شعب الایمان — حدیث نمبر 2794

باب: فرض نماز کے لیے اذان و اقامت کی فضیلت اور مؤذنوں کی فضیلت۔

فضل الأذان والإقامة للصلاة المكتوبة وفضل المؤذنينفضل الأذان والإقامة للصلاة المكتوبة وفضل المؤذنين

حدیث نمبر: 2794
أَخْبَرَنَا أَبُو طَاهِرٍ الْفَقِيهُ ، حَدَّثَنَا أَبُو حَامِدٍ أَحْمَدُ بْنُ مُحَمَّدِ بْنِ يَحْيَى بْنِ بِلَالٍ ، حَدَّثَنَا أَحْمَدُ بْنُ مَنْصُورٍ الْمَرْوَزِيُّ ، عَنِ النَّضْرِ بْنِ شُمَيْلٍ ، حَدَّثَنَا شُعْبَةُ ، عَنْ مُوسَى بْنِ أَبِي عُثْمَانَ ، قَالَ سَمِعْتُ أَبَا يَحْيَى ، قَالَ سَمِعْتُ أَبَا هُرَيْرَةَ يَقُولُ سَمِعْتُ مِنْ فِي رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقُولُ : " الْمُؤَذِّنُ يُغْفَرُ لَهُ مَدَى صَوْتِهِ ، وَيَشْهَدُ لَهُ كُلُّ رَطْبٍ وَيَابِسٍ ، وَشَاهِدُ الصَّلَاةِ وَيُكْتَبُ لَهُ خَمْسٌ وَعِشْرُونَ حَسَنَةً " .
ترجمہ

سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کے دہنِ مبارک سے خود سنا، آپ ﷺ فرما رہے تھے: ”مؤذن کی اتنی دور تک مغفرت کر دی جاتی ہے جہاں تک اس کی آواز پہنچتی ہے، اور ہر تر و خشک چیز اس کے حق میں گواہی دیتی ہے، اور نماز میں حاضر ہونے والا بھی (گواہ ہوتا ہے) اور اس کے لیے پچیس نیکیاں لکھی جاتی ہیں۔“

حوالہ حدیث شعب الإيمان / الحادي والعشرون من شعب الايمان وهو باب في الصلاة / حدیث: 2794
دوسری ترقیم دار الکتب العلمیہ (تحقیق زغلول): 3056
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح (سنن أبي داود 515) , شیخ زبیر علی زئی: إسناده حسن, مشكوة المصابيح (667) (سنن أبي داود 515) , تحقیق (د. عبد العلی عبد الحمید حامد): إسناده: رجاله ثقات
تخریج حدیث «قال عبد العلي عبد الحميد حامد: إسناده: رجاله ثقات (شعب الإيمان ط الرشد: 4/ 448) . »
«أخرجه أبو داود فى (سننه) برقم: 515، وأحمد فى (مسنده) برقم: 7556، وعبد الرزاق فى (مصنفه) برقم: 1863، وابن خزيمة فى (صحيحه) برقم: 390، والطبراني فى (الأوسط) برقم: 121، وابن حبان فى (صحيحه) برقم: 1666، والبغوي فى (شرح السنة) برقم: 411»
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن نسائي: 646 | سنن ابي داود: 515 | سنن ابن ماجه: 724
رجال الإسناد (من تعليق المحقق):
• أبو يحى هو المكي، ويقال: هو سمعان الأسلمي. مقبول. من الرابعة (عخ د س ق).

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: سنن نسائي / حدیث: 646 کی شرح از حافظ محمد امین ✍️
´اذان میں آواز بلند کرنے کا بیان۔`
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ انہوں نے اسے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی زبان مبارک کو یہ کہتے سنا ہے: " مؤذن کی آواز جہاں تک پہنچتی ہے اس کی مغفرت کر دی جائے گی، اور تمام خشک وتر اس کی گواہی دیں گے۔‏‏‏‏" [سنن نسائي/كتاب الأذان/حدیث: 646]
646۔ اردو حاشیہ: یعنی بالفرض اس کے گناہ اتنی جگہ کو بھرتے ہوں جہاں تک اس کی آواز پہنچتی ہے تب بھی اذان کی برکت سے اسے معافی ہو جائے گی۔
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 646 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 515 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´بلند آواز سے اذان کہنے کا بیان۔`
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "مؤذن کی بخشش کر دی جاتی ہے، جہاں تک اس کی آواز جاتی ہے ۱؎، اور اس کے لیے تمام خشک و تر گواہی دیتے ہیں، اور جو شخص نماز میں حاضر ہوتا ہے اس کے لیے پچیس نماز کا ثواب لکھا جاتا ہے اور ایک نماز سے دوسری نماز کے درمیان جو کوتاہی سرزد ہوئی ہو وہ مٹا دی جاتی ہے۔‏‏‏‏" [سنن ابي داود/كتاب الصلاة /حدیث: 515]
515۔ اردو حاشیہ:
➊ مؤذن کا یہ شرف ہے کہ اس قدر طویل و عریض اور وسیع مغفرت کا مستحق بنتا ہے۔ یا یہ ایک تشبیہ و تمثیل ہے کہ بالفرض اس کے گناہ اس قدر بھی ہوں جو اتنی جگہ میں آئیں تو بھی معاف کر دیے جاتے ہیں اور جس قدر بلند آواز سے اذان کہے گا اسی قدر مغفرت کا مستحق بنے گا۔ لہٰذا بلند آواز سے اذان کہنا مستحب اور مؤکد ہے۔
➋ اذان سے اور جماعت میں شرکت سے صغیرہ گناہ معاف ہوتے ہیں۔ کبائر کی معافی کے لیے توبہ اور حقوق العباد کی ادائیگی ضروری ہے۔ ویسے اللہ کی رحمت وسیع ہے چاہے تو معاف فرما دے۔
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 515 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 724 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´اذان کی فضیلت اور مؤذن کے ثواب کا بیان۔`
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا: " مؤذن کی آواز جہاں تک پہنچتی ہے اس کی مغفرت کر دی جاتی ہے، اور ہر خشک و تر اس کے لیے مغفرت طلب کرتا ہے، اور اذان سن کر نماز میں حاضر ہونے والے کے لیے پچیس (۲۵) نیکیاں لکھی جاتی ہیں، اور دو نمازوں کے درمیان کے گناہ بخش دئیے جاتے ہیں۔‏‏‏‏" [سنن ابن ماجه/كتاب الأذان والسنة فيه/حدیث: 724]
اردو حاشہ:
فوائدومسائل: (1)
آواز پہنچنے کی حد تک گناہوں کی معافی کا مطلب یہ ہے کہ اگر اتنے زیادہ گناہ ہوں کہ اتنی وسیع جگہ کو پر کردیں تو وہ بھی معاف ہوجائیں گے۔

(2)
نماز باجماعت ادا کرنے والے کے لیے پچیس نیکیاں لکھی جانے کا یہ مطلب ہوسکتا ہے کہ اسے نماز کا ثواب پچیس گنا ملے گا جیسے کہ دوسری احادیث میں پچیس گنا اور ستائیس گنا ثواب کی صراحیت ہے۔ دیکھیے: (صحیح البخاری، الأذان، باب فضل صلاة الجماعة، حديث: 646، 645)
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 724 سے ماخوذ ہے۔