شعب الایمان — حدیث نمبر 6619

باب: ایمان کی شاخوں میں سے چھیالیسویں شاخ: نیکی پر خوش ہونے اور برائی پر غمگین ہونے کا باب۔

السادس والأربعون من شعب الإيمان وهو باب في السرور بالحسنة والاغتمام بالسيئة

حدیث نمبر: 6619
أَخْبَرَنَا أَبُو عَبْدِ اللَّهِ الْحَافِظُ ، حَدَّثَنَا أَبُو الْعَبَّاسِ [ مُحَمَّدُ بْنُ يَعْقُوبَ ، حَدَّثَنَا الْعَبَّاسُ ] بْنُ مُحَمَّدٍ الدُّورِيُّ ، حَدَّثَنَا حَجَّاجُ بْنُ مُحَمَّدٍ الْأَعْوَرِ ، قَالَ قَالَ ابْنُ جُرَيْجٍ : أَخْبَرَنِي ابْنُ أَبِي مُلَيْكَةَ ، أَنَّ حُمَيْدَ بْنَ عَبْدِ الرَّحْمَنِ [ بْنِ عَوْنٍ ] ، أَخْبَرَهُ أَنَّ مَرْوَانَ قَالَ : اذْهَبْ يَا رَافِعُ - لِبَوَّابِهِ - إِلَى ابْنِ عَبَّاسٍ ، فَقُلْ : لَئِنْ كَانَ كُلٌّ مِنَّا فَرِحَ بِمَا أَتَى وَأَحَبَّ أَنْ يُحْمَدَ بِمَا لَمْ يَفْعَلْ مُعَذَّبًا لَنُعَذَّبَنَّ أَجْمَعِينَ ، فَقَالَ ابْنُ عَبَّاسٍ : مَا لَكُمْ وَلِهَذِهِ الْآيَةِ إِنَّمَا نَزَلَتْ هَذِهِ فِي أَهْلِ الْكِتَابِ ثُمَّ تَلَا ابْنُ عَبَّاسٍ ( وَإِذْ أَخَذَ اللَّهُ مِيثَاقَ الَّذِينَ أُوتُوا الْكِتَابَ لَتُبَيِّنُنَّهُ لِلنَّاسِ ) الْآيَةَ ، ( وَيُحِبُّونَ أَنْ يُحْمَدُوا بِمَا لَمْ يَفْعَلُوا ) ] الْآيَةَ .
فَقَالَ ابْنُ عَبَّاسٍ : سَأَلَهُمُ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ عَنْ شَيْءٍ فَكَتَمُوهُ وَأَخْبِرُوهُ بِغَيْرِهِ وَقَدْ أَرَوْهُ أَنْ قَدْ أَخْبَرُوهُ بِمَا سَأَلَهُمْ عَنْهُ ، وَاسْتَحْمَدُوا بِذَلِكَ إِلَيْهِ ، وَفَرِحُوا بِمَا أُوتُوا مِنْ كِتْمَانِهِمْ إِيَّاهُ مَا سَأَلَهُمْ عَنْهُ .
أَخْرَجَاهُ فِي الصَّحِيحِ .
ترجمہ

