شعب الایمان — حدیث نمبر 2601
باب: فصل: پانچوں نمازیں جماعت کے ساتھ، بلا عذر جماعت چھوڑنے کی کراہت، اور انہیں ترک کرنے کی سزا، پہلے مذکور کے علاوہ۔
فصل في الصلوات الخمس في الجماعة ، وما في ترك الجماعة بغير عذر من الكراهة ، وما في تركهن من العقوبة سوى ما مضى
أَخْبَرَنَا عَلِيُّ بْنُ أَحْمَدَ بْنِ عَبْدَانَ ، حَدَّثَنَا أَحْمَدُ بْنُ عُبَيْدٍ ، حَدَّثَنَا عُثْمَانُ بْنُ عُمَرَ الضَّبِّيُّ ، حَدَّثَنَا أَبُو رَجَاءٍ ، حَدَّثَنَا إِسْرَائِيلُ ، عَنْ أَبِي إِسْحَاقَ ، عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ أَبِي بَصِيرٍ ، عَنْ أُبَيِّ بْنِ كَعْبٍ قَالَ : صَلَّى بِنَا رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ الصُّبْحَ ، ثُمَّ أَقْبَلَ عَلَيْنَا بِوَجْهِهِ فَقَالَ : " أَشَاهِدٌ فُلَانٌ وَفُلَانٌ وَفُلَانٌ ؟ " حَتَّى عَدَّ ثَلَاثَةً ، كُلُّ ذَلِكَ يَقُولُونَ : نَعَمْ ، قَالَ : " إِنَّ أَثْقَلَ الصَّلَاةِ عَلَى الْمُنَافِقِينَ صَلَاةُ الْعِشَاءِ وَصَلَاةُ الْفَجْرِ ، وَلَوْ يَعْلَمُونَ مَا فِيهِمَا لَأَتَوْهُمَا وَلَوْ حَبْوًا ، وَاعْلَمُوا أَنَّ الصَّفَّ الْمُقَدَّمَ عَلَى مَثَلِ صَفِّ الْمَلَائِكَةِ ، وَلَوْ عَلِمْتُمْ فَضِيلَتَهُ لَابْتَدَرْتُمُوهُ ، وَاعْلَمُوا أَنَّ صَلَاةَ الرَّجُلِ مَعَ الرَّجُلِ أَزْكَى مِنْ صَلَاةِ الرَّجُلِ وَحْدَهُ ، وَأَنَّ صَلَاتَهُ مَعَ الرِّجْلَيْنِ أَزْكَى مِنْ صَلَاتِهِ مَعَ الرَّجُلِ ، وَمَا كَثُرَ أَحَبُّ إِلَى اللَّهِ عَزَّ وَجَلَّ " .سیدنا ابی بن کعب رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے ہمیں صبح کی نماز پڑھائی، پھر ہماری طرف رخ کر کے فرمایا: ”کیا فلاں حاضر ہے؟ فلاں حاضر ہے؟ فلاں حاضر ہے؟“ یہاں تک کہ آپ ﷺ نے تین آدمیوں کا شمار کیا، ہر بار صحابہ رضی اللہ عنہم نے جواب دیا: ”جی ہاں (حاضر ہیں)۔“ (ایک روایت میں ہے کہ حاضر نہیں تھے۔) آپ ﷺ نے فرمایا: ”منافقوں پر سب سے بھاری نمازیں عشاء اور فجر کی نمازیں ہیں، اگر وہ جانتے کہ ان دونوں میں کیا (اجر) ہے تو ضرور ان میں آتے، خواہ گھٹنوں کے بل گھسٹ کر آنا پڑتا۔ اور جان لو کہ پہلی صف فرشتوں کی صف کی مانند ہے، اگر تم اس کی فضیلت جان لیتے تو اس کی طرف لپک کر پہنچتے۔ اور جان لو کہ آدمی کی ایک آدمی کے ساتھ نماز اس کی اکیلے نماز سے زیادہ پاکیزہ (اور باعثِ اجر) ہے، اور دو آدمیوں کے ساتھ اس کی نماز ایک آدمی کے ساتھ نماز سے زیادہ پاکیزہ ہے، اور جتنی جماعت زیادہ ہو وہ اللہ عزوجل کو اتنی ہی زیادہ محبوب ہے۔“
• عثمان بن عمر الضبي البصري. ذكره ابن حبان في "الثقات" (٨/ ٤٥٥).
• عبد الله بن أبي بصرِ العبدي الكوفي. وثقه العجلي. من الثالثة (د س ق). وذكره ابن حبان في "الثقات" (٥/ ١٥).
