شعب الایمان — حدیث نمبر 4942

باب: ایمان کی شاخوں میں سے چھتیسویں شاخ: جانوں کی حرمت کا باب۔

السادس والثلاثون من شعب الإيمان وهو باب في تحريم النفوس

حدیث نمبر: 4942
أَخْبَرَنَا أَبُو الْحَسَنِ عَلِيُّ بْنُ مُحَمَّدٍ الْمُقْرِئُ ، أَخْبَرَنَا الْحَسَنُ بْنُ مُحَمَّدِ بْنِ إِسْحَاقَ ، حَدَّثَنَا يُوسُفُ بْنُ يَعْقُوبَ ، حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ أَبِي بَكْرٍ ، حَدَّثَنَا وَكِيعٌ ، حَدَّثَنَا الْأَعْمَشُ ، عَنْ أَبِي وَائِلٍ ، عَنْ عَبْدِ اللَّهِ ، قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " أَوَّلُ مَا يُقْضَى بَيْنَ النَّاسِ ، يَوْمَ الْقِيَامَةِ فِي الدِّمَاءِ .
قَالَ أَبُو وَائِلٍ : قَالَ عَمْرُو بْنُ شُرَحْبِيلٍ : أَوَّلُ مَا يُقْضَى بَيْنَ النَّاسِ ، يَوْمَ الْقِيَامَةِ فِي الدِّمَاءِ ، يَجِيءُ الرَّجُلُ ، آخِذًا بَيَدِ الرَّجُلِ ، فَيَقُولُ : يَا رَبِّ ، هَذَا قَتَلَنِي ، فَيَقُولُ : فِيمَ قَتَلْتَهُ ؟ قَالَ . . . فَذَكَرَ الْحَدِيثَ .
قَالَ الْأَعْمَشُ : قَالَ إِبْرَاهِيمُ : قَالَ عَبْدُ اللَّهِ : " لَا يَزَالُ الرَّجُلُ . فِي فُسْحَةٍ مِنْ دِينِهِ . مَا نَقِيَتْ كَفُّهُ مِنَ الدَّمِ ، فَإِذَا غَمَسَ يَدَهُ فِي الدَّمِ الْحَرَامِ . نُزِعَ حَيَاءُهُ " .
هَكَذَا رَوَاهُ وَكِيعٌ ، وَرَوَاهُ عَبْدُ الْوَاحِدِ بْنُ زِيَادٍ ، عَنِ الْأَعْمَشِ ، مُدْرَجًا فِي الْإِسْنَادِ الْأَوَّلِ ، دُونَ رِوَايَةِ إِبْرَاهِيمَ ، لَمْ يُذْكَرْ فِيهِ عَمْرُو بْنُ شُرَحْبِيلٍ .
وَرَوَاهُ التَّيْمِيُّ ، عَنِ الْأَعْمَشِ مَوْصُولًا مُسْنَدًا كَمَا .
ترجمہ

سیدنا عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”قیامت کے دن لوگوں کے درمیان سب سے پہلے جس چیز کا فیصلہ کیا جائے گا وہ خونوں (قتل) کے بارے میں ہوگا۔“
ابو وائل رحمہ اللہ نے کہا کہ عمرو بن شرحبیل رحمہ اللہ نے کہا: ”قیامت کے دن لوگوں کے درمیان سب سے پہلے جس چیز کا فیصلہ کیا جائے گا وہ خونوں کے بارے میں ہوگا۔ ایک آدمی دوسرے آدمی کا ہاتھ پکڑے ہوئے آئے گا اور کہے گا: ‘اے میرے رب! اس نے مجھے قتل کیا تھا۔’ اللہ فرمائے گا: ‘تو نے اسے کیوں قتل کیا؟’ اس نے کہا: ...“ پھر راوی نے پوری حدیث ذکر کی۔
اعمش رحمہ اللہ نے کہا کہ ابراہیم رحمہ اللہ نے کہا کہ سیدنا عبداللہ رضی اللہ عنہ نے فرمایا: ”آدمی اپنے دین کے معاملے میں اس وقت تک وسعت میں رہتا ہے جب تک اس کی ہتھیلی خون سے پاک رہے، پھر جب وہ اپنا ہاتھ حرام خون میں ڈبو دیتا ہے تو اس سے حیا چھین لی جاتی ہے۔“
اسے وکیع رحمہ اللہ نے اسی طرح روایت کیا ہے، اور عبدالواحد بن زیاد رحمہ اللہ نے اعمش رحمہ اللہ سے اسے پہلی سند ہی میں مدرج کر کے روایت کیا ہے، ابراہیم رحمہ اللہ کی روایت کے بغیر، اور اس میں عمرو بن شرحبیل رحمہ اللہ کا ذکر نہیں ہے۔
اور تیمی رحمہ اللہ نے اسے اعمش رحمہ اللہ سے موصول اور مسند روایت کیا ہے، جیسا کہ

