ریاض الصالحین — حدیث نمبر 878
باب: چھینکنے والا جب اللہ تعالیٰ کی حمد کرے تو اس کا جواب دینے (یرحمک اللہ کہنے) کا استحباب، اور جب حمد نہ کرے تو جواب دینے کی کراہت، اور چھینک کا جواب دینے، چھینکنے اور جمائی لینے کے آداب کا بیان
باب استحباب تشميت العاطس إِذَا حمد الله تَعَالَى وكراهة تشميته إذا لَمْ يحمد الله تَعَالَى وبيان آداب التشميت والعطاس والتثاؤب
عن أَبي هريرة - رضي الله عنه: أنَّ النبيَّ - صلى الله عليه وسلم - قَالَ: «إنَّ الله يُحِبُّ العُطَاسَ، وَيَكْرَهُ التَّثَاؤُبَ، فَإذَا عَطَسَ أَحَدُكُمْ وَحَمِدَ الله تَعَالَى كَانَ حَقًّا عَلَى كُلِّ مُسْلِمٍ سَمِعَهُ أَنْ يَقُولَ لَهُ: يَرْحَمُكَ اللهُ، وَأَمَّا التَّثَاؤُبُ فَإنَّمَا هُوَ مِنَ الشَّيْطَانِ، فَإذَا تَثَاءبَ أحَدُكُمْ فَلْيَرُدَّهُ مَا اسْتَطَاعَ، فَإنَّ أحَدَكُمْ إِذَا تَثَاءبَ ضَحِكَ مِنْهُ الشَّيْطَانُ». رواه البخاري.سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ”بے شک اللہ چھینک کو پسند کرتا ہے اور جمائی کو ناپسند کرتا ہے، پس جب تم میں سے کوئی چھینکے اور اللہ تعالیٰ کی حمد کرے تو ہر اس مسلمان پر جو اسے سنے، یہ حق ہے کہ وہ اسے کہے: «يَرْحَمُكَ اللهُ» (اللہ تم پر رحم کرے)۔ اور رہی جمائی تو وہ شیطان کی طرف سے ہے، لہٰذا جب تم میں سے کسی کو جمائی آئے تو جہاں تک ہو سکے اسے روکے، کیونکہ جب تم میں سے کوئی جمائی لیتا ہے تو شیطان اس پر ہنستا ہے۔“
(اسے بخاری نے روایت کیا ہے)
تشریح، فوائد و مسائل
(1)
جب انسان سیر ہو کر کھاتا ہے تو زیادہ کھانے کی وجہ سے معدے میں گرانی آ جاتی ہے، اس سے جماہی آتی ہے، اس سے بدن میں سستی پیدا ہوتی ہے۔
حضرات انبیائے کرام علیہم السلام کو اس سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے کیونکہ ان کی یہ حالت نہیں ہوتی۔
(2)
بعض روایات میں نماز کا ذکر ہے کہ دوران نماز میں انگڑائی کو روکنا چاہیے کیونکہ نماز بندے کی بہترین حالت ہے، اس میں بندے کو خاص طور پر اسے روکنے کا اہتمام کرنا چاہیے بصورت دیگر ہر حال میں جماہی کو روکا جائے۔
(فتح الباري: 750/10) (3)
ایک روایت میں ہے: ''جماہی لیتے وقت جانور کی طرح آواز نہ نکالے کیونکہ شیطان اس سے ہنستا ہے۔
'' (سنن ابن ماجة، إقامة الصلوات، حدیث: 968)
شیطان کے ہنسنے کی دو وجہیں ہیں: ٭ جماہی آنے سے چہرہ بگڑتا ہے اور انسان ھَاھَا کی آواز نکالتا ہے، شیطان اس صورت میں انسان کا مذاق اڑاتا ہے کہ کائنات کے چودھری کی شکل و صورت کیسی ہے اور یہ کس طرح حیوانات کی آواز نکال رہا ہے۔
