شعب الایمان — حدیث نمبر 4538

باب: ایمان کی شاخوں میں سے چونتیسویں شاخ: زبان کو غیر ضروری باتوں سے محفوظ رکھنے کا باب۔

الرابع والثلاثون من شعب الإيمان وهو باب في حفظ اللسان عما لا يحتاج إليه

حدیث نمبر: 4538
أَخْبَرَنَا أَبُو عَبْدِ اللَّهِ الْحَافِظُ ، حَدَّثَنَا أَبُو بَكْرٍ أَحْمَدُ بْنُ سَلْمَانَ الْفَقِيهُ ، حَدَّثَنَا إِسْمَاعِيلُ بْنُ إِسْحَاقَ ، حَدَّثَنَا الْقَعْنَبِيُّ ، عَنْ مَالِكٍ .
قَالَ : وَحَدَّثَنَا عَلِيُّ بْنُ عِيسَى ، حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ عَمْرٍو الْحَرَشِيُّ ، وَمُوسَى بْنُ مُحَمَّدٍ الذُّهْلِيُّ ، حَدَّثَنَا يَحْيَى بْنِ يَحْيَى ، قَالَ قَرَأْتُ عَلَى مَالِكٍ عَنْ أَبِي الزِّنَادِ ، عَنِ الْأَعْرَجِ ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ : " إِنَّ مِنْ شَرِّ النَّاسِ ذَا الْوَجْهَيْنِ الَّذِي يَأْتِي هَؤُلَاءِ بِوَجْهٍ وَهَؤُلَاءِ بِوَجْهٍ " .
رَوَاهُ مُسْلِمٌ فِي الصَّحِيحِ عَنْ يَحْيَى بْنِ يَحْيَى .
ترجمہ

سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”لوگوں میں بدترین شخص وہ دو چہروں والا ہے جو ان لوگوں کے پاس ایک چہرہ لے کر آتا ہے اور ان لوگوں کے پاس دوسرا چہرہ لے کر۔“
امام مسلم رحمہ اللہ نے اسے ”صحیح“ میں یحییٰ بن یحییٰ رحمہ اللہ سے روایت کیا ہے۔

حوالہ حدیث شعب الإيمان / الرابع والثلاثون من شعب الايمان وهو باب في حفظ اللسان عما لا يحتاج اليه / حدیث: 4538
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح (سنن أبي داود 4872) , شیخ زبیر علی زئی: إسناده صحيح, أخرجه الحميدي بتحقيقي (1139 وسنده صحيح، سفيان بن عيينة صرح بالسماع عنده) ورواه مسلم (2526) (سنن أبي داود 4872) , تحقیق (د. عبد العلی عبد الحمید حامد): إسناده: صحيح
تخریج حدیث «قال عبد العلي عبد الحميد حامد: إسناده: صحيح (شعب الإيمان ط الرشد: 6/ 506) . »
«أخرجه البخاري فى (صحيحه) برقم: 3175، 3194، 3203، 3304، 4412، 5711، 6757، وأبو داود فى (سننه) برقم: 4872، والترمذي فى (جامعه) برقم: 2025، وأحمد فى (مسنده) برقم: 7444، 8008، 8233، 8836، 8920، 9284، 9556، 9672، 9922، 10055، 10092، 10322، 10412، والدارمي فى (مسنده) برقم: 223، وعبد الرزاق فى (مصنفه) برقم: 20453، والحاكم فى (المستدرك) برقم: 3378، 4137، 8345، 8511، 8515، والطبراني فى (الأوسط) برقم: 45، 708، 1600، 2678، 5081، والشافعي فى (مسنده) برقم: 1792، والبزار فى (مسنده) برقم: 9013، 9832، والطحاوي فى (شرح مشكل الآثار) برقم: 3350، والبيهقي فى (معرفة السنن والآثار) برقم: 224، والبغوي فى (شرح السنة) برقم: 133»

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 3353 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
3353. حضرت ابو ہریرہ ؓسے روایت ہے، انھوں نےکہا کہ رسول اللہ ﷺ سے عرض کیا گیا: اللہ کے رسول اللہ ﷺ! لوگوں میں سب سے زیادہ مکرم کون ہے؟ آپ نے فرمایا: ’’جو ان میں اللہ تعالیٰ سے زیادہ ڈرنے والا ہو۔‘‘ لوگوں نے عرض کیا: ہم نے یہ سوال نہیں۔ تو آپ نے فرمایا: ’’سب سے زیادہ بزرگ اللہ کے نبی حضرت یوسف ؑ ہیں جو خود نبی تھے، باپ نبی، دادا نبی اور پردادابھی نبی جو اللہ تعالیٰ کے خلیل ہیں۔‘‘ لوگوں نے عرض کیا: ہم نے آپ سے یہ نہیں پوچھا۔ آپ نے فرمایا: ’’تم خاندان عرب کے متعلق پوچھتے ہو؟ ان سب سے جو زمانہ جاہلیت میں بہتر تھے وہی اسلام میں بھی بہتر ہیں بشرطیکہ وہ دین میں فقاہت حاصل کر لیں۔‘‘ ابو اسامہ اور معتمر نے عبیداللہ، سعید اور ابو ہریرہ ؓکے واسطے سے اسے نبی ﷺ سے روایت کیا ہے۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:3353]
