شعب الایمان — حدیث نمبر 6295

باب: فصل: اپنے مسلمان بھائی کی عزت پر گالی وغیرہ کے ذریعے حملہ کرنے والے پر سخت وعید کے بارے میں وارد احادیث۔

فصل فيما ورد من الأخبار في التشديد على من اقترض من عرض أخيه المسلم شيئا بسب أو غيره

حدیث نمبر: 6295
وَأَخْبَرَنَا أَبُو الْحَسَنِ عَلِيُّ بْنُ مُحَمَّدِ بْنِ عَلِيٍّ الْمُقْرِئُ ، أَخْبَرَنَا الْحَسَنُ بْنُ مُحَمَّدِ بْنِ إِسْحَاقَ ، حَدَّثَنَا يُوسُفُ بْنُ يَعْقُوبَ الْقَاضِي ، حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ أَبِي بَكْرٍ ، حَدَّثَنَا عَبْدُ الرَّحْمَنِ بْنُ مَهْدِيٍّ ، عَنْ سُفْيَانَ ، عَنْ عَلِيِّ بْنِ الْأَقْمَرِ ، عَنْ أَبِي حُذَيْفَةَ ، عَنْ عَائِشَةَ قَالَتْ : حَكَيْتُ لِرَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ رَجُلًا فَقَالَ : " مَا يَسُرُّنِي أَنِّي حَكَيْتُ رَجُلًا وَأَنَّ لِي كَذَا وَكَذَا " قُلْتُ : (يَا رَسُولَ اللَّهِ) إِنَّ صَفِيَّةَ امْرَأَةً ، وَأَشَارَتْ إِلَى أُنْمُلَةٍ يَعْنِي قَصِيرَةً ، فَقَالَ : " لَقَدْ مَزَجْتِ بِكَلِمَةٍ لَوْ مُزِجَ بِهَا الْبَحْرُ مَزَجَتْ " .
ترجمہ

ام المومنین سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں: ”میں نے رسول اللہ ﷺ کے سامنے ایک آدمی کی نقل اتاری تو آپ ﷺ نے فرمایا: ”مجھے یہ بات خوش نہیں کرتی کہ میں کسی آدمی کی نقل اتاروں، چاہے مجھے اس کے بدلے اتنا اتنا (مال) ملے۔““ میں نے عرض کیا: ”اے اللہ کے رسول! صفیہ (رضی اللہ عنہا) تو ایسی عورت ہیں...“ اور انہوں نے انگلی کے پور کی طرف اشارہ کیا، یعنی وہ پستہ قد ہیں۔ تو آپ ﷺ نے فرمایا: ”تم نے ایسا کلمہ کہہ دیا ہے کہ اگر اسے سمندر میں ملا دیا جائے تو وہ اسے بھی مکدر کر دے۔“

حوالہ حدیث شعب الإيمان / الرابع والاربعون من شعب الايمان وهو باب في تحريم اعراض الناس وما يلزم من ترك الرتع فيها / حدیث: 6295
دوسری ترقیم دار الکتب العلمیہ (تحقیق زغلول): 6721
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح (سنن أبي داود 4875) , شیخ زبیر علی زئی: إسناده صحيح, مشكوة المصابيح (4853), أخرجه الترمذي (2502 وسنده صحيح) (سنن أبي داود 4875) , تحقیق (د. عبد العلی عبد الحمید حامد): إسناده: رجاله ثقات
تخریج حدیث «قال عبد العلي عبد الحميد حامد: إسناده: رجاله ثقات (شعب الإيمان ط الرشد: 9/ 87) . »
«أخرجه الترمذي فى (جامعه) 4/ 660 رقم 2502، وأحمد فى (مسنده) 6/ 189، وابن أبي الدنيا فى (الصمت) رقم 207، وابن أبي الدنيا فى (ذم الغيبة والنميمة) رقم 73»
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ترمذي: 2502 | سنن ترمذي: 2503 | سنن ابي داود: 4875 | رياض الصالحين: 1525 | شعب الإيمان: 3597 | شعب الإيمان: 6294

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 2502 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´باب:۔۔۔`
ام المؤمنین عائشہ رضی الله عنہا کہتی ہیں کہ میں نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے ایک شخص کی نقل کی تو آپ نے فرمایا: " مجھے یہ پسند نہیں کہ میں کسی انسان کی نقل کروں اور مجھے اتنا اور اتنا مال ملے۔‏‏‏‏" میں نے عرض کیا: اللہ کے رسول! بیشک صفیہ ایک عورت ہیں، اور اپنے ہاتھ سے اس طرح اشارہ کیا، گویا یہ مراد لے رہی تھیں کہ صفیہ پستہ قد ہیں۔ آپ نے فرمایا: " بیشک تم نے اپنی باتوں میں ایسی بات ملائی ہے کہ اگر اسے سمندر کے پانی میں ملا دیا جائے تو اس کا رنگ بدل جائے " ۱؎۔ [سنن ترمذي/كتاب صفة القيامة والرقائق والورع/حدیث: 2502]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
اس حدیث سے معلوم ہواکہ کسی کی نقل بھی غیبت میں شامل ہے، اس لیے بطور تحقیر کسی کے جسمانی عیب کی نقل اتارنا یا تنقیص کے لیے اسے بیان کرنا سخت گناہ کا باعث ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 2502 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 4875 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´غیبت کا بیان۔`
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ میں نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کیا: آپ کے لیے تو صفیہ رضی اللہ عنہا کا یہ اور یہ عیب ہی کافی ہے، یعنی پستہ قد ہونا تو آپ نے فرمایا: " تم نے ایسی بات کہی ہے کہ اگر وہ سمندر کے پانی میں گھول دی جائے تو وہ اس پر بھی غالب آ جائے " اور میں نے ایک شخص کی نقل کی تو آپ نے فرمایا: " مجھے یہ بات پسند نہیں کہ میں کسی انسان کی نقل کروں اگرچہ میرے لیے اتنا اور اتنا (مال) ہو۔‏‏‏‏" [سنن ابي داود/كتاب الأدب /حدیث: 4875]
فوائد ومسائل:
کسی کی فطری خلقت پر عیب لگانا اور تمسخر اور ٹھٹھا کرنا حرام ہے۔
یہ گو یا اللہ عزوجل پر عیب لگانا اور اپنی بڑائی کا اظہار ہے۔
جب فطری امور پر عیب لگانا حرام ہے تو اعمال پر تبصرہ بھی جائز نہیں الا یہ کہ کوئی مصیبت کا عمل ہوتا کہ عبرت ہو۔
اگر اس نے توبہ کرلی ہو تو ذکر کرنا بالاولٰی جائز نہیں۔
البتہ اعمالِ خیر کا ذکر جائز ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 4875 سے ماخوذ ہے۔