باب کی ابتدا میں امام نووی رحمہ اللہ نے یہ آیات / کلام ذکر کیا ہے:
قَالَ الله تَعَالَى: ﴿يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا اتَّقُوا اللهَ حَقَّ تُقَاتِهِ﴾ [آل عمران: ١٠٢]، وَقالَ تَعَالَى: ﴿فَاتَّقُوا الله مَا اسْتَطَعْتُمْ﴾ [التغابن: ١٦]. وهذه الآية مبينة للمراد مِنَ الأُولى. وَقالَ تَعَالَى: ﴿يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا اتَّقُوا اللهَ وَقُولُوا قَوْلًا سَدِيدًا﴾ [الأحزاب: ٧٠]، وَالآيات في الأمر بالتقوى كثيرةٌ معلومةٌ، وَقالَ تَعَالَى: ﴿وَمَنْ يَتَّقِ اللهَ يَجْعَلْ لَهُ مَخْرَجًا وَيَرْزُقْهُ مِنْ حَيْثُ لاَ يَحْتَسِبُ﴾ [الطلاق: ٢ - ٣]، وَقالَ تَعَالَى: ﴿إِنْ تَتَّقُوا اللهَ يَجْعَلْ لَكُمْ فُرْقَانًا وَيُكَفِّرْ عَنْكُمْ سَيِّئَاتِكُمْ وَيَغْفِرْ لَكُمْ وَاللهُ ذُو الْفَضْلِ الْعَظِيمِ﴾ [الأنفال:٢٩] والآيات في البابِ كثيرةٌ معلومةٌ.
وأما الأحاديث:

اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ”اے ایمان والو! اللہ سے ڈرو جیسا کہ اس سے ڈرنے کا حق ہے۔“ (سورۃ آل عمران: 102)
اور فرمایا: ”پس جہاں تک تم سے ہو سکے اللہ سے ڈرو۔“ (سورۃ التغابن: 16) یہ آیت پہلی آیت کی مراد کو واضح کرنے والی ہے۔
اور فرمایا: ”اے ایمان والو! اللہ سے ڈرو اور سیدھی (درست) بات کہو۔“ (سورۃ الاحزاب: 70) اور تقویٰ کا حکم دینے والی آیات بہت زیادہ اور معروف ہیں۔
اور فرمایا: ”اور جو اللہ سے ڈرے گا وہ اس کے لیے (مشکل سے) نکلنے کا راستہ بنا دے گا، اور اسے وہاں سے رزق دے گا جہاں سے اسے گمان بھی نہ ہو۔“ (سورۃ الطلاق: 2-3)
اور فرمایا: ”اگر تم اللہ سے ڈرو گے تو وہ تمہیں (حق و باطل میں) فرق کرنے والی چیز عطا کرے گا، تمہاری برائیاں تم سے دور کر دے گا اور تمہیں بخش دے گا، اور اللہ بڑے فضل والا ہے۔“ (سورۃ الانفال: 29) اور اس باب میں آیات بہت زیادہ اور معروف ہیں۔
اب احادیث (ملاحظہ ہوں):

حدیث نمبر: 69
فالأول: عن أبي هريرةَ - رضي الله عنه - قَالَ: قِيلَ: يَا رسولَ الله، مَنْ أكرمُ النَّاس؟ قَالَ: «أَتْقَاهُمْ». فقالوا: لَيْسَ عن هَذَا نسألُكَ، قَالَ: «فَيُوسُفُ نَبِيُّ اللهِ ابنُ نَبِيِّ اللهِ ابنِ نَبيِّ اللهِ ابنِ خليلِ اللهِ» قالوا: لَيْسَ عن هَذَا نسألُكَ، قَالَ: «فَعَنْ مَعَادِنِ العَرَبِ تَسْأَلوني؟ خِيَارُهُمْ في الجَاهِليَّةِ خِيَارُهُمْ في الإِسْلامِ إِذَا فقُهُوا». مُتَّفَقٌ عَلَيهِ.
و«فَقُهُوا» بِضم القافِ عَلَى المشهورِ وَحُكِيَ كَسْرُها: أيْ عَلِمُوا أحْكَامَ الشَّرْعِ.
ترجمہ

سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: عرض کیا گیا: اے اللہ کے رسول! لوگوں میں سب سے زیادہ معزز کون ہے؟ آپ ﷺ نے فرمایا: ”جو ان میں سب سے زیادہ متقی ہے۔“ لوگوں نے عرض کیا: ہم آپ سے اس کے بارے میں نہیں پوچھ رہے۔ آپ ﷺ نے فرمایا: ”تو پھر یوسف (علیہ السلام) ہیں، جو اللہ کے نبی ہیں، اللہ کے نبی کے بیٹے ہیں، (جو) اللہ کے نبی کے بیٹے ہیں، (جو) اللہ کے خلیل کے بیٹے ہیں۔“ انہوں نے عرض کیا: ہم آپ سے اس کے بارے میں (بھی) نہیں پوچھ رہے۔ آپ ﷺ نے فرمایا: ”تو کیا تم مجھ سے عرب کے خاندانوں کے بارے میں پوچھ رہے ہو؟ ان میں سے جو جاہلیت میں بہتر تھے وہی اسلام میں بھی بہتر ہیں، جب وہ دین کی سمجھ حاصل کر لیں۔“
(متفق علیہ)
«فَقُهُوا»: مشہور قول کے مطابق قاف کے ضمہ کے ساتھ ہے، اور اس کا کسرہ بھی منقول ہے، یعنی وہ شریعت کے احکام جان لیں۔

وضاحت:
«أَتْقَاهُمْ» : اللہ تعالیٰ کے اس فرمان کی وجہ سے: "بے شک اللہ کے نزدیک تم میں سب سے زیادہ عزت والا وہ ہے جو تم میں سب سے زیادہ متقی ہے۔" (سورۃ الحجرات: 13)
«فَيُوسُفُ» : وہ یوسف بن یعقوب بن اسحاق بن ابراہیم علیہم الصلاۃ والسلام ہیں۔
«مَعَادِنِ العَرَبِ» : یعنی ان کی اصلیں اور ان کے نسب۔ (شرح ریاض الصالحین لابن عثیمین 1/275)
حوالہ حدیث رياض الصالحين / بداية الكتاب / حدیث: 69
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (متفق عليه)
تخریج حدیث أخرجه: البخاري 4/ 170 (3353)، ومسلم 7/ 103 (2378).