حدیث حاشیہ:
1۔
حافظ ابن حجر ؒ فرماتے ہیں: رسول اللہ ﷺ کے پہلے جواب میں اعمال صالحہ کے شرف کی طرف اشارہ تھا۔
جب لوگوں نے اس سے انکار کیا تو آپ نے نسب صالح کے اعتبار سے جو شرف حاصل ہوتا ہے اسے بیان فرمایا۔
جب لوگوں نے اسے بھی تسلیم نہ کیا تو آپ نے وہ صفات بیان فرمائیں جو انسان میں جبلی اور فطری طورپر موجود ہوتی ہیں۔
کسب کاان میں دخل نہیں ہوتا اور لوگ ان پر فخر بھی کرتے ہیں۔
پھر آپ نے دین کی فقاہت بیان کرکے حسب ونسب دونوں کو جمع کردیا۔
اس سے معلوم ہوا کہ ہرحالت میں عالم دین کو شریف جاہل پرفوقیت حاصل ہے۔
2۔
بہرحال شرافت کی درجہ بندی یوں ہے کہ جو دور جاہلیت میں شریف النفس تھا اور اسلام لانے کے بعد بھی اس نے اپنی پیدائشی شرافت کو داغدار نہیں کیا، کیا وہ اللہ کے ہاں بلند مرتبہ ہے۔
اگر اس کے ساتھ دینی فقاہت و بصیرت بھی شامل ہوجائے تو اس کا مقام تو بہت اونچاہے، گویا سونے پر سہاگا ہے۔
البتہ بے دینی کی صورت میں شرافت نسبی کا کوئی مقام نہیں۔
لیکن افسوس کہ ہمارے ہاں صرف حسب ونسب ہی شرافت کا میعار بنا ہوا ہے خواہ وہ معاشرے میں رسہ گیرہی کیوں نہ ہو۔
واللہ المستعان۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 3353 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 3493 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
3493. حضرت ابوہریرہ ؓسے روایت ہے، وہ رسول اللہ ﷺ سے بیان کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا: ’’تم لوگوں کو کان کی طرح پاؤ گے۔ جو لوگ دور جاہلیت میں بہتر تھے وہ زمانہ اسلام میں بھی اچھی صفات کے حامل ہیں بشرط یہ کہ علم دین حاصل کریں۔ اور تم حکومت اور سرداری کے لائق اس شخص کو پاؤ گے جو اسے سخت ناپسند کرنے والا ہوگا۔‘‘[صحيح بخاري، حديث نمبر:3493]
حدیث حاشیہ:
1۔
کان سے جب سونا چاندی نکالاجاتا ہے تو اس کی ذاتی صفت میں کوئی تبدیلی نہیں آتی، اسی طرح لوگوں میں جو ذاتی شرافت ہوتی ہے۔
وہ اسلام سے پہلے اور بعد دونوں زمانوں میں برقراررہتی ہے۔
اگر وہ دین میں فقاہت اور سمجھ پیدا کرلے تو اس کی ذاتی شرافت میں مزید چمک اور روئیدگی پیدا ہوجاتی ہے۔
اس اعتبار سے لوگوں کی اپنے مقابل کے اعتبار سے چارقسمیں ہیں جن کی تفصیل حسب ذیل ہے:۔
ایک آدمی دورجاہلیت میں شریف الطبع تھا وہ مسلمان ہوا اوردین میں خوب سمجھ پیدا کی تو اس کے مقابلے میں وہ شخص انتہائی براہے جو دورجاہلیت میں بدمعاش تھا، نہ اسلام لایا اور نہ اس نے کوئی اپنی سمجھ بوجھ ہی کو جلابخشی۔

۔
جو شخص زمانہ جاہلیت میں شریف الطبع تھا وہ مسلمان ہوا لیکن دینی معاملات میں بصیرت پیدا نہ کرسکاتو اس کے مقابلے میں وہ شخص ہے جو دور جاہلیت میں شرافت والا نہیں تھا، وہ مسلمان نہ ہوا، البتہ وہ صاحب البصیرت ضرورتھا۔

۔
دور جاہلیت میں شریف تھا لیکن وہ مسلمان نہ ہوا اور نہ فقاہت کا مالک ہی بنا، اس کے مقابلے میں وہ شخص ہے جو دور جاہلیت میں بدخصلت تھاوہ مسلمان ہوا اوردین میں سمجھ بوجھ پیدا کی۔

