شعب الایمان — حدیث نمبر 8879
باب: فصل: چھینکنے والا الحمد للہ کہے تو اسے جواب دینا۔
فصل في تشميت العاطس إذا حمد الله
فَصْلٌ " فِي تَشْمِيتِ الْعَاطِسِ إِذَا حَمِدَ اللَّهَ "
أَخْبَرَنَا أَبُو بَكْرٍ مُحَمَّدُ بْنُ الْحَسَنِ بْنِ فُورَكٍ ، أَخْبَرَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ جَعْفَرِ ، حَدَّثَنَا يُونُسُ بْنُ حَبِيبِ ، حَدَّثَنَا أَبُو دَاوُدَ ، حَدَّثَنَا ابْنُ أَبِي ذِئْبٍ ، حَدَّثَنَا سَعِيدُ بْنُ أَبِي سَعِيدٍ الْمَقْبُرِيُّ ، عَنْ أَبِيهِ ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ، قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " إِنَّ اللَّهَ تَبَارَكَ وَتَعَالَى يُحِبُّ الْعُطَاسَ وَيَكْرَهُ التَّثَاؤُبَ ، فَإِذَا عَطَسَ أَحَدُكُمْ فَلْيَقُلِ : الْحَمْدُ لِلَّهِ ، - أَوْ - قَالَ : فَقَالَ الْحَمْدُ لِلَّهِ ، فَإِنَّ حَقًّا عَلَى مَنْ سَمِعَهُ أَنْ يَقُولَ يَرْحَمُكَ اللَّهُ ، وَإِذَا تَثَاوَبَ ضَحِكَ الشَّيْطَانُ ، فَلْيُخْفِهِ مَا اسْتَطَاعَ " .
رَوَاهُ الْبُخَارِيُّ فِي الصَّحِيحِ عَنْ آدَمَ عَنِ ابْنِ أَبِي ذِئْبٍ . سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”بے شک اللہ تبارک و تعالیٰ چھینک کو پسند کرتا ہے اور جمائی کو ناپسند کرتا ہے، لہٰذا جب تم میں سے کوئی چھینکے تو وہ «الْحَمْدُ لِلَّهِ» کہے“ (یا راوی نے یوں کہا: ”پھر اس نے «الْحَمْدُ لِلَّهِ» کہا“) ”تو جو شخص اسے سنے اس پر لازم ہے کہ وہ «يَرْحَمُكَ اللَّهُ» کہے، اور جب جمائی آتی ہے تو شیطان ہنستا ہے، لہٰذا آدمی جہاں تک ہو سکے اسے روکے۔“
امام بخاری رحمہ اللہ نے اسے ”صحیح“ میں آدم کے واسطے سے ابن ابی ذئب رحمہ اللہ سے روایت کیا ہے۔
• أبو داود هو الطيالسي.
• ابن أبي ذئب هو محمد بن عبد الرحمن بن أبي ذئب.
تشریح، فوائد و مسائل
(1)
جب انسان سیر ہو کر کھاتا ہے تو زیادہ کھانے کی وجہ سے معدے میں گرانی آ جاتی ہے، اس سے جماہی آتی ہے، اس سے بدن میں سستی پیدا ہوتی ہے۔
حضرات انبیائے کرام علیہم السلام کو اس سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے کیونکہ ان کی یہ حالت نہیں ہوتی۔
(2)
بعض روایات میں نماز کا ذکر ہے کہ دوران نماز میں انگڑائی کو روکنا چاہیے کیونکہ نماز بندے کی بہترین حالت ہے، اس میں بندے کو خاص طور پر اسے روکنے کا اہتمام کرنا چاہیے بصورت دیگر ہر حال میں جماہی کو روکا جائے۔
(فتح الباري: 750/10) (3)
ایک روایت میں ہے: ''جماہی لیتے وقت جانور کی طرح آواز نہ نکالے کیونکہ شیطان اس سے ہنستا ہے۔
'' (سنن ابن ماجة، إقامة الصلوات، حدیث: 968)
شیطان کے ہنسنے کی دو وجہیں ہیں: ٭ جماہی آنے سے چہرہ بگڑتا ہے اور انسان ھَاھَا کی آواز نکالتا ہے، شیطان اس صورت میں انسان کا مذاق اڑاتا ہے کہ کائنات کے چودھری کی شکل و صورت کیسی ہے اور یہ کس طرح حیوانات کی آواز نکال رہا ہے۔