لقوله تعالى: ﴿إِنَّ أَكْرَمَكُمْ عِنْدَ اللَّهِ أَتْقَاكُمْ﴾ [الحجرات: ١٣].
هو يوسف بن يعقوب بن إسحاق بن إبراهيم. عليهم الصلاة والسلام.
يعني أصولهم وأنسابهم. شرح رياض الصالحين لابن عثيمين ١/ ٢٧٥.

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 3353 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
3353. حضرت ابو ہریرہ ؓسے روایت ہے، انھوں نےکہا کہ رسول اللہ ﷺ سے عرض کیا گیا: اللہ کے رسول اللہ ﷺ! لوگوں میں سب سے زیادہ مکرم کون ہے؟ آپ نے فرمایا: ’’جو ان میں اللہ تعالیٰ سے زیادہ ڈرنے والا ہو۔‘‘ لوگوں نے عرض کیا: ہم نے یہ سوال نہیں۔ تو آپ نے فرمایا: ’’سب سے زیادہ بزرگ اللہ کے نبی حضرت یوسف ؑ ہیں جو خود نبی تھے، باپ نبی، دادا نبی اور پردادابھی نبی جو اللہ تعالیٰ کے خلیل ہیں۔‘‘ لوگوں نے عرض کیا: ہم نے آپ سے یہ نہیں پوچھا۔ آپ نے فرمایا: ’’تم خاندان عرب کے متعلق پوچھتے ہو؟ ان سب سے جو زمانہ جاہلیت میں بہتر تھے وہی اسلام میں بھی بہتر ہیں بشرطیکہ وہ دین میں فقاہت حاصل کر لیں۔‘‘ ابو اسامہ اور معتمر نے عبیداللہ، سعید اور ابو ہریرہ ؓکے واسطے سے اسے نبی ﷺ سے روایت کیا ہے۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:3353]
حدیث حاشیہ:
1۔
حافظ ابن حجر ؒ فرماتے ہیں: رسول اللہ ﷺ کے پہلے جواب میں اعمال صالحہ کے شرف کی طرف اشارہ تھا۔
جب لوگوں نے اس سے انکار کیا تو آپ نے نسب صالح کے اعتبار سے جو شرف حاصل ہوتا ہے اسے بیان فرمایا۔
جب لوگوں نے اسے بھی تسلیم نہ کیا تو آپ نے وہ صفات بیان فرمائیں جو انسان میں جبلی اور فطری طورپر موجود ہوتی ہیں۔
کسب کاان میں دخل نہیں ہوتا اور لوگ ان پر فخر بھی کرتے ہیں۔
پھر آپ نے دین کی فقاہت بیان کرکے حسب ونسب دونوں کو جمع کردیا۔
اس سے معلوم ہوا کہ ہرحالت میں عالم دین کو شریف جاہل پرفوقیت حاصل ہے۔
2۔
بہرحال شرافت کی درجہ بندی یوں ہے کہ جو دور جاہلیت میں شریف النفس تھا اور اسلام لانے کے بعد بھی اس نے اپنی پیدائشی شرافت کو داغدار نہیں کیا، کیا وہ اللہ کے ہاں بلند مرتبہ ہے۔
اگر اس کے ساتھ دینی فقاہت و بصیرت بھی شامل ہوجائے تو اس کا مقام تو بہت اونچاہے، گویا سونے پر سہاگا ہے۔
البتہ بے دینی کی صورت میں شرافت نسبی کا کوئی مقام نہیں۔
لیکن افسوس کہ ہمارے ہاں صرف حسب ونسب ہی شرافت کا میعار بنا ہوا ہے خواہ وہ معاشرے میں رسہ گیرہی کیوں نہ ہو۔
واللہ المستعان۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 3353 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 3493 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
3493. حضرت ابوہریرہ ؓسے روایت ہے، وہ رسول اللہ ﷺ سے بیان کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا: ’’تم لوگوں کو کان کی طرح پاؤ گے۔ جو لوگ دور جاہلیت میں بہتر تھے وہ زمانہ اسلام میں بھی اچھی صفات کے حامل ہیں بشرط یہ کہ علم دین حاصل کریں۔ اور تم حکومت اور سرداری کے لائق اس شخص کو پاؤ گے جو اسے سخت ناپسند کرنے والا ہوگا۔‘‘[صحيح بخاري، حديث نمبر:3493]
حدیث حاشیہ:
1۔
کان سے جب سونا چاندی نکالاجاتا ہے تو اس کی ذاتی صفت میں کوئی تبدیلی نہیں آتی، اسی طرح لوگوں میں جو ذاتی شرافت ہوتی ہے۔
وہ اسلام سے پہلے اور بعد دونوں زمانوں میں برقراررہتی ہے۔
اگر وہ دین میں فقاہت اور سمجھ پیدا کرلے تو اس کی ذاتی شرافت میں مزید چمک اور روئیدگی پیدا ہوجاتی ہے۔
اس اعتبار سے لوگوں کی اپنے مقابل کے اعتبار سے چارقسمیں ہیں جن کی تفصیل حسب ذیل ہے:۔
ایک آدمی دورجاہلیت میں شریف الطبع تھا وہ مسلمان ہوا اوردین میں خوب سمجھ پیدا کی تو اس کے مقابلے میں وہ شخص انتہائی براہے جو دورجاہلیت میں بدمعاش تھا، نہ اسلام لایا اور نہ اس نے کوئی اپنی سمجھ بوجھ ہی کو جلابخشی۔

۔
جو شخص زمانہ جاہلیت میں شریف الطبع تھا وہ مسلمان ہوا لیکن دینی معاملات میں بصیرت پیدا نہ کرسکاتو اس کے مقابلے میں وہ شخص ہے جو دور جاہلیت میں شرافت والا نہیں تھا، وہ مسلمان نہ ہوا، البتہ وہ صاحب البصیرت ضرورتھا۔