۔
دورجاہلیت میں شرافت کا حامل تھا لیکن وہ مسلمان نہ ہوا، البتہ صاحب بصیرت تھا،اس کے مقابلے میں وہ شخص ہے جو زمانہ جاہلیت میں شرارتی تھا، وہ مسلمان تو ہوا لیکن دینی معاملات میں سمجھ بوجھ پیدا نہ کرسکا۔
ان میں سب سے افضل وہ شخص ہے جو زمانہ جاہلیت میں شریف الطبع تھا، پھر مسلمان ہوا اور اپنے دین میں فہم وبصیرت پیدا کی۔
اس کےبعد وہ شخص جو زمانہ جاہلیت میں کمینہ خصلت تھا لیکن اسلام لایا اور علم دین حاصل کیا۔
اس کے بعد اس شخص کا درجہ ہے جو زمانہ جاہلیت میں شریف تھا، اسلام لایا لیکن علم دین حاصل نہ کیا۔
سب سے آخر میں وہ شخص ہے جو زمانہ جاہلیت میں بری خصلتوں کاحامل تھا، وہ مسلمان ہوا لیکن بصیرت حاصل نہ کرسکا۔
اگرکوئی مسلمان نہیں ہواتو اسے دورجاہلیت کی شرافت کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا، خواہ وہ صاحب بصیرت ہویا اس کے بغیر رہا ہو۔
شرافت سے مراد اچھے اخلاق، مثلاً: سخاوت، عفت اور بردباری سے متصف ہو اور اس کے برعکس بری صفات، مثلاً: بخل، فسق وفجور اور ظلم وستم کرنے سے اجتناب کرنے والا ہو۔
(فتح الباري: 638/6)
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 3493 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 2526 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں، کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم لوگوں کو معدنیات کی طرح پاؤ گے۔ تو جو لوگ جاہلیت کے دورمیں بہتر تھے وہ اسلام کےدورمیں بھی بہتر ہیں بشرط یہ کہ دین کی سوجھ بوجھ حاصل کرلیں،یا اس میں ملکہ پیدا کرلیں اور تم دین کے معاملہ یا حکومت واقتدار میں ان لوگوں کوبہتر پاؤگے،جواس کو سب سے زیادہ ناپسند کرتے تھے،جبکہ وہ اس میں داخل نہیں ہوئےتھے اور تم بدترین لوگ ان کوپاؤگے،جودورخے ہیں،جن کے دو چہرے ہیں،جو ان لوگوں کے پاس ایک چہرے سے آتے ہیں... (مکمل حدیث اس نمبر پر دیکھیں) [صحيح مسلم، حديث نمبر:6454]
حدیث حاشیہ: مفردات الحدیث:
(1)
الناس معادن: لوگ معدنیات کی طرح ہیں اور معدنیات کی خوبیاں اور کمالات اور ان کی قدروقیمت اللہ تعالیٰ نے طبعی طور پر مختلف رکھی ہے۔
سونا چاندی کا درجہ یکساں نہیں ہے، لعل و جواہر اور پتھر کا درجہ برابر نہیں ہے، یہی حالت انسانی قبائل اور خاندانوں کی ہے، اللہ تعالیٰ نے قدرتی طور پر ان میں الگ صفات اور خصوصیات رکھی ہیں، جن کی بنا پر انہیں ایک دوسرے پر شرف اور برتری حاصل ہے، لیکن یہ چیز چونکہ قدرتی ہے، کسبی نہیں ہے، اس لیے معیار فضیلت نہیں ہے، معیار فضیلت کسبی چیز ہے، جس میں انسان کا دخل ہے، وہ تقویٰ اور دین ہے، اگر دونوں چیزیں مل جائیں تو یہ نور علی نور ہے، تقویٰ کے سبب، نسب خاندان کی فضیلت کو بھی اہمیت حاصل ہو جاتی ہے۔
(2)
هذا الامر ياهذاالشان: امر اور شان سے مراد دین اور اسلام بھی ہو سکتا ہے کہ جو لوگ اسلام کے شدید مخالف تھے، وہ اسلام لانے کے بعد اسلام کے شدید حامی ہوں گے، جیسا کہ حضرت عمر، حضرت خالد بن ولید، حضرت عمرو بن عاص، حضرت عکرمہ بن ابی جہل وغیرہم، صحابہ کرام کے حالات زندگی اس کی بین دلیل ہیں اور امر و شان سے مراد وہ عہدہ اور منصب بھی ہو سکتے ہیں، کہ جو لوگ عہدہ منصب کو ناپسند کرتے ہیں، پھر حالات کی مجبوری سے اس کو قبول کر لیتے ہیں تو وہ ان کے مقابلہ میں بہت بہتر ثابت ہوتے ہیں، جو ان کے حریص اور خواہاں ہوتے ہیں، کیونکہ پہلے لوگوں کو اللہ تعالیٰ کی نصرت و حمایت حاصل ہوتی ہے اور اس کی توفیق ان کے شامل حال ہوتی ہے، جبکہ دوسرا گروہ اللہ کی توفیق و نصرت سے محروم رہتا ہے، اس لیے حالات اس کے لیے سازگار نہیں رہتے، بلکہ خراب سے خراب تر ہو جاتے ہیں، جس کی روشن دلیل آج کی جمہوری حکومتیں ہیں۔
