شعب الایمان — حدیث نمبر 3111
باب: منیحہ (دودھ کے لیے جانور عاریتاً دینے) کی فضیلت میں جو وارد ہوا۔
ما جاء في فضل المنيحة
مَا جَاءَ فِي فَضْلِ الْمَنِيحَةِ .
أَخْبَرَنَا أَبُو زَكَرِيَّا بْنُ أَبِي إِسْحَاقَ ، حَدَّثَنَا أَحْمَدُ بْنُ مُحَمَّدِ بْنِ عَبْدُوسٍ ، حَدَّثَنَا عُثْمَانُ بْنُ سَعِيدٍ الدَّارِمِيُّ ، حَدَّثَنَا الْقَعْنَبِيُّ فِيمَا قَرَأَ عَلَى مَالِكٍ .
وَأَخْبَرَنَا أَبُو أَحْمَدَ عَبْدُ اللَّهِ بْنُ مُحَمَّدِ بْنِ الْحَسَنِ الْمِهْرَجَانِيُّ ، حَدَّثَنَا أَبُو بَكْرٍ مُحَمَّدُ بْنُ جَعْفَرٍ الْمُزَكِّي ، حَدَّثَنَا أَبُو عَبْدِ اللَّهِ مُحَمَّدُ بْنُ إِبْرَاهِيمَ ، حَدَّثَنَا ابْنُ بُكَيْرٍ ، حَدَّثَنَا مَالِكٌ ، عَنْ أَبِي الزِّنَادِ ، عَنِ الْأَعْرَجِ ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ : "نِعْمَتِ - وَفِي رِوَايَةِ الْقَعْنَبِيِّ : نِعْمَ - الصَّدَقَةُ اللِّقْحَةُ الصَّفِيُّ مِنْحَةٌ ، وَالشَّاةُ الصَّفِيُّ تَغْدُو بِإِنَاءٍ ، وَتَرُوحُ بِإِنَاءٍ " .
رَوَاهُ الْبُخَارِيُّ فِي الصَّحِيحِ عَنْ يَحْيَى بْنِ بُكَيْرٍ وَغَيْرِهِ عَنْ مَالِكٍ .
وَأَخْرَجَهُ مُسْلِمٌ مِنْ حَدِيثِ ابْنِ عُيَيْنَةَ ، عَنْ أَبِي الزِّنَادِ .سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”کیا ہی عمدہ صدقہ ہے، «نِعْمَتِ» (اور قعنبی رحمہ اللہ کی روایت میں «نِعْمَ» ہے)، وہ دودھ دینے والی عمدہ اونٹنی جو عطیہ کے طور پر دی جائے، اور وہ عمدہ دودھ دینے والی بکری جو صبح ایک برتن بھر دودھ دیتی ہے اور شام کو ایک برتن بھر دودھ دیتی ہے۔“
امام بخاری رحمہ اللہ نے اسے ”الصحیح“ میں یحییٰ بن بکیر رحمہ اللہ اور دیگر راویوں سے، انہوں نے امام مالک رحمہ اللہ سے روایت کیا ہے۔
اور امام مسلم رحمہ اللہ نے اسے ابن عیینہ رحمہ اللہ کی حدیث سے، انہوں نے ابو الزناد رحمہ اللہ سے روایت کیا ہے۔
تشریح، فوائد و مسائل
منیحہ اور صدقہ میں فرق ہے۔
منیحہ حسن معاملت اور صلہ رحمی کے باب سے تعلق رکھتا ہے اور صدقہ کا مفہوم بہت عام ہے۔
ہر میٹھی بات کو بھی صدقہ کہاگیا ہے اور ہر مناسب اور اچھے طرز عمل کو بھی۔
اس لحاظ سے منیحہ اور صدقہ میں عموم خصوص مطلق کا فرق ہے۔
ہر منیحہ صدقہ بھی ہے مگر ہر صدقہ منیحہ نہیں ہے۔
فافھم۔
المحدث الکبیر حضرت مولانا عبدالرحمن مبارک پوری مرحوم فرماتے ہیں: قَالَ فِي الْقَامُوسِ مَنَحَهُ كَمَنَعَهُ وَضَرَبَهُ أَعْطَاهُ وَالِاسْمُ الْمِنْحَةُ بِالْكَسْرِ وَمَنَحَهُ النَّاقَةَ جَعَلَ له وَبَرَهَا وَلَبَنَهَا وَوَلَدَهَا وَهِيَ الْمِنْحَةُ وَالْمَنِيحَةُ انْتَهَى وَقَالَ الْحَافِظُ فِي الْفَتْحِ الْمَنِيحَةُ بِالنُّونِ وَالْمُهْمَلَةِ وَزْنُ عَظِيمَةٍ هِيَ فِي الْأَصْلِ الْعَطِيَّةُ قَالَ أَبُو عُبَيْدَةَ الْمَنِيحَةُ عِنْدَ الْعَرَبِ عَلَى وَجْهَيْنِ أَحَدُهُمَا أَنْ يُعْطِيَ الرَّجُلُ صَاحِبَهُ صِلَةً فَتَكُونَ لَهُ وَالْآخَرُ أَنْ يُعْطِيَهُ نَاقَةً أَوْ شَاةً يَنْتَفِعُ بِحَلْبِهَا وَوَبَرِهَا زَمَنًا ثُمَّ يَرُدَّهَا وَقَالَ الْقَزَّازُ قِيلَ لَا تَكُونُ الْمَنِيحَةُ إِلَّا نَاقَةً أَوْ شَاةً وَالْأَوَّلُ أَعْرَفُ انْتَهَى (تحفة الأحوذي، ج: 3، ص: 133)