۔
دور جاہلیت میں شریف تھا لیکن وہ مسلمان نہ ہوا اور نہ فقاہت کا مالک ہی بنا، اس کے مقابلے میں وہ شخص ہے جو دور جاہلیت میں بدخصلت تھاوہ مسلمان ہوا اوردین میں سمجھ بوجھ پیدا کی۔

۔
دورجاہلیت میں شرافت کا حامل تھا لیکن وہ مسلمان نہ ہوا، البتہ صاحب بصیرت تھا،اس کے مقابلے میں وہ شخص ہے جو زمانہ جاہلیت میں شرارتی تھا، وہ مسلمان تو ہوا لیکن دینی معاملات میں سمجھ بوجھ پیدا نہ کرسکا۔
ان میں سب سے افضل وہ شخص ہے جو زمانہ جاہلیت میں شریف الطبع تھا، پھر مسلمان ہوا اور اپنے دین میں فہم وبصیرت پیدا کی۔
اس کےبعد وہ شخص جو زمانہ جاہلیت میں کمینہ خصلت تھا لیکن اسلام لایا اور علم دین حاصل کیا۔
اس کے بعد اس شخص کا درجہ ہے جو زمانہ جاہلیت میں شریف تھا، اسلام لایا لیکن علم دین حاصل نہ کیا۔
سب سے آخر میں وہ شخص ہے جو زمانہ جاہلیت میں بری خصلتوں کاحامل تھا، وہ مسلمان ہوا لیکن بصیرت حاصل نہ کرسکا۔
اگرکوئی مسلمان نہیں ہواتو اسے دورجاہلیت کی شرافت کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا، خواہ وہ صاحب بصیرت ہویا اس کے بغیر رہا ہو۔
شرافت سے مراد اچھے اخلاق، مثلاً: سخاوت، عفت اور بردباری سے متصف ہو اور اس کے برعکس بری صفات، مثلاً: بخل، فسق وفجور اور ظلم وستم کرنے سے اجتناب کرنے والا ہو۔
(فتح الباري: 638/6)
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 3493 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 2526 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں، کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم لوگوں کو معدنیات کی طرح پاؤ گے۔ تو جو لوگ جاہلیت کے دورمیں بہتر تھے وہ اسلام کےدورمیں بھی بہتر ہیں بشرط یہ کہ دین کی سوجھ بوجھ حاصل کرلیں،یا اس میں ملکہ پیدا کرلیں اور تم دین کے معاملہ یا حکومت واقتدار میں ان لوگوں کوبہتر پاؤگے،جواس کو سب سے زیادہ ناپسند کرتے تھے،جبکہ وہ اس میں داخل نہیں ہوئےتھے اور تم بدترین لوگ ان کوپاؤگے،جودورخے ہیں،جن کے دو چہرے ہیں،جو ان لوگوں کے پاس ایک چہرے سے آتے ہیں... (مکمل حدیث اس نمبر پر دیکھیں) [صحيح مسلم، حديث نمبر:6454]
حدیث حاشیہ: مفردات الحدیث:
(1)
الناس معادن: لوگ معدنیات کی طرح ہیں اور معدنیات کی خوبیاں اور کمالات اور ان کی قدروقیمت اللہ تعالیٰ نے طبعی طور پر مختلف رکھی ہے۔
سونا چاندی کا درجہ یکساں نہیں ہے، لعل و جواہر اور پتھر کا درجہ برابر نہیں ہے، یہی حالت انسانی قبائل اور خاندانوں کی ہے، اللہ تعالیٰ نے قدرتی طور پر ان میں الگ صفات اور خصوصیات رکھی ہیں، جن کی بنا پر انہیں ایک دوسرے پر شرف اور برتری حاصل ہے، لیکن یہ چیز چونکہ قدرتی ہے، کسبی نہیں ہے، اس لیے معیار فضیلت نہیں ہے، معیار فضیلت کسبی چیز ہے، جس میں انسان کا دخل ہے، وہ تقویٰ اور دین ہے، اگر دونوں چیزیں مل جائیں تو یہ نور علی نور ہے، تقویٰ کے سبب، نسب خاندان کی فضیلت کو بھی اہمیت حاصل ہو جاتی ہے۔
(2)
هذا الامر ياهذاالشان: امر اور شان سے مراد دین اور اسلام بھی ہو سکتا ہے کہ جو لوگ اسلام کے شدید مخالف تھے، وہ اسلام لانے کے بعد اسلام کے شدید حامی ہوں گے، جیسا کہ حضرت عمر، حضرت خالد بن ولید، حضرت عمرو بن عاص، حضرت عکرمہ بن ابی جہل وغیرہم، صحابہ کرام کے حالات زندگی اس کی بین دلیل ہیں اور امر و شان سے مراد وہ عہدہ اور منصب بھی ہو سکتے ہیں، کہ جو لوگ عہدہ منصب کو ناپسند کرتے ہیں، پھر حالات کی مجبوری سے اس کو قبول کر لیتے ہیں تو وہ ان کے مقابلہ میں بہت بہتر ثابت ہوتے ہیں، جو ان کے حریص اور خواہاں ہوتے ہیں، کیونکہ پہلے لوگوں کو اللہ تعالیٰ کی نصرت و حمایت حاصل ہوتی ہے اور اس کی توفیق ان کے شامل حال ہوتی ہے، جبکہ دوسرا گروہ اللہ کی توفیق و نصرت سے محروم رہتا ہے، اس لیے حالات اس کے لیے سازگار نہیں رہتے، بلکہ خراب سے خراب تر ہو جاتے ہیں، جس کی روشن دلیل آج کی جمہوری حکومتیں ہیں۔
(3)