(3)
ذاالوجهين: دو رخا، مفادات کا اسیر، جس کا مذہب چاپلوسی اور تملق ہے، جس کے پاس گیا، اس کا ہو گیا اور دوسرے میں عیوب و نقائص ڈالنے شروع کر دیے، یعنی سامنے تعریف میں آسمان و زمین کے قلابے ملاتے ہیں اور پس پشت اس میں کوئی خوبی نظر نہیں آتی، ہر عیب نظر آتا ہے، یعنی ہنر بھی عیب بن جاتے ہیں اور ان کا سکہ کچھ عرصہ تو چلتا ہے، لیکن انجام کار رسوائی اور ذلت کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوتا، لیکن بدقسمتی سے آج کل عوام اور خواص سب اس مرض میں مبتلا ہیں۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 6454 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 2638 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ مرفوعاً بیان کرتے ہیں، آپ نے فرمایا:" لوگ سونے چاندی کی معدن (کان) کی طرح معدنیات ہیں ان میں جو لوگ جاہلیت کے دور میں بہتر تھے وہ اسلام میں بھی بہتر ہیں بشرطیکہ دین کی سوجھ بوجھ پیدا کر لیں۔اور ارواح مجتمع لشکر ہیں چنانچہ جن میں جان پہچان تھی۔ان میں الفت ہو گئی اور جن میں غیریت تھی اجنبی تھیں وہ الگ الگ رہیں گی۔" [صحيح مسلم، حديث نمبر:6709]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے لوگوں کو معدنیات سے تشبیہ دی ہے، جن کی صفات و خصوصیات جدا جدا ہیں، اس طرح لوگوں کی طبائع اور مزاج الگ الگ ہیں اور ان کی قدروقیمت ان خوبیوں اور صفات کے مطابق ہے۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 6709 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 6058 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
6058. حضرت ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ نے فرمایا: "تم قیامت کے دن لوگوں میں اللہ کے ہاں بدتر اس شخص کو پاؤ گے جو دو رخا ہوگا۔ جو ان لوگوں کے پاس ایک منہ سے آتا ہے اور ان کے پاس دوسرے منہ سے آتا ہے۔"[صحيح بخاري، حديث نمبر:6058]
حدیث حاشیہ: ہر جگہ لگی لپٹی بات کہتا ہے۔
دو رخا آدمی وہ ہے کہ ہر فریق سے ملا رہے۔
جس کی صحبت میں جائے ان کی سی کہے۔
یعنی رکابی مذہب والا (با مسلمان اللہ اللہ با برہمن رام رام)
قال القرطبي إنما کان ذوالوجھین شر الناس لأن حاله حال المنافق (فتح)
یعنی منہ دیکھی بات کرنے والا بد ترین آدمی ہے اس لئے کہ اس کا منافق جیسا حال ہے۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 6058 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 6058 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
6058. حضرت ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ نے فرمایا: "تم قیامت کے دن لوگوں میں اللہ کے ہاں بدتر اس شخص کو پاؤ گے جو دو رخا ہوگا۔ جو ان لوگوں کے پاس ایک منہ سے آتا ہے اور ان کے پاس دوسرے منہ سے آتا ہے۔"[صحيح بخاري، حديث نمبر:6058]
حدیث حاشیہ:
(1)
دو رخا وہ آدمی ہے جو ہر فریق کی ہاں میں ہاں ملانے کا عادی ہو جیسا کہ کہا جاتا ہے: با مسلمان الله الله بابر همن رام رام۔
