شعب الایمان — حدیث نمبر 7202

باب: ایمان کی شاخوں میں سے ترپنویں شاخ: نیکی اور تقویٰ پر باہم تعاون کا باب۔

الثالث والخمسون من شعب الإيمان وهو باب في التعاون على البر والتقوى

حدیث نمبر: 7202
أَخْبَرَنَا أَبُو مُحَمَّدٍ جَنَاحُ بْنُ نَذِيرِ بْنِ جَنَاحٍ الْقَاضِي بِالْكُوفَةِ ، حَدَّثَنَا أَبُو جَعْفَرٍ مُحَمَّدُ بْنُ عَلِيِّ بْنِ دُحَيْمٍ ، حَدَّثَنَا أَحْمَدُ بْنُ حَازِمٍ ، أَخْبَرَنَا جَعْفَرُ بْنُ عَوْنٍ ، أَخْبَرَنَا الْأَعْمَشُ ، عَنْ خَيْثَمَةَ ، قَالَ : سَمِعْتُ النُّعْمَانَ بْنَ بَشِيرٍ ، يَقُولُ : سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقُولُ : " إِنَّمَا الْمُؤْمِنُونَ مِثْلُ رَجُلٍ أَوْ كَرَجُلٍ وَاحِدٍ ، إِذَا اشْتَكَى عَيْنَاهُ اشْتَكَى كُلُّهُ ، وَإِذَا اشْتَكَى رَأْسُهُ اشْتَكَى كُلُّهُ " .
أَخْرَجَهُ مُسْلِمٌ مِنْ وَجْهٍ آخِرَ ، عَنِ الْأَعْمَشِ .
ترجمہ

سیدنا نعمان بن بشیر رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے سنا: ”مومن (باہمی تعلق میں) ایک آدمی کی طرح ہیں، اگر اس کی آنکھیں دکھتی ہیں تو سارا جسم دکھتا ہے، اور اگر اس کا سر دکھتا ہے تو سارا جسم دکھتا ہے۔“
اسے امام مسلم رحمہ اللہ نے اعمش سے ایک دوسری سند کے ساتھ روایت کیا ہے۔

حوالہ حدیث شعب الإيمان / الثالث والخمسون من شعب الايمان وهو باب في التعاون على البر والتقوى / حدیث: 7202
دوسری ترقیم دار الکتب العلمیہ (تحقیق زغلول): 7607
درجۂ حدیث تحقیق (د. عبد العلی عبد الحمید حامد): إسناده: صحيح
تخریج حدیث «قال عبد العلي عبد الحميد حامد: إسناده: صحيح (شعب الإيمان ط الرشد: 10/ 84) . »
«أخرجه البيهقي فى (الآداب) رقم 113، والبخاري فى (صحيحه) 8/ 59، وأحمد فى (مسنده) 3/ 99، 3/ 324، وأبو يعلى فى (مسنده) 6/ 449، وأبو يعلى 3/ 1998 رقم 62، وبهذه الطريق أخرجه الدارمي ص 707، وابن الجعد فى (مسنده) 5/ 902، والبغوي فى (شرح السنة) 13/ 97 رقم 3517»
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 6011 | صحيح مسلم: 2586 | معجم صغير للطبراني: 1161 | رياض الصالحين: 224
رجال الإسناد (من تعليق المحقق):
• خيثمة هو ابن عبد الرحمن بن أبي سبرة.

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 6011 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
6011. حضرت نعمان بن بشیر ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: "تم اہل ایمان کو ایک دوسرے پر رحم کرنے آپس میں محبت کرنے اور ایک دوسرے سے شفقت کے ساتھ پیش آنے میں ایک جسم کی مانند دیکھو گے جس کے ایک عضو کو اگر تکلیف پہنچے تو سارا جسم بے قرار ہو جاتا ہے اس کی نیند اڑ جاتی ہے اور سارا جسم بخار میں مبتلا ہو جاتا ہے۔"[صحيح بخاري، حديث نمبر:6011]
حدیث حاشیہ: مسلمانوں کی یہی شان ہونے چاہیئے مگر آج یہ چیز بالکل نایاب ہے۔
نہیں دستیاب اب دو ایسے مسلماں کہ ہو ایک کو دےکھ کر ایک شاداں
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 6011 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 6011 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
6011. حضرت نعمان بن بشیر ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: "تم اہل ایمان کو ایک دوسرے پر رحم کرنے آپس میں محبت کرنے اور ایک دوسرے سے شفقت کے ساتھ پیش آنے میں ایک جسم کی مانند دیکھو گے جس کے ایک عضو کو اگر تکلیف پہنچے تو سارا جسم بے قرار ہو جاتا ہے اس کی نیند اڑ جاتی ہے اور سارا جسم بخار میں مبتلا ہو جاتا ہے۔"[صحيح بخاري، حديث نمبر:6011]
حدیث حاشیہ:
اس حدیث سے مسلمانوں کے حقوق کی عظمت، ان کی معاونت اور ایک دوسرے پر ان کی شفقت کا پتا چلتا ہے کہ وہ جسد واحد (ایک جسم)
کی طرح ہیں، یعنی تکلیف و راحت میں جسم کے تمام اعضاء آپس میں موافقت کرتے ہیں اور ایک دوسرے کو دکھ میں شرکت کی دعوت دیتے ہیں۔
مسلمانوں کی یہی شان ہونی چاہیے کہ کسی ایک مسلمان کو تکلیف میں مبتلا دیکھ کر تڑپ جائیں اور اس کی مدد کے لیے بےقرار ہو جائیں لیکن دور حاضر میں یہ گوہر نایاب ہے۔
واللہ Eعلم
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 6011 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 2586 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت نعمان بن بشیر رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:"مومنوں کی باہمی محبت کرنے ایک دوسرے پر رحم کرنے اور شفقت و مہربانی کرنے میں تمثیل جسم انسانی کی طرح ہے، جب اس کا کوئی عضو بیمار پڑتا ہے، تکلیف میں مبتلا ہوتا ہے تو اس کی خاطر سارا جسم بے خوابی اور بخار کو دعوت دیتا ہے۔ یعنی جسم کے باقی حصے بھی بے خوابی اور بخار میں شریک ہو جاتے ہیں۔ [صحيح مسلم، حديث نمبر:6586]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: اس حدیث سے معلوم ہوا، ایمان والوں میں باہم ایسی محبت و مودت، ایسی رحمت و شفقت اور ہمدردی و خیرخواہی اور ایسا دلی تعلق ہونا چاہیے کہ دیکھنے والی آنکھ ان کو اس حالت میں دیکھے کہ اگر ان میں سے کوئی دکھ، درد یا تکلیف و مشکل میں مبتلا ہے تو سب اس کو اپنا دکھ، درد اور مصیبت خیال کریں اور سب اس کی پریشانی و بے قراری میں مبتلا ہوں اور اس کو اپنے دکھ، درد کی طرح دور کرنے کی کوشش کریں۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 6586 سے ماخوذ ہے۔