شعب الایمان — حدیث نمبر 4950
باب: ایمان کی شاخوں میں سے چھتیسویں شاخ: جانوں کی حرمت کا باب۔
السادس والثلاثون من شعب الإيمان وهو باب في تحريم النفوس
حدیث نمبر: 4950
أَخْبَرَنَا عَبْدُ اللَّهِ الْحَافِظُ ، وَأَبُو أَحْمَدَ عَبْدُ اللَّهِ بْنُ مُحَمَّدِ بْنِ الْحَسَنِ الْعَدْلُ ، أَخْبَرَنَا أَبُو عَبْدِ اللَّهِ مُحَمَّدُ بْنُ يَعْقُوبَ الْحَافِظُ ، حَدَّثَنَا إِبْرَاهِيمُ بْنُ عَبْدِ اللَّهِ السَّعْدِيُّ ، حَدَّثَنَا يَزِيدُ بْنُ هَارُونَ ، أَخْبَرَنَا ابْنُ عَوْنٍ ، عَنْ مُحَمَّدِ بْنِ سِيرِينَ ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ، قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " الْمَلَائِكَةُ تَلْعَنُ أَحَدَكُمْ ، إِذَا أَشَارَ إِلَى أَخِيهِ بِحَدِيدَةٍ ، وَإِنْ كَانَ أَخَاهُ لِأَبِيهِ وَأُمِّهِ " .
رَوَاهُ مُسْلِمٌ فِي الصَّحِيحِ ، عَنْ أَبِي بَكْرِ بْنِ أَبِي شَيْبَةَ ، عَنْ يَزِيدَ بْنِ هَارُونَ . ترجمہ
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”جب تم میں سے کوئی اپنے بھائی کی طرف لوہے کے کسی ہتھیار سے اشارہ کرتا ہے تو فرشتے اس پر لعنت بھیجتے ہیں، خواہ وہ اس کا سگا بھائی (ماں باپ کی طرف سے) ہی کیوں نہ ہو۔“
اسے امام مسلم رحمہ اللہ نے ”الصحیح“ میں ابوبکر بن ابی شیبہ رحمہ اللہ کے واسطے سے یزید بن ہارون رحمہ اللہ سے روایت کیا ہے۔
تشریح، فوائد و مسائل
موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 2616 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں، میں نے ابو القاسم صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے سنا:"جس نے اپنے بھائی کی طرف تیز دھار آلہ سے اشارہ کیا(اس کو ڈرانے یا خوف زدہ کرنے کے لیے) تو فرشتے اس پر لعنت بھیجیں گے۔ حتی کہ اس کو چھوڑدے اگرچہ وہ اس کا حقیقی بھائی ہی کیوں نہ ہو۔" [صحيح مسلم، حديث نمبر:6666]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: اس حدیث سے معلوم ہوا، اپنے کسی بھائی کو خوف زدہ کرنے کے لیے یا محض خوش طبعی میں پریشان کے لیے اس کی طرف کسی ہتھیار کا رخ کرنا، فرشتوں کی لعنت کا باعث ہے، جس سے ثابت ہوتا ہے، کسی مسلمان بھائی کو تنگ کرنا، اس کو پریشان کرنا، مسلمانوں کا شیوہ نہیں ہے، کیونکہ بعض دفعہ ہتھیار غیر شعوری طور پر نقصان پہنچانے کا باعث بن سکتا ہے، اس لیے اس کا سدباب کرتے ہوئے شریعت نے اس سے محض اشارہ کرنا بھی جرم قرار دیا اور آج مسلمان اشارے کی بجائے ہتھیاروں سے دوسرے مسلمانوں کو ہتھیاروں سے نشانہ بنا رہے ہیں۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 6666 سے ماخوذ ہے۔