ریاض الصالحین — حدیث نمبر 1525

باب: غیبت کی حرمت اور زبان کی حفاظت کا حکم

باب تحريم الغيبة والأمر بحفظ اللسان

حدیث نمبر: 1525
وعن عائشة رضي الله عنها، قالت: قُلْتُ للنبيّ - صلى الله عليه وسلم: حَسْبُكَ مِنْ صَفِيَّةَ كذَا وكَذَا. قَالَ بعضُ الرواةِ: تَعْنِي قَصيرَةً، فقالَ: «لَقَدْ قُلْتِ كَلِمَةً لَوْ مُزِجَتْ بِمَاءِ البَحْرِ لَمَزَجَتْهُ!» قالت: وَحَكَيْتُ لَهُ إنْسَانًا فَقَالَ: «مَا أُحِبُّ أنِّي حَكَيْتُ إنْسانًا وإنَّ لِي كَذَا وَكَذَا». رواه أَبُو داود والترمذي، وقال: «حديث حسن صحيح».
ومعنى: «مَزَجَتْهُ» خَالَطَتْهُ مُخَالَطَةً يَتَغَيَّرُ بِهَا طَعْمُهُ أَوْ رِيحُهُ لِشِدَّةِ نَتْنِها وَقُبْحِهَا. وهذا الحَديثُ مِنْ أبلَغِ الزَّواجِرِ عَنِ الغِيبَةِ، قَالَ الله تَعَالَى: ﴿وَمَا يَنْطِقُ عَنِ الهَوَى إنْ هُوَ إِلاَّ وَحْيٌ يُوحَى﴾ [النجم: ٣ - ٤].
ترجمہ

سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے، انہوں نے کہا: میں نے نبی کریم ﷺ سے کہا: آپ کو صفیہ کی طرف سے یہی کافی ہے کہ وہ ایسی ایسی ہیں۔ بعض راویوں نے کہا: ان کی مراد یہ تھی کہ وہ پستہ قد ہیں۔ تو آپ ﷺ نے فرمایا: ”تم نے ایسی بات کہی ہے کہ اگر اسے سمندر کے پانی میں ملا دیا جائے تو وہ اسے بھی بدل ڈالے!“ (سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا نے) کہا: اور میں نے آپ ﷺ کے سامنے ایک آدمی کی نقل اتاری تو آپ ﷺ نے فرمایا: ”مجھے یہ پسند نہیں کہ میں کسی انسان کی نقل اتاروں اگرچہ مجھے اتنا اتنا (مال) ملے۔“
(اسے ابوداود اور ترمذی نے روایت کیا ہے اور (ترمذی نے) کہا ہے: یہ حدیث حسن صحیح ہے)
«مَزَجَتْهُ» کا معنی ہے: وہ (بات) اس میں ایسی ملاوٹ کر دیتی کہ اپنی شدید بدبو اور قباحت کی وجہ سے اس (سمندر) کا ذائقہ یا بو بدل دیتی۔ اور یہ حدیث غیبت سے روکنے والی سب سے بلیغ تنبیہات میں سے ہے، اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ”اور وہ اپنی خواہش سے نہیں بولتے، وہ تو صرف وحی ہے جو (ان کی طرف) بھیجی جاتی ہے۔“ (سورۃ النجم: 3-4)

وضاحت:
«حَكَيْتُ» : یعنی میں نے اس جیسا کام کیا (اس کی نقل اتاری)۔ (النہایہ 1/421)
حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب الأمور المنهي عنها / حدیث: 1525
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: حسن صحيح , شیخ زبیر علی زئی: إسناده صحيح, مشكوة المصابيح (4853), أخرجه الترمذي (2502 وسنده صحيح)
تخریج حدیث أخرجه: أبو داود (4875)، والترمذي (2502).
قال الألباني في تحقيق رياض الصالحين: قلت: وهو كما قال وبيانه في (المشكاة) رقم (4857)
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ترمذي: 2502 | سنن ترمذي: 2503 | سنن ابي داود: 4875
أي: فعلت مثل فعله. النهاية ١/ ٤٢١.

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 2502 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´باب:۔۔۔`
ام المؤمنین عائشہ رضی الله عنہا کہتی ہیں کہ میں نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے ایک شخص کی نقل کی تو آپ نے فرمایا: " مجھے یہ پسند نہیں کہ میں کسی انسان کی نقل کروں اور مجھے اتنا اور اتنا مال ملے۔‏‏‏‏" میں نے عرض کیا: اللہ کے رسول! بیشک صفیہ ایک عورت ہیں، اور اپنے ہاتھ سے اس طرح اشارہ کیا، گویا یہ مراد لے رہی تھیں کہ صفیہ پستہ قد ہیں۔ آپ نے فرمایا: " بیشک تم نے اپنی باتوں میں ایسی بات ملائی ہے کہ اگر اسے سمندر کے پانی میں ملا دیا جائے تو اس کا رنگ بدل جائے " ۱؎۔ [سنن ترمذي/كتاب صفة القيامة والرقائق والورع/حدیث: 2502]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
اس حدیث سے معلوم ہواکہ کسی کی نقل بھی غیبت میں شامل ہے، اس لیے بطور تحقیر کسی کے جسمانی عیب کی نقل اتارنا یا تنقیص کے لیے اسے بیان کرنا سخت گناہ کا باعث ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 2502 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 4875 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´غیبت کا بیان۔`
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ میں نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کیا: آپ کے لیے تو صفیہ رضی اللہ عنہا کا یہ اور یہ عیب ہی کافی ہے، یعنی پستہ قد ہونا تو آپ نے فرمایا: " تم نے ایسی بات کہی ہے کہ اگر وہ سمندر کے پانی میں گھول دی جائے تو وہ اس پر بھی غالب آ جائے " اور میں نے ایک شخص کی نقل کی تو آپ نے فرمایا: " مجھے یہ بات پسند نہیں کہ میں کسی انسان کی نقل کروں اگرچہ میرے لیے اتنا اور اتنا (مال) ہو۔‏‏‏‏" [سنن ابي داود/كتاب الأدب /حدیث: 4875]
فوائد ومسائل:
کسی کی فطری خلقت پر عیب لگانا اور تمسخر اور ٹھٹھا کرنا حرام ہے۔
یہ گو یا اللہ عزوجل پر عیب لگانا اور اپنی بڑائی کا اظہار ہے۔
جب فطری امور پر عیب لگانا حرام ہے تو اعمال پر تبصرہ بھی جائز نہیں الا یہ کہ کوئی مصیبت کا عمل ہوتا کہ عبرت ہو۔
اگر اس نے توبہ کرلی ہو تو ذکر کرنا بالاولٰی جائز نہیں۔
البتہ اعمالِ خیر کا ذکر جائز ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 4875 سے ماخوذ ہے۔