنَّ مَنْ يَعْمَلُ بِهِنَّ ؟ " قَالَ أَبُو هُرَيْرَةَ : قُلْتُ أَنَا ، فَأَخَذَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَدِي ، فَعَقَدَ فِيهَا خَمْسًا ، فَقَالَ : "اتَّقِ الْمَحَارِمَ تَكُنْ أَعْبَدَ النَّاسِ ، وَارْضَ بِمَا قَسَمَ اللَّهُ لَكَ تَكُنْ أَغْنَى النَّاسِ ، وَأَحْسِنْ إِلَى جَارِكَ تَكُنْ مُؤْمِنًا ، وَأَحِبَّ لِلنَّاسِ مَا تُحِبُّ لِنَفْسِكَ تَكُنْ مُسْلِمًا ، وَلَا تَكْثُرِ الضَّحِكَ فَإِنَّ كَثْرَةَ الضَّحِكَ تُمِيتُ الْقَلْبَ " .
ترجمہ

سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”کون ہے جو ان کلمات کو لے کر ان پر عمل کرے، یا ان لوگوں کو سکھائے جو ان پر عمل کریں؟“ سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں: میں نے عرض کیا: ”میں (حاضر ہوں)۔“ چنانچہ رسول اللہ ﷺ نے میرا ہاتھ پکڑا اور اس میں پانچ باتیں گن کر شمار کرائیں، پھر فرمایا: ”حرام کاموں سے بچو، تم سب لوگوں سے بڑھ کر عبادت گزار ہو جاؤ گے۔ اللہ نے جو کچھ تمہاری قسمت میں رکھا ہے اس پر راضی رہو، تم سب لوگوں سے زیادہ غنی ہو جاؤ گے۔ اپنے پڑوسی کے ساتھ اچھا سلوک کرو، تم مومن ہو جاؤ گے۔ لوگوں کے لیے وہی پسند کرو جو اپنے لیے پسند کرتے ہو، تم مسلمان ہو جاؤ گے۔ اور زیادہ مت ہنسا کرو، کیونکہ زیادہ ہنسنا دل کو مردہ کر دیتا ہے۔“

حوالہ حدیث شعب الإيمان / السابع والستون من شعب الايمان وهو باب في اكرام الجار / حدیث: 9096
دوسری ترقیم دار الکتب العلمیہ (تحقیق زغلول): 9543
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: حسن، الصحيحة (930) ، تخريج المشكلة (17) (سنن الترمذي 2305) , شیخ زبیر علی زئی: إسناده ضعيف, أبو طارق مجهول (تقريب:8182),والحسن البصري مدلس وعنعن,انوار الصحيفة ص 251 (سنن الترمذي 2305) , تحقیق (د. عبد العلی عبد الحمید حامد): إسناده: ضعيف والحديث حسن بشواهده
تخریج حدیث «قال عبد العلي عبد الحميد حامد: إسناده: ضعيف والحديث حسن بشواهده (شعب الإيمان ط الرشد: 12/ 92) . »
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ترمذي: 2305 | سنن ابن ماجه: 4217 | معجم صغير للطبراني: 1052 | شعب الإيمان: 5366 | شعب الإيمان: 10616
رجال الإسناد (من تعليق المحقق):
• جعفر بن سليمان هو الضبعي. . أبو طارق هو السعدي البصري مجهول.
• الحسن هو ابن أبي الحسن البصري.