حمید بن عبدالرحمن رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ مروان نے اپنے دربان رافع سے کہا: ”اے رافع! ابن عباس رضی اللہ عنہما کے پاس جاؤ اور ان سے کہو: ’اگر ہم میں سے ہر وہ شخص جو اپنے کیے پر خوش ہوتا ہے اور یہ پسند کرتا ہے کہ ان کاموں پر اس کی تعریف کی جائے جو اس نے کیے نہیں، عذاب دیا جانے والا ہے تو پھر ہم سب ضرور عذاب میں مبتلا ہوں گے۔‘“ تو سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما نے فرمایا: ”تمہارا اس آیت سے کیا تعلق؟ یہ تو اہلِ کتاب کے بارے میں نازل ہوئی ہے۔“ پھر سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما نے یہ آیت تلاوت کی: ﴿اور جب اللہ نے ان لوگوں سے جنہیں کتاب دی گئی تھی پختہ عہد لیا کہ تم اسے ضرور لوگوں کے سامنے بیان کرو گے﴾ آخر آیت تک، اور ﴿اور وہ چاہتے ہیں کہ ان کاموں پر ان کی تعریف کی جائے جو انہوں نے کیے نہیں﴾ آخر آیت تک۔
پھر سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما نے فرمایا: ”نبی ﷺ نے ان (اہلِ کتاب) سے کسی چیز کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے اسے چھپا لیا اور اس کی جگہ کوئی اور بات بتا دی، اور آپ ﷺ پر یہ ظاہر کیا کہ انہوں نے آپ ﷺ کے سوال کا جواب دے دیا ہے، اور اس پر آپ ﷺ سے تعریف کے طلبگار ہوئے، اور جو بات آپ ﷺ نے ان سے پوچھی تھی اسے چھپا لینے پر خوش ہوئے۔“
امام بخاری اور امام مسلم رحمہما اللہ دونوں نے اسے ”صحیح“ میں روایت کیا ہے۔

حوالہ حدیث شعب الإيمان / السادس والاربعون من شعب الايمان وهو باب في السرور بالحسنة والاغتمام بالسيئة / حدیث: 6619
دوسری ترقیم دار الکتب العلمیہ (تحقیق زغلول): 7019
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح (سنن الترمذي 3014) , شیخ زبیر علی زئی: متفق عليه, (سنن الترمذي 3014) , تحقیق (د. عبد العلی عبد الحمید حامد): إسناده: صحيح
تخریج حدیث «قال عبد العلي عبد الحميد حامد: إسناده: صحيح (شعب الإيمان ط الرشد: 9/ 245) . »
«أخرجه البخاري فى (صحيحه) 5/ 174، ومسلم فى (صحيحه) 3/ 2143 رقم 8، والترمذي فى (جامعه) 5/ 223 رقم 3014، وابن جرير فى (تفسيره) 4/ 207، وأحمد فى (مسنده) 1/ 298»
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 4568 | صحيح مسلم: 2778