ذاالوجهين: دو رخا، مفادات کا اسیر، جس کا مذہب چاپلوسی اور تملق ہے، جس کے پاس گیا، اس کا ہو گیا اور دوسرے میں عیوب و نقائص ڈالنے شروع کر دیے، یعنی سامنے تعریف میں آسمان و زمین کے قلابے ملاتے ہیں اور پس پشت اس میں کوئی خوبی نظر نہیں آتی، ہر عیب نظر آتا ہے، یعنی ہنر بھی عیب بن جاتے ہیں اور ان کا سکہ کچھ عرصہ تو چلتا ہے، لیکن انجام کار رسوائی اور ذلت کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوتا، لیکن بدقسمتی سے آج کل عوام اور خواص سب اس مرض میں مبتلا ہیں۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 6454 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 2638 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ مرفوعاً بیان کرتے ہیں، آپ نے فرمایا:" لوگ سونے چاندی کی معدن (کان) کی طرح معدنیات ہیں ان میں جو لوگ جاہلیت کے دور میں بہتر تھے وہ اسلام میں بھی بہتر ہیں بشرطیکہ دین کی سوجھ بوجھ پیدا کر لیں۔اور ارواح مجتمع لشکر ہیں چنانچہ جن میں جان پہچان تھی۔ان میں الفت ہو گئی اور جن میں غیریت تھی اجنبی تھیں وہ الگ الگ رہیں گی۔" [صحيح مسلم، حديث نمبر:6709]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے لوگوں کو معدنیات سے تشبیہ دی ہے، جن کی صفات و خصوصیات جدا جدا ہیں، اس طرح لوگوں کی طبائع اور مزاج الگ الگ ہیں اور ان کی قدروقیمت ان خوبیوں اور صفات کے مطابق ہے۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 6709 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 3490 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
3490. حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے، انھوں نے کہاکہ (ایک مرتبہ) پوچھا گیا: اللہ کے رسول ﷺ! تمام لوگوں میں زیادہ عزت والا کون ہے؟ توآپ نے فرمایا: ’’جو سب سے زیادہ پرہیز گار ہو۔‘‘ صحابہ کرام ؓ نے عرض کی: ہم اس کے متعلق آپ سے سوال نہیں کررہے۔ اس پر آپ نے فرمایا: ’’پھر اللہ کے نبی حضرت یوسف ؑ سب سے زیادہ شریف تھے۔‘‘[صحيح بخاري، حديث نمبر:3490]
حدیث حاشیہ:
1۔
امام بخاری ؒنے اس حدیث کو یہاں مختصر طور پر بیان کیا ہے قبل ازیں یہ روایت پوری تفصیل کے ساتھ ہی بیان ہوچکی ہے۔
(صحیح البخاري، أحادیث الأنبیاء، حدیث: 3374)
2۔
اس حدیث میں حضرت یوسف ؑ کی تخصیص دو وجہ سے ہے: ایک تو شان نبوت کی وجہ سے ہے، دوسرے نسلی اعتبار سے چار پشتوں میں نبوت چلی آرہی ہے، یعنی ان کا نسب بھی عالی ہے اور حسب وکردار بھی بلند ہے۔
اگر عالی نسب کے ساتھ کردار اچھا ہوتو سونے پر سہاگہ والی بات ہے۔
ہرقل نے بھی کہا تھا: انبیاء ؑ ہمیشہ عالی نسب ہوتے ہیں۔
واللہ المستعان۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 3490 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 3374 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
3374. حضرت ابو ہریرہ ؓسے روایت ہے، انھوں نے کہا: نبی ﷺ سے عرض کیا گیا: لوگوں میں سے سب سے زیادہ مکرم کون ہے؟ آپ نے فرمایا: ’’ان میں زیادہ معزز و محترم وہ ہے جو اللہ تعالیٰ سے زیادہ ڈرنے والا ہو۔‘‘ انھوں نے عرض کیا: اللہ کے رسول اللہ ﷺ! ہم آپ سے یہ نہیں پوچھتے۔ آپ نے فرمایا: ’’لوگوں میں سب سے زیادہ مکرم یوسف بن نبی اللہ بن نبی اللہ بن نبی اللہ بن خلیل اللہ ہیں۔‘‘ لوگوں نے کہا: ہم آپ سے اس کے متعلق بھی نہیں پوچھ رہے۔ (ہمارا مقصد یہ بھی نہیں۔) تو آپ نے فرمایا: ’’تم خاندان عرب کے متعلق پوچھ رہے ہو؟‘‘ انھوں نے کہا: جی ہاں، تو آپ نے فرمایا: ’’تم میں سے جو جاہلیت میں اچھے تھے وہ اسلام میں بھی اچھے ہیں بشرطیکہ وہ دین میں فقاہت حاصل کریں۔‘‘[صحيح بخاري، حديث نمبر:3374]
حدیث حاشیہ: روایت میں حضرت یعقوب ؑ کا ذکر آیا ہے یہی وجہ مناسبت باب ہے۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 3374 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 3374 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
