شعب الایمان — حدیث نمبر 10742

باب: فصل: تنگ دست کو مہلت دینا اور اس سے درگزر کرنا، اور خوشحال کے ساتھ نرمی کرنا اور اس سے (کچھ) کم کر دینا۔

فصل في إنظار المعسر والتجاوز عنه ، والرفق بالموسر والوضع عنه

حدیث نمبر: 10742
وَأَخْبَرَنَا أَبُو عَبْدِ اللَّهِ الْحَافِظُ ، حَدَّثَنَا أَبُو الْعَبَّاسِ هُوَ الْأَصَمُّ ، حَدَّثَنَا الْعَبَّاسُ بْنُ مُحَمَّدٍ الدُّورِيُّ ، حَدَّثَنَا عَبْدُ الْوَهَّابِ بْنُ عَطَاءٍ ، حَدَّثَنَا إِسْرَائِيلُ ، عَنْ زَيْدِ بْنِ عَطَاءِ بْنِ السَّائِبِ ، عَنْ مُحَمَّدِ بْنِ الْمُنْكَدِرِ ، عَنْ جَابِرِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " غَفَرَ اللَّهُ لِرَجُلٍ كَانَ قَبْلَكُمْ ، كَانَ سَهْلًا إِذَا بَاعَ ، سَهْلًا إِذَا اشْتَرَى ، سَهْلًا إِذَا قَضَى ، سَهْلًا إِذَا اقْتَضَى " .
ترجمہ

سیدنا جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”اللہ تعالیٰ نے تم سے پہلے لوگوں میں سے ایک ایسے شخص کی مغفرت فرما دی جو بیچتے وقت نرمی کرنے والا، خریدتے وقت نرمی کرنے والا، قرض ادا کرتے وقت نرمی کرنے والا اور اپنا قرض وصول کرتے وقت بھی نرمی کرنے والا تھا۔“

حوالہ حدیث شعب الإيمان / السابع والسبعون من شعب الايمان وهو باب في ان يحب الرجل لاخيه المسلم ما يحب لنفسه ويكره له ما يكره لنفسه ، ويدخل فيه اماطة الاذى عن الطريق / حدیث: 10742
دوسری ترقیم دار الکتب العلمیہ (تحقیق زغلول): 11255
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح، ابن ماجة (2203) (سنن الترمذي 1320) , شیخ زبیر علی زئی: إسناده حسن, (سنن الترمذي 1320) , تحقیق (د. عبد العلی عبد الحمید حامد): إسناده: حسن
تخریج حدیث «قال عبد العلي عبد الحميد حامد: إسناده: حسن (شعب الإيمان ط الرشد: 13/ 535) . »
«أخرجه الترمذي فى (جامعه) 3/ 610 رقم 1320، وأحمد فى (مسنده) 3/ 340»
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 2076 | سنن ترمذي: 1320 | سنن ابن ماجه: 2203 | معجم صغير للطبراني: 535 | رياض الصالحين: 1368 | شعب الإيمان: 10741
رجال الإسناد (من تعليق المحقق):
• إسرائيل هو ابن يونس بن أبي إسحاق السبيعي الهمداني.
• زيد بن عطاء بن السائب هو الكوفي الثقفي مقبول.

