حدیث نمبر: 2488
أَخْبَرَنَا أَبُو الْحَسَنِ عَلِيُّ بْنُ مُحَمَّدٍ الْمُقْرِئُ ، أَخْبَرَنَا الْحَسَنُ بْنُ مُحَمَّدِ بْنِ إِسْحَاقَ ، حَدَّثَنَا يُوسُفُ بْنُ يَعْقُوبَ ، حَدَّثَنَا أَبُو الرَّبِيعِ ، حَدَّثَنَا إِسْمَاعِيلُ بْنُ جَعْفَرٍ ، حَدَّثَنَا الْعَلَاءُ ، عَنْ أَبِيهِ ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ أَتَى الْمَقْبَرَةَ فَقَالَ : " السَّلَامُ عَلَيْكُمْ دَارَ قَوْمٍ مُؤْمِنِينَ ، وَإِنَّا إِنْ شَاءَ اللَّهُ بِكُمْ لَاحِقُونَ . وَوَدِدْتُ أَنَّا قَدْ رَأَيْنَا إِخْوَانَنَا " . قَالُوا : أَوَلَسْنَا إِخْوَانُكَ يَا رَسُولَ اللَّهِ ؟ قَالَ : " بَلْ أَنْتُمْ أَصْحَابِي وَإِخْوَانُنَا لَمْ يَأْتُوا بَعْدُ " . فَقَالُوا : كَيْفَ تَعْرِفُ مَنْ لَمْ يَأْتِ بَعْدُ مِنْ أُمَّتِكَ يَا رَسُولَ اللَّهِ ؟ قَالَ : " أَرَأَيْتُمْ لَوْ أَنَّ رَجُلًا لَهُ خَيْلٌ غُرٌّ مُحَجَّلَةٌ بَيْنَ ظَهْرَانَيْ خَيْلٍ دُهْمٍ بُهْمٍ أَلَا يَعْرِفُ خَيْلَهُ ؟ " . فَقَالُوا : بَلَى يَا رَسُولَ اللَّهِ قَالَ : " فَإِنَّهُمْ يَأْتُونَ غُرًّا مُحَجَّلِينَ مِنَ الْوُضُوءِ ، وَأَنَا فَرَطُهُمْ عَلَى الْحَوْضِ " .
أَخْرَجَهُ مُسْلِمٌ عَنْ يَحْيَى بْنِ أَيُّوبَ وَغَيْرِهِ عَنْ إِسْمَاعِيلَ بْنِ جَعْفَرٍ .
ترجمہ

سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ قبرستان تشریف لائے تو فرمایا: ”اے مومن لوگوں کے گھر والو! تم پر سلام ہو، اور ہم ان شاء اللہ تم سے ملنے والے ہیں۔ میری خواہش ہے کہ ہم اپنے بھائیوں کو دیکھ لیتے۔“ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے عرض کیا: ”اے اللہ کے رسول! کیا ہم آپ کے بھائی نہیں ہیں؟“ آپ ﷺ نے فرمایا: ”نہیں، بلکہ تم میرے صحابہ ہو، اور ہمارے بھائی وہ ہیں جو ابھی تک (دنیا میں) نہیں آئے۔“ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے عرض کیا: ”اے اللہ کے رسول! آپ اپنی امت کے ان لوگوں کو جو ابھی نہیں آئے کیسے پہچانیں گے؟“ آپ ﷺ نے فرمایا: ”بتاؤ، اگر کسی شخص کے پاس سفید پیشانی اور سفید ہاتھ پاؤں والے گھوڑے ہوں اور وہ خالص سیاہ گھوڑوں کے درمیان ہوں تو کیا وہ اپنے گھوڑوں کو نہیں پہچان لے گا؟“ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے عرض کیا: ”کیوں نہیں، اے اللہ کے رسول!“ آپ ﷺ نے فرمایا: ”تو بے شک وہ لوگ وضو کی وجہ سے روشن پیشانیوں اور روشن ہاتھ پاؤں کے ساتھ آئیں گے، اور میں حوض (کوثر) پر ان کا پیش رو ہوں گا۔“
اسے امام مسلم رحمہ اللہ نے یحییٰ بن ایوب رحمہ اللہ اور دیگر راویوں سے، انہوں نے اسماعیل بن جعفر رحمہ اللہ سے روایت کیا ہے۔

حوالہ حدیث شعب الإيمان / العشرون من شعب الايمان وهو باب في الطهارات / حدیث: 2488
دوسری ترقیم دار الکتب العلمیہ (تحقیق زغلول): 2743
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح (سنن النسائي 150) , شیخ زبیر علی زئی: صحيح مسلم (سنن النسائي 150) , تحقیق (د. عبد العلی عبد الحمید حامد): إسناده: رجاله ثقات
تخریج حدیث «قال عبد العلي عبد الحميد حامد: إسناده: رجاله ثقات (شعب الإيمان ط الرشد: 4/ 260) . »
«أخرجه البخاري فى (صحيحه) برقم: 2238، ومسلم فى (صحيحه) برقم: 249، وأبو داود فى (سننه) برقم: 3237، والنسائي فى (سننه) برقم: 150، وابن ماجه فى (سننه) برقم: 4306، وأحمد فى (مسنده) برقم: 7933، 8661، 9037، 9547، 9693، والبزار فى (مسنده) برقم: 3500، وعبد الرزاق فى (مصنفه) برقم: 6719، وابن خزيمة فى (صحيحه) برقم: 6، والطبراني فى (الأوسط) برقم: 1996، 9210»
رجال الإسناد (من تعليق المحقق):
• أبو الربيع هو الزهراني الحافظ، سليمان بن داود. قوله "دهم بهم" أي سود لم يخالط لونها لون أخر "فرطهم" أي متقدمهم. وفرط القوم الذي يتقدمهم ليهيئ لهم ما يحتاجون إليه.