3374. حضرت ابو ہریرہ ؓسے روایت ہے، انھوں نے کہا: نبی ﷺ سے عرض کیا گیا: لوگوں میں سے سب سے زیادہ مکرم کون ہے؟ آپ نے فرمایا: ’’ان میں زیادہ معزز و محترم وہ ہے جو اللہ تعالیٰ سے زیادہ ڈرنے والا ہو۔‘‘ انھوں نے عرض کیا: اللہ کے رسول اللہ ﷺ! ہم آپ سے یہ نہیں پوچھتے۔ آپ نے فرمایا: ’’لوگوں میں سب سے زیادہ مکرم یوسف بن نبی اللہ بن نبی اللہ بن نبی اللہ بن خلیل اللہ ہیں۔‘‘ لوگوں نے کہا: ہم آپ سے اس کے متعلق بھی نہیں پوچھ رہے۔ (ہمارا مقصد یہ بھی نہیں۔) تو آپ نے فرمایا: ’’تم خاندان عرب کے متعلق پوچھ رہے ہو؟‘‘ انھوں نے کہا: جی ہاں، تو آپ نے فرمایا: ’’تم میں سے جو جاہلیت میں اچھے تھے وہ اسلام میں بھی اچھے ہیں بشرطیکہ وہ دین میں فقاہت حاصل کریں۔‘‘[صحيح بخاري، حديث نمبر:3374]
حدیث حاشیہ:
1۔
لوگوں نے رسول اللہ ﷺ سے عرب کے خاندان کے متعلق پوچھا کہ ان میں معزز کون سا خاندان ہے؟ کیونکہ لوگ ان کی طرف خود کو منسوب کرتے تھے اور آپ میں اسے فخر کا ذریعہ خیال کرتے تھے۔
2۔
ان خاندان کو معاون اس لیے کہا کہ ان میں مختلف استعداد قابلیت پائی جاتی ہے جیسا کہ کانوں میں نفیس اور غیر نفیس دونوں قسم کے جواہر ہوتے ہیں یا انھیں کانوں سے تشبیہ دی کہ وہ شرف و عزت کے محل ہیں جس طرح کانوں میں مختلف جواہرات پائے جاتے ہیں۔
(فتح الباري: 502/6)
2۔
اس حدیث کی مزید تشریح قبل ازیں حدیث 3358۔
میں ملاحظہ کریں۔
اس حدیث میں حضرت یوسف ؑ کا نسب نامہ بیان ہوا ہے کہ وہ یعقوب کے بیٹے ہیں نیز اس میں صراحت ہے کہ بیٹا، باپ، دادا اور پردادا چاروں اللہ تعالیٰ کے نبی ہیں۔
علیه السلام۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 3374 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 4689 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
4689. حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ سے دریافت کیا گیا کہ لوگوں میں کون سب سے زیادہ باعزت اور معزز ہے؟ آپ نے فرمایا: ’’اللہ کے نزدیک سب سے زیادہ باعزت اور معزز وہ شخص ہے جو اللہ تعالٰی سے زیادہ ڈرنے والا ہو۔‘‘ لوگوں نے کہا: ہم نے آپ سے اس کے متعلق سوال نہیں کیا۔ آپ نے فرمایا: ’’پھر سب سے زیادہ معزز اور بزرگ حضرت یوسف ؑ جو اللہ کے نبی ہیں اور اللہ کے نبی کے بیٹے، اللہ کے نبی کے پوتے اور خلیل اللہ کے پڑپوتے ہیں۔‘‘ لوگوں نے کہا: ہمارے سوال کا مقصد یہ بھی نہیں۔ آپ نے فرمایا: ’’اچھا تم لوگ عرب کے خانوادوں کے متعلق مجھ سے پوچھتے ہو؟‘‘ لوگوں نے کہا: جی ہاں، آپ نے فرمایا: ’’جو لوگ زمانہ جاہلیت میں معزز اور بزرگ خیال کیے جاتے تھے اسلام لانے کے بعد بھی وہ معزز ہیں، بشرطیکہ دین میں سمجھ حاصل کر لیں۔‘‘ ابو اسامہ نے عبیداللہ سے روایت کرنے میں عبدۃ کی متابعت کی ہے۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:4689]
حدیث حاشیہ: حدیث ہذا کی رو سے شرافت کی بنیاد دین داری اور دین کی سمجھ ہے، اس کے بغیر شرافت کا دعویٰ غلط ہے خواہ کوئی سیدھی کیوں نہ ہو۔
دینی فقاہت شرافت کی اولین بنیاد ہے۔
محض علم کوئی چیز نہیں جب تک اس کو صحیح طور پر سمجھا نہ جائے اسی کا نام فقاہت ہے۔
نام نہاد فقہاء مراد نہیں ہیں جنہوں نے بلا وجہ زمین وآسمان کے قلابے ملائے ہیں۔
جیسا کہ کتب فقہ سے ظاہر ہے، الا ما شاء اللہ۔
تفصیل کے لئے کتاب "حقیقۃ الفقہ" ملاحظہ ہو۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 4689 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 4689 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