حوالہ حدیث شعب الإيمان / السادس والثلاثون من شعب الايمان وهو باب في تحريم النفوس / حدیث: 4942
دوسری ترقیم دار الکتب العلمیہ (تحقیق زغلول): 5326
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح، ابن ماجة (1785) (سنن الترمذي 617) , شیخ زبیر علی زئی: متفق عليه, (سنن الترمذي 617)
تخریج حدیث «أخرجه البخاري فى (صحيحه) برقم: 6168، 6471، ومسلم فى (صحيحه) برقم: 1678، والترمذي فى (جامعه) برقم: 1396، 1397، والنسائي فى (سننه) برقم: 3995، وابن ماجه فى (سننه) برقم: 2615، 2617، وأحمد فى (مسنده) برقم: 3665، 4188، 4201، والبزار فى (مسنده) برقم: 1678، والطبراني فى (الكبير) برقم: 10425، وابن حبان فى (صحيحه) برقم: 7344، والنسائي فى (السنن الكبرى) برقم: 3672، 3675»

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 6864 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
6864. حضرت عبد اللہ بن مسعود ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: "قیامت کے دن لوگوں کے درمیان سب سے لوگوں کے درمیان سب سے پہلے قتل کے مقدمات کا فیصلہ کیا جائے گا۔"[صحيح بخاري، حديث نمبر:6864]
حدیث حاشیہ: پہلے حضرت خاتون جنت اپنے دونوں صاحبزادوں حضرت حسن اور حضرت حسین رضی اللہ عنہما کے خون کا دعویٰ کریں گی جیسا کہ دوسری روایت میں ہے۔
یہ اس کے خلاف نہیں ہے کہ سب سے پہلے نماز کی پرسش ہوگی کیوں کہ نماز حقوق اللہ میں سے ہے اور خون حقوق العباد میں سے ہے۔
مطلب یہ ہے کہ حقوق اللہ میں سب سے پہلے نماز کی پرسش ہوگی اور حقوق العباد میں پہلے ناحق خون کی پرسش ہے۔
خون ناحق کسی مسلم کا ہو یا غیرمسلم کا، دونوں کا ایک ہی حکم ہے۔
اس سے اسلام کی انسانیت پروری پر جو روشنی پڑتی ہے وہ صاف ظاہر اور بہت ہی واضح ہے۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 6864 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 6864 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
6864. حضرت عبد اللہ بن مسعود ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: "قیامت کے دن لوگوں کے درمیان سب سے لوگوں کے درمیان سب سے پہلے قتل کے مقدمات کا فیصلہ کیا جائے گا۔"[صحيح بخاري، حديث نمبر:6864]
حدیث حاشیہ:
حجرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی حدیث میں ہے کہ قیامت کےدن سب سے پہلے لوگوں کے درمیان نماز کے متعلق فیصلے ہوں گے۔
(سنن النسائي، الصلاة، حدیث: 468)
ان دونوں حدیثوں میں تطبیق کی یہ صورت ہے کہ عبادات میں سب سے پہلے لوگوں میں نماز کے متعلق فیصلے ہوں گے اور معاملات میں سب سے پہلے قتل کے مقدمات کو نمٹایا جائے گا۔
دوسرے لفظوں میں اس طرح بھی کہا جاسکتا ہے کہ حقوق اللہ میں سب سے پہلے نماز کی پوچھ گچھ ہوگی اور حقوق العباد میں سب سے پہلے قتل کے متعلق پوچھا جائے گا۔
الغرض خون ناحق، خواہ مسلمان کا ہو یا غیر مسلم کا دونوں کا معاملہ نہایت سنگین ہے۔
(فتح الباري: 234/12)
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 6864 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 6533 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
6533. حضرت عبداللہ بن مسعود ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ نے فرمایا: "قیامت کے دن سب سے پہلے جس چیز کا فیصلہ لوگوں کے درمیان ہوگا وہ ناحق خون کے متعلق ہوگا۔"[صحيح بخاري، حديث نمبر:6533]
حدیث حاشیہ:
(1)
حقوق العباد میں جان سے مار دینے کا معاملہ بہت سنگین ہے، اس لیے قیامت کے دن سب سے پہلے ان معاملات کا فیصلہ ہو گا۔
کسی جرم کی سزا کے طور پر اسلامی حکومت کے حکم سے مجرم کو قتل کرنا، ناحق قتل میں شامل نہیں بلکہ جلاد کا یہ ڈیوٹی انجام دینا اسلامی حدود کے نفاذ کی وجہ سے باعث ثواب ہے۔
(2)
ایک حدیث میں ہے کہ قیامت کے دن سب سے پہلے بندے کی نماز کا حساب ہو گا۔
(مسند أحمد: 103/4)