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 136 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
´جو اعضاء وضو میں دھوئے جاتے ہیں قیامت میں وہ سفید اور روشن ہوں گے`
«. . . عَنْ نُعَيْمٍ الْمُجْمِرِ، قَالَ: رَقِيتُ مَعَ أَبِي هُرَيْرَةَ عَلَى ظَهْرِ الْمَسْجِدِ فَتَوَضَّأَ، فَقَالَ: إِنِّي سَمِعْتُ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، يَقُولُ: إِنَّ أُمَّتِي يُدْعَوْنَ يَوْمَ الْقِيَامَةِ غُرًّا مُحَجَّلِينَ مِنْ آثَارِ الْوُضُوءِ، فَمَنِ اسْتَطَاعَ مِنْكُمْ أَنْ يُطِيلَ غُرَّتَهُ فَلْيَفْعَلْ . . .»
". . . وہ نعیم المجمر سے، وہ کہتے ہیں کہ` میں (ایک مرتبہ) ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کے ساتھ مسجد کی چھت پر چڑھا۔ تو آپ نے وضو کیا اور کہا کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا تھا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرما رہے تھے کہ میری امت کے لوگ وضو کے نشانات کی وجہ سے قیامت کے دن سفید پیشانی اور سفید ہاتھ پاؤں والوں کی شکل میں بلائے جائیں گے۔ تو تم میں سے جو کوئی اپنی چمک بڑھانا چاہتا ہے تو وہ بڑھا لے (یعنی وضو اچھی طرح کرے) . . ." [صحيح البخاري/كِتَاب الْوُضُوءِ/بَابُ فَضْلِ الْوُضُوءِ، وَالْغُرُّ الْمُحَجَّلُونَ مِنْ آثَارِ الْوُضُوءِ:: 136]
� تشریح:
جو اعضاء وضو میں دھوئے جاتے ہیں قیامت میں وہ سفید اور روشن ہوں گے، ان ہی کو «غرا محجلين» کہا گیا ہے۔ چمک بڑھانے کا مطلب یہ کہ ہاتھوں کو مونڈھوں تک اور پاؤں کو گھٹنے تک دھوئے۔ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بعض دفعہ ایسا ہی کیا کرتے تھے۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 136 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 136 کی شرح از حافظ عمران ایوب لاہوری ✍️
´ وضو کے نشانات سے سفید پیشانی اور سفید ہاتھ پاؤں والے ہوں گے `
«. . . عَنْ سَعِيدِ بْنِ أَبِي هِلَالٍ، عَنْ نُعَيْمٍ الْمُجْمِرِ، قَالَ: رَقِيتُ مَعَ أَبِي هُرَيْرَةَ عَلَى ظَهْرِ الْمَسْجِدِ فَتَوَضَّأَ، فَقَالَ: إِنِّي سَمِعْتُ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، يَقُولُ: إِنَّ أُمَّتِي يُدْعَوْنَ يَوْمَ الْقِيَامَةِ غُرًّا مُحَجَّلِينَ مِنْ آثَارِ الْوُضُوءِ، فَمَنِ اسْتَطَاعَ مِنْكُمْ أَنْ يُطِيلَ غُرَّتَهُ فَلْيَفْعَلْ . . .»
". . . سعید بن ابی ہلال سے نقل کرتے ہیں، وہ نعیم المجمر سے، وہ کہتے ہیں کہ میں (ایک مرتبہ) ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کے ساتھ مسجد کی چھت پر چڑھا۔ تو آپ نے وضو کیا اور کہا کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا تھا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرما رہے تھے کہ میری امت کے لوگ وضو کے نشانات کی وجہ سے قیامت کے دن سفید پیشانی اور سفید ہاتھ پاؤں والوں کی شکل میں بلائے جائیں گے۔ تو تم میں سے جو کوئی اپنی چمک بڑھانا چاہتا ہے تو وہ بڑھا لے (یعنی وضو اچھی طرح کرے) . . ." [صحيح البخاري/كِتَاب الْوُضُوءِ/بَابُ فَضْلِ الْوُضُوءِ، وَالْغُرُّ الْمُحَجَّلُونَ مِنْ آثَارِ الْوُضُوءِ: 136]
تخريج الحديث:
[141۔ البخاري فى: 4 كتاب الوضوء: 3 باب فضل الوضوء 136، مسلم 246، ابن حبان 1049]
لغوی توضیح:
«غُرًّا» وہ چمک جو گھوڑے کی پیشانی میں ہوتی ہے اور «تَحْجِيْل» وہ چمک جو گھوڑے کی ٹانگوں میں ہوتی ہے۔ یہاں مراد اعضائے وضو کی چمک دمک اور سفیدی ہے۔
«آثَار» نشانات۔
فھم الحدیث:
سفیدی و چمک کو لمبا کرنے کے مختلف مفہوم بیان کیے گئے ہیں، ایک مفہوم وہ ہے جو سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے سمجھا یعنی بازوؤں کو کندھوں تک، قدموں کو گھٹنوں تک یا کم از کم مقررہ حد سے زیادہ دھونا۔ دوسرا مفہوم یہ کہ ہر وقت باوضو رہنے کی کوشش کرنا اور تیسرا یہ کہ باوضو ہونے کے باوجود ہر نماز کے لیے الگ وضو کرنا وغیرہ۔ یہاں یہ یاد رہے کہ حدیث کے آخری الفاظ (یعنی جو چمک زیادہ کر سکتا ہے۔۔۔) نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ہیں یا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کا اپنا قول، اس میں اختلاف ہے اور اس کے متعلق سعودی مجلس افتاء کا یہی فتویٰ ہے کہ یہ الفاظ سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کے ہیں۔ [فتاويٰ اللجنة الدائمة للبحوث العلمية والإفتاء 201/5]
اس لیے بہتر یہی ہے کہ وضو کی مقررہ حدود سے تجاوز نہ کیا جائے۔
درج بالا اقتباس جواہر الایمان شرح الولووالمرجان، حدیث/صفحہ نمبر: 141 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 136 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
136. حضرت ابوہریرہ ؓ ہی سے روایت ہے، انہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ کو یہ فرماتے سنا ہے: ’’میری امت کے لوگ قیامت کے دن بلائے جائیں گے جبکہ وضو کے نشانات کی وجہ سے ان کی پیشانیاں اور ہاتھ پاؤں چمکتے ہوں گے۔ اب جو کوئی تم میں سے اپنی چمک بڑھانا چاہے تو اسے بڑھائے۔‘‘[صحيح بخاري، حديث نمبر:136]
حدیث حاشیہ:
1۔
صحیح بخاری کے اکثر نسخوں میں (الغُـرّ المحجلون)
رفع کے ساتھ ہے جبکہ مستملی نے اصیلی کی تصریح کےمطابق اسے (الغرّ المُحجّلين)
پڑھا ہے۔
اس صورت میں اس جملے کا عطف الوضوء ہو گا یعنی اس عنوان کا مقصد دو فضیلتوں کا بیان ہے: ایک وضو کی فضیلت دوسرے (الغُـرّ المحجلون)
کی فضیلت وضو کی فضیلت یہ ہے کہ اس کی برکت سے چہرہ اور دیگر اعضائے وضو روشن ہوں گے اور(الغُـرّ المحجلون)
کی فضیلت یہ ہے کہ یہ اس امت کا امتیازی نشان ہوگا۔
جیسا کہ صحیح مسلم کی روایت سے ثابت ہے۔
(صحيح مسلم، الطهارة، حدیث: 581(247)
رفع کے ساتھ پڑھنے کی صورت میں اس کی دو توجیہات ہیں (1)
۔
«أَنْتُمُ الْغُرُّ الْمُحَجَّلُونَ يَوْمَ الْقِيَامَةِ» یہ اعراب حکایت کے طور پر ہے۔
(صحیح مسلم، الطهارة، حدیث: 579(246) (2)
۔
یہ الفاظ مبتدا اور اس کی خبر مقدم فیہ محذوف ہے یعنی امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے وضو کی فضیلت ثابت کرنے کے لیے صحیح مسلم کی روایت کی طرف اشارہ فرمایا کیونکہ وہ روایت ان کی شرط کے مطابق نہ تھی۔
اس وضاحت کے بعد ’’امام تدبر‘‘ کے اس اعتراض کی کیا حیثیت ہے جو انھوں نے امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ پر کیا ہے۔
