شعب الایمان — حدیث نمبر 609
باب: فصل: اللہ عزوجل کا ذکر ہمیشہ کرتے رہنا۔
فصل في إدامة ذكر الله عز وجل
أَخْبَرَنَا أَبُو طَاهِرٍ الْفَقِيهُ ، أَخْبَرَنَا أَبُو بَكْرٍ مُحَمَّدُ بْنُ الْحُسَيْنِ الْقَطَّانُ ، حَدَّثَنَا أَحْمَدُ بْنُ يُوسُفَ السُّلَمِيُّ ، حَدَّثَنَا عُبَيْدُ اللَّهِ بْنُ مُوسَى ، حَدَّثَنَا مِسْعَرٌ ، عَنْ إِبْرَاهِيمَ السَّكْسَكِيِّ ، عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ أَبِي أَوْفَى ، أَنَّ رَجُلًا أَتَى إِلَى النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَذَكَرَ أَنَّهُ لَا يَسْتَطِيعُ أَنْ يَأْخُذَ مِنَ الْقُرْآنِ شَيْئًا ، وَسَأَلَهُ أَنْ يُعَلِّمَهُ شَيْئًا يُجْزِئُ مِنَ الْقُرْآنِ فَقَالَ لَهُ : " قُلْ سُبْحَانَ اللَّهِ ، وَالْحَمْدُ لِلَّهِ ، وَلَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ ، وَاللَّهُ أَكْبَرُ وَلَا حَوْلَ ، وَلَا قُوَّةَ إِلَّا بِاللَّهِ " .سیدنا عبداللہ بن ابی اوفیٰ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک آدمی نبی ﷺ کے پاس آیا اور عرض کیا کہ وہ قرآن میں سے کچھ بھی یاد کرنے کی استطاعت نہیں رکھتا، اور اس نے آپ ﷺ سے درخواست کی کہ اسے کوئی ایسی چیز سکھا دیں جو قرآن کی جگہ کافی ہو جائے۔ تو آپ ﷺ نے اس سے فرمایا: ”کہو: «سُبْحَانَ اللَّهِ، وَالْحَمْدُ لِلَّهِ، وَلَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ، وَاللَّهُ أَكْبَرُ، وَلَا حَوْلَ وَلَا قُوَّةَ إِلَّا بِاللَّهِ» ‘اللہ پاک ہے، تمام تعریف اللہ کے لیے ہے، اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں، اللہ سب سے بڑا ہے، اور گناہ سے بچنے کی طاقت اور نیکی کی قوت اللہ ہی کی توفیق سے ہے۔’“
• إبراهيم بن عبد الرحمن السكسكي، أبو إسماعيل الكوفي. صدوق ضعيف الحفظ. من الخامسة (خ د س).
• ضعّفه أحمد، وليّنه شعبة والنسائي، ولم يترك. (الميزان ١/ ٤٥).
تشریح، فوائد و مسائل
اس لیے جس شخص تک بھی یہ حدیث پہنچے، اسے اس پر عمل کو غنیمت سمجھنا چاہیے اور اپنے رب کے لیے تمام اعمال میں نیت خالص پیدا کرنی چاہیے کہ سب سے پہلی شرط قبولیت یہی خلوص ہے۔
(تفہیم البخاری)
(1)
ابن بطال نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے رسول ﷺ کی زبان حق ترجمان سے یہ وعدہ کیا ہے کہ جو شخص رات کو اپنی نیند سے بیدار ہو کر اپنے رب کی توحید سے زبان کو حرکت دے، اس کی بادشاہت پر یقین رکھے، اس کی نعمتوں کا اعتراف کرتے ہوئے اس کی حمد و ثنا کرے، اس کی تسبیح و تہلیل کرے، اس کی کبریائی بیان کرے، اپنی عاجزی اور بے بسی کا اعتراف کرتے ہوئے دعا کرے تو اللہ تعالیٰ اس کی دعا ضرور قبول فرمائے گا اور اگر نماز پڑھے گا تو اسے بھی شرف پذیرائی سے نوازا جائے گا، اس لیے ضروری ہے کہ جو شخص اس حدیث کو پڑھے وہ اپنے اندر خلوص نیت پیدا کرے اور اس عمل کو غنیمت سمجھے۔
(فتح الباري: 53/3) (2)
صحیح بخاری کے راوی ابو عبداللہ فربری کہتے ہیں کہ میں ایک رات بیدار ہوا اور مذکورہ ذکر پڑھا پھر مجھے نیند آ گئی تو خواب میں میرے پاس ایک آدمی آیا اور اس نے یہ آیت پڑھی: ﴿وَهُدُوا إِلَى الطَّيِّبِ مِنَ الْقَوْلِ﴾ (الحج: 24: 22)
’’یہ وہ لوگ ہیں جنہیں کلمۂ طیب قبول کرنے کی ہدایت کی گئی۔
‘‘
عبادہ بن صامت رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " جب کوئی نیند سے جاگے پھر کہے «لا إله إلا الله وحده لا شريك له له الملك وله الحمد وهو على كل شيء قدير وسبحان الله والحمد لله ولا إله إلا الله والله أكبر ولا حول ولا قوة إلا بالله» ۱؎، پھر کہے «رب اغفر لي» " اے میرے رب ہمیں بخش دے "، یا آپ نے کہا: پھر وہ دعا کرے تو اس کی دعا قبول کی جائے گی، پھر اگر اس نے ہمت کی اور وضو کیا پھر نماز پڑھی تو اس کی نماز مقبول ہو گی۔" [سنن ترمذي/كتاب الدعوات/حدیث: 3414]
وضاحت:
1؎:
اللہ واحد کے سوا اور کوئی معبود برحق نہیں ہے، اس کا کوئی شریک نہیں ہے، بادشاہت اسی کی ہے اور اسی کے لیے سب تعریفیں ہیں، اللہ کے سوا کوئی معبود برحق نہیں ہے اور اللہ سب سے بڑا ہے، اور گناہ سے بچنے کی قوت اور نیکی کرنے کی طاقت نہیں ہے مگر اللہ کی توفیق سے۔
