شعب الایمان — حدیث نمبر 7014

باب: فصل: حکمرانوں کی خیر خواہی اور انہیں نصیحت کرنا۔

فصل في نصيحة الولاة ووعظهم

حدیث نمبر: 7014
" فَصْلٌ فِي نَصِيحَةِ الْوُلَاةِ وَوَعْظِهِمْ "
أَخْبَرَنَا أَبُو سَهْلٍ أَحْمَدُ بْنُ مُحَمَّدِ بْنِ إِبْرَاهِيمَ الْمِهْرَانِيُّ ، أَخْبَرَنَا أَبُو بَكْرٍ أَحْمَدُ بْنُ سَلْمَانَ ، قَالَ : قُرِئَ عَلَى الْحَارِثِ بْنِ مُحَمَّدٍ وَأَنَا أَسْمَعُ ، حَدَّثَنَا عَلِيُّ بْنُ عَاصِمٍ ، حَدَّثَنَا سُهَيْلُ بْنُ أَبِي صَالِحٍ ، عَنْ أَبِيهِ ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " إِنَّ اللَّهَ يَرْضَى لَكُمْ ثَلَاثًا ، وَيَسْخَطُ لَكُمْ ثَلَاثًا ، يَرْضَى لَكُمْ أَنْ تَعْبُدُوهُ وَلَا تُشْرِكُوا بِهِ شَيْئًا ، وَأَنْ تَعْتَصِمُوا بِحَبْلِ اللَّهِ جَمِيعًا وَلَا تَفَرَّقُوا ، وَأَنْ تُنَاصِحُوا مَنْ وُلَّاهُ اللَّهُ عَزَّ وَجَلَّ أَمْرَكُمْ ، وَيَسْخَطُ لَكُمْ قِيلَ وَقَالَ ، وَكَثْرَةَ السُّؤَالِ ، وَإِضَاعَةَ الْمَالِ " .
أَخْرَجَهُ مُسْلِمٌ مِنْ حَدِيثِ سُهَيْلٍ .
ترجمہ

سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”بے شک اللہ تعالیٰ تمہارے لیے تین باتوں کو پسند کرتا ہے اور تین باتوں کو ناپسند کرتا ہے۔ وہ تمہارے لیے یہ پسند کرتا ہے کہ تم اسی کی عبادت کرو اور اس کے ساتھ کسی چیز کو شریک نہ ٹھہراؤ، اور یہ کہ تم سب مل کر اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لو اور تفرقہ میں نہ پڑو، اور یہ کہ جسے اللہ عز و جل نے تمہارے معاملات کا والی بنایا ہو اس کی خیرخواہی کرو۔ اور وہ تمہارے لیے ناپسند کرتا ہے: فضول گوئی (سنی سنائی باتوں کو ’فلاں نے یوں کہا، فلاں نے یوں کہا‘ کہہ کر پھیلانا)، کثرتِ سوال، اور مال کا ضائع کرنا۔“
امام بیہقی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: ”اسے امام مسلم رحمہ اللہ نے سہیل کی حدیث سے روایت کیا ہے۔“

حوالہ حدیث شعب الإيمان / التاسع والاربعون من شعب الايمان وهو باب في طاعة اولي الامر بفصولها / حدیث: 7014
دوسری ترقیم دار الکتب العلمیہ (تحقیق زغلول): 7399
درجۂ حدیث تحقیق (د. عبد العلی عبد الحمید حامد): إسناده: لم أعرف فيه شيخ المؤلف والحديث صحيح
تخریج حدیث «قال عبد العلي عبد الحميد حامد: إسناده: لم أعرف فيه شيخ المؤلف والحديث صحيح (شعب الإيمان ط الرشد: 9/ 495) . »
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : رياض الصالحين: 1781 | صحيح مسلم: 1715 | شعب الإيمان: 7089

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 1715 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’اللہ تعالیٰ تمہارے لیے تین باتوں کو پسند کرتا ہے اور تمہاری تین باتوں کو ناپسند فرماتا ہے، وہ تمہارے لیے پسند کرتا ہے کہ تم اس کی بندگی کرو اور اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہراؤ اور تم سب مل کر اللہ کی رسی (قرآن، دین) کو مضبوطی سے پکڑو اور گروہ گروہ نہ بنو اور تمہارے لیے ناپسند کرتا ہے، بلامقصد، قیل و قال (بحث و تمحیص) کرو، بکثرت سوال کرو اور مال ضائع کرو۔‘‘ [صحيح مسلم، حديث نمبر:4481]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: أَنْ تَعْتَصِمُوا بِحَبْلِ اللهِ جَمِيعًا سب مل کر اللہ کی رسی کو مضبوطی سے پکڑو، یعنی دین کی پابندی پورے استحکام و مضبوطی کے ساتھ، وحدت و یگانت کی صورت میں اختیار کرو، ولا تفرقوا، فرقوں اور گروہوں میں تقسیم نہ ہو، اس سے ثابت ہوتا ہے، مسائل میں اختلاف کے باوجود، ان کی بنیاد پر گروہ بندی اور فرقہ سازی درست نہیں ہے، اللہ کو مسلمانوں کی وحدت و یگانت ہی پسند ہے۔
قِيْلَ وَ قَالَ: دونوں فعل ماضی کے صیغے بھی بن سکتے ہیں اور مصدر بھی، مقصد یہ ہے کہ بلا مقصد، فضول بحث و مباحثہ کرنا یا بلا ضرورت دینی مسائل میں بلا تحقیق و احتیاط مختلف اقوال نقل کرنا یا محض اپنی دھونس اور علمی رعب جمانے کے لیے بلا تحقیق، بحث و مناظرہ کرنا درست نہیں ہے۔
كَثرَة السَّوَال: بلا حاجت و ضرورت، محض مال میں اضافہ کرنے کے لیے لوگوں سے مانگنا یا ایسے مسائل پوچھنا جو ابھی پیش نہیں آئے اور نہ آنے کا فی الوقت امکان ہے یا ان میں کسی قسم کا اشکال اور پیچیدگی ہے، مسائل برزخ اور آخرت کے امور کی حقیقت و کیفیت کے بارے میں سوال کرنا یا ایسے سوال کرنا جو انسان کو شک اور حیرت میں ڈالنے والے ہیں، مثلا اللہ نے تمام مخلوقات کو پیدا کیا ہے تو اللہ کو کس نے پیدا کیا ہے۔
إِضَاعة الماَل: یعنی اسراف و تبذیر کرنا یا غیر شرعی کاموں پر مال خرچ کرنا۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 4481 سے ماخوذ ہے۔