4689. حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ سے دریافت کیا گیا کہ لوگوں میں کون سب سے زیادہ باعزت اور معزز ہے؟ آپ نے فرمایا: ’’اللہ کے نزدیک سب سے زیادہ باعزت اور معزز وہ شخص ہے جو اللہ تعالٰی سے زیادہ ڈرنے والا ہو۔‘‘ لوگوں نے کہا: ہم نے آپ سے اس کے متعلق سوال نہیں کیا۔ آپ نے فرمایا: ’’پھر سب سے زیادہ معزز اور بزرگ حضرت یوسف ؑ جو اللہ کے نبی ہیں اور اللہ کے نبی کے بیٹے، اللہ کے نبی کے پوتے اور خلیل اللہ کے پڑپوتے ہیں۔‘‘ لوگوں نے کہا: ہمارے سوال کا مقصد یہ بھی نہیں۔ آپ نے فرمایا: ’’اچھا تم لوگ عرب کے خانوادوں کے متعلق مجھ سے پوچھتے ہو؟‘‘ لوگوں نے کہا: جی ہاں، آپ نے فرمایا: ’’جو لوگ زمانہ جاہلیت میں معزز اور بزرگ خیال کیے جاتے تھے اسلام لانے کے بعد بھی وہ معزز ہیں، بشرطیکہ دین میں سمجھ حاصل کر لیں۔‘‘ ابو اسامہ نے عبیداللہ سے روایت کرنے میں عبدۃ کی متابعت کی ہے۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:4689]
حدیث حاشیہ:
1۔
اس حدیث میں حضرت یوسف ؑ کی نسبی فضیلت بیان ہوئی ہے جو حضرت یوسف ؑ کے ساتھ خاص ہے۔
اس میں کوئی دوسرا پیغمبر ان کے ساتھ شریک نہیں۔
مذکورہ عنوان کے ساتھ اس حدیث کی یہی مناسبت ہے۔
2۔
معاون عرب سے مراد عرب کے خاندان ہیں جن کی طرف لوگ منسوب ہوتے ہیں اور ان پر فخر کرتے ہیں لوگوں کے کمال و نقصان کی وجہ سے انھیں سونے چاندی کی کانوں کے ساتھ تشبیہ دی گئی۔
چنانچہ روایت میں صراحت ہے کہ لوگ سونے چاندی کی کانوں کی طرح ہیں۔
(مسند أحمد: 539/2)
اس حدیث کی روسے خاندانی شرافت کی بنیاد دین داری اور دین میں سمجھ بوجھ ہے، اس کے بغیر شرافت کا دعوی غلط ہے خواہ کوئی سیدہی کیوں نہ ہو۔
دینی فقاہت شرافت کی اولین بنیاد ہے۔
مخض علم کوئی چیز نہیں جب تک اسے صحیح طور پر سمجھا نہ جائے اسی کا نام فقاہت ہے۔
واللہ اعلم۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 4689 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 3383 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
3383. حضرت ابو ہریرہ ؓسے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ سے دریافت کیا گیا: لوگوں میں کون سب سے زیادہ معظم ہے؟ آپ نے فرمایا: ’’جو اللہ تعالیٰ سے زیادہ ڈرنے والا ہے۔‘‘ انھوں نے کہا: ہم نے اس کے متعلق نہیں پوچھا: آپ نے فرمایا: ’’لوگوں میں سب سے زیادہ قابل احترام اللہ کے نبی حضرت یوسف بن نبی اللہ بن نبی اللہ بن خلیل اللہ ہیں۔‘‘ انھوں نے کہا: ہم نے اس کے متعلق عرض نہیں کیا۔ آپ نے فرمایا: ’’تم خاندان عرب کے متعلق سوال کرتے ہو؟ لوگ تو معدنوں کی طرح ہیں۔ جو زمانہ جاہلیت میں اچھے تھے وہ اسلام میں بھی اچھے ہیں بشرطیکہ وہ دین میں فقاہت حاصل کریں۔‘‘ محمد بن سلام نے بھی اپنی سند کے ساتھ بواسطہ حضرت ابو ہریرہ ؓ نبی ﷺ سے اسی طرح بیان کیا ہے۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:3383]
حدیث حاشیہ: معلوم ہوا کہ اسلام میں بنیاد شرافت دینداری اور دین کی سمجھ حاصل کرنا ہے جسے لفظ فقاہت سے یاد کیا گیا ہے۔
دوسری حدیث میں ہے: مَنْ يُرِدِ اللَّهُ بِهِ خَيْرًا يُفَقِّهْهُ فِي الدِّينِ۔
اللہ تعالیٰ اپنے جس بندے پر نظر کرم کرتا ہے اسے دین کی فقاہت یعنی سمجھ عطا کرتا ہے۔
اس سلسلہ میں امت کے سامنے زندہ مثالیں محدثین کرام کی ہیں جن کو اللہ پاک نے دینی فقاہت سے نوازہ کہ آج اسلام ان ہی کی مساعی جمیلہ سے زندہ ہے کہ سیرت نبوی احادیث صحیحہ کی روشنی میں مکمل طور پر مطالعہ کی جاسکتی ہے۔
اللہ پاک جملہ محدثین کرام و مجتہدین عظام کو امت کی طرف سے ہزاروں ہزار جزائیں عطافرمائے اور قیامت کے دن سب کو فردوس بریں میں جمع کرے اور مجھ ناچیز حقیر گنہگار ادنیٰ خادم اور میرے قدر دانوں کو باری تعالیٰ حشر کے میدان میں اپنے حبیب پاک اور جملہ بزرگان خاص کی رفاقت عطا فرمائے، آمین۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 3383 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 3383 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