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 2076 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
2076. حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: " اللہ تعالیٰ اس شخص پر رحم فرمائے جو بیچتے خریدتے اور تقاضا کرتے وقت نرمی اور کشادہ دلی کا مظاہرہ کرے۔ "[صحيح بخاري، حديث نمبر:2076]
حدیث حاشیہ:
(1)
ايك روايت میں ہے کہ اللہ تعالیٰ اس شخص کو جنت میں داخل کرے گا جو فروخت کرتے،خریدتے، حقوق کا تقاضا اور ان کی ادائیگی کے وقت خوش دلی اختیار کرتا ہے۔
(سنن النسائی،البیوع،حدیث: 4700) (2)
اس سے معلوم ہوا کہ معاملات میں خندہ پیشانی اور کشادہ روئی سے پیش آنا چاہیے،نیز تنگ دلی اور خود غرضی سے بچنا چاہیے۔
(3)
حدیث میں دعا اور خبر دونوں کا احتمال ہے لیکن امام ترمذی رحمہ اللہ کی بیان کردہ ایک روایت سے معلوم ہوتا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کسی معین شخص کے متعلق خبردی ہے۔
اس کے الفاظ یہ ہیں: اللہ تعالیٰ نے تم سے پہلے ایک ایسے شخص کو معاف کردیا جو خریدوفروخت کے وقت نرمی اختیار کرتا تھا۔
(جامع الترمذی،الاحکام،حدیث: 1320)
بہرحال ایسے معاملات میں اچھے اخلاق کو اختیار کرنا چاہیے کیونکہ ان امور سے مال میں برکت ہوتی ہے۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 2076 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 2203 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´خرید و فروخت میں نرمی اور آسانی برتنے کا بیان۔`
جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " اللہ تعالیٰ اس بندے پر رحم کرے، جو نرمی کرے جب بیچے، نرمی کرے جب خریدے، اور نرمی کرے جب تقاضا کرے۔‏‏‏‏" [سنن ابن ماجه/كتاب التجارات/حدیث: 2203]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
اللہ تعالیٰ کو نرمی پسند ہے کیونکہ اس سے معاشرے میں امن قائم ہوتا ہے، جب کہ درشتی سے ایسے جھگڑے پیدا ہوتے ہیں جو امن و امان کو درہم برہم کر دیتے ہیں۔

(2)
لوگوں میں زیادہ جھگڑے لین دین کے معاملات میں ہوتے ہیں، جب ایک شخص کی غلطی کو دوسرا برداشت کرنے پر آ مادہ نہیں ہوتا اور فریقین میں سے ہر ایک اپنا فائدہ مد نظر رکھتا ہے، اس لیے ان معاملات میں تحمل و برداشت کی ضرورت زیادہ ہے۔

(3)
بیچنے میں نرمی یہ ہے کہ قیمت میں مناسب رعایت دی جائے، ادھار لینے والے کو مہلت دی جائے، اگر خریدار نامناسب حد تک رعائت طلب کرے تو جھگڑنے کی بجائے نرمی سے معذرت کر لی جائے۔
اگر وہ خریدی ہوئی چیز واپس کرنا چاہے تو واپس لے لی جائے۔

(4)
خریدنے میں نرمی یہ ہے کہ قیمت میں نامناسب حد تک رعایت کا مطالبہ نہ کیا جائے۔
اگر خریدی جانے والی چیز میں کوئی معمولی عیب ہو تو نظر انداز کر دیا جائے حتیٰ الامکان نقد ادائیگی کی جائے۔
اگر دکاندار نامناسب رویہ اختیار کرے تو اس کے جواب میں تلخ کلامی نہ جائے۔

(5)
تقاضا سے مراد اپنا حق طلب کرنا ہے، مثلاً: قرض کی واپسی کا مطالبہ۔
اور پیشگی قیمت ادا کرنے کی صورت میں خریدی ہوئی چیز مقررہ وقت پر مہیا کرنے کا مطالبہ۔

(6)
تقاضا میں نرمی کا مطلب ہے دوسرے کے جائز عذر کو تسلیم کرتے ہوئے مناسب مہلت دینا۔
اور مطالبہ کرتے ہوئے اس کی عزت نفس کا خیال کرنا اور تلخ کلامی یا گالی گلوچ سے پرہیز کرنا۔

(7)
خوش اخلاقی بہت بڑی نیکی ہے۔

(8)
خوش اخلاق تاجر کے کاروبار میں برکت ہوتی ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 2203 سے ماخوذ ہے۔