ایک حدیث میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جس شخص کے دنیا میں دوچہرے ہوں گے قیامت کے دن اس کی دو زبانیں آگ کی ہوں گی۔
‘‘ (سنن أبي داود، الأدب، حدیث: 4873) (2)
اس قسم کے لوگ اپنی سمجھ میں بڑے عقلمند بننے کی کوشش کرتے ہیں۔
ایسے ابن الوقت لوگوں کو قرآنی اصطلاح میں منافق کہا جاتا ہے۔
قرآن کریم میں ان کی بہت مذمت بیان کی گئی ہے۔
حدیث کے مطابق قرآن میں ان کے متعلق اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے: ’’یہ کفر اور ایمان کے درمیان لٹک رہے ہیں، نہ ادھر کے ہیں اور نہ ادھر کے۔
‘‘ (النساء4: 143)
بہرحال یہ لوگ انتہائی بزدل اور اخلاقی پستی کا شکار ہوتے ہیں۔
اگر کوئی آدمی اصلاح کی نیت سے فریقین کے پاس آتا جاتا ہے تو وہ قابل مذمت نہیں بلکہ وہ نیک لوگوں میں سے ہے۔
واللہ أعلم
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 6058 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 7179 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
7179. سیدنا ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے انہوں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا،آپ نے فرمایا: "بلاشبہ لوگوں میں بد ترین وہ شخص ہے جو دورخا ہو، ان کے ساتھ ایک بات کرتا ہے تو دوسروں کے ساتھ اور بات کرتا ہے۔"[صحيح بخاري، حديث نمبر:7179]
حدیث حاشیہ: منہ دیکھی بات کرنا اچھے لوگوں کا شیوہ نہیں ایسے لوگ سب کی نظروں میں غیرمعتبر ہو جاتے ہیں اور ان کا کوئی مقام نہیں رہتا۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 7179 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 7179 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
7179. سیدنا ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے انہوں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا،آپ نے فرمایا: "بلاشبہ لوگوں میں بد ترین وہ شخص ہے جو دورخا ہو، ان کے ساتھ ایک بات کرتا ہے تو دوسروں کے ساتھ اور بات کرتا ہے۔"[صحيح بخاري، حديث نمبر:7179]
حدیث حاشیہ:
اس حدیث میں منافقانہ رویہ بیان ہوا ہے کہ مسلمانوں سے کہتے ہیں: ہم مومن ہیں اور ان سے ایمانی باتیں کرتے ہیں اور جب کافروں کے پاس آتے ہیں تو ان کی ہم نوائی کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ہم تو مسلمانوں سے مذاق کرتے ہیں۔
حدیث میں ایسے لوگوں کو بدترین کہا گیا ہے۔
ایسا کرنا اچھے لوگوں کا شیوہ اور طور طریقہ نہیں ہے۔
ایسے لوگ سب کی نظروں سے گرجاتے ہیں اور معاشرے میں ان کا کوئی مقام واحترام نہیں رہتا۔
بہرحال اسلام نےدورخے پن کی بہت مذمت کی ہے، ایک مسلمان کو ہرحال میں اس سے بچنا چاہیے۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 7179 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 2025 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´دو رخے شخص کا بیان۔`
ابوہریرہ رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " قیامت کے دن اللہ کی نظر میں دو رخے شخص سے بدتر کوئی نہیں ہو گا " ۱؎۔ [سنن ترمذي/كتاب البر والصلة/حدیث: 2025]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