’’میرے نزدیک عنوان باب امام صاحب کا ایک نا تمام نوٹ ہے۔
‘‘ (تدبر حدیث: 240/1)
2۔
حدیث کے آخر میں جو الفاظ ہیں کہ تم میں سے جو شخص چمک بڑھانے کی استطاعت رکھتا ہو وہ بڑھالے، یہ ارشاد نبوی ہے یا حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا حدیث سے استخراج؟ اس کی بابت اکثر محقق علماء اور محدثین کی رائے یہ ہے کہ یہ الفاظ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے ہیں جنھیں اصطلاح میں مدرج کہا جاتا ہے۔
یہ الفاظ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے نہیں۔
البتہ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا یہ عمل ملتا ہے کہ وہ ہاتھوں کو کندھوں تک اور پیروں کو گھٹنوں تک دھوتے تھے لیکن یہ ان کا اجتہاد تھا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا عمل نہیں تھا صحیح مسلم کی ایک روایت میں ہے کہ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے وضو کیا اور اپنے دائیں اور بائیں ہاتھ اس طرح دھوئے کہ کہنیوں سے تھوڑا اوپر تک کا حصہ اس میں شامل کیا اس طرح پیروں کو اس طرح دھویا کہ پنڈلیوں کا کچھ حصہ اس میں شامل کر لیا۔
پھر فرمایا: (هَكَذَا رَأَيْتُ رَسُولَ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَتَوَضَّأُ. وَقَالَ: قَالَ رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «أَنْتُمُ الْغُرُّ الْمُحَجَّلُونَ يَوْمَ الْقِيَامَةِ مِنْ إِسْباغِ الْوُضُوءِ، فَمَنِ اسْتَطَاعَ مِنْكمْ فَلْيُطِلْ غُرَّتَهُ وَتَحْجِيلَهُ» (صحیح مسلم، الطهارة، حدیث: 579(246)
’’میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو اسی طرح وضو کرتے ہوئے دیکھا ہے اور کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’کمال وضو کی وجہ سے قیامت کے روز تمھارے ہاتھ پاؤں اور پیشانی چمک دار ہوں گی۔
لہٰذا تم میں سے جو اپنی چمک اور سفیدی کو لمبا کر سکتا ہے تو وہ کرے۔
‘‘ اس روایت سے بھی بعض حضرات کویہ مغالطہ کہ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا یہ عمل رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے بھی ثابت ہے۔
لیکن اس روایت میں ایسی کوئی بات نہیں ہے، اس میں صرف کہنیوں سے تھوڑا سا اوپر حصہ اور اسی طرح ٹخنوں سے تھوڑا اوپر پنڈلیوں کا حصہ شامل کیے جانے کا ذکر ہے اور اس کی بابت کہا گیا ہے کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو اسی طرح کرتے دیکھا ہے۔
اس میں کندھوں تک اور گھٹنوں تک دھونے کا ذکر نہیں ہے۔
بہر حال کندھوں اور گھٹنوں تک اعضائے وضو کو دھونا حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا اپنا اجتہادی عمل ہے۔
ایک اثر میں حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما کا بھی یہ عمل بتلایا گیا ہے لیکن وہ صحیح سند سے ثابت نہیں۔
تفصیل کے لیے ملا حظہ ہو۔
(أروا الغلیل: 132/1، و الضعیفة للألبانی رقم: 1003)
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 136 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 247 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: " میری امت میرے پاس حوض پر آئے گی اور میں اس سے لوگوں کو ہٹاؤں گا۔ جیسے ایک مرد اپنے اونٹوں سے دوسرے انسان کے اونٹوں کو ہٹاتا ہے۔" انھوں (صحابہ کرام رضی اللہ عنھم) نے عرض کیا اے اللہ کے نبیؐ! کیا آپ ہمیں پہچانیں گے؟ آپ نے فرمایا: "ہاں! تمھاری ایک نشانی ہوگی جو تمھارے سوا کسی میں نہیں ہوگی۔ تم میرے پاس وضو کے اثرات کی بنا پر روشن چہرے، چمک دار ہاتھ پاؤں کے ساتھ آؤ گے۔ تم میں... (مکمل حدیث اس نمبر پر دیکھیں) [صحيح مسلم، حديث نمبر:582]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: ان دونوں حدیثوں سے معلوم ہوتا ہے کہ صحابہ کرام ﷢ کا یہ عقیدہ نہیں تھا کہ آ پ کو علم کلی حاصل ہے یا آپ عالم الغیب ہیں وگرنہ وہ یہ سوال نہ کرتے کہ اتعرفنا؟ کیا آ پ ہمیں پہنچانیں گے اور نہ ہی آپ یہ جواب دیتے۔
نعم لکم سیما لیست لا حد غیرکم، تمہاری ایک ایسی علامت ہوگی جو کسی اور میں نہیں ہوگی، علم کلی رکھنے والے کو کسی علامت یا نشانی کی ضرورت نہیں ہوتی۔
(حدیث کے جملہ اھل ت دری ما احدثوا بعدک کی بحث اس مفہوم کی آخری حدیث کے بعد آئے گی۔
)
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 582 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 246 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
نعیم بن عبداللہ بیان کرتے ہیں: کہ اس نے ابو ہریرہ ؓ کو وضو کرتے دیکھا، انھوں نے اپنا چہرہ اور ہاتھ دھوئے، یہاں تک کہ کندھوں کے قریب پہنچ گئے۔ پھر انھوں نے اپنے پاؤں دھوئے، حتیٰ کہ پنڈلیوں تک پہنچ گئے۔ پھر کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے سنا: ’’میرے امتی قیامت کے دن وضو کے اثر سے روشن چہرہ اور چمک دار ہاتھ پاؤں کے ساتھ آئیں گے، تم میں سے جو اپنی روشنی اور نورانیت بڑھا سکے، تو ایسا کرے۔‘‘ [صحيح مسلم، حديث نمبر:580]
حدیث حاشیہ: مفردات الحدیث:
: (1)
غُرَّةٌ: پیشانی کی روشنی اور چمک۔
(2)
تَحْجِيلٌ: ہاتھ پاؤں کی سفیدی اور چمک۔
فوائد ومسائل:
وضو کے اثر دنیا میں یہ ہے، کہ اس سے اعضائے وضو میل کچیل اور حدث سے پاک وصاف ہو کر گناہوں سے بھی پاک ہوجاتے ہیں، لیکن قیامت میں اس کا اثر یہ ہو گا، کہ آپ کے امتیوں کے چہرے اور ہاتھ پاؤں روشن، اور تاباں ہوں گے، اور یہ ان کا وہاں امتیازی وصف ہوگا۔
پھر جس کا وضو جتنا کامل اور مکمل ہوگا اس کی یہ روشنی اور نورانیت بھی اس درجہ کی ہوگی، اس لیے وضو میں بازو اور پنڈلی کو بھی دھونے کی کوشش کرنی چاہیے، اور اس کی کوئی خاص حد مقرر نہیں ہے، جہاں تک دھو سکے دھولے۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 580 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 4282 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´امت محمدیہ کی صفات۔`
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " تم میرے پاس آؤ گے اس حال میں کہ وضو کی وجہ سے تمہارے ہاتھ پاؤں اور پیشانیاں روشن ہوں گی، یہ میری امت کا نشان ہو گا، اور کسی امت کا یہ نشان نہ ہو گا۔‏‏‏‏" [سنن ابن ماجه/كتاب الزهد/حدیث: 4282]
اردو حاشہ:
  فوائد و مسائل:
(1)
نمازسب سے بڑا نیک عمل ہے۔
حتیٰ کہ اس کی تیاری کے لئے کیا جانے والا وضو بھی بہت ثواب اور آخرت میں عزت وشرف کاباعث ہے۔