عبادہ بن صامت رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو شخص نیند سے بیدار ہوا اور بیدار ہوتے ہی اس نے «لا إله إلا الله وحده لا شريك له له الملك وله الحمد وهو على كل شىء قدير سبحان الله والحمد لله ولا إله إلا الله والله أكبر ولا حول ولا قوة إلا بالله» کہا پھر دعا کی «رب اغفر لي» کہ اے ہمارے رب! ہمیں بخش دے (ولید کی روایت میں ہے، اور دعا کی) تو اس کی دعا قبول کی جائے گی، اور اگر وہ اٹھا اور وضو کیا، پھر نماز پڑھی تو اس کی نماز مقبول ہو گی۔" [سنن ابي داود/أبواب النوم /حدیث: 5060]
تفصیل کے لئے ملاحظہ ہو حدیث: 5042۔
عبادہ بن صامت رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " جو رات میں بیدار ہو اور آنکھ کھلتے ہی یہ دعا پڑھے: «لا إله إلا الله وحده لا شريك له له الملك وله الحمد وهو على كل شيء قدير سبحان الله والحمد لله ولا إله إلا الله والله أكبر ولا حول ولا قوة إلا بالله العلي العظيم» " اللہ کے علاوہ کوئی معبود برحق نہیں، وہ یکتا ہے اس کا کوئی شریک نہیں، اسی کے لیے بادشاہت ہے، اور اسی کے لیے حمد و ثنا ہے، وہی ہر چیز پر قادر ہے، اللہ کی پاکی بیان کرتا ہوں، تمام تعریفیں اللہ ہی کے لیے ہیں، اللہ کے سوا کوئی معبود برحق نہیں، اللہ ہی س۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ابن ماجه/كتاب الدعاء/حدیث: 3878]
فوائد و مسائل:
(1)
اللہ تعالیٰ کا عظیم احسان ہے۔
کہ اس نے بظاہر معمولی اور آسان نظر آنے والے اعمال بہت زیادہ ثواب کا وعدہ فرمایا ہے۔
کیونکہ ان اعمال کاتعلق اللہ کے ذکر سے ہے۔
جو بہت عظیم عمل ہے۔
(2)
رات کو آنکھ کھلنے پر اللہ کا ذکرکرنا اللہ کو بہت پسند ہے۔
چونکہ یہ وقت غفلت کا ہوتا ہے۔
اس لئے اس وقت اللہ کو یاد کرنا اللہ سے محبت کامظہر ہے۔
(3)
دعا کی قبولیت کے لئے یہ طریقہ اختیار کرنا چاہیے کہ رات کو سوتے وقت وضو کرکے دایئں کروٹ پرلیٹ کرمسنون دعایئں پڑھ کرسویئں رات کو آنکھ کھلنے پر مذکورہ مسنون دعا پڑھ کردعا کریں اور نماز پڑھیں۔
عبداللہ بن ابی اوفی رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ ایک شخص نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہو کر عرض کیا: میں قرآن میں سے کچھ نہیں پڑھ سکتا، اس لیے آپ مجھے کوئی ایسی چیز سکھا دیجئیے جو اس کے بدلے مجھے کفایت کرے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "تم «سبحان الله والحمد لله ولا إله إلا الله والله أكبر ولا حول ولا قوة إلا بالله» کہا کرو"، اس نے پھر عرض کیا: اللہ کے رسول! یہ تو اللہ کی تعریف ہوئی، میرے لیے کیا ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "تم کہا کرو «اللهم ارحمني وارزقني وعافني واهدني» "اے پروردگار! مجھ پر رحم فرما، مجھے روزی دے، مجھے عافیت دے اور مجھ کو ہدایت دے"، جب وہ شخص کھڑا ہوا تو اس نے اپنے ہاتھ سے اس طرح اشارہ کیا ۱؎ اس پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "اس نے تو اپنا ہاتھ خیر سے بھر لیا۔" [سنن ابي داود/أبواب تفريع استفتاح الصلاة /حدیث: 832]
سابقہ احادیث سے ثابت ہوا ہے کہ کم از کم قرات فاتحہ واجب ہے۔ لہٰذا جو کوئی ازحد عاجز ہو اور کسی بھی معقول سبب سے سورۃ فاتحہ قرآن مجید پڑھنے یا یاد رکھنے پر قادر نہ ہو تو اسے مذکورہ بالا ذکر سے اپنی نماز پوری کرنی چاہیے۔ اس قسم کے دیگر کلمات طیبات پڑھا کرے۔ شارح مصابیح نے اشارہ کیا ہے کہ اس سائل کا سوال یہ تھا کہ میں فوری طور پر کچھ یاد نہیں کر سکتا۔ جب کہ نماز فرض ہو چکی ہے تب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے یہ کلمات تعلیم فرمائے۔ [عون المعبود]
بہرحال بوڑھے کھوسٹ مردوں عورتوں اور کمزور عقل افراد کے لئے رخصت ہے کہ وہ اس قسم کے ذکر سے اپنی نماز پڑھ سکتے ہیں۔
«. . . وعن عبد الله بن ابي اوفى رضي الله عنه قال: جاء رجل إلى النبي صلى الله عليه وآله وسلم فقال: إني لا استطيع ان آخذ من القرآن شيئا فعلمني ما يجزئني عنه. فقال: قل: سبحان الله والحمد لله ولا إله إلا الله والله اكبر ولا حول ولا قوة إلا بالله العلي العظيم . . .»