یہ حدیث مذکورہ حدیث کے مخالف نہیں ہے کیونکہ عبادات کے معاملے میں سب سے پہلے نماز ہی کا حساب ہو گا اور حقوق العباد میں سب سے پہلے خون ناحق کا بدلہ چکایا جائے گا، چنانچہ ایک روایت میں دونوں کو بیک وقت ہی بیان کیا گیا ہے۔
حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’قیامت کے دن سب سے پہلے بندے کی نماز کا حساب ہو گا اور لوگوں میں سب سے پہلے خون ناحق کا فیصلہ کیا جائے گا۔
‘‘ (سنن النسائي، المحاربة، حدیث: 3996)
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 6533 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 1396 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´خون کے فیصلہ کا بیان۔`
عبداللہ بن مسعود رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " (آخرت میں) بندوں کے درمیان سب سے پہلے خون کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا " ۱؎۔ [سنن ترمذي/كتاب الديات/حدیث: 1396]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
یہ حدیث (أَوّلَ مَا يُحَاسَبُ بِهَ الْعَبْدُ صَلَاتهَ) کے منافی نہیں ہے، کیونکہ خون کے فیصلہ کا تعلق لوگوں کے آپسی حقوق سے ہے جب کہ صلاۃ والی حدیث کا تعلق خالقِ کائنات کے حقوق سے ہے، اس میں کوئی شک نہیں کہ لوگوں کے حقوق میں سے سب سے بڑی اوراہم چیز جس کے بارے میں سوال ہوگا وہ خون ہے، اسی طرح حقوق ا للہ میں سے سب سے بڑی چیز جس کے بارے میں سب سے پہلے سوال ہوگا وہ نماز ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 1396 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن نسائي / حدیث: 3996 کی شرح از حافظ محمد امین ✍️
´ناحق خون کرنے کی سنگینی کا بیان۔`
عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " سب سے پہلی چیز جس کا بندے سے حساب ہو گا نماز ہے، اور سب سے پہلے لوگوں کے درمیان خون کا فیصلہ کیا جائے گا " ۱؎۔ [سنن نسائي/كتاب تحريم الدم/حدیث: 3996]
اردو حاشہ: (1) بعض نے اس حدیث سے استدلال کیا ہے کہ قیامت کے دن فیصلے صرف لوگوں کے درمیان ہوں گے جبکہ درست یہ ہے کہ پہلے لوگوں کے درمیان فیصلے ہوں گے، پھر حیوانات کے درمیان بھی فیصلہ فرمایا جائے گا۔
(2) یہ قیامت کے دن کی بات ہے۔ حقوق اللہ میں سب سے اہم نماز ہے، لہٰذا پہلے اسی کا حساب لیا جائے گا۔ اگر اس میں کامیابی حاصل ہو گئی تو امید ہے باقی حقوق اللہ میں بھی رعایت حاصل ہو جائے گی اور اگر نماز ہی میں ناکام ہو گیا تو باقی حقوق اللہ کا حساب لینے کی ضرورت ہی نہ رہے گی۔ یا ان میں کامیابی نہ ہو گی۔ حقوق العباد میں سب سے اہم جان کی حرمت ہے۔ اگر کسی نے یہ حق ضائع کر دی، یعنی کسی کو ناحق قتل کر دیا تو باقی حقوق کی ادائیگی کوئی معنیٰ نہیں رکھتی۔ اور اگر کوئی شخص اس حق میں گرفتار نہ ہوا تو باقی حقوق میں بھی نجات کی توقع کی جا سکتی ہے۔ معلوم ہوا، ان دو چیزوں کے فیصلے پر ہی نجات کا دار و مدار ہے۔ یا ان دو چیزوں کی اہمیت مقصود ہے کہ حقوق اللہ میں سب سے پہلے نماز کا حساب ہو گا اور حقوق العباد میں سے قتل کا فیصلہ سب سے پہلے ہو گا۔ باقی حساب کتاب اور فیصلے بعد میں ہوں گے۔ لیکن پہلے معنیٰ زیادہ مؤثر ہیں۔ و اللہ أعلم۔
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 3996 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 2615 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´مسلمان کو ناحق قتل کرنے پر وارد وعید کا بیان۔`
عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " قیامت کے دن سب سے پہلے خون کا فیصلہ کیا جائے گا " ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب الديات/حدیث: 2615]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
حقوق العباد میں جان لینے کا معاملہ سب سے شدید ہے، اس لیے قیامت کے دن سب سے پہلے ان معاملات کا فیصلہ ہوگا۔