3383. حضرت ابو ہریرہ ؓسے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ سے دریافت کیا گیا: لوگوں میں کون سب سے زیادہ معظم ہے؟ آپ نے فرمایا: ’’جو اللہ تعالیٰ سے زیادہ ڈرنے والا ہے۔‘‘ انھوں نے کہا: ہم نے اس کے متعلق نہیں پوچھا: آپ نے فرمایا: ’’لوگوں میں سب سے زیادہ قابل احترام اللہ کے نبی حضرت یوسف بن نبی اللہ بن نبی اللہ بن خلیل اللہ ہیں۔‘‘ انھوں نے کہا: ہم نے اس کے متعلق عرض نہیں کیا۔ آپ نے فرمایا: ’’تم خاندان عرب کے متعلق سوال کرتے ہو؟ لوگ تو معدنوں کی طرح ہیں۔ جو زمانہ جاہلیت میں اچھے تھے وہ اسلام میں بھی اچھے ہیں بشرطیکہ وہ دین میں فقاہت حاصل کریں۔‘‘ محمد بن سلام نے بھی اپنی سند کے ساتھ بواسطہ حضرت ابو ہریرہ ؓ نبی ﷺ سے اسی طرح بیان کیا ہے۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:3383]
حدیث حاشیہ:
1۔
اس حدیث میں خاندانی شرافت کے اعتبار سے حضرت یوسف ؑ کو لوگوں میں قابل احترام قراردیا گیا ہے کہ آپ سلسلہ نبوت کا ایک حلقہ ہیں یعنی آپ کے نسب میں مسلسل چار انبیائے کرام ؑ ہیں۔
اللہ تعالیٰ نے انھیں دنیاوی حکومت اور نبوت سے سرفراز فرمایا۔
2۔
اس حدیث کے مطابق دین اسلام میں شرافت کی بنیاد دینداری اور دین میں سمجھ حاصل کرنا ہے جسے حدیث میں لفظ فقاہت سے تعبیر کیا گیا ہے۔
ایک دوسری حدیث میں ہے۔
’’اللہ تعالیٰ جس بندے کے ساتھ خیر خواہی کا ارادہ فرماتا ہے اسے دین میں سمجھ عطا کرتا ہے۔
‘‘ (صحیح البخاري، العلم، حدیث: 71)
اس کی زندہ مثال محدثین کرام کی جماعت ہے جنھیں اللہ تعالیٰ نے دین میں فہم و بصیرت سے نوازا۔
ان کی مساعی جمیلہ سے آج اسلام زندہ ہے اور احادیث صحیحہ کی روشنی میں سیرت طیبہ کا مکمل طور پر مطالعہ کیا جا سکتا ہے۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ قیامت کے دن ہم سب کو رسول اللہ ﷺ کے جھنڈے تلے جمع کرے اورمحدثین کی جماعت سے اٹھائے۔
آمین۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 3383 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 2378 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں، آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کی گئی،اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم! لو گوں میں سب سے زیادہ کریم (معزز) کو ن ہے؟آپ نے فر یا:" جو ان میں سب سے زیادہ متقی ہو۔" صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین نے کہا: ہم اس کے متعلق آپ سے نہیں پوچھ رہے۔آپ نے فر یا:" تو (پھر سب سے بڑھ کر کریم) اللہ کے نبی حضرت یوسف ؑ ہیں اللہ کے نبی کے بیٹے ہیں وہ (ان کے والد) بھی اللہ... (مکمل حدیث اس نمبر پر دیکھیں) [صحيح مسلم، حديث نمبر:6161]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: جب لوگوں نے آپ سے اكرم الناس کا سوال کیا تو آپ نے خیال کیا، ان صفات و خصائل کے بارے میں سوال کر رہے، جن سے انسان عزت و شرف حاصل کرتا ہے، اس لیے آپ نے فرمایا، اللہ کی حدود کا سب سے زیادہ پابند، جب انہوں نے کہا، ہمارا سوال یہ نہیں ہے تو آپ نے سمجھا، یہ ان صفات کے ساتھ، خاندانی شرافت کی آمیزش چاہتے ہیں تو آپ نے یوسف علیہ السلام کا نام لیا، کیونکہ وہ ان صفات کے ساتھ شرف نبوت اور نبوت کے خاندان کے فرد تھے، تعبیر رؤیا کے ماہر تھے، دنیوی سیادت و قیادت کے حامل تھے اور اعلیٰ سیرت و کردار کے ساتھ رعایا کے محافظ و نگران اور ان کے ہمدرد اور خیرخواہ تھے، جب انہوں نے کہا، ہمارا سوال یہ بھی نہیں ہے، تب آپ نے فرمایا، عربی قبائل کے بارے میں پوچھتے ہو اور قبائل کو معاون (کانیں)
قرار دیا ہے، کیونکہ ان میں مختلف معدنیات ہوتی ہیں، جن کی قدروقیمت اور مقام الگ الگ ہوتا ہے، جیسا کہ قبائل مختلف خصائل و عادات کے حامل ہوتے ہیں، اس لیے آپ نے فرمایا، مکارم اخلاق اور عادات حسنہ سے متصف لوگ جو جاہلیت میں شرف و منزلت کے حامل تھے، اسلام لانے کے بعد اگر دین کی سوجھ بوجھ اور اس کے فہم کا ملکہ پیدا کر لیں تو انہیں دین اسلام میں بھی قدرومنزلت حاصل ہو گی۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 6161 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 4834 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´کن لوگوں کے ساتھ اٹھنا بیٹھنا چاہئے؟`