". . . سیدنا عبداللہ بن ابی اوفی رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ ایک آدمی نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا اور عرض کیا کہ میں قرآن میں سے کچھ بھی یاد نہیں رکھ سکتا۔ لہذا مجھے کوئی ایسی چیز سکھا دیں جو (میری نماز کے لئے) اس کی جگہ کافی ہو جائے۔ فرمایا "«سبحان الله والحمد لله ولا إله إلا الله والله أكبر ولا حول ولا قوة إلا بالله العلي العظيم» پڑھ لیا کرو . . ." [بلوغ المرام/كتاب الصلاة: 223]
«فَعَلِّمْنِي» تعلیم سے امر کا صیغہ ہے۔
«مَا يُجْزِئُنِي» "زا" کے بعد ہمزہ ہے، معنی یہ ہیں کہ جو میرے لیے کافی ہو جائے۔
«مِنْهُ» قرآن کے بدلے میں۔
«حَوْلَ» قدرت اور حیلہ۔
فوائد و مسائل:
➊ اس حدیث سے ثابت ہوا کہ اگر کسی کو قرآن پاک میں سے کچھ بھی نہیں آتا تو مجبوری کی صورت میں یہ کلمات پڑھنے سے نماز ہو جائے گی۔ علاوہ ازیں شارح مصابیح نے اشارہ کیا ہے کہ اس سائل کا سوال یہ تھا کہ میں فوری طور پر کچھ یاد نہیں کر سکتا جبکہ نماز فرض ہو چکی ہے، تب نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے یہ کلمات تعلیم فرمائے۔ [عون المعبود]
➋ اس روایت سے اگر کوئی یہ استدلال کرے کہ سورہ فاتحہ نماز میں فرض نہیں ہے تو یہ سینہ زوری ہے ورنہ کہاں مجبوری کی حالت اور کہاں غیر مجبوری۔ یہ آدمی تو معذور تھا، اس لیے معذوری کے دور ہونے تک اسے متبادل راستہ بتلایا گیا ہے۔ معذور کے لیے شریعت مطہرہ نے بہرصورت رعایت ملحوظ رکھی ہے۔ عارضی رعایت سے احکام میں تغیر و تبدل نہیں ہو جاتا۔ ایک معذور آدمی اگر یہ کہے کہ میں وضو نہیں کر سکتا اور کہا جائے کہ بھئی پھر تم تیمم کرلو تو کیا اس کا یہ مطلب لینا صحیح ہو گا کہ اب وضو فرض ہی نہیں رہا۔ کوئی بھی اس کا قائل نہیں کہ عدم استطاعت وضو کی صورت میں تیمّم کا مشورہ وضو کی فرضیت ساقط کر دے گا۔ اس لیے مجبوری کی صورت میں اگر ان کلمات کے پڑھنے کا حکم دیا گیا تو اس سے فاتحہ کی فرضیت کیسے ساقط ہو گئی؟
راویٔ حدیث: (سیدنا عبداللہ بن ابی اوفیٰ رضی اللہ عنہما) ان کی کنیت ابومحمد یا ابومعاویہ ہے۔ ان کے والد کا نام علقمہ بن حارث اسلمی ہے۔ خود بھی شرف صحابیت سے سرفراز ہوئے اور باپ بھی۔ باپ بیٹا دونوں صحابی ہیں۔ صلح حدیبیہ اور خیبر میں شریک ہوئے اور بعد والے غزوات میں بھی حصہ لیا۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کے بعد کوفہ منتقل ہو گئے۔ 87ھ میں وفات پائی۔ کوفہ میں وفات پانے والے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم میں سب سے آخر میں وفات پانے والے صحابی ہیں۔ ان کی بینائی جاتی رہی تھی۔