(2)
  وضو احتیاط سے اچھی طرح کرنا چاہیے تاہم بہت زیادہ پانی خرچ کرنا یا پانی ضائع کرنا گناہ ہے۔

(3)
وضو کے اعضاء کا چمکنا حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کی امت کی علامت ہے۔
بے نماز وضو نہیں کرتے۔
اس لئے انھیں یہ علامت حاصل نہیں ہوگی۔
چنانچہ وہ قیامت کے دن حضرت محمد ﷺ کی امت س میں سے ہونے کا دعویٰ نہیں کرسکیں گے۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 4282 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: موطا امام مالك رواية يحييٰ / حدیث: 57 کی شرح از حافظ ابو سمیعہ ✍️
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم گئے مقبرہ کو، سو کہا: "سلام ہے تمہارے پر اے قوم مومنوں کی! اور ہم اگر اللہ چاہے تو تم سے ملنے والے ہیں، تمنا کی میں نے کہ میں دیکھ لوں اپنے بھائیوں کو۔" تو کہا صحابہ رضی اللہ عنہم نے: یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم! کیا نہیں ہیں ہم بھائی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے؟ فرمایا: "بلکہ تم بھائیوں سے بڑھ کر[موطا امام مالك: 57]
اس حدیثِ مبارکہ سے جہاں نماز کے لیے وضو کرنے کی عظیم فضیلت عیاں ہوتی ہے کہ اگر حوض کوثر پانا چاہتے ہو تو وضو کو لازم پکڑ لو، وہیں اس حدیث سے بدعت اور دین میں اضافے کی قباحت بھی واضح ہوتی ہے کہ یہ لوگ نمازی ہوں گے، ان کے اعضائے وضو بھی چمکتے ہوں گے لیکن دین محمدی میں خود ساختہ اضافے کی نحوست یہ پڑے گی کہ انھیں حوضِ کوثر سے دھتکار دیا جائے گا اور رحمت اللعالمین صلی اللہ علیہ وسلم بھی ان کے لیے بد دعا کریں گے، اس حدیث سے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی امتیازی شان اور نمایاں مقام بھی ثابت ہوتا ہے۔ نیز قبرستان کی زیارت اور وہاں دعا مانگنا سنت نبویہ ہے۔
درج بالا اقتباس موطا امام مالک از ابو سمیعہ محمود تبسم، حدیث/صفحہ نمبر: 57 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن نسائي / حدیث: 150 کی شرح از حافظ محمد امین ✍️
´وضو کے زیور کا بیان۔`
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم قبرستان کی طرف نکلے اور آپ نے فرمایا: «السلام عليكم دار قوم مؤمنين وإنا إن شاء اللہ بكم لاحقون» " مومن قوم کی بستی والو! تم پر سلامتی ہو، اللہ نے چاہا تو ہم تم سے ملنے والے ہیں " میری خواہش ہے کہ میں اپنے بھائیوں کو دیکھوں "، لوگوں نے عرض کیا: اللہ کے رسول! کیا ہم لوگ آپ کے بھائی نہیں ہیں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " تم لوگ میرے صحابہ (ساتھی) ہو، میرے بھائی وہ لوگ ہیں جو ابھی (دنیا میں) نہیں آئے، اور میں حوض پر ان کا پیش رو ہوں گا "، لوگوں نے عرض کیا: اللہ کے رسول! آپ اپنی امت کے ان لوگوں کو جو بعد میں آئیں گے کیسے پہچانیں گے؟ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " تمہارا کیا خیال ہے؟ اگر کسی آدمی کا سفید چہرے اور پاؤں والا گھوڑا سیاہ گھوڑوں کے درمیان ہو تو کیا وہ اپنا گھوڑا نہیں پہچان لے گا؟ " لوگوں نے عرض کیا: کیوں نہیں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " وہ لوگ قیامت کے دن (میدان حشر میں) اس حال میں آئیں گے کہ وضو کی وجہ سے ان کے چہرے اور ہاتھ پاؤں چمک رہے ہوں گے، اور میں حوض پر ان کا پیش رو ہوں گا " ۱؎۔ [سنن نسائي/صفة الوضوء/حدیث: 150]
150۔ اردو حاشیہ: ➊ ’’پیش رو" سے مراد وہ شخص ہے جو قافلے سے پہلے آگے جا کر ان کے پڑاؤ اور دوسری ضروریات کا انتظام کرتا ہے۔
➋ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ کا مرتبہ آپ کے بھائیوں سے بلند ہے کیونکہ بھائی تو سب امتی ہیں اور صحابہ صرف آپ کے فیض یافتہ۔
➌ یہ حدیث مسنون طریقے سے قبروں کی زیارت کرنے کی مشروعیت پر دلالت کرتی ہے، نیز اس سے یہ بھی معلوم ہوا کہ اہل قبور کو سلام کہنا اور ان کے لیے دعا کرنا مسنون عمل ہے۔
➍ نیک لوگوں سے ملاقات کی خواہش کرنا اور ان کی خوبیاں بیان کرنا درست ہے۔
➎ اس حدیث سے امت محمدیہ علی صاحبہا الصلاۃ و السلام کی فضیلت بھی واضح ہوتی ہے اور حوض کوثر پر آپ صلی اللہ علیہ وسلم پیش رو ہوں گے۔ سبحان اللہ! اس امت کو یہ شرف و فضل مبارک ہو جن کے پیش رو امام کائنات صلی اللہ علیہ وسلم ہوں گے۔
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 150 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 249 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ قبرستان میں پہنچے اور فرمایا: ’’اے مومنوں کے گروہ! تم پر سلامتی ہو اور ہم بھی ان شاء اللہ تمھارے ساتھ ملنے والے ہیں۔ میری خواہش ہے کہ ہم نے اپنے بھائیوں کو دیکھا ہوتا۔‘‘ صحابہ ؓ نے عرض کیا: اے اللہ کے رسولؐ! کیا ہم آپ کے بھائی نہیں؟ آپ ﷺ نے جواب دیا: ’’تم میرے ساتھی ہو اور ہمارے بھائی، وہ لوگ ہیں جو ابھی تک دنیا میں نہیں آئے۔‘‘ تو انھوں نے عرض کیا: اے اللہ کے رسولؐ! آپ کی امت کے... (مکمل حدیث اس نمبر پر دیکھیں) [صحيح مسلم، حديث نمبر:584]
حدیث حاشیہ: مفردات الحدیث:
(1)
دُهْمٌ بُهْمٌ: خالص سیاہ۔
دُهْمٌ: "أَدْهَمٌ" کی جمع ہے، سیاہ کو کہتے ہیں، اور بُهْمٌ: بهيم کی جمع ہے، یک رنگ، سیاہ گھوڑے کو "فَرَسٌ بهيمٌ" کہتے ہیں۔
(2)
فَرَطٌ: پانی کی طرف لوگوں سے پہلے پہنچنے والا، اس میں واحد جمع برابر ہیں۔
رَجُلٌ فَرَطٌ، قَوْمٌ فَرَطٌ۔
"هَلُمَّ" آؤ! مذکر، مونث اور مفرد تثنیہ جمع سب کے لیے ہے۔
(3)
سُحْقًا سُحْقًا: بُعْدًا بُعْدًا یعنی: "سحقهم الله سحقا" اللہ ان کو دور رکھے۔
فوائد ومسائل: (1)
آپ نے بعد والے امتیوں کو دیکھنے کی خواہش کی اس پر کوئی اشکال پیدا نہیں ہوتا، کہ خواہ مخواہ تاویل کی ضرورت پیش آئے جیسا کہ بعض عربی اور اردو شارحین نے تکلفات سے کام لیا ہے۔
آپ ﷺ نے اللہ تعالیٰ کی حفاظت وصیانت کے باوجود شہادت فی سبیل اللہ کی خواہش کا اظہا ر فرمایا، حالانکہ آپ کو کوئی دشمن شہید نہیں کر سکتا تھا، مقصود شہادت کی فضیلت اور اور رفعت کا اظہار تھا۔
اس طرح دیکھنے کی خواہش کا مطلوب صرف اپنی امت سے محبت وپیار کا اظہار ہے، جو لوگ ابھی دنیا میں آئے ہی نہیں ان کو دیکھا کیسے جا سکتا ہے۔
(2)
السلام علیکم! ایک دعائیہ جملہ ہے، کہ اللہ تعالیٰ تمہیں امن وسلامتی بخشے! یہ خطاب نہیں ہے، جس کے لیے مردے کو جواب دینے کی ضرورت پیش آئے۔
ایسے امور کے لیے ضعیف احادیث سے استدلال کرنا درست نہیں ہے، کیونکہ یہ کلمات تو قبرستان میں داخل ہوتے وقت کہے جاتے ہیں، قبر پر جاکر نہیں کہے جاتے۔
اور چونکہ انسان کو اپنی موت کا پتہ نہیں کب آئے گی، اس لیے اس دعا میں ان شاء اللہ کے الفاظ استعمال ہوئے ہیں، اگرچہ موت ایک اٹل اوریقینی چیز ہے، ان شاء اللہ کے الفاظ اس کی قطعیت اوریقینی ہونے کے منافی نہیں، اس لیے یہ کلمہ یقینی اور قطعی امور کے موقع امور پر بھی استعمال ہوتا ہے۔
(3)
صحابہ کرام ؓنے آپ سے سوال کیا: "أَوَلَسْنَا إِخْوَانَكَ؟" ’’کہ کیا ہم آپ کے بھائی نہیں؟‘‘ تو آپ ﷺ نے فرمایا: «أَنْتُمْ أَصْحَابِي وَإِخْوَانُنَا الَّذِينَ لَمْ يَأْتُوا بَعْدُ» ’’کہ تم میرے ساتھی ہو، ہمارے بھائی تو بعد میں آنے والے مسلمان ہیں۔
‘‘ یعنی: تمہیں ایک بلند اور اعلی شرف حاصل ہے، اس کی موجودگی میں بھائی کہنے کی ضرورت نہیں ہے، جس طرح کسی کو مومن کہہ دیں تو مسلم کہنے کی ضرورت نہیں ہے۔
اس سے معلوم ہوا ﴿إِنَّمَا الْمُؤْمِنُونَ إِخْوَةٌ﴾ کی بنا پر رسول اپنے ماننے والوں کا بھائی بھی ہوتا ہے، اور اس سے آپ کی توہین نہیں ہوتی۔
اس لیے اگر آپ افضل البشر اورسید البشر ہیں، تو اس سے آپ کے بشر ہونے کی نفی نہیں ہوتی، آپ ﷺ بشر ہیں، اگرچہ سب سے افضل اور اعلی بشر ہیں۔