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " روحیں (عالم ارواح میں) الگ الگ جھنڈوں میں ہوتی ہیں یعنی (بدن کے پیدا ہونے سے پہلے روحوں کے جھنڈ الگ الگ ہوتے ہیں) تو ان میں سے جن میں آپس میں (عالم ارواح میں) جان پہچان تھی وہ دنیا میں بھی ایک دوسرے سے مانوس ہوتی ہیں اور جن میں اجنبیت تھی وہ دنیا میں بھی الگ الگ رہتی ہیں۔‏‏‏‏" [سنن ابي داود/كتاب الأدب /حدیث: 4834]
فوائد ومسائل:
اگر کسی کو صالحین کی صحبت میسر ہو اور انکے ساتھ انس بھی ہو تو یہ اللہ کی نعمت ہے۔
اس پر اللہ کا شکر ادا کرنے کے ساتھ ساتھ اس تعلق کو اور زیادہ مضبوط بنانا چاہیئے۔
لیکن اگر معاملہ اس کے برعکس ہو تو صاحبِ ایمان ہونے کے ناطے چاہیئے کہ بندہ اپنے عمل اور مزاج میں تبدیلی لائے۔
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 4834 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: الادب المفرد / حدیث: 901 کی شرح از الشیخ مولانا عثمان منیب ✍️
1
فوائد ومسائل:
حدیث کا مطلب یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے لوگوں کو مختلف صفات کا حامل بنایا ہے تخلیق اجسام سے پہلے روحیں عالم ارواح میں اکٹھی تھیں۔ اچھی بری صفات کے اختلاف سے وہاں بھی نیکوں اور بروں کے الگ الگ گروہ تھے۔ اسی حساب سے دنیا میں بھی ان کی باہمی محبت اور اختلاف ہے۔ برے لوگ برے لوگوں کے دوست ہیں اور اچھے اچھوں کے۔
درج بالا اقتباس فضل اللہ الاحد اردو شرح الادب المفرد، حدیث/صفحہ نمبر: 901 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: مشكوة المصابيح / حدیث: 201 کی شرح از حافظ زبیر علی زئی ✍️
´سلیم الفطرت لوگ`
«. . . ‏‏‏‏وَعَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «النَّاسُ مَعَادِنُ كَمَعَادِنِ الذَّهَبِ وَالْفِضَّةِ خِيَارُهُمْ فِي الْجَاهِلِيَّةِ خِيَارُهُمْ فِي الْإِسْلَامِ إِذَا فَقِهُوا» . رَوَاهُ مُسلم . . .»
". . . سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے انھوں نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ لوگ کان ہیں، جس طرح سونے اور چاندی کی کانیں ھوتی ہیں۔ جو لوگ جاہلیت میں اچھے تھے وہ اسلام میں بھی اچھے ہیں بشرطیکہ وہ سمجھدار ہوں۔ اس حدیث کو مسلم نے روایت کیا ہے۔ . . ." [مشكوة المصابيح/كِتَاب الْعِلْمِ: 201]
تخریج الحدیث:
[صحيح مسلم 6709]

فقہ الحدیث:
➊ انسانوں میں بعض کو بعض پر فضیلت حاصل ہے۔
➋ جو شخص ناسمجھی میں اخلاص سے اسلام کی مخالفت کرتا تھا تو جب خلوص دل سے مسلمان ہو جاتا ہے، پھر دین اسلام کا دفاع بھی انتہائی خلوص اور عظیم قربانیوں کے ساتھ سرانجام دیتا ہے۔ جو لوگ جاہلیت میں اسلام کے کٹر مخالف تھے مثلاً سیدنا عکرمہ بن ابی جہل (رضی اللہ عنہ) وغیرہ، جب انہوں نے اسلام قبول کیا تو اپنا مال و جان اور سب کچھ اسلام پر نچھاور کر دیا۔ رضی اللہ عنہم اجمعین
➌ جو شخص دین اسلام (کتاب و سنت) کی نشر و اشاعت میں دل و جان سے ہر وقت مصروف رہے، یہی شخص فقیہ اور صاحب فضل و خیر ہے۔
➍ بہترین اور افضل کو دوسری بہترین چیزوں کے ساتھ تشبیہ دینا جائز ہے، بشرطیکہ توہین و تحقیر مراد نہ ہو لیکن یاد رہے کہ تشبیہ میں ہر لحاظ سے مماثلت ضروری نہیں ہے۔
➎ افضل کو افضل کے ساتھ ہی تشبیہ دینا جائز ہے۔
➏ تمام لوگ اعمال میں برابر نہیں بلکہ مختلف ہوتے ہیں۔
➐ دین میں سوجھ بوجھ (تفقہ) حاصل کرنے کے لئے ہمہ وقت مصروف اور سرگرم رہنا چاہئے۔
➑ جس طرح سونے چاندی کو آگ کی بھٹی میں مختلف عوامل اور حالتوں سے گزارا جاتا ہے، تب کہیں جاکر خالص سونا چاندی تیار ہوتے ہیں، اسی طرح اہل ایمان بھی مختلف تکالیف اور مشقتوں میں صبر سے نکلنے کے بعد کندن (اعلیٰ درجے کے مومنین) بن جاتے ہیں۔
➒ اگر ایمان و اسلام کی نعمت نصیب نہ ہو تو پھر موروثی برتری اور قومی و خاندانی غلبے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔
درج بالا اقتباس اضواء المصابیح فی تحقیق مشکاۃ المصابیح، حدیث/صفحہ نمبر: 201 سے ماخوذ ہے۔