٭ وہ خوشی سے ہنستا ہے کیونکہ جماہی سستی اور کاہلی کی علامت ہے جو شیطان کو پسند ہے، اس لیے کہ کاہلی کی وجہ سے انسان بہت سی نیکیوں سے محروم ہو جاتا ہے۔
واللہ أعلم
(1)
چھینک آنا صحت مندی اور طبیعت کے ہلکے ہونے کی علامت ہے، نیز یہ چستی، ہوشیاری اور دماغ کی صفائی کا باعث ہے۔
اللہ تعالی کو اس لیے پسند ہے کہ انسان چھینک آنے پر الحمدللہ کہتا ہے۔
(2)
اس سے معلوم ہوا کہ اللہ تعالیٰ اس چھینک کو پسند کرتا ہے جو زکام کی وجہ سے نہ ہو کیونکہ زکام والے شخص کی چھینک پر جواب دینا ضروری نہیں۔
شریعت کا قاعدہ ہے کہ ہر اچھی اور بہتر چیز کی نسبت اللہ تعالیٰ کی طرف کی جاتی ہے اور ہر بری کیفیت شیطان کی طرف منسوب ہوتی ہے، اس لیے جماہی کی نسبت شیطان کی طرف کی گئی ہے۔
جماہی کو بند کرنے کی ایک صورت یہ ہے کہ انسان جماہی آنے ہی نہ دے، اگر آئے تو اپنے منہ پر ہاتھ رکھ لے بالخصوص نماز کے دوران میں اسے روکنے کا خاص اہتمام کرے۔
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " اللہ تعالیٰ چھینک کو پسند کرتا ہے اور جمائی کو ناپسند، لہٰذا جب تم میں سے کسی کو جمائی آئے، تو جہاں تک ہو سکے اسے روکے رہے، اور ہاہ ہاہ نہ کہے، اس لیے کہ یہ شیطان کی طرف سے ہوتی ہے، وہ اس پر ہنستا ہے۔" [سنن ابي داود/كتاب الأدب /حدیث: 5028]
1۔
چھینک آنا طبعیت کے ہلکے ہونے اورصحت مندی کی جبکہ جمائی کسل او ر طبعیت کے بوجھل ہونے کی علامت ہوتی ہے۔
اور شریعت میں ہر بُری کیفیت کی نسبت شیطان کی طرف اور ہر خیر اور بہتری کی نسبت اللہ عزوجل کی طرف کی جاتی ہے۔
2۔
جمائی کو بند کرنے کی ایک صورت یہ ہے۔
کہ انسان جمائی آنے ہی نہ دے۔
یا اگر آئے تو منہ پر ہاتھ رکھ لے۔
اور ہاء ہاء کی آواز نہ نکالے۔
بالخصوص نماز کے دوران میں اس کا خاص خیال رکھے۔
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ جب جمائی آئے تو اس کو روکنے کی بھر پور کوشش کرنی چاہیے،کیونکہ جمائی شیطان کی طرف سے ہوتی ہے۔
اس حدیث میں چھینک کے اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہونے کا بیان ہے، کیونکہ چھینک بطور رحمت ہوتی ہے، جس سے انسان کی طبیعت کھل جاتی ہے۔ جمائی سستی اور غفلت کی علامت ہے، اور یہ شیطان کی طرف سے ہوتی ہے، نیز اس حدیث میں جمائی کے آداب کا بھی ذکر ہے کہ جمائی کے وقت منہ پر ہاتھ رکھنا چاہیے، اور منہ پر ہاتھ رکھنے کا مقصد یہ ہے کہ جب انسان جمائی لیتا ہے تو اس وقت اس کا منہ کھل جاتا ہے، اور اندر سے واضح نظر آ تا ہے، ایک تو ہاتھ رکھنے سے منہ کا اندرونی حصہ نظر نہیں آئے گا اور دوسرا جمائی کے وقت منہ سے جو آواز نکلتی ہے، اس پر کنٹرول ہو جاتا ہے۔