(2)
عبادات میں سب سے پہلے نماز کا حساب ہوگا۔

(3)
کسی جرم کی سزا کے طور پر اسلامی حکومت کے حکم سے مجرم کو قتل کرنا، ناحق قتل میں شامل نہیں بلکہ جلاد کا یہ ڈیوٹی انجام دینا اسلامی حدود کے نفاذ کی وجہ سے ثواب کا باعث ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 2615 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 990 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت ابو ذر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس پہنچا جبکہ آپﷺ کو کعبہ کے سایہ میں تشریف فرما تھے تو آپﷺ نے مجھے دیکھ کر فرمایا: ’’رب کعبہ کی قسم! وہی لوگ سب سے زیادہ ناکام اور نقصان اٹھانے والے ہیں‘‘ میں آ کر آپ کے پاس بیٹھا ہی تھا اور میں نے قرارو ثبات حاصل نہیں کیا تھا کہ میں اٹھ کھڑا ہوا اور میں نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم! میرے ماں باپ آپﷺ پر قربان! وہ کون لوگ ہیں؟... (مکمل حدیث اس نمبر پر دیکھیں) [صحيح مسلم، حديث نمبر:2300]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: مالداروں کا یہ قوی ودینی فریضہ ہے کہ وہ دین کے کاموں میں اور اجتماعی وقومی مفادات کے موقعہ پر بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنی اپنی بساط کے مطابق خرج کریں، وگرنہ وہ دنیا وآخرت میں ناکام اور نقصان سے دو چار ہوں گے۔
اوردنیا میں ہی لوگوں کی نفرت اور غیظ وغضب کا نشانہ بنیں گے۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 2300 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 617 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´زکاۃ نہ نکالنے پر وارد وعید کا بیان۔`
ابوذر رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا، آپ کعبہ کے سائے میں بیٹھے تھے آپ نے مجھے آتا دیکھا تو فرمایا: " رب کعبہ کی قسم! قیامت کے دن یہی لوگ خسارے میں ہوں گے " ۲؎ میں نے اپنے جی میں کہا: شاید کوئی چیز میرے بارے میں نازل کی گئی ہو۔ میں نے عرض کیا: کون لوگ؟ میرے ماں باپ آپ پر قربان ہوں؟ تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " یہی لوگ جو بہت مال والے ہیں سوائے ان لوگوں کے جو ایسا ایسا کرے، آپ نے اپنے دونوں ہاتھ سے لپ بھر کر اپنے سامنے اور اپنے دائیں اور اپنے بائیں طرف اشارہ کیا، پھر فرمایا: " قسم ہے اس۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ترمذي/كتاب الزكاة/حدیث: 617]
اردو حاشہ:
1؎:
زکاۃ اسلام کے پانچ بنیادی ارکان میں سے تیسرا رکن ہے، اس کے لغوی معنی بڑھنے اور زیادہ ہونے کے ہیں، زکاۃ کو زکاۃ اسی لیے کہا جاتا ہے کہ یہ زکاۃ دینے والے کے مال کو بڑھاتی اور زیادہ کرتی ہے، اور ایک قول یہ ہے کہ اس کے معنی پاک کرنے کے ہیں اور زکاۃ کو زکاۃ اس لیے بھی کہتے ہیں کہ یہ مال کو پاک کرتی ہے اور صاحب مال کو گناہوں سے پاک کرتی ہے، اس کی فرضیت کے وقت میں علماء کا اختلاف ہے، اکثر علماء کا یہ قول ہے کہ 2ھ میں فرض ہوئی اور محققین علماء کا خیال ہے کہ یہ فرض تو مکہ میں ہی ہو گئی تھی مگر اس کے تفصیلی احکام مدینہ میں 2ھ میں نازل ہوئے۔