٭ وہ خوشی سے ہنستا ہے کیونکہ جماہی سستی اور کاہلی کی علامت ہے جو شیطان کو پسند ہے، اس لیے کہ کاہلی کی وجہ سے انسان بہت سی نیکیوں سے محروم ہو جاتا ہے۔
واللہ أعلم
(1)
چھینک آنا صحت مندی اور طبیعت کے ہلکے ہونے کی علامت ہے، نیز یہ چستی، ہوشیاری اور دماغ کی صفائی کا باعث ہے۔
اللہ تعالی کو اس لیے پسند ہے کہ انسان چھینک آنے پر الحمدللہ کہتا ہے۔
(2)
اس سے معلوم ہوا کہ اللہ تعالیٰ اس چھینک کو پسند کرتا ہے جو زکام کی وجہ سے نہ ہو کیونکہ زکام والے شخص کی چھینک پر جواب دینا ضروری نہیں۔
شریعت کا قاعدہ ہے کہ ہر اچھی اور بہتر چیز کی نسبت اللہ تعالیٰ کی طرف کی جاتی ہے اور ہر بری کیفیت شیطان کی طرف منسوب ہوتی ہے، اس لیے جماہی کی نسبت شیطان کی طرف کی گئی ہے۔
جماہی کو بند کرنے کی ایک صورت یہ ہے کہ انسان جماہی آنے ہی نہ دے، اگر آئے تو اپنے منہ پر ہاتھ رکھ لے بالخصوص نماز کے دوران میں اسے روکنے کا خاص اہتمام کرے۔
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " اللہ تعالیٰ چھینک کو پسند کرتا ہے اور جمائی کو ناپسند، لہٰذا جب تم میں سے کسی کو جمائی آئے، تو جہاں تک ہو سکے اسے روکے رہے، اور ہاہ ہاہ نہ کہے، اس لیے کہ یہ شیطان کی طرف سے ہوتی ہے، وہ اس پر ہنستا ہے۔" [سنن ابي داود/كتاب الأدب /حدیث: 5028]
1۔
چھینک آنا طبعیت کے ہلکے ہونے اورصحت مندی کی جبکہ جمائی کسل او ر طبعیت کے بوجھل ہونے کی علامت ہوتی ہے۔
اور شریعت میں ہر بُری کیفیت کی نسبت شیطان کی طرف اور ہر خیر اور بہتری کی نسبت اللہ عزوجل کی طرف کی جاتی ہے۔
2۔
جمائی کو بند کرنے کی ایک صورت یہ ہے۔
کہ انسان جمائی آنے ہی نہ دے۔
یا اگر آئے تو منہ پر ہاتھ رکھ لے۔
اور ہاء ہاء کی آواز نہ نکالے۔
بالخصوص نماز کے دوران میں اس کا خاص خیال رکھے۔
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ جب جمائی آئے تو اس کو روکنے کی بھر پور کوشش کرنی چاہیے،کیونکہ جمائی شیطان کی طرف سے ہوتی ہے۔
اس حدیث میں چھینک کے اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہونے کا بیان ہے، کیونکہ چھینک بطور رحمت ہوتی ہے، جس سے انسان کی طبیعت کھل جاتی ہے۔ جمائی سستی اور غفلت کی علامت ہے، اور یہ شیطان کی طرف سے ہوتی ہے، نیز اس حدیث میں جمائی کے آداب کا بھی ذکر ہے کہ جمائی کے وقت منہ پر ہاتھ رکھنا چاہیے، اور منہ پر ہاتھ رکھنے کا مقصد یہ ہے کہ جب انسان جمائی لیتا ہے تو اس وقت اس کا منہ کھل جاتا ہے، اور اندر سے واضح نظر آ تا ہے، ایک تو ہاتھ رکھنے سے منہ کا اندرونی حصہ نظر نہیں آئے گا اور دوسرا جمائی کے وقت منہ سے جو آواز نکلتی ہے، اس پر کنٹرول ہو جاتا ہے۔