صحابہؓ﷢آپ کے بھائی بھی ہیں اور صحابی بھی، لیکن بعد والے مسلمان آپ کے صرف دین وایمان کی بنیاد پر بھائی ہیں، صحابی نہیں۔
(4)
جن لوگوں کو حوض کوثر سے جو میدان محشر میں ہو گا جب روکا جائے گا، تو آپ ان کو اصحابی کہیں گے، ان کو آواز دیں گے، تو آپ ﷺ کو جواب دیاجائے گا: «هَلْ تَدْرِي مَا أَحْدَثُوا بَعْدَكَ؟» یا «إِنَّهُمْ قَدْ بَدَّلُوا بَعْدَكَ» اور بعض روایات میں: «لَا تَدْرِيْ مَا أَحْدَثُوا بَعْدَكَ» «لَا عِلْمَ لَكَ بِمَا أَحْدَثُوْا بَعْدَكَ» وغیرہ الفاظ آئے ہیں، جس سے یہ بات بلا شک وشبہ ثابت ہوتی ہے کہ آپ ﷺ کو غیب کا علم یا کلی علم نہیں ہے۔
ان صریح الفاظ کی موجودگی میں یہ کہنا (کہ نبی اکرمﷺ کا ان کو صحابی فرمانا)
عدم علم کی وجہ سے نہ تھا، بلکہ اس لیے تھا کہ پہلے ان کو یہ امید ہو، کہ ان کو پانی ملے گا اور پھر جب حوض سے دور کیا جائے گا اور ان کی امید ٹوٹے گی، تو ان کو زیادہ عذاب ہوگا۔
یہ انتہائی رکیک تاویل نہیں ہے تو کیا ہے؟صحیح احادیث کی موجودگی میں اس من گھڑت بات کا قرینہ اوردلیل کیا ہے؟ کیا حوض پر آنے کے بعد ان کو دور کیا جائے گا؟ جب کہ صورت حال یہ ہے، کہ فرشتے ان کو دور ہی روک لیں گے۔
نیز کیا وہ آپ کی آواز کہ یہ اصحابی ہیں، سن لیں گے کہ ان کو یہ امید پیدا ہوگی، کہ شاید ہمیں پانی مل جائے، تو پھر «أُنَادِيهِمْ» ’’میں آواز دوں گا‘‘ "أَلَا هَلُمَّ" کا کیا مفہوم ہوگا؟ نیز آپﷺ تو جواب سنتے ہی فرما دیں گے: «سُحْقًا سُحْقًا» تو امید کیوں کر پیدا ہوگی؟ اور «لَا عِلْمَ لَكَ، هَلْ تَدْرِي» كا کیا مفہوم ہوگا؟ اس کے بعد یہ تاویل کرنا، کہ یہ بھی ہوسکتا ہے، کہ اصحابی سے پہلے ہمزہ استفہام کا محذوف ہو۔
یعنی کیا یہ میرے اصحابی ہیں؟ یہ پہلی سے بھی بری تاویل ہے۔
اگر ہمزہ استفہام محذوف ہے، تو پھر «أُنَادِيهِمْ» ’’ آواز دوں گا ‘‘ "أَلَا هَلُمَّ" ’’آجاؤ! اس کا کیا مقصد ہے؟ آواز کس مقصد کےلیے دی جارہی ہے، اور اس جواب کی کیا ضرورت ہے؟ «لَا عِلْمَ لَكَ مَا أَحْدَثُوا بَعْدَكَ» اور یہ تاویل تو انتہائی مضحکہ خیز ہے، کہ آپ تو دنیا میں فرما رہے ہیں: کہ میرے حوض پر ایسے ایسے لوگ آئیں گے، سو آخرت کا علم تو دور کی بات ہے۔
یہ علم کا اظہار ہے یا عدم علم کا، کہ میرے حوض پر ایسے لوگ بھی آنے کی کوشش کریں گے جن کو میں اپنے سمجھوں گا، جبکہ اصل حقیقت کی رو سے وہ میرے راستے پر چلنے والے نہیں ہوں گے، اور جب مجھے اصل حقیقت کا علم ہو گا، تو میں کہوں گا: «سُحْقًا سُحْقًا» ۔
اس طرح ان متفق علیہ احادیث کے مقابلہ میں مسندِ بزار کی روایت پیش کی جاتی ہے، کہ آپ ﷺ نے فرمایا: «حَیَاتِيْ خَیْرٌلَکُمْ وَمَمَاتِیْ خَیْرٌلَکُمٌ، تُعْرَضُ عَلَيَّ أَعْمَالُکُمْ، فَمَا کَانَ مِنْ حَسَنٍ شَکَرْتُ اللہ عَلَیْہِ، وَمَا کَانَ مِنْ شَيْءٍ اسْتَغْفَرْتُ اللہَ لَکُمْ» ’’میری زندگی تمہارے حق میں بہتر ہے، اور میری موت بھی تمہارے حق میں بہتر ہوگی۔
تمہارے اعمال مجھ پر پیش کیے جاتے ہیں، جو اچھے ہوں گے، اس پر میں اللہ کا شکر اورتعریف کروں گا اور جو برے ہوں گے، ان پر میں تمہارے لیے اللہ سے معافی طلب کروں گا۔
‘‘ اب ظاہر ہے، یہ حدیث اگر صحیح ہے تو متفق علیہ روایات کے مخالف اور معارض نہیں ہوسکتی، کیونکہ یہ بات آپ ﷺ نے برزخی دور کے بارے میں بتائی ہے اور مذکورہ روایات کا تعلق وقوع قیامت کے بعد کے دور سے ہے۔
اس حدیث سے مندرجہ ذیل باتیں ثابت ہوتی ہیں: 1۔
آپ ﷺ کی زندگی کے دور کے بعد آپ کی موت کا دور ہے، اور جو حضرات آپ ﷺ کو عالم الغیب یا کلی علم کا مالک قرار دیتے ہیں وہ آپ کی موت کے منکر ہیں، آپ کو زندہ مانتے ہیں، جب کہ یہ روایت آپ کی موت پر صراحتا دلالت کر رہی ہے۔
2۔
"تُعْرَضُ عَلَيَّ أَعْمَالُکُمْ" ’’مجھ پر تمہارے اعمال پیش کیے جائیں گے‘‘ اس سے معلوم ہوتاہے، آپ کو پتہ نہیں ہے یا آپ عالم الغیب نہیں ہیں، وگرنہ اعمال کو آپ پر پیش کرنے کی کیا ضرورت ہے؟ جن باتوں کا آپ ﷺ کو علم دے دیا جاتا ہے، ان کا آپ کو پتہ چل جاتا ہے اورجن کا علم نہیں دیا جاتا، ان کا پتہ نہیں چلتا، "أَعْمَالُکُمْ" کے مخاطب آپ ﷺ کے صحابہؓ اور وہ لوگ ہیں جو آپ کے راستہ پر چلے، اس کے اندر کوئی ترمیم وتنسیخ یا کمی وبیشی نہیں کی۔
جنہوں نے آپ ﷺ کے طریقہ یا آپ کے راستہ کو جھوڑ دیا، وہ اس میں داخل نہیں ہیں، اس لیے ان کے بارے میں فرمایا گیا: «إِنَّهُمْ لَمْ يَزَالُوا مُرْتَدِّينَ عَلَى أَعْقَابِهِمْ» ’’یہ لوگ مسلسل ایڑیوں کے بل دین سے پھرتے رہے‘‘ یا فرمایا: «لَا عِلْمَ لَكَ بمَا أَحْدَثُوا بَعْدَكَ» یا «يَرْجِعُونَ عَلَى أَعْقَابِهِمْ» ، «لَا تَدْرِيْ مَا أَحْدَثُوا بَعْدَكَ» ، «لَا تَدْرِيْ مَا عَمِلُوْا بَعْدَكَ» وغیرھا، ان مختلف الفاظ سے یہ بات روز روشن کی طرح واضح ہے، کہ ان منافقوں، مرتدوں اور بدعتیوں کے اعمال آپ ﷺ پر پیش نہیں کیے گئے، اگر پیش کیے گئے ہوتے، تو آپ کو الفاظ مذکورہ نہ کہے جاتے۔
اگر اس حدیث کا معنی یہ ہے: کہ تمام امت کے اعمال آپ پر پیش کیے جاتے ہیں، اور آپ سب کے لیے استغفا رکرتے ہیں، جس سے سب کی بخشش ہو جائے گی، تو پھر آپ کی امت کے لوگ دوزخ میں کیوں جائیں گے؟ اور آپ ان کی سفارش بار بار کیوں فرمائیں گے؟ اورآخر میں کچھ لوگ جانیں گے جن کو صرف اللہ کی رحمت سے ہی نکالا جائے گا جیسا کہ پیچھے شفاعت کےبیان میں تفصیلا گزر چکا ہے۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 584 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 3237 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´قبروں کی زیارت کے وقت یا وہاں سے گزرتے وقت کی دعا کا بیان؟`
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم قبرستان گئے تو فرمایا: «السلام عليكم دار قوم مؤمنين وإنا إن شاء الله بكم لاحقون» " سلامتی ہو تم پر اے مومن قوم کی بستی والو! ہم بھی ان شاءاللہ آ کر آپ لوگوں سے ملنے والے ہیں۔‏‏‏‏" [سنن ابي داود/كتاب الجنائز /حدیث: 3237]
فوائد ومسائل:
1۔
اہل قبور اپنے مسلمان بھایئوں کی دعائوں کے بہت زیادہ محتاج ہیں۔
ان کے لئے خلوص سے دعا کرنا ان کا حق ہے۔
نہ کہ ان سے دعایئں کروانا۔
یا ان سے حاجت روائی مشکل کشائی کی درخواست کرنا۔
2۔
مذکورہ دعا کے علاوہ بھی زیارت قبور کی دعایئں صحیح احادیث میں وارد ہیں۔
جیسے صحیح مسلم میں ہے۔
السلام عليكم اهل الديار من المومنين والمسلمين وانا ان شائ الله للاحقون اسال الله لمنا ولكم العافية)(صحیح مسلم۔
الجنائز۔
حدیث 975)
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 3237 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 4306 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´حوض کوثر کا بیان۔`
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم قبرستان میں آئے، اور قبر والوں کو سلام کرتے ہوئے فرمایا: «السلام عليكم دار قوم مؤمنين وإنا إن شاء الله تعالى بكم لاحقون» " اے مومن قوم کے گھر والو! آپ پر سلامتی ہو، ان شاءاللہ ہم آپ لوگوں سے جلد ہی ملنے والے ہیں "، پھر فرمایا: " میری آرزو ہے کہ میں اپنے بھائیوں کو دیکھوں "، صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے عرض کیا، کیا ہم آپ کے بھائی نہیں ہیں؟ فرمایا: " تم سب میرے اصحاب ہو، میرے بھائی وہ ہیں جو میرے بعد آئیں گے، اور میں حوض پر تمہارا پیش رو ہوں گا "، صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے عرض کیا: اللہ کے رسو۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ابن ماجه/كتاب الزهد/حدیث: 4306]
اردو حاشہ:
فوائد ومسائل: (1)
  قبرستان میں جاکر مسلمانوں کی قبروں کی زیارت کرنی چاہیے۔