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 2305 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´حرام چیزوں سے بچنے والا سب سے بڑا عابد ہے۔`
ابوہریرہ رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " کون ایسا شخص ہے جو مجھ سے ان کلمات کو سن کر ان پر عمل کرے یا ایسے شخص کو سکھلائے جو ان پر عمل کرے "، ابوہریرہ رضی الله عنہ کہتے ہیں: میں نے کہا: اللہ کے رسول! میں ایسا کروں گا، تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان پانچ باتوں کو گن کر بتلایا: " تم حرام چیزوں سے بچو، سب لوگوں سے زیادہ عابد ہو جاؤ گے اور اللہ تعالیٰ کی تقسیم شدہ رزق پر راضی رہو، سب لوگوں سے زیادہ بے نیاز رہو گے، اور اپنے پڑوسی کے ساتھ احسان کرو پکے سچے مومن رہو گے۔ اور دوسروں کے لیے وہی پسند کرو۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ترمذي/كتاب الزهد/حدیث: 2305]
اردو حاشہ:
نوٹ:
(متابعات کی بنا پر یہ حدیث حسن ہے، ورنہ اس کے راوی ’’حسن بصری‘‘ کا سماع ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے نہیں ہے، نیز ’’ابوطارق‘‘ مجہول ہیں، نیز ملاحظہ ہو: الصحیحة: 930)
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 2305 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 4217 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´ورع اور تقویٰ و پرہیزگاری کا بیان۔`
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " ابوہریرہ! ورع و تقویٰ والے بن جاؤ، لوگوں میں سب سے زیادہ عبادت گزار ہو جاؤ گے، قانع بن جاؤ، لوگوں میں سب سے زیادہ شکر کرنے والے ہو جاؤ گے، اور لوگوں کے لیے وہی پسند کرو جو اپنے لیے پسند کرتے ہو، مومن ہو جاؤ گے، پڑوسی کے ساتھ حسن سلوک کرو، مسلمان ہو جاؤ گے، اور کم ہنسا کرو، کیونکہ زیادہ ہنسی دل کو مردہ کر دیتی ہے۔‏‏‏‏" [سنن ابن ماجه/كتاب الزهد/حدیث: 4217]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
مذکورہ روایت کو ہمارے فاضل محقق نے سنداً ضعیف قرار دیا ہے جبکہ دیگر محققین نے اسے صحیح قراردیا ہے۔
مسند احمد میں حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے اسی مفہوم کی ایک روایت مروی ہے جس کی بابت مسند احمد کے محققین لکھتے ہیں کہ یہ حدیث جید ہے نیز شیخ البانی نے بھی اسے صحیح قراردیا ہے۔
محققین کی بحث سے تصحیح حدیث والی رائے ہ اقرب الی الصلوب معلوم ہوتی ہے بنابریں مذکورہ روایت سنداً ضعیف ہونے کے باوجود دیگر شواہد اور متابعات کی بنا پر قابل عمل ہے۔
والله اعلم۔
مزید تفصیل کے لیے دیکھیے: (الموسوعة الحديثية مسند الإمام أحمد: 13/ 459 والصحيحة للألباني: رقم: 506، 930، 2046)

(2)
جس طرح نماز روزہ وغیرہ اعمال عبادت میں شامل ہیں اسی طرح گناہوں اور مشکوک کاموں سے پرہیز کرنا بھی عبادت کا ایک پہلو ہے۔
زیادہ عبادت گزار وہ ہے جو عبادت کے دونوں پہلو مد نظر رکھے۔

(3)
موجود نعمتوں پر مطمئن نہ ہونا اور مزید کی حرص رکھنا دل میں شکر کے جذبات پیدا نہیں ہونے دیتا۔
شکر کے لیے ضروری ہے کہ موجود نعمتوں کی اہمیت اور فوائد کو مد نظر رکھا جائے۔
اس سے اللہ کے احسانات کا احساس پیدا ہوگا اور بندہ شکر گزار بن جائے گا۔

(4)
مومن کی امتیازی صفت دوسروں سے حسن سلوک ہے۔

(5)
مسلمان وہ ہے جس کے ہاتھ اور زبان کے ایذا سے دوسرے مسلمان محفوظ رہیں۔
زیادہ اختلافات ان سے پیدا ہوتے ہیں جن کے ساتھ زیادہ میل ملاپ ہوتا ہےاور انسانوں کو ہمسائیوں سے اکثر واسطہ پڑتا رہتا ہے لہٰذا ہمسائیوں سے حسن سلوک کا عادی سب کے ساتھ حسن سلوک کے ساتھ پیش آتا ہے اس طرح وہ صحیح مسلمان بن جاتا ہے۔

(6)
زیادہ ہنسنا غفلت کو ظاہر کرتا ہے اور غفلت اور بے پرواہی مردہ دلی کی علامت ہے اور دل جب مردہ ہوجائے تو اسے اپنے اخروی نفع و نقصان کا احساس نہیں رہتا۔
اس لیے ہنسی مذاق کی زیادتی بری بات ہے البتہ خندہ پیشانی اچھی صفت ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 4217 سے ماخوذ ہے۔