دورخے شخص سے مراد ایسا آدمی ہے جو ایک گروہ کے پاس جائے تو اسے یہ یقین دلائے کہ تمہارا خیر خواہ اور ساتھی ہوں اوردوسرے کا مخالف ہوں، لیکن جب دوسرے گروہ کے پاس جائے تو اسے بھی اسی طرح کا تاثر دے۔
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 2025 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 4834 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´کن لوگوں کے ساتھ اٹھنا بیٹھنا چاہئے؟`
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " روحیں (عالم ارواح میں) الگ الگ جھنڈوں میں ہوتی ہیں یعنی (بدن کے پیدا ہونے سے پہلے روحوں کے جھنڈ الگ الگ ہوتے ہیں) تو ان میں سے جن میں آپس میں (عالم ارواح میں) جان پہچان تھی وہ دنیا میں بھی ایک دوسرے سے مانوس ہوتی ہیں اور جن میں اجنبیت تھی وہ دنیا میں بھی الگ الگ رہتی ہیں۔‏‏‏‏" [سنن ابي داود/كتاب الأدب /حدیث: 4834]
فوائد ومسائل:
اگر کسی کو صالحین کی صحبت میسر ہو اور انکے ساتھ انس بھی ہو تو یہ اللہ کی نعمت ہے۔
اس پر اللہ کا شکر ادا کرنے کے ساتھ ساتھ اس تعلق کو اور زیادہ مضبوط بنانا چاہیئے۔
لیکن اگر معاملہ اس کے برعکس ہو تو صاحبِ ایمان ہونے کے ناطے چاہیئے کہ بندہ اپنے عمل اور مزاج میں تبدیلی لائے۔
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 4834 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: الادب المفرد / حدیث: 901 کی شرح از الشیخ مولانا عثمان منیب ✍️
1
فوائد ومسائل:
حدیث کا مطلب یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے لوگوں کو مختلف صفات کا حامل بنایا ہے تخلیق اجسام سے پہلے روحیں عالم ارواح میں اکٹھی تھیں۔ اچھی بری صفات کے اختلاف سے وہاں بھی نیکوں اور بروں کے الگ الگ گروہ تھے۔ اسی حساب سے دنیا میں بھی ان کی باہمی محبت اور اختلاف ہے۔ برے لوگ برے لوگوں کے دوست ہیں اور اچھے اچھوں کے۔
درج بالا اقتباس فضل اللہ الاحد اردو شرح الادب المفرد، حدیث/صفحہ نمبر: 901 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: مشكوة المصابيح / حدیث: 201 کی شرح از حافظ زبیر علی زئی ✍️
´سلیم الفطرت لوگ`
«. . . ‏‏‏‏وَعَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «النَّاسُ مَعَادِنُ كَمَعَادِنِ الذَّهَبِ وَالْفِضَّةِ خِيَارُهُمْ فِي الْجَاهِلِيَّةِ خِيَارُهُمْ فِي الْإِسْلَامِ إِذَا فَقِهُوا» . رَوَاهُ مُسلم . . .»
". . . سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے انھوں نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ لوگ کان ہیں، جس طرح سونے اور چاندی کی کانیں ھوتی ہیں۔ جو لوگ جاہلیت میں اچھے تھے وہ اسلام میں بھی اچھے ہیں بشرطیکہ وہ سمجھدار ہوں۔ اس حدیث کو مسلم نے روایت کیا ہے۔ . . ." [مشكوة المصابيح/كِتَاب الْعِلْمِ: 201]
تخریج الحدیث:
[صحيح مسلم 6709]

فقہ الحدیث:
➊ انسانوں میں بعض کو بعض پر فضیلت حاصل ہے۔
➋ جو شخص ناسمجھی میں اخلاص سے اسلام کی مخالفت کرتا تھا تو جب خلوص دل سے مسلمان ہو جاتا ہے، پھر دین اسلام کا دفاع بھی انتہائی خلوص اور عظیم قربانیوں کے ساتھ سرانجام دیتا ہے۔ جو لوگ جاہلیت میں اسلام کے کٹر مخالف تھے مثلاً سیدنا عکرمہ بن ابی جہل (رضی اللہ عنہ) وغیرہ، جب انہوں نے اسلام قبول کیا تو اپنا مال و جان اور سب کچھ اسلام پر نچھاور کر دیا۔ رضی اللہ عنہم اجمعین
➌ جو شخص دین اسلام (کتاب و سنت) کی نشر و اشاعت میں دل و جان سے ہر وقت مصروف رہے، یہی شخص فقیہ اور صاحب فضل و خیر ہے۔