(2)
قبروں کی زیارت کا مقصد فوت شدہ افراد کے لیے دعائے مغفرت کرنا اور موت کی یاد ہے ان سے مانگنا مقصد نہیں۔

(3)
السلام و علیکم کہنے کا مقصد انھیں سنانا نہیں بلکہ ان کےلیے سلامتی کی دعا کرنا ہے مخاطب (تم)
کا لفظ بولنے کا مقصد اپنے دل کو نصیحت کرنا ہے کہ یہ لوگ کل تک ہمارے اندر موجود تھے۔
اور ہم سے بات چیت کرتے تھے اور آج یہ ہماری دعاوں کے محتاج ہے۔

(4)
موحد امتی نبی کے دینی بھائی ہیں کیونکہ تمام مسلمان بھائی بھائی ہیں۔
لیکن بھائی ہونے سے درجات میں برابری لازم نہیں آتی۔
جس طرح یعقوب ؑ  کے بیٹے آپس میں بھائی بھائی تھے لیکن جو درجہ حضرت یوسف ؑ کو حاصل ہوا وہ درجہ ان کے کسی بھائی کو حاصل نہ ہوا۔

(5)
نبی امتیوں کو وضو کی علامت سے پہچانیں گے۔
اس لیے نہیں کہ وہ امتیوں کے تمام اعمال کو دیکھ رہے ہیں۔

