شعب الایمان — حدیث نمبر 7757
باب: فصل: نرم خوئی اور سینے کی صفائی۔
فصل في لين الجانب وسلامة الصدر
أَخْبَرَنَا عَلِيُّ بْنُ أَحْمَدَ بْنِ عَبْدَانَ ، أَخْبَرَنَا أَحْمَدُ بْنُ عُبَيْدٍ الصَّفَّارُ ، حَدَّثَنَا تَمْتَامٌ مُحَمَّدُ بْنُ غَالِبٍ ، حَدَّثَنَا مُسْلِمُ بْنُ إِبْرَاهِيمَ ، حَدَّثَنَا شُعْبَةُ ، عَنْ عَبْدِ الْمَلِكِ بْنِ عُمَيْرٍ ، عَنْ رِبْعِيِّ بْنِ حِرَاشٍ ، عَنْ حُذَيْفَةَ ، قَالَ : سَمِعْتُ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقُولُ : " مَاتَ رَجُلٌ فَقِيلَ لَهُ : مَا عَمِلْتَ ؟ قَالَ : كُنْتُ أُبَايِعُ النَّاسَ ، وَأَتَجَاوَزُ فِي السِّكَّةِ ، وَأُنْظِرُ الْمُعْسِرَ فَدَخَلَ الْجَنَّةَ " .
قَالَ أَبُو مَسْعُودٍ الْبَدْرِيُّ : وَأَنَا قَدْ سَمِعْتُهُ مِنَ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ
رَوَاهُ الْبُخَارِيُّ ، عَنْ مُسْلِمِ بْنِ إِبْرَاهِيمَ .
وَأَخَرْجَهُ مُسْلِمٌ مِنْ وَجْهٍ آخَرَ ، عَنْ شُعْبَةَ .سیدنا حذیفہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے نبی ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا: ”ایک آدمی فوت ہوا تو اس سے پوچھا گیا: ”تم نے (دنیا میں) کیا عمل کیا؟“ اس نے کہا: ”میں لوگوں سے خرید و فروخت کرتا تھا اور سکوں (کے لین دین) میں درگزر کرتا تھا، اور تنگ دست کو مہلت دیتا تھا۔“ چنانچہ وہ جنت میں داخل ہو گیا۔“
سیدنا ابو مسعود بدری رضی اللہ عنہ نے کہا: ”میں نے بھی اسے نبی ﷺ سے سنا ہے۔“
اس حدیث کو امام بخاری رحمہ اللہ نے مسلم بن ابراہیم رحمہ اللہ سے روایت کیا ہے۔
اور امام مسلم رحمہ اللہ نے اسے شعبہ رحمہ اللہ سے ایک دوسری سند کے ساتھ روایت کیا ہے۔
تشریح، فوائد و مسائل
اللہ پاک نے قرآن میں فرمایا ﴿وَإِنْ كَانَ ذُو عُسْرَةٍ فَنَظِرَةٌ إِلَى مَيْسَرَةٍ وَأَنْ تَصَدَّقُوا خَيْرٌ لَكُمْ﴾ (البقرة: 280)
یعنی اگر مقروض تنگ دست ہو تو اس کو ڈھیل دینا بہتر ہے۔
اور اگر اس پر صدقہ ہی کردو تو یہ اور بھی بہتر ہے۔
خلاصہ یہ ہے کہ یہ عمل عنداللہ بہت ہی پسندیدہ ہے۔
(1)
اس حدیث سے تقاضا کرتے وقت نرمی کرنے کی فضیلت معلوم ہوتی ہے۔
اللہ تعالیٰ کی بے پایاں رحمت کا بھی ذکر ہے کہ وہ معمولی سی نیکی کے بدلے بڑے بڑے گناہ معاف کر دیتا ہے کیونکہ جب انسان اچھی نیت سے کوئی نیکی کرتا ہے تو اللہ کی رحمت سے وہ خسارے میں نہیں رہتا۔
(2)
حدیث میں مذکور نیکی کو قرآن کریم نے ایک دوسرے انداز سے بیان کیا ہے کہ اگر مقروض تنگ دست ہے تو اسے کشادگی تک مزید مہلت دے دو اور اگر بالکل ہی معاف کر دو تو یہ سب سے زیادہ بہتر ہے۔
(البقرة: 280: 2)
بہرحال تقاضا کرتے وقت نرمی اور فراخ دلی کا مظاہرہ کرنا اللہ کے ہاں انتہائی پسندیدہ عمل ہے۔