➍ بہترین اور افضل کو دوسری بہترین چیزوں کے ساتھ تشبیہ دینا جائز ہے، بشرطیکہ توہین و تحقیر مراد نہ ہو لیکن یاد رہے کہ تشبیہ میں ہر لحاظ سے مماثلت ضروری نہیں ہے۔
➎ افضل کو افضل کے ساتھ ہی تشبیہ دینا جائز ہے۔
➏ تمام لوگ اعمال میں برابر نہیں بلکہ مختلف ہوتے ہیں۔
➐ دین میں سوجھ بوجھ (تفقہ) حاصل کرنے کے لئے ہمہ وقت مصروف اور سرگرم رہنا چاہئے۔
➑ جس طرح سونے چاندی کو آگ کی بھٹی میں مختلف عوامل اور حالتوں سے گزارا جاتا ہے، تب کہیں جاکر خالص سونا چاندی تیار ہوتے ہیں، اسی طرح اہل ایمان بھی مختلف تکالیف اور مشقتوں میں صبر سے نکلنے کے بعد کندن (اعلیٰ درجے کے مومنین) بن جاتے ہیں۔
➒ اگر ایمان و اسلام کی نعمت نصیب نہ ہو تو پھر موروثی برتری اور قومی و خاندانی غلبے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔
درج بالا اقتباس اضواء المصابیح فی تحقیق مشکاۃ المصابیح، حدیث/صفحہ نمبر: 201 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: مسند الحميدي / حدیث: 1074 کی شرح از محمد ابراہیم بن بشیر ✍️
1074- سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں: نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا ہے: "لوگ اس (حکومت کے) معاملے میں قریش کے تابع ہوں گے، مسلمان لوگ، مسلمان قریش کے تابع ہوں گے اور کافر لوگ، کافر قریش کے تابع ہوں گے۔‏‏‏‏" [مسند الحمیدی/حدیث نمبر:1074]
فائدہ:
اس حدیث میں قریش کی فضیلت ثابت ہوتی ہے۔
درج بالا اقتباس مسند الحمیدی شرح از محمد ابراهيم بن بشير، حدیث/صفحہ نمبر: 1073 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: مسند الحميدي / حدیث: 1075 کی شرح از محمد ابراہیم بن بشیر ✍️
1075- سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں: نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا ہے: "تم لوگوں کو معدن کی طرح پاؤ گے، جو لوگ زمانہ جاہلیت میں بہترتھے وہ اسلام میں بھی بہتر شمار ہوں گے، جب کہ انہیں دین کی سمجھ بوجھ حاصل ہوجائے۔‏‏‏‏" [مسند الحمیدی/حدیث نمبر:1075]
فائدہ:
اس حدیث سے ثابت ہوا کہ دین کی سمجھ انسان کو ممتاز کرتی ہے، دین میں نقابت قرآن و حد یث کی سمجھ ہے نہ کہ فقہ حنفی، فقہ شافعی، فقہ حنبلی اور فقہ مالکی۔
یہاں سے یہ بھی ثابت ہوا کہ جو صحابہ کرام رضوان اللہ اجمعین کو برتری ملی اس کی سب سے بڑی وجہ قرآن و حدیث میں فقاہت تھی۔
درج بالا اقتباس مسند الحمیدی شرح از محمد ابراهيم بن بشير، حدیث/صفحہ نمبر: 1075 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: مسند الحميدي / حدیث: 1166 کی شرح از محمد ابراہیم بن بشیر ✍️
1166- سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں: نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا ہے: "تم لوگوں میں سب سے زیادہ برا دوغلے شخص کو پاؤ گے۔" [مسند الحمیدی/حدیث نمبر:1166]
فائدہ:
اس حدیث میں دوزخ والوں کی برائی بیان کی جا رہی ہے کہ دنیا میں تو لوگ بھی اچھے کو برا اور برے کو اچھا کہہ دیتے ہیں لیکن یہ برے نہیں ہے، حقیقت میں برے وہ ہیں جن کو اللہ نے نعمتوں والی جنت کی بجائے صعوبتوں والی جہنم کا وارث بنا دیا۔
درج بالا اقتباس مسند الحمیدی شرح از محمد ابراهيم بن بشير، حدیث/صفحہ نمبر: 1164 سے ماخوذ ہے۔