(6)
پیش رو قافلے کے اس شخص کو کہتے ھیں جو قافلے کے دوسرے افراد سے پہلے پڑاو پہ پہنچ کر ساتھیوں کے وہاں ٹھرنے اور ان کی ضروریات مہیا کرنے کا بندوبست کرتا ہے۔
حدیث کا مطلب یہ ھے کہ جب تم قیامت کے دن قبروں سے اٹھو گےتو میں تم سے پہلے حوض پہ پہنچ چکا ھونگا۔
تاکہ جب تم پہنچو تو تمھیں حوض کوثر کا پانی پلاؤں۔

(7)
حوض کوثر سے پانی پینے کے مستحق وہی لوگ ہونگے جو اسلام پر قائم رہے اور اسلام کی حالت میں فوت ہوئے۔

(8)
اونٹ بہت زیادہ پانی پیتا ہے اور عرب میں پانی کم ہوتا تھا اس لیے لوگ اپنے اونٹوں کے لیے حوض تیار کرتے تھے اور انھیں پانی سے بھرتے تھے تاکہ اونٹ پیاسے نہ رہیں۔
اسی لیے دوسروں کے اونٹوں کو پانی نہیں پینے دیتے تھے۔
اہل بدعت یا مرتد کواسی طرح حوض کوثر سے پانی پینے سے روک دیا جائے گا۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 4306 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح ابن خزيمه / حدیث: 6 کی شرح از الشیخ محمد فاروق رفیع ✍️
... آپ صلی اللہ علیہ وسلم اُنہیں کیسے پہچانیں گے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "تمہارا کیا خیال ہے، اگر کسی آدمی کے سفید پیشانی اور چمکدار پاؤں والے گھوڑے سیاہ فام گھوڑوں میں ملے ہوئے ہوں، تو کیا وہ اپنے گھوڑے پہچان نہیں لے گا؟" صحابہ نے جواب دیا کہ کیوں نہیں... [صحيح ابن خزيمه: 6]
فوائد:

➊ قبرستان کی زیارت کے وقت مذکورہ دعا کا اہتمام مسنون و مستحب ہے البتہ اس سے یہ ثابت کرنا کہ مردے سنتے ہیں یہاں مردوں کے سننے نہ سننے کا بیان نہیں بلکہ یہ ان کی سلامتی کی دعا ہے۔

➋ «وَدِدْتُ أَنَّا قَدْ رَأَيْنَا إِخْوَانَنَا» علماء کہتے ہیں، اس حدیث کی رو سے کار خیر کی اور فضلاء وصلحاء سے ملاقات کی تمنا کرنا جائز ہے اور آپ کے اس فرمان «وَدِدْتُ أَنَّا قَدْ رَأَيْنَا اِخْوَانَنَا» سے مقصود یہ خواہش ہے کہ ہم اپنے بھائیوں کو دنیا کی زندگی میں دیکھ پاتے۔ قاضی عیاض رحمہ اللہ کہتے ہیں۔ ایک قول ہے کہ اس سے مراد موت کے بعد ملاقات کی تمنا ہے۔ امام باجی بیان کرتے ہیں کہ آپ کے اس فرمان «بَلْ أَنتُمْ أَصْحَابِي» (بلکہ تم میرے صحابہ ہو) میں صحابہ کے بھائی نہ ہونے کی نفی نہیں ہے، بلکہ آپ نے صحابہ کی صحبت ان کا زائد مرتبہ بیان کی ہے۔ یعنی صحابہ کرام رضی اللہ عنہم رفقاء اور بھائی ہیں اور جو لوگ بعد میں آئیں گے وہ بھائی ہیں لیکن صحابی نہیں۔ جیسا که فرمان باری تعالیٰ «إِنَّمَا الْمُؤْمِنُونَ إِخْوَةٌ» [الحجرات: 10] "مومن تو بھائی بھائی ہیں۔" میں اس موقف کی وضاحت ہے۔ [نووي: 137/3]

➌ اہل لغت بیان کرتے ہیں کہ الغُرة گھوڑے کی پیشانی میں سفیدی اور التحجيل، گھوڑے کی ٹانگوں اور ہاتھوں میں سفیدی ہے۔ علماء کی ایک جماعت نے اس حدیث سے استدلال کیا ہے کہ وضو امت محمدیہ کا خاصہ و امتیاز ہے، جس سے اللہ تعالیٰ نے اس امت کو شرف و فضیلت میں زیادہ کیا ہے اور کچھ دیگر علماء کا قول ہے کہ وضو اس امت کا خاصہ نہیں بلکہ روز قیامت اعضائے وضو کی چمک اس امت کا خاصہ و امتیاز ہے۔ [شرح النووى: 134/3]

➍ جن لوگوں کو حوض کوثر سے دھتکار دیا جائے گا یہ کون لوگ ہوں گے؟ اس بارے میں علماء کے مختلف اقوال ہیں۔

1. اس سے مراد منافقین و مرتدین ہیں، ہو سکتا ہے انہیں اعضائے وضو کی چمک کے ساتھ اٹھایا جائے اور اس علامت کو دیکھ کر نبی صلی اللہ علیہ وسلم انہیں ندا دیں پھر آپ کو بتا دیا جائے گا کہ یہ وہ لوگ نہیں ہیں جن سے حوض کوثر پر وارد ہونے کا وعدہ کیا گیا ہے بلکہ یہ دین سے منحرف ہو گئے تھے۔

2. اس سے مقصود وہ لوگ ہیں جو حیات نبی ہی میں مسلمان تھے پھر آپ کی وفات کے بعد مرتد ہو گئے اگرچہ ان پر وضو کے نشانات کی چمک نہیں ہو گی، لیکن ذاتی شناسائی کی وجہ سے آپ انہیں پہچانتے ہوں گے۔ پھر آپ کو آگاہ کیا جائے گا کہ یہ لوگ آپ کے بعد مرتد ہو گئے تھے۔