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 4568 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
4568. حضرت علقمہ بن وقاص سے روایت ہے کہ ایک مرتبہ مروان (امیر مدینہ) نے اپنے دربان سے کہا: اے رافع! حضرت عبداللہ بن عباس ؓ کی خدمت میں جاؤ اور ان سے دریافت کرو کہ اگر وہ شخص جو عطا شدہ چیز سے خوش ہو اور یہ بات بھی پسند کرے کہ ناکردہ فعل پر بھی اس کی تعریف کی جائے، وہ ضرور عذاب سے دوچار ہو گا، تب تو ہم سب عذاب دیے جائیں گے؟ حضرت ابن عباس ؓ نے فرمایا: مذکورہ آیت کریمہ سے تمہارا (مسلمانوں کا) کیا تعلق؟ اصل واقعہ یہ ہے کہ ایک دن نبی ﷺ نے چند یہودیوں کو بلا کر ان سے کوئی بات دریافت کی تو انہوں نے اصل بات چھپا کر کوئی اور بات بتا دی اور آپ کو باور کرایا کہ آپ کے سوال کا جواب دے کر انہوں نے قابل تعریف کام کیا ہے، اس طرح وہ بات چھپانے سے بھی بہت خوش ہوئے۔ پھر حضرت ابن عباس ؓ نے اس آیت کی تلاوت فرمائی: ’’اس وقت کو یاد کرو جب اللہ تعالٰی نے اہل کتاب سے عہد و۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔)[صحيح بخاري، حديث نمبر:4568]
حدیث حاشیہ:
1۔
پہلی حدیث جو حضرت ابو سعید خدری ؓ سے مروی ہے۔
اس کے تقاضے کے مطابق یہ آیت منافقین کے متعلق نازل ہوئی جبکہ حضرت ابن عباس ؓ سے مروی حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ اس آیت کی شان نزول یہود مدینہ کا کردار ہے اگرچہ ربط مضمون کے لحاظ سے حضرت ابن عباس ؓ کی روایت راجح معلوم ہوتی ہے کیونکہ اس آیت سے پہلے بھی یہود کے کرتوتوں کا ذکر چل رہا ہے تاہم اس مضمون میں منافقین تو کیا خود مسلمانوں کو شامل کیا جا سکتا ہے۔
یعنی جو شخص بھی ایسی شہرت پسند کرتا ہو کہ وہ بڑا مخلص، دیانتدار، ایثار، پیشہ خادم خلق اورعالم دین ہے یا ان میں سے کسی بھی صفت کی شہرت چاہتا ہو جبکہ حقیقت میں معاملہ ایسا نہ ہو یا کسی نے اچھے کام میں محنت تو تھوڑی سی کی مگر شہرت و ناموری اس سے بہت زیادہ چاہتا ہو تو اس کا وہی حشر ہو گا جو آیت میں مذکورہ ہے۔
2۔
بہر حال آیت کریمہ اگرچہ نزول کے اعتبار سے خاص ہے لیکن لفظ کی عمومیت ہر اس شخص کو شامل ہے جو اچھا کام کرے پھر اس پر فخر و غرور کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کرے اور یہ بھی پسند کرے کہ اس کے ناکردہ کاموں پر بھی لوگ اس کی تعریف کریں، لیکن حضرت ابن عباس ؓ کا یہ کہنا ہے کہ یہ آیت صرف اہل کتاب کے ساتھ خاص ہے، اسے ان کا مسلک ہی قرار دیا جا سکتا ہے جو جمہور کے موقف کے خلاف ہے۔
واللہ اعلم۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 4568 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 2778 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حمید رحمۃ اللہ علیہ بن عبدالرحمٰن بن عوف رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں کہ مروان رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اپنے دربان سے کہا، اے ابو رافع! حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے پاس جاؤ اور پوچھو، اگر ہم میں سے ہر وہ فرد جو اپنے کیے پر خوش ہوتا ہے اور جو کام نہیں کیا، اس پر تعریف چاہتا ہے، عذاب سے دوچار ہو گا تو پھر ہم سب کو عذاب سے گزرنا پڑے گا تو ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے جواب دیا۔ تمھارا اس آیت سے کیا تعلق؟ یہ آیت تو... (مکمل حدیث اس نمبر پر دیکھیں) [صحيح مسلم، حديث نمبر:7034]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: حضرت مروان رضی اللہ عنہ کا مقصد یہ تھا کہ ہم میں سے ہر فرد اپنے نیک عمل پر خوش ہوتا ہے اور بسا اوقات ایسے نیک کام پر تعریف کا خواہاں ہوتا ہے، جو درحقیقت اس کا فعل نہیں ہے تو اگر یہ طرز عمل عذاب كا سبب ہے تو پھر ہم میں سے ہر ایک عذاب کا مستحق ٹھہرے گا تو حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ نے جواب دیا، یہ آیت مبارکہ ان یہود کے بارے میں نازل ہوئی ہے، جو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے کچھ اشیاء چھپاتے تھے اور اس کتمان پر شاداں تھے، اس طرح آپ کو خلاف حقیقت اور خلاف واقعہ جواب دیتے تھے اور چاہتے تھے کہ اللہ کا رسول اور مسلمان، ان کے اس خلاف واقعہ جواب پر ان کی تعریف کریں تو گویاسبب عذاب، کتمان علم پر خوش ہونا اور جھوٹے جواب پر تعریف کی خواہش کرنا ہے اور مسلمان اس طرزعمل سےبچتے ہیں، اس لیے وہ اس آیت کا مصداق نہیں ہیں، یہ مقصد نہیں ہے کہ اگر مسلمان، یہودیوں والا وطیرہ اختیار کرلیں تو پھر بھی وہ اس کا مصداق نہیں ہوں گے۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 7034 سے ماخوذ ہے۔