خلاصہ یہ کہ لفظ منحہ اور منیحہ اصل میں عطیہ بخشش پر بولا جاتا ہے۔
ابوعبیدہ نے کہا کہ منیحہ عرب کے نزدیک دو طریق پر ہے۔
اول تو یہ کہ کوئی اپنے ساتھی کو بطور صلہ رحمی بخش دے، وہ اسکا ہوجائے گا۔
دوسرے یہ کہ کوئی کسی کو اونٹنی یا بکری اس شرط پر دے کہ وہ اس کے دودھ وغیرہ سے فائدہ اٹھائے اور ایک عرصہ بعد اسے واپس کردے۔
قزاز نے کہا کہ لفظ منیحہ صرف اونٹنی یا بکری کے عطیہ پر بولا جاتا ہے۔
مگر اول معنی ہی زیادہ مشہور و معروف ہیں۔
(1)
منيحة، اس دودھ والے جانور کو کہتے ہیں جو صرف دودھ کے لیے دوسرے کو ادھار دیا جاتا ہے۔
اسلام کے ابتدائی دور میں اقتصادی مسئلے کا ایک حل یہ بھی تھا کہ دودھ دینے والا جانور کسی ضرورت مند کو ادھار دے دیا جاتا۔
وہ جانور بدستور اصل مالک کی ملکیت ہوتا۔
(2)
مسنون طریقہ یہ ہے کہ ادھار لیے ہوئے جانور سے جب نفع حاصل کر لیا جائے تو اسے اصل مالک کو واپس کر دیا جائے۔
بہرحال یہ بھی عطیہ کی ایک صورت ہے کہ اصل کے بجائے کسی چیز کا نفع دوسرے کو ہبہ کر دیا جائے، چنانچہ دوسری روایت کے مطابق اس طرح کے عطیے کو صدقہ کہا گیا ہے جو اس عمل کی فضیلت کو ظاہر کرتا ہے۔
«. . . 370- وبه: أن رسول الله صلى الله عليه وسلم قال: "نعم الصدقة اللقحة الصفي منحة، والشاة الصفي منحة، تغدو بإناء وتروح بآخر." . . .»
". . . اور اسی سند کے ساتھ (سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے) روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "بہترین صدقہ بہت زیادہ دودھ دینے والی منتخب اونٹنی ہے جو بچہ جننے کے قریب ہو اور وہ کسی کو تحفہ دے دی جائے اور اس خاص بکری کا تحفہ ہے جو صبح کو (دودھ سے) ایک برتن بھرتی ہے اور شام کو دوسرا برتن بھرتی ہے۔" . . ." [موطا امام مالك رواية ابن القاسم: 284]
[وأخرجه البخاري 2629، من حديث مالك به نحو المعنيٰ]
تفقه:
➊ صدقے میں اچھی اور پسندیدہ چیز دینا بڑے ثواب کا کام ہے جیسا کہ سیدنا ابوطلحہ رضی اللہ عنہ نے اپنا پسندیدہ باغ اللہ کے راستے میں دے دیا تھا۔ دیکھئے: الموطأ حدیث: 116
➋ ایک دوسرے کو حسبِ استطاعت تحفے تحائف دینا اچھا کام ہے اور اس سے محبت بڑھتی ہے۔
➌ ایک دوسرے کو تحفے تحائف دینے پر صدقے کا لفظ مجازی طور پر استعمال ہوا ہے۔ مطلب یہ ہے کہ اس عمل سے بھی ثواب ملتا ہے اور اسے قبول کرنا ہر شخص کے لئے جائز ہے۔
➍ اونٹنی اور بکری کا دودھ مفید غذا ہے۔
اس حدیث سے ثابت ہوا کہ دودھ دینے والے جانوروں کو صدقہ کرنا سب سے افضل صدقہ ہے، تا کہ لوگ اس کے دودھ سے فائدہ اٹھائیں، صدقہ کرتے وقت ہمیشہ یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ زیادہ نفع مند چیز صدقہ کی جائے۔