تشریح، فوائد و مسائل
ابی بن کعب رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ ایک دن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے صبح کی نماز پڑھی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " کیا فلاں نماز میں موجود ہے؟ " لوگوں نے کہا: نہیں، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " اور فلاں؟ " لوگوں نے کہا: نہیں، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " یہ دونوں نمازیں (عشاء اور فجر) منافقین پر سب سے بھاری ہیں، اگر لوگ جان لیں کہ ان دونوں نمازوں میں کیا اجر و ثواب ہے، تو وہ ان دونوں میں ضرور آئیں خواہ چوتڑوں کے بل انہیں گھسٹ کر آنا پڑے، اور پہلی صف فرشتوں کی صف کی طرح ہے، اگر تم اس کی فضیلت جان لو تو تم اس میں شرکت کے لیے ایک دوسرے سے سبقت لے جانے کی کوشش کرو گے، کسی آدمی کا کسی آدمی کے ساتھ مل کر جماعت سے نماز پڑھنا تنہا نماز پڑھنے سے بہتر ہے ۱؎، اور ایک شخص کا دو آدمیوں کے ساتھ نماز پڑھنا اس کے ایک آدمی کے ساتھ نماز پڑھنے سے بہتر ہے، اور لوگ جتنا زیادہ ہوں گے اتنا ہی وہ نماز اللہ تعالیٰ کو زیادہ محبوب ہو گی۔" [سنن نسائي/كتاب الإمامة/حدیث: 844]
➋ عشاء اور فجر کی نمازیں منافقین پر اس لیے بوجھل ہیں کہ نیند کا غلبہ ہوتا ہے۔ نیند اور آرام چھوڑنا ایمان کی قوت ہی سے ممکن ہے اور ان میں یہ چیز نہیں ہوتی۔ وہ تو صرف دکھلاوے کے لیے مسجد میں آتے ہیں۔ یہ دو نمازیں اندھیرے کی ہیں، ان میں دکھلاوا نہیں ہوتا، لہٰذا وہ آتے ہی نہیں۔ شوق تو ویسے ہی نہیں۔
➌ "فرشتوں کی صف کی طرح۔" یعنی افضل ہے اور اس کا ثواب زیادہ ہے۔ اس سے ثابت ہوا کہ فرشتوں کی صف انسانوں کی صف سے افضل ہے۔
➍ "جس قدر زیادہ ہوں۔" معلوم ہوا، جامع مسجد کی نماز محلے کی مسجد کی نماز سے افضل ہو گی، لہٰذا اگر کوئی شخص ثواب کی خاطر بڑی مسجد میں جائے تو جا سکتا ہے۔
ابی بن کعب رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ ایک دن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں فجر پڑھائی پھر فرمایا: "کیا فلاں حاضر ہے؟"، لوگوں نے کہا: نہیں، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "کیا فلاں حاضر ہے؟"، لوگوں نے کہا: نہیں، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "یہ دونوں (عشاء و فجر) منافقوں پر بقیہ نماز سے زیادہ گراں ہیں، اگر تم کو ان دونوں کی فضیلت کا علم ہوتا تو تم ان میں ضرور آتے چاہے تم کو گھٹنوں کے بل چل کر آنا پڑتا، اور پہلی صف (اللہ سے قریب ہونے میں) فرشتوں کی صف کی مانند ہے، اگر اس کی فضیلت کا علم تم کو ہوتا تو تم اس کی طرف ضرور سبقت کرتے، ایک شخص کا دوسرے شخص کے ساتھ مل کر جماعت سے نماز پڑھنا اس کے تنہا نماز پڑھنے سے زیادہ بہتر ہے، اور ایک شخص کا دو شخصوں کے ساتھ مل کر جماعت سے نماز پڑھنا ایک شخص کے ساتھ نماز پڑھنے سے زیادہ بہتر ہے، جتنی تعداد زیادہ ہو اتنی ہی وہ اللہ تعالیٰ کو زیادہ پسند ہو گی۔" [سنن ابي داود/كتاب الصلاة /حدیث: 554]
➊ تربیت اور تزکیر کے لئے نمازیوں کی حاضری لگائی جا سکتی ہے۔
➋ انسانی کمزوری ہے کہ وہ دنیاوی اور فوری فوائد کے لئے ہر طرح کی مشقت برداشت کر لیتا ہے۔ مسلمان کو چاہیے کہ اپنی نظر آخرت پر رکھے۔ نوخیز بچوں کو ترغیب و تشویق کی خاطر اگر انعامات دیئے جایئں تو بھی جائز ہے۔ اسی طرح تبلیغی اجتماعات میں دعوت وغیرہ کا اہتمام لوگوں کی رغبت کو بڑھا سکتا ہے۔
➌ بڑی مسجد میں حاضرین کی کثرت کے لہاظ سے اگرچہ ثواب زیادہ ہے لیکن اگر قریبی مسجد کو آباد کرنے کی نیت سے ترجیح دی جائے تو ان شاء اللہ اس میں بھی بہت فضیلت ہو گی۔
سیدنا ابی ابن کعب رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا " ایک آدمی کا دوسرے آدمی کے ساتھ مل کر نماز پڑھنا تنہا نماز پڑھنے سے کہیں زیادہ پاکیزہ ہے اور دو آدمیوں کے ساتھ مل کر نماز پڑھنا ایک آدمی کے ساتھ نماز پڑھنے سے زیادہ پاکیزہ ہے۔ اور جو نماز زیادہ لوگوں کے ساتھ ہو، وہ اللہ عزوجل کو زیادہ پسند ہے۔ "
اسے ابوداؤد اور نسائی نے روایت کیا ہے اور ابن حبان نے اسے صحیح قرار دیا ہے۔ «بلوغ المرام/حدیث: 336»
«أخرجه أبوداود، الصلاة، باب في فضل صلاة الجماعة، حديث:554، والنسائي، الإمامة، حديث:844، وابن حبان (الموارد)، حديث:429، وابن خزيمة، حديث:1477.»
تشریح: اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ جماعت میں نمازیوں کی تعداد جتنی زیادہ ہوگی وہ نماز اتنی ہی اللہ کے نزدیک محبوب ہوگی اور اجر و ثواب بھی زیادہ ملے گا۔