3. اس سے مراد اہل معاصی اور کبیرہ گناہوں کے مرتکبین ہیں، جو عقیدہ توحید پر فوت ہوئے اور وہ بدعتی لوگ مراد ہیں، جو بدعات کی وجہ سے خارج از اسلام نہیں، اس آخری قول کے مطابق یہ لوگ قطعی جہنمی نہیں ہوں گے، بلکہ ان کی سزا بڑھا دی جائے گی، پھر اللہ تعالیٰ ان پر رحم کریں گے اور انہیں جنت میں بغیر عذاب کے داخل کر دیں گے۔ [نووي: 135/3، 136]
درج بالا اقتباس صحیح ابن خزیمہ شرح از محمد فاروق رفیع، حدیث/صفحہ نمبر: 6 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: بلوغ المرام / حدیث: 40 کی شرح از الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری ✍️
´اعضائے وضو کو حد فرض سے زیادہ تک دھونا`
«. . . وعن ابي هريرة رضي الله عنه قال: سمعت رسول الله صلى الله عليه وآله وسلم يقول: ‏‏‏‏إن امتي ياتون يوم القيامة غرا محجلين من اثر الوضوء،‏‏‏‏ فمن استطاع منكم ان يطيل غرته فليفعل . . .»
". . . سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے سنا ہے کہ "قیامت کے روز میری امت کہ لوگ ایسی حالت میں آئیں گے کہ وضو کے اثرات کی وجہ سے ان کے ہاتھ پاؤں چمکتے ہوں گے۔ تم میں سے جو شخص اس چمک اور روشنی کو زیادہ بڑھا سکتا ہو اسے ضرور بڑھانی چاہیئے . . ." [بلوغ المرام/كتاب الطهارة: 40]
� لغوی تشریح:
«غُرًّا» «یَأتُونَ» کی «هُمْ» ضمیر سے حال واقع ہو رہا ہے۔ "غین" پر ضمہ اور "را" پر تشدید ہے۔
«أَغُرًّ» کی جمع ہے اور «أَغُرًّ» اسے کہتے ہیں جس کے لیے سفیدی ہو۔ اور «غُرَّة» دراصل اس سفید چمک کو کہتے ہیں جو گھوڑے کی پیشانی میں ہوتی ہے۔
«مُحَجَّلِيْن» «تَحْجِيْل» سے اسم مفعول واقع ہو رہا ہے۔ اس سفیدی کو کہتے ہیں جو گھوڑے کے پاؤں میں ہوتی ہے۔ مطلب یہ ہوا کہ وضو کی چمک کی وجہ سے ان کے چہرے، ہاتھ اور پاؤں چمک رہے ہوں گے۔
«يُطِيلُ» «إِطَالَة» سے ماخوذ ہے۔ دراز، لمبا اور طویل کرنے کے معنی میں آتا ہے۔
«غُرَّتَهُ» اپنے چہرے کی چمک اور روشنی اور اسی طرح ہاتھ اور پاؤں کی روشنی۔ مطلب یہ ہوا کہ جہاں تک پانی پہچانا لازمی ہو وہاں سے آگے پہنچایا جائے۔
فوائد ومسائل:
➊ اس حدیث کے کئی مطلب ہو سکتے ہیں: ◄ ایک یہ کہ اعضائے وضو کو حد فرض سے زیادہ تک دھونا، مثلاً: ہاتھوں کو کندھوں تک اور پاؤں کو گھٹنوں تک۔ سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ راوی حدیث نے یہی مفہوم سمجھا اور اسی پر ان کا اپنا عمل تھا۔ امام ابوحنیفہ اور امام شافعی رحمها اللہ بھی اسے مستحب سمجھتے ہیں، مگر امام مالک رحمہ اللہ اسے مستحب نہیں سمجھتے۔ وہ فرماتے ہیں کہ وضو کی حد متعین ہے اور زیور اپنے مقام پر ہے۔ امام ابن تیمیہ اور حافظ ابن قیم رحمها اللہ کا بھی یہی موقف ہے کہ حد فرض سے زیادہ دھونا پسندیدہ امر نہیں۔ دیکھئے: [تيسير العلام شرح عمدة الأحكام 46/1 - 48]
◄ دوسرا مطلب یہ بھی ہو سکتا ہے کہ ہر عضو وضو کو تین تین مرتبہ دھوئے۔ اور تیسرا مفہوم یہ بھی ممکن ہے کہ وضو موجود ہو مگر ثواب کی نیت سے تازہ وضو کرے اور ہر وقت باوضو رہنا بھی مراد ہو سکتا ہے۔ لیکن یہ دونوں مفہوم ظاہر کے خلاف ہیں۔
➋ اس آخری جملے کے بارے میں راوی کو تردد ہے کہ یہ مرفوع ہے یا سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کا قول ہے جیسا کہ مسند احمد اور فتح الباری میں ہے۔ [1؍236، حدیث: 136]
اس لیے اس سے مقررہ حد سے زائد حصے کو دھونے کے استحباب پر استدلال محل نظر ہے۔ تفصیل کے لیے دیکھیے: [إغاثة اللهفان: 1/ 200]
درج بالا اقتباس بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 40 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: موطا امام مالك رواية ابن القاسم / حدیث: 14 کی شرح از حافظ زبیر علی زئی ✍️
´قبروں کی زیارت سے ممانعت منسوخ ہے`
«. . . ان رسول الله صلى الله عليه وسلم خرج إلى المقبرة فقال: "السلام عليكم دار قوم مؤمنين. وإنا إن شاء الله بكم لاحقون . . .»
". . . سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ (ایک دفعہ) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم قبرستان کی طرف تشریف لے گئے اور فرمایا: "السلام علیکم (تم پر سلام ہو) اے ایمان والوں کا گھر! اور ہم ان شاءاللہ تم سے ملنے والے ہیں . . ." [موطا امام مالك رواية ابن القاسم: 14]
تخریج الحدیث:
[وأخرجه مسلم 249، من حديث ما لك به]
تفقه:
➊ سفر کے بغیر قبروں کی زیارت اور قبرستان کو جانا مباح ہے تا کہ مرنے والوں کے لئے دعا کی جائے اور موت کو یاد کیا جائے۔ یاد رہے کہ قبروں کی زیارت سے ممانعت منسوخ ہے۔
➋ عورتوں کے لئے بھی اپنے قریبی رشتہ داروں مثلا بھائی وغیرہ کی قبر کی زیارت جائز ہے جیسا کہ صحیح احادیث سے ثابت ہے۔ مثلاً دیکھئے: [صحيح بخاري 1383، صحيح مسلم 974، دار السلام: 2256]
◄ ام المؤمنین سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا اپنے بھائی عبدالرحمن بن ابی بکر رضی اللہ عنہ کی قبر پرگئی تھیں۔ [ديكهئے المستدرك للحاكم 376/1 ح 1392، وسنده صحيح و صححه الذهبي]
◈ لیکن یادر ہے کہ غیر لوگوں مثلاً عوام میں مشہور بزرگوں کی قبر پر عورتوں کا جانا ممنوع ہے۔ دیکھئے: [سنن ابي داود 3123 وسنده حسن]
◈ بلکہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ان عورتوں پر لعنت بھیجی ہے جو کثرت سے قبروں کی زیارت کرتی ہیں۔ دیکھئے: [سنن ابن ماجه 1576، وسنده حسن] اور [سنن الترمذي 1056، وقال: حسن صحیح]
➌ السلام علیکم دعا ہے، اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ میت سنتی ہے کیونکہ جو شخص سلام سن لے تو اس پر جواب دینا واجب ہے اور کسی حدیث میں نہیں آیا کہ مردہ بھی سلام کا جواب دیتا ہے۔
➍ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا بعد میں آنے والے مومن و صالح امتوں کو بھائی کہنا آپ کی طرف سے محبت اور شفقت کا عظیم اظہار ہے ورنہ نبی و رسول تو امتیوں کا امام محبوب راہنما اور مطاع ہوتا ہے نہ کہ صرف بڑا بھائی (!) اس بات کو اچھی طرح سمجھ لیں۔
◈ سلف صالحین سے یہ ثابت نہیں ہے کہ وہ یہ کہتے پھرتے تھے کہ اللہ کے رسول ہمارے بڑے بھائی ہیں اور بڑے بھائی کی طرح ان کا احترام کرنا چاہئے۔
➎حوض کوثر برحق ہے جس سے بدعتیوں اور ظالموں کو دور ہٹایا جائے گا۔
➏ نبی صلی اللہ علیہ وسلم قیامت کے دن اپنے امتیوں کو وضو کے اعضاء چمکنے کی وجہ سے پہچان لیں گے۔ مثلاً دیکھئے: [تمهيد 261/20، 262 وسندہ حسن]
➐ نبی صلی اللہ علیہ وسلم عالم الغیب نہیں تھے بلکہ عالم الغیب صرف ایک اللہ ہے۔
➑ سخت بدعات، گمراہیوں، کفر اور دور ظلم میں کتاب و سنت پرعمل کرنا بہت بڑی فضیلت والا کام ہے۔
درج بالا اقتباس موطا امام مالک روایۃ ابن القاسم شرح از زبیر علی زئی، حدیث/صفحہ نمبر: 133 سے ماخوذ ہے۔