2؎:
یا توآپ کسی فرشتے سے بات کر رہے تھے، یا کوئی خیال آیا تو آپ نے ((هُمْ الْأَخْسَرُونَ)) فرمایا۔

3؎:
یہ عذاب عالم حشر میں ہو گا، حساب و کتاب سے پہلے۔

4؎:
یعنی روندنے اور سینگ مارنے کا سلسلہ برابر چلتا رہے گا۔

5؎:
اس کی تخریج سعید بن منصور، بیہقی، خطیب اور ابن نجار نے کی ہے، لیکن روایت موضوع ہے اس میں ایک راوی محمد بن سعید بورمی ہے جو کذاب ہے، حدیثیں وضع کرتا تھا۔
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 617 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن نسائي / حدیث: 2442 کی شرح از حافظ محمد امین ✍️
´زکاۃ نہ دینے والوں پر وارد وعید کا بیان۔`
ابوذر رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا، آپ خانہ کعبہ کے سایہ میں بیٹھے ہوئے تھے، جب آپ نے ہمیں آتے دیکھا تو فرمایا: " وہ بہت خسارے والے لوگ ہیں، رب کعبہ کی قسم "! میں نے (اپنے جی میں) کہا: کیا بات ہے؟ شاید میرے بارے میں کوئی آیت نازل ہوئی ہے، میں نے عرض کیا: کون لوگ ہیں میرے ماں باپ آپ پر قربان ہوں؟ آپ نے فرمایا: " بہت مال والے، مگر جو اس طرح کرے، اس طرح کرے " یہاں تک کہ آپ اپنے سامنے، اپنے دائیں، ا۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن نسائي/كتاب الزكاة/حدیث: 2442]
اردو حاشہ: (1) "آگے، دائیں اور بائیں۔" یعنی ہر ضروری مصرف میں خرچ کیا، خواہ وہ فرض زکاۃ کے علاوہ بھی ہو۔
(2) قیامت کے دن صرف انسان ہی نہیں بلکہ ہر ذی روح چیز اٹھے گی۔
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 2442 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 1785 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´زکاۃ نہ دینے پر وارد وعید کا بیان۔`
ابوذر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " جو کوئی اونٹ، بکری اور گائے والا اپنے مال کی زکاۃ ادا نہیں کرتا، تو اس کے جانور قیامت کے دن اس سے بہت بڑے اور موٹے بن کر آئیں گے جتنے وہ تھے، وہ اسے اپنی سینگوں سے ماریں گے اور کھروں سے روندیں گے، جب اخیر تک سب جا نور ایسا کر چکیں گے تو پھر باربار تمام جانور ایسا ہی کرتے رہیں گے یہاں تک کہ لوگوں کے درمیان فیصلہ کر دیا جائے گا۔‏‏‏‏" [سنن ابن ماجه/كتاب الزكاة/حدیث: 1785]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
زكاة نہ دینا بہت بڑا گناہ ہے۔

(2)
جانوروں میں بھی زکاۃ فرض ہے جس کی تفصیل اگلے ابواب میں آرہی ہے۔

(3)
کبیرہ گناہوں کے مرتکب افراد کو میدان حشر میں بھی گناہوں کی سزا ملے گی۔

(4)
بعض صورتوں میں ممکن ہے کہ محشر کی یہ سزا ہی اس کے لیے کافی ہو جائے اور جہنم کی سزا نہ بھگتنی پڑے۔
ایک روایت میں یہ الفاظ ہیں: ’’(اسے یہ عذاب ہوتا رہے گا)
اس دن جس کی مقدار پچاس ہزار سال ہے حتی کہ لوگوں کا فیصلہ ہو جائے گا پھر اسے جنت یا جہنم کا راستہ دکھا دیا جائے گا۔‘‘ (صحیح مسلم، الزکاۃ، باب اثم مانع الزکاۃ، حدیث: 987)
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 1785 